تاریخ احمدیت

1922ء: خلافت ثانیہ کا نواں سال تاریخ کے آئینہ میں (قسط نمبر6۔ آخری)

(ذیشان محمود۔ مربی سلسلہ سیرالیون)

2؍اکتوبر1922ء

والدہ صاحبہ علی برادران اور اہلیہ مسٹر محمد علی صاحب مولوی ذوالفقار علی خان صاحب ناظر امور عامہ قادیان کے ہاں جو کہ علی برادران کے بڑئے بھائی ہیں، تشریف لائیں۔ (الفضل5؍اکتوبر1922ء)

9؍اکتوبر1922ء

فہرست مضامین الفضل جلد نہم

الفضل کی جلد نہم کی فہرست مضامین بطور ضمیمہ شائع ہوئی۔ (الفضل 9؍اکتوبر 1922ء)

16؍اکتوبر1922ء

ہندو مسلم اتحاد

ہندو مسلم اتحاد کے بارے میں حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ کی ایک اہم تجویز الفضل میں شائع ہوئی جس میں حضورؓ نے فرمایا کہ اگر کسی بھی جگہ کوئی فساد ہو تو فساد کرنے والے کی اپنی قوم اس کو ملامت کرے۔ (الفضل16؍اکتوبر1922ء)

21؍اکتوبر1922ء

حضرت خلیفة المسیح الثانیؓ نے میاں عبد السلام صاحب خلف حضرت خلیفة المسیح الاوّلؓ کا نکاح جناب چودھری ابو الہاشم صاحب ایم اے انسپکٹر بنگال کی بیٹی محمودہ سے ایک ہزار روپیہ مہر پر پڑھایا۔ خطباتِ محمود خطباتِ نکاح جلد 3صفحہ 161۔ بحوالہ الفضل23؍اکتوبر و 2؍نومبر1922ء)

24؍اکتوبر1922ء

میاں محمد ظہور صاحب ساکن پٹیالہ برادر خورد ڈاکٹر حشمت اللہ خان صاحب کا نکاح 24؍اکتوبر 1922ء کو حضورؓ نے سکینہ بنت میاں عبد الحق صاحب ساکن بدو ملہی سے مبلغ پانچ سو روپیہ مہر بشمولیت زیور پڑھا۔ (خطباتِ محمود خطباتِ نکاح جلد 3صفحہ 169۔ بحوالہ الفضل9؍نومبر1922ء)

28؍اکتوبر1922ء

سبق بخاری شریف

مبلغین کی جماعت کو حضرت حافظ روشن علی صاحبؓ بخاری شریف کا دور کروا رہے تھے۔ اس کا آخری سبق حضرت حافظ صاحبؓ کی درخواست پر حضرت خلیفة المسیح الثانیؓ نے بعد نماز عصر مسجد اقصیٰ قادیان میں جماعت کےمبلغین کو دیا اور خاتمہ کے بعد دعا کروائی۔ (الفضل2؍نومبر1922ء)

31؍اکتوبر تا 2؍نومبر1922ء

مباحثہ امرتسر مع آریہ

31؍اکتوبر تا 2؍نومبر امرتسر میں آریوں کے ساتھ مباحثہ ہوا۔ پریذیڈنٹ کنور سنگھ خان صاحب تھے۔ وید یا قرآن کریم کو خدا کی طرف سے مکمل کتاب ثابت کرنے کے لیے ہر فریق کو اپنی کتاب کے دعویٰ اور دلائل پیش کرنے تھے۔ حضرت حافظ روشن علی صاحبؓ، مہاشہ فضل حسین صاحب اور جماعت کے مبلغین میں سے چند اصحاب نے جماعت کی جانب سے حصہ لیا۔ (الفضل23و27؍نومبر1922ء)

اکتوبر1922ء

تقرر امراء

حضورؓ نے درج ذیل جماعتوں کے امیر مقرر فرمائے:

