یورپ (رپورٹس)

مجلس انصار اللہ ڈنمارک کی کیمپ ایڈوینچر کی سیر

مجلس انصار اللہ ڈنمارک نے مورخہ 26؍مارچ بروز ہفتہ کیمپ ایڈوینچر واقع نیسٹ وید کی سیر کا پروگرام رکھا۔ یہ جگہ کوپن ہیگن سے ایک گھنٹہ کی مسافت پر واقع ہے۔ اس پروگرام میں خاص طور پر بچوں کو بھی شامل کیا گیا۔ پروگرام کے مطابق انصار دوپہر بارہ بجے مسجد نصرت جہاں میں جمع ہوئے جہاں اجتماعی دعا کے بعد احباب اس کیمپ کی طرف روانہ ہوئے۔

اس جگہ کی خاص بات یہ ہے کہ اس کیمپ میں جنگل کے بیچوں بیچ ایک فاریسٹ ٹاور تعمیر کیا گیا ہے جو دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے۔ گاڑیوں کی پارکنگ سے یہ جگہ تقریباً تین کلو میٹر کے فاصلہ پر واقع ہے۔ اس کا راستہ گیسفلیڈ کے جنگلات کے بیچوں بیچ بنایا گیا ہے جو جنگل میں، درختوں کے ارد گرد اور ندیوں کے اوپر سے گزرتا ہے، یہاں تک کہ جنگل کا ٹاور اچانک درختوں کے درمیان سے نظر آنے لگتا ہے۔ اس ٹاور پر آپ چلتے ہوئے جنگل کا 360 ڈگری کا نظارہ کرتے ہیں، اور ہر بار جب آپ 12 دائروں میں سے کسی ایک دائرے میں اوپر کی طرف چلتے ہیںتو آپ کو معلوم ہوگا کہ آپ کے اردگرد کا نظارہ بدلتا چلا جاتا ہے۔ ٹاور کے وسط میں درخت لگائے گئے ہیں جن کو آپ بلندی پر جاکر چھو سکتے ہیں ان دائروں میں چکر لگاتے ہوئے آپ کو احساس بھی نہیں ہوتا اور آپ جنگل اور کھیتوں کے نظارے کے ساتھ سطح سمندر سے 140 میٹر بلندی پر واقع پلیٹ فارم پر نکلتے ہیں، اور اگر مطلع صاف ہو تو آپ کوپن ہیگن اور مالمو سویڈن کی بلند عمارات کا نظارہ بھی اس ٹاور سے کرسکتے ہیں۔ 2019ء میں بننے والے اس فاریسٹ ٹاور نے کئی آرکیٹیکچر ایوارڈ زجیتے ہیں اور ٹائم میگزین کی 2019ء میں دنیا کی 100 عظیم مقامات میں اس کا شمار کیا گیا ہے۔

یہ جگہ واقعۃً دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔ اس ٹاور کی سیر کے بعد ریفریشمنٹ کا انتظام کیا گیا تھا۔ جس کے بعد شام کو واپس کوپن ہیگن آگئے۔ الحمدللہ یہ پروگرام سب نے پسند کیا۔

(رپورٹ: محمد اکرم محمود۔ صدر مجلس انصار اللہ ڈنمارک و نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button