عالمی خبریں

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…سعودی عرب میں کورونا ایس او پیز میں نرمی کے بعد مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو والدین اور رشتہ داروں کے ہمراہ آنے کی اجازت دے دی گئی۔

مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں نماز کے لیے اجازت ناموں کی پابندی بھی اب ختم کردی گئی ہے۔ علاوہ ازیں کورونا پابندیاں اٹھنے کے بعد مسجد الحرام میں پہلی نمازِ جمعہ ادا کی گئی جس میں نمازیوں نے بغیر کسی سماجی فاصلے کے شرکت کی۔

٭…یوکرین کے شہر لوویو کے فوجی اڈے پر روسی فوج کے فضائی حملوں میں 9 افراد ہلاک اور 57 زخمی ہوگئے۔ یہ شہر پولینڈ کی سرحد سے 20 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔یوکرینی وزیر دفاع اولیکسی رزنیکوف کے مطابق لیوویو کے ملٹری بیس میں غیرملکی انسٹرکٹر بھی موجود تھے۔

٭…24 فروری کو روس نے یوکرین پر حملہ کیا تھا جس کے بعد سے دارالحکومت کیئو سمیت کئی علاقوں میں جنگ جاری ہے۔ یوکرین اور روس کی جانب سے ایک دوسرے کو بھاری جانی و مالی نقصان پہچانے کے دعوے کیے گئے ہیں تاہم پہلی بار یوکرین نے جنگ میں بھاری جانی نقصان پہنچنے کا اعتراف کرتے ہوئے یوکرینی صدر ولودومیر زیلینسکی کے دارالحکومت کیئو میں غیرملکی میڈیا سے گفتگو میں تصدیق کی کہ روس کے خلاف جنگ میں 1300 یوکرینی فوجی مارے گئے ہیں۔دوسری جانب روسی فوج کی جانب سے دارالحکومت کیئو کا گھیرا تنگ کیا جارہا ہے اور کیئو کے مضافات میں ائیرپورٹ کو نشانہ بنایا ہے۔
اُدھر اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ روس کے یوکرین پر حملے کے بعد سے اب تک 579 شہری ہلاک اور ایک ہزار زخمی ہوئے۔خیال رہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے ساتھ ساتھ مذاکرات بھی جاری ہیں تاہم اب تک کوئی بڑی پیشرفت نہیں ہو سکی۔

٭… امریکی صدر جو بائیڈن نے جمعے کے روز وائٹ ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر نیٹو اور روس کا تصادم ہوا تو تیسری جنگ عظیم شروع ہوجائے گی۔ اسی طرح امریکی صدر نے روس کے یوکرین پر حملے کو روکنے کے لیے امریکا کی طرف سے کسی بھی براہ راست مداخلت کو مسترد کیا۔

٭…روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے جمعرات کے روز کہا کہ انہیں نہیں لگتاکہ یوکرین کا تنازع ایٹمی جنگ میں تبدیل ہوگا۔ تاہم انہوں نے امریکا اور یورپ کو خبردار کیا کہ روس اب دوبارہ کبھی مغربی ممالک پر انحصار نہیں کرنا چاہتا۔

٭…روس کے وزیر خزانہ اینٹن سلوانوف کا کہنا ہےکہ غیرملکی پابندیوں سے روس کے سونے اور زرمبادلہ کے 640 ارب ڈالر کے ذخائر میں سے 300 ارب ڈالر منجمد ہوئے ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ مغرب چین پر بھی روس سے تجارت محدود کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے اور چینی یوآن میں روسی ذخائر تک روس کی رسائی روکنا چاہتا ہے۔ مغربی دباؤ کے باوجود چین کے ساتھ ہماری شراکت داری روس چین تعاون کو نہ صرف برقرار رکھے گی بلکہ روس چین تعاون وہاں بھی بڑھایا جائے گا جہاں مغربی مارکیٹیں بند ہیں۔روسی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ روس اپنی ریاست کے قرض کی ذمہ داریاں پوری کرے گا اور قرض کی مد میں اس وقت تک روبل ادا کرے گا جب تک ریاستی ذخائر منجمد نہ کر دیے جائیں۔

٭… ہنگری کی پارلیمنٹ نے جمعرات کے روزکیٹیلن نوواک کو ملک کی پہلی خاتون صدر منتخب کیا۔ انہوں نے ارکان پارلیمنٹ سے 137 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مخالف حریف پیٹر رونا نے صرف 51 ووٹ حاصل کیے۔ حکمران جماعت (Fidesz) سے تعلق رکھنے والی کیٹیلن اس سے قبل ملک کی خاندانی امور کی وزیر کے طور پر بھی اپنی ذمہ داریاں انجام دے چکی ہیں۔