سید عبد المجید صاحب برائے کپور تھلہ

شیخ احمد اللہ صاحب ہیڈ کلرک برائے جماعت نوشہرہ ضلع پشاور

خانصاحب منشی برکت علی صاحب ہیڈ کلرک برائے جماعت احمدیہ شملہ(الفضل5؍اکتوبر1922ء)

ترگڑی میں مخالفت

مرزا محمد حسین صاحب نےترگڑی ضلع گوجرانوالہ سے تحریر کیا کہ تین چار ماہ سے مخالفین تنگ کر رہے ہیں۔ احمدیوں نے اپنی مسجد بنائی ہوئی ہے اس میں عین خطبہ جمعہ کے وقت فساد کیا اور اپنے گدھے باندھے اور کئی دن سے گدھے مسجد میں باندھ رہے ہیں۔ مسلمان کہلانے والوں کی ان حرکات پر کوئی شریف النفس انسان افسوس کیے بغیر نہیں رہ سکتا۔ (الفضل 2؍اکتوبر 1922ء)

2؍نومبر1922ء

تقرر امیر

مولوی فضل الرحمٰن صاحب سامانہ کا تقرر برائے امیرجماعت سامانہ معہ شاخ ہائے سامانہ ہوا۔ (الفضل2؍نومبر1922ء)

3؍نومبر1922ء

غیر از جماعت مسلمانوں سے تعلقات کی تلقین

حضورؓ نے 3؍نومبر 1922ء کو جماعت احمدیہ کو یہ تلقین فرمائی کہ وہ غیر احمدی مسلمانوں سے میل جول رکھیں اور ان سے ہمدردی اور عمدہ برتاؤ کریں اور ان کے دکھ سکھ میں شریک ہوں۔ ان تعلقات کی وجہ سے دین میں خلل نہ آنے دیں۔ اور نہ اپنے مذہبی عقائد ان کی خاطر قربان کریں۔ (تاریخ احمدیت جلد چہارم صفحہ 303)

11؍نومبر1922ء

مصر میں پہلا جمعہ

جماعت کے قیام کے سات ماہ بعد 11؍نومبر 1922ء کو مصر میں احمدیوں نے پہلا جمعہ باجماعت ادا کیا۔

23؍نومبر1922ء

ریویو بر تحفہ شہزادہ ویلز

نیروبی کے اخبار ’’لیڈر‘‘نے تحفہ شہزادہ ویلز پر ریویو شائع کیا۔ (الفضل 25؍جنوری 1923ء)

25؍نومبر1922ء

جرمنی روانگی

جناب سید محمود اللہ شاہ صاحب بی اے بغرض تعلیم جرمنی روانہ ہوئے۔ حضرت خلیفة المسیحؓ بڑی سڑک تک الوداع کرنے کے لیے تشریف لائے۔ اور دعا کر کے رخصت کیا۔ (الفضل 23و27؍نومبر1922ء)

نومبر

لیگوس میں احمدیوں پر بعض شر پسندوں نےحملہ کیا۔ جماعت احمدیہ لیگوس نے15 افراد پر فوجداری مقدمہ دائر کیا۔ خاص مجسٹریٹ نے 8 اشخاص کو قید و جرمانے کی سزا دی۔ اور سرغنہ ہائے جرم کو تین تین ماہ قید بامشقت اور 177 پونڈ فی کس جرمانہ کیا۔ اس فیصلے کا شہر میں اس قدر عمدہ اثر ہوا کہ بالکل امن و امان ہو گیا۔ (الفضل 22؍جنوری 1923ء)

یکم تا 3؍دسمبر 1922ء

قتل لیکھرام پر تقریریں

یکم دسمبر کو آریوں کے زبان دراز لیکچرار پنڈت دھرم بھکشو لکھنوی نے قادیان میں آ کر حضرت مسیح موعودؑ کی پیشگوئی بابت لیکھرام پر عام جلسہ سے تقریر کی اور سخت بد زبانی سے کام لیا۔

2دسمبر کی رات کو جناب شیخ عبد الرحمٰن صاحب کی جوابی تقریر میں نہایت متانت اور سنجیدگی سے لیکھرام کی پیشگوئی پر روشنی ڈالی گئی۔ اور آریہ لیکچرار کے جواب دیے گئے۔

