از مرکز

حضورِ انور ایّدہ اللہ کے دستِ مبارک سے بدری صحابہؓ سے متعلق ویب سائٹ اور ایپ کا اجرا، دعاؤں کی تازہ تحریک

(ادارہ الفضل انٹرنیشنل)

(مسجد مبارک اسلام آباد، ٹلفورڈ، 08؍اپریل 2022ء) امیرالمومنین حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے آج نمازِ جمعہ کے بعد مسجد مبارک سے بدری صحابہؓ سے متعلق ایم ٹی اے انٹرنیشنل کی جانب سے انگریزی زبان میں تیار کردہ ویب سائٹ

www.313companions.org

اورموبائل فون؍ٹیبلٹ ایپلیکیشن کا اجرا فرمایا اور دعا کروائی۔ دعا سے قبل ویب سائٹ کا معائنہ کرتے ہوئے حضورِ انور نے اس پراجیکٹ کے انچارج محترم آدم واکر صاحب سے استفسار فرمایا کہ کیا یہ ویب سائٹ انگریزی، عربی اور اردو میں ہے۔ اس پر آدم صاحب نے جواب دیا کہ فی الوقت یہ انگریزی اور عربی میں ہے جبکہ اسے اردو زبان میں بھی مہیا کیا جائے گا۔

اس ویب سائٹ کا تعارف کرواتے ہوئے حضرت امیرالمومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ میں فرمایا:

نماز جمعہ کے بعد میں ایم ٹی اے کی ایک سائٹ کا بھی اجرا کروں گا جو ایم ٹی اے انٹرنیشنل نے ویب سائٹ، موبائل ایپلیکیشن بنائی ہے جس میں 313 بدری صحابہؓ کے متعلق میرے خطباتِ جمعہ کو ایک جگہ جمع کیا گیا ہے۔ اس ویب سائٹ پر احباب یہ خطبات جمعہ دیکھنے کے ساتھ ساتھ بدری صحابہؓ کے متعلق بنائی گئی profiles پڑھ سکتے ہیں اور جہاں تک کسی نے مشاہدہ اور مطالعہ کیا ہو گا اس کو bookmark بھی کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہر صحابی کے متعلق سوال و جواب کا ایک کوئز موجود ہے۔ ویب سائٹ پر متعلقہ مفید نقشے بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔ ناموں اور مشکل الفاظ کا عربی تلفظ بھی سنا جاسکتا ہے۔ اب تک کی اَپ لوڈ کی گئی معلومات کے علاوہ آئندہ آنے والی نئی معلومات اور ویڈیوز بھی ہر ہفتے اس میںجاری کی جائیں گی ۔ ویب کا جو پتا ہے وہ یہ ہے www.313companions.org۔ تو جیسا کہ میں نے کہا کہ نماز کے بعد اس کا اجرا ہوگا۔ اللہ تعالیٰ اس کو بھی لوگوں کے لیے فائدے کا موجب بنائے۔

ویب سائٹ اور ایپ کے بارے میں کچھ تفصیلات

مکرم Adam Walker صاحب، ڈائریکٹر ایم ٹی اے آن لائن نے نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کو اس ویب سائٹ کے بارہ میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ چونکہ ایم ٹی اے کا بنیادی مقصد بھی احبابِ جماعت کی تربیت اور غیرازجماعت احباب تک پیغام حق پہنچانا ہے اس لیے جب سے حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز بدری صحابہؓ کے متعلق خطباتِ جمعہ ارشاد فرما رہے تھے تب سے ہماری یہ خواہش تھی کہ کوئی ایسا platform مہیا کیا جائے جس پر احمدی احباب اور غیرازجماعت احباب بھی بدری صحابہؓ سے متعلق حضورِانور کے خطباتِ جمعہ تک رسائی حاصل کرسکیں۔ چنانچہ حضورِانور کی منظوری سے اس پراجیکٹ پر کام شروع کردیا گیا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے ایم ٹی اے آن لائن کی ٹیم نے ایم ٹی اے انٹرنیشنل کے دیگر شعبہ جات کے ساتھ باہمی تعاون سےبڑی محنت سے اس پر کام کیا اور اب اللہ تعالیٰ کے فضل سے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے دستِ مبارک سے بدری صحابہؓ کے متعلق www.313companions.org ویب سائٹ اور ایپ کا اجرا فرمایا ہے جو بیک وقت Iphone اور Android وغیرہ پر دستیاب ہے۔