٭…اتوار کی صبح عراقی سیکیورٹی حکام نے اعلان کیا کہ شمالی عراقی کردستان کے علاقے اربل پر بیلسٹک میزائل داغے گئے ہیں۔ دوپہر کے وقت امریکی قونصل خانے اور اس کے قریب ایک عمارت کے سامنے بھی دھماکے ہوئے جن میں دو افراد شدیدزخمی اور دو معمولی زخمی ہوئے۔

ایران کے فوجی دستے پاسدارانِ انقلاب کے ادارہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ یہ حملے اسرائیل کے حالیہ جرائم کے بدلے میں کیے گئے تھے جن میں صیہونی سازش کے سٹریٹجک مرکز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا۔

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے شام میں ہونے والے اسرائیلی حملوں میں پاسداران انقلاب کے دو ارکان مارے گئے تھے جس کے بعد انھوں نے جوابی کارروائی کا اعلان کیا تھا۔ یہ حملہ شام کے دارالحکومت دمشق کے قریب ہوا تھا جس کے بعد ایرانی حکومت نے کہا تھا کہ اس کا بدلہ لیا جائے گا۔

٭…ایران نے سعودی عرب سے یک طرفہ طور پر مذاکرات معطل کردیے۔ ایرانی ویب سائٹ پر مذاکرات معطلی کی وجہ نہیں بتائی گئی۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ سعودی میڈیا دفتر کی جانب سے خبر پر فی الحال کوئی ردعمل نہیں دیا گیا۔خیال رہے کہ عراقی وزیر خارجہ نے گذشتہ روز ایران سعودیہ بات چیت کا پانچواں دور بدھ کو عراق میں ہونے کا بتایا تھا۔

٭…یورپی یونین نے ایران جوہری معاہدے کی بحالی کے لیے بات چیت روکنے کا اعلان کیا ہے۔ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزیف بوریل نے سوشل میڈیا پرلکھا کہ بیرونی عوامل کی وجہ سے ویانا مذاکرات میں وقفے کی ضرورت ہے اور ایک حتمی متن بنیادی طور پر تیار اور میز پر ہے۔


٭…جنوبی کوریا میں اپوزیشن کنزرویٹو جماعت کے لیڈر یون سک یول ملک کے نئے صدر منتخب ہوگئے ہیں جبکہ حکمران ڈیموکریٹک جماعت کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

صدارتی الیکشن میں یون نے 48.56 فیصد ووٹ حاصل کیے جبکہ ڈیموکریٹک پارٹی کے لی جے میونگ کو 47.83 فیصد ووٹ پڑے۔ اس طرح فتح یون سک یول کے نام رہی۔پروگریسو جسٹس پارٹی کے سم سانگ جونگ صرف 2.37 فیصد ووٹ اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئے۔فتح کے بعد کنزر ویٹو پارٹی کے لیڈر کا اپنے حریفوں لی اور سم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اب ہمیں ملک کے لیے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

٭…امریکا میں افغان سفارت خانے کو شدید مالی مشکلات کا سامنے ہے جس کی وجہ سے اسے آنے والے ہفتے بند کر دیا جائے گا۔واشنگٹن میں سفارت خانے، نیو یارک اور لاس اینجلس میں قونصل خانوں میں ایک اندازے کے مطابق 100 کے لگ بھگ افغانی سفارت کار کام کر رہے ہیں تاہم انہیں فنڈز مہیا نہیں کیے جا رہے۔

سفارت کاروں کو ملک بدری سے بچنے کے لیے امریکی ویزے حاصل کرنا ہوں گے جس کے لیے ان کے پاس 30 دنوں کا وقت ہے۔ اس دوران اگر انہوں نے ویزے حاصل نہ کیے تو انہیں افغانستان بھیج دیا جائے گا۔

٭…سعودی عرب میں داعش اور القاعدہ سمیت غیرملکی ایجنسیوں اور حوثی ملیشیا سے وابستہ 81 مجرموں کو سزائے موت دے دی گئی۔ان میں سعودی اور یمنی شہری شامل ہیں۔سعودی وزارت داخلہ کے مطابق سزائے موت پانے والے افراد کےخلاف غداری اور دہشت گردی کے سنگین الزامات تھے۔ مقامی عدالتوں نےٹھوس ثبوتوں کی بنیاد پر انہیں سزائے موت سنائی۔