3؍دسمبر کو آریہ لیکچرار نے بدزبانی کی لیکن حواس باختہ ضرور تھا۔ 4؍دسمبر کی رات کو جوابی تقریر میں شیخ صاحب نے مناظرے کا چیلنج دیا لیکن وہ اس تقریر میں شامل نہ ہوا۔ اس کے بعد حاضرین کے اصرار پر جناب میر قاسم علی صاحب نے بھی مختصر تقریر فرمائی۔ (الفضل 7؍دسمبر1922ء)

تحریری مباحثہ سے آریہ نے انکار کیا اور پنڈت مذکور قادیان سے چلا گیا۔ (الفضل11؍دسمبر1922ء)

6؍دسمبر1922ء

قادیان میں زلزلے کے جھٹکے

6؍دسمبر شام 7 بجے کے قریب زلزلے کے تین چار سخت جھٹکے محسوس کیے گئے۔

15؍دسمبر1922ء

15؍دسمبر کو حضورؓ نے ایک مضمون ’دارالامان میں انجمن احمدیہ مستورات کے قیام کی ضرورت‘ پر تحریر فرما کر قادیان کی 13 مستورات سےاس پر دستخط کروائے۔ (الفضل 11؍جنوری1923ء)

تفصیلی نصائح کے لیے ملاحظہ ہو الازھار لزوات الخمار صفحہ 68تا72، سن اشاعت اپریل 1946ء۔

حضرت سیدہ نصرت جہاں بیگم صاحبہؓ کی خدمت میں ممبرات لجنہ اماء اللہ نے صدارت کےلیے درخواست کی۔ چنانچہ پہلا اجلاس آپ کی صدارت میں شروع ہوا۔ مگر دوران اجلاس آپ نے حضرت سیدہ ام ناصر(حرم حضرت خلیفۃ المسیح الثانی) کو صدر نامزد فرمایا جو اپنی وفات 31؍جولائی 1958ءتک صدر رہیں۔ (تاریخ احمدیت جلد 4صفحہ303)

دسمبر1922ء

تبلیغ ہدایت کی اشاعت

حضرت مرزا بشیر احمد صاحبؓ نے دسمبر1922ءکو تبلیغ ہدایت کے نام سے ایک اہم کتاب شائع فرمائی جس میں آپ نے حضر ت مسیح موعودعلیہ السلام کے دعویٰ ماموریت کو دلائل نقلیہ سے ثابت فرمایا۔

21؍دسمبر1922ء

حضرت مولانا نیر صاحبؓ کی لندن روانگی

شمالی نائیجیریا کے تبلیغی دورہ سے واپسی پر حضرت مولانا نیر صاحبؓ 4 ماہ بیمار رہے۔ ڈاکٹر کے مشورہ سے تبدیلی آب و ہوا کے لیے لندن تشریف لے گئے۔ آپ 21؍دسمبر1921ء کو لیگوس سے سوار ہو کر 6؍جنوری 1923ء کو انگلستان کے ساحل پر اترے۔ اس دوران جہاز میں دو ہفتے ڈاکٹرز کی زیرِ نگرانی رہے۔ (الفضل 5؍مارچ 1923ء)

غانا اور سیرالیون میں مختصر قیام

راستے میں آپؓ اکرا (غانا)اور سیرالیون کے ساحل پر اترے اور حکام اور دوستوں سے ملاقات کی۔ (الفضل 5؍مارچ 1923ء)

22؍دسمبر 1922ء

بارش رکنے کی دعا

دو تین روز سے جاری برسات اگر جلسہ کے ایام میں بھی جاری رہتی توبڑے مجمع کے لیے تکلیف کا باعث ہوتی۔ حضورؓ نے خطبہ جمعہ میں دعاؤں کی تحریک فرماتے ہوئے موسم کے اچھا ہونے کے لیے دعا کرنے کابھی ارشاد فرمایا۔ خدا کے فضل سے جلسہ کے ایام موسمی لحاظ سے غیر معمولی طور پر صاف رہے۔

