یورپ (رپورٹس)

جرمنی میں جلسہ ہائے یوم مسیح موعود علیہ السلام

(عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل جرمنی)

ہر سال کی طرح امسال 2022ء میں بھی 23؍مارچ کی مناسبت سے جرمنی کی جماعتوں میں جلسہ ہائے یوم مسیح موعودؑ کا انعقاد کیا گیا۔ کووڈ19 کی احتیاطی تدابیر کو مدِنظر رکھتے ہوئے بڑی جماعتوں اور لوکل امارات نے آن لائن جلسے منعقد کیے، جبکہ چھوٹی جماعتوں نے مساجد اور نما ز سنٹرز میں جلسہ کا انعقاد کیا۔

لوکل امارت فرانکفرٹ

لوکل امارت فرانکفرٹ کے زیر انتظام جلسہ یوم مسیح موعودؑ 27؍مارچ بروز اتوار 2بجے دوپہر بعد نماز ظہر مسجد بیت السبوح فرانکفرٹ میں زیر صدارت مولانا حیدرعلی ظفر صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ جرمنی منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم مع اردو و جرمن ترجمہ مکرم احمد گھمن صاحب مربی سلسلہ نے کی۔ آپ نے سورت جمعہ کی ابتدائی 5آیات کی تلاوت کی۔ مکرم عمیر احمد عباسی نے حضرت مسیح موعودؑ کا کلام

اے سونے والو جاگو کہ وقت بہار ہے

اب دیکھو آکے در پہ ہمارے وہ یار ہے

خوش الحانی سے پڑھا۔ اجلاس کے پہلے مقرر مکرم ایاز احمد ملک صاحب مربی سلسلہ تھے، جنہوں نے اردو زبان میں اخلاق اور رزقِ حلال کے متعلق حضرت مسیح موعودؑ کے ارشادات پر اپنی تقریر کی۔ آپ نے بتایا کہ اخلاق فاضلہ میں رزق حلال شامل ہے جبکہ رزق حلال کا عبادت سے گہراتعلق ہے۔ قبولیت کا درجہ پانے کے لیے بھی رزق حلال ضروری ہے آپ نے بعض احادیث کا بھی حوالہ دیا اور آنحضرتﷺ کی حضرت