٭…11 مارچ کو جاپانی تاریخ کے بد ترین زلزلے اور سونامی کو 11 سال مکمل ہونے پر 15 ہزار سے زائد افراد کے ہلاک اور ہزاروں کے لاپتہ ہونے والوں کی یاد کے طور پر منایا گیا۔ یہ زلزلہ جو کہ ریکٹر اسکیل پر 9 شدت کا تھا، دوپہر 2 بج کر 46 منٹ پر آیا تھا۔ آج عین اسی وقت جاپان بھر میں ایک لمحے کی خاموشی اختیار کی گئی۔ سانحے میں 15 ہزار 900 کے قریب افراد لقمہ اجل بنے اور 2 ہزار 500 سے زائد افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔

٭…سعودی دارالحکومت ریاض کی آئل ریفائنری پر 10؍ مارچ بروز جمعرات کو ڈرون حملہ کیا گیا جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ڈرون حملے سے لگنے والی آگ پر فوری طور پر قابو پالیا گیا جبکہ اس سے ایندھن کی فراہمی بھی متاثر نہیں ہوئی۔سعودی وزارتِ توانائی کے ترجمان نے ڈرون حملے کی شدید مذمت کی اور فوری طور پر اس کا الزام کسی پر عائد نہیں کیا۔

٭…سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کونیواورلینز سے فلوریڈا کے شہر پام بیچ لےجانے والے طیارے کا ایک انجن فیل ہوگیا جس کےبعد طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

طیارے میں ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر،سیکرٹ سروس کے حکام اورسپورٹ اسٹاف بھی سفرکررہا تھا۔ ٹرمپ کے ترجمان نے ہنگامی لینڈنگ کی تصدیق کی تاہم مزید تفصیل نہیں بتائی۔

٭…آسٹریلوی سول ایوی ایشن سیفٹی اتھارٹی نے پی آئی اے کو آسٹریلیا کے لیے براہ راست پروازوں کو لینڈنگ کی اجازت دے دی۔ پہلی پرواز پی کے 9808 لاہور سے 22 اپریل کو سڈنی کے لیے اڑان بھرے گی۔پاکستانی ایئر لائن لاہور سے ہفتہ وار ایک پرواز آپریٹ کرے گی اور آسٹریلیا کے لیے بوئنگ 777 لانگ رینج استعمال ہوں گے۔ دوسرے مرحلے میں کراچی سے سڈنی کے لیے پرواز شروع کی جائے گی۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق آسٹریلیا کے لیے براہ راست پرواز سے 35 گھنٹے کا سفر 12 گھنٹوں میں طے ہونے لگے گا۔

٭…متحدہ عرب امارات کی پہلی اڑنے والی کشتی جلد حقیقت کا روپ دھارنے والی ہے۔ سی ببل نامی فرانسیسی کمپنی نے ہائیڈروجن سے چلنے والی کشتی ایکس پرل ایجاد کی ہےجس کے فلیگ شپ ماڈل ایچ ٹو سمیت ایکس پرل کا دبئی ہاربر پر افتتاح کیا جا چکا ہے۔

کمپنی کو امید ہے کہ اگلے سال عالمی ماحولیاتی کانفرنس کے انعقاد سے پہلے دبئی کریک، دبئی کینال، یا ابوظبی کارنیش کے ساتھ کشتی کے ماڈلز فضا میں محو پرواز ہوں گے۔

٭…چین میں کورونا وائرس کیسز میں اضافہ ہونے لگا جہاں دو سال میں پہلی بار کورونا کے ایک ہزار 807 نئے علامتی کیسز سامنے آئے ہیں۔ صوبے جیلین میں کورونا کے سب سے زیادہ ایک ہزار 412 نئے علامتی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

کورونا کیسز کا اضافہ روکنے کے لیے محکمہ صحت کے حکام نے پہلی بار عوام کو ریپڈ سیلف ٹیسٹ کٹس خریدنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

٭… سعودی عرب میں رواں ماہ کی 5 تاریخ سے کورونا پابندیوں کے خاتمے کا سلسلہ جاری ہے۔ سعودیہ آمد پر پی سی آر ٹیسٹ، آئسولیشن اور ہوٹل قرنطینہ کی پابندیاں ختم کردی گئی ہیں۔تاہم اب بھی سعودی عرب نے اپنے شہریوں کو 15 ممالک کے سفر سے روک رکھا ہے۔ یہ وہ ممالک ہیں جہاں کورونا کے یومیہ کیسز کی تعداد اب بھی کافی زیادہ ہے۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button