خطبہ جمعہ سے قبل حضورؓ نے خطبہ نکاح بھی ارشاد فرمایا۔ (الفضل 8؍جنوری 1923ءالفضل یکم جنوری 1923ء)

22؍دسمبر1922ء

22؍دسمبر 1922ء کوحضرت خلیفة المسیح الثانیؓ نے میاں عبد الرحیم صاحب پسر میاں غلام محمد صاحب امرتسری کے نکاح کا اعلان فرمایا۔ (خطباتِ محمود خطباتِ نکاح جلد 3 صفحہ 172۔ بحوالہ الفضل8؍جنوری1923ء)

25؍دسمبر1922ء

حملہ

25؍دسمبر کی رات کو دار الضعفاء کے محلہ میں خواجہ اعجاز علی صاحب کےگھر میں گھس کر ان کو اور ان کی اہلیہ کو کسی نے زخمی کیا اور بھاگتے بھاگتے ان کے لڑکے پر بھی حملہ کیا۔ (الفضل یکم جنوری 1923ء)

25؍دسمبر1922ء

لجنہ اماء اللہ کا قیام

دستخط کرنے والی مستورات کو حضورؓ نے 25؍دسمبر 1922ءکو حضرت اما ں جانؓ کے گھر پر جمع فرمایا اور بعد نماز ظہر حضورؓ نے تقریر فرمائی اور ’’لجنہ اماء اللہ ‘‘کی بنیاد رکھی۔

اس تنظیم کے لیے سیدہ امۃ الحی صاحبہؓ نے تحریک کی تھی۔ 25؍دسمبر کو حضورؓ کے گھر ان کا اجلاس ہوا۔ سیدہ امۃ الحی صاحبہؓ لجنہ اماء اللہ کی پہلی سیکرٹری تھیں۔ لجنہ اماء اللہ کے قیام پر حضورؓ کے ارشاد پر حضرت ام المومنینؓ نے پہلے اجلاس کی صدارت کی۔ پہلے ہی اجلاس میں آپؓ نے حضرت ام ناصرؓکو اپنی جگہ صدارت کے لیے نامزد فرمایا۔

(الفضل 11؍جنوری، تاریخ احمدیت جلد 4صفحہ303)

26؍دسمبر1922ء

جلسہ مستورات

پہلی مرتبہ جلسہ مستورات لجنہ اماء اللہ کے زیرانتظام ہوا۔ 26؍دسمبر صبح دس بجے مستورات کا جلسہ شروع ہوا۔ پہلے روز جناب حافظ جمال احمد صاحب، حضرت مولانا غلام رسول صاحب راجیکیؓ اور حضرت حافظ روشن علی صاحبؓ نے تقاریر کیں۔ حضورؓ نے بیعت مستورات کے بعد اسلام میں عورت کا مقام اور ان کے فرائض، ضرورت علم اور تربیت اولاد پر خطاب فرمایا او ردعا کروائی۔ دوسرے اجلاس میں حافظ غلام رسول صاحب وزیر آبادی نے پنجابی زبان میں تقریر کی۔ تیسرے روز جناب شیخ عبدالرحمٰن مصری، حضرت مولوی محمد ابراہیم صاحب بقاپوری، ؓ حضرت مولوی محمد سرور شاہ صاحبؓ نے تقاریر کیں۔ (الفضل 11؍جنوری 1923ء)

لجنہ جلسہ گاہ بمقام کوٹھی حضرت شیخ یعقوب علی عرفانی بنائی گئی۔ (رسالہ المحراب صفحہ310)

26تا28؍دسمبر1922ء

جلسہ سالانہ بمقام مسجد نور قادیان

حضرت مصلح موعودؓ نے جلسہ سالانہ 1922ءکے موقع پر27؍دسمبر کو تبلیغی مساعی کے موضوع پر تقریر فرمائی پھر28؍دسمبر کو ’’مسئلہ نجات‘‘کے موضوع پر تقریر فرمائی۔ 27؍دسمبر کو حضورؓ نے عورتوں کے جلسہ گاہ میں تشریف لا کر عورتوں سے انفرادی بیعت لی اور خطاب فرمایا۔ حاضر ی 8 سے 9ہزار کے قریب تھی۔ (الفضل 11؍جنوری 1923ء)

27؍دسمبر1922ء

نظم

حضورؓ کی یہ نظم پڑھی گئی:

پیٹھ میدان وغا میں نہ دکھائے کوئی

منہ پہ یا عشق کا پھر نام نہ لائے کوئی

(الفضل 4؍جنوری 1923ء)

28؍دسمبر1922ء

نظم

حضورؓ کی یہ نظم جناب قاسم علی صاحب رامپوری نے جلسہ میں پڑھی:

پردۂ زلفِ دوتا رُخ سے ہٹالے پیارے

ہجر کی موت سے للہ بچا لے پیارے

(الفضل 8؍جنوری 1923ء)

28تا31؍دسمبر1922ء

جلسہ انجمن احمدیہ سونگھڑہ ضلع کٹک

ان ایام میں انجمن احمدیہ سونگھڑہ ضلع کٹک کا جلسہ سالانہ منعقدہوا۔ جس میں ’’زندہ مذہب‘‘اور ’’پرتیما پوجا‘‘کے موضوع پر اڈیسہ زبان میں اور ’’سیرت سیدناحضرت مسیح موعود نبی اللہ‘‘اور ’’رفتار تیز کر ابھی منزل بعید ہے‘‘ کے موضوعات پر لیکچرزہوئے۔ (الفضل15؍جنوری1923ء)

29؍دسمبر1922ء

نماز فجر کے بعد حضورؓ نےنکاح پڑھایا اور لطیف خطبہ ارشاد فرمایا۔ خطبہ جمعہ سے قبل حضورؓ نے چند نکاحوں کا اعلان فرمایا۔ (الفضل 8؍جنوری 1923ء)

29؍دسمبر کو نماز جمعہ مسجد نور میں ہوئی کیونکہ بہت سے احباب جلسہ کے بعد ابھی قادیان میں ہی تھے۔ (الفضل یکم جنوری 1923ء)

1922ء میں انتقال صحابہؓ

اس سال حضرت میاں جمال الدین سیکھوانیؓ اور حضرت ماسٹر احمد حسین صاحب فرید آبادیؓ صحابہ حضرت مسیح موعوؑد کا انتقال ہوا۔ (تاریخ احمدیت جلد4صفحہ347)

1922ء کی بعض مطبوعات

حضرت خلیفة المسیح الثانیؓ کی اجازت سے حضرت مسیح موعودؑ کی چار کتب منن الرحمان، البلاغ یا فریاد درد، ترغیب المؤمنین فی اعلاء کلمة الدین، تجلیات الٰہیہ کی پہلی بار اشاعت ہوئی۔

براہین احمدیہ پر مولوی محمد حسین صاحب کا ریویو: منشی فخر الدین صاحب ملتانی نے اشاعة السنہ میں شائع شدہ ریویو کو کتابی صورت میں شائع کیا۔

مرزا احمد بیگ والی پیشگوئی: تالیف جناب قاضی ظہور الدین صاحب اکمل۔

مرقع ثنائی: میر قاسم علی صاحب ایڈیٹر اخبار فاروق کی جانب سے اخبار اہل حدیث کے اس پرچہ کو دوبارہ چھاپا گیا جس میں مولوی ثناء اللہ امرتسری نے دعوتِ مباہلہ سے انکار کیا تھا۔

اذان کا گور مکھی ترجمہ: شیخ محمد یوسف صاحب ایڈیٹر نور نے اذان کا گورمکھی ترجمہ ایک قطعہ کی صورت میں چھپوایا۔ (الفضل 27؍جولائی 1922ء)

انگریزی کتاب’’احمد‘‘از جناب سیٹھ عبد اللہ الہ دین صاحب

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button