اس ویب سائٹ اور ایپ پر بدری صحابہؓ کے متعلق حضورِانورایدہ اللہ تعالیٰ کے خطباتِ جمعہ اور ان کی ویڈیوز موجود ہیں۔ ویب سائٹ کو سہولت کے لیے بہت سے ذیلی عناوین دیے گئے ہیں۔ اسی طرح ہر بدری صحابی کی الگ سے سوانح حیات بھی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔ ہر صحابی کی سوانح حیات کو مزید ذیلی عناوین میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اسی طرح لوگوں کے استفادہ کے لیے مختلف نقشے اور خاکے بھی شامل کیے گئے ہیں۔ مزید برآں صحابہ کرامؓ کے اسمائے مبارکہ نیز بعض ایسے عربی الفاظ جن کا تلفظ قدرے مشکل ہے ان کا صوتی تلفظ بھی شامل کیا گیا ہے جنہیں ایم ٹی اے العربیہ کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ہر سوانح کے آخر پر ایک کوئز بھی تشکیل دیا گیا ہے جس سے زائرین اپنی معلومات کا جائزہ لے سکتے ہیں۔ ویب سائٹ پر بعض صحابہ کرامؓ کے اسمائے مبارکہ پر مشتمل خطاطی کے نمونے بھی دستیاب ہیں۔

محترم آدم واکر صاحب نے مزید بتایا کہ اس ویب سائٹ اور ایپلیکیشن دونوں پر زائرین اپنے پسندیدہ مضامین کونشان زدہ (bookmark) بھی کرسکتے ہیں۔ نیز اگر وہ ایپ بند کرکے بعد میں کسی وقت اسے دوبارہ کھولیں تو جہاں تک انہوں نے مضمون پڑھا ہوگا وہاں سے اسے آگے پڑھ سکیں گے۔

مکرم ڈائریکٹر صاحب ایم ٹی اے آن لائن نے بتایا کہ انشاء اللہ ویب سائٹ اور ایپ پر ہفتہ وار نئے مواد کا اضافہ کیا جاتا رہے گا۔ اسی طرح مستقبل میں بعض مزید فیچرز (features)بھی شامل کرنے کا ارادہ ہے۔

اس ایپ کو درج ذیل لنکس کے ذریعہ موبائل فون؍ٹیبلٹ پر انسٹال کیا جا سکتا ہے:

برائے Iphone/ios :

https://apps.apple.com/gb/app/313-companions/id1601475319

برائے Android:

https://play.google.com/store/apps/details?id=org.companions.sahaba_app

ادارہ الفضل انٹرنیشنل اس ویب سائٹ اور ایپلیکیشن کے اجرا پر امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اور ایم ٹی اے آن لائن کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہے نیز دعا گو ہے کہ زیادہ سے زیادہ احباب اس علم کے منفرد خزانے سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی زندگیوں کو بدری صحابہؓ کے نقشِ قدم پر گزارنے والے ہوں۔ آمین

تازہ دعاؤں کی تحریک

حضورِانورایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ 08؍اپریل 2022ءمیں دنیا کے موجودہ حالات کے پیشِ نظر احبابِ جماعت کو دعاؤں کی تلقین کرتے ہوئے فرمایا:

دنیا کے حالات کے لیے بھی دعائیں کریں۔ اللہ تعالیٰ دنیا کو تباہ کاریوں سے بچائے اور ان کو عقل دے کہ یہ اپنے پیدا کرنے والے خدا کو پہچاننے والے ہوں۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

ایک تبصرہ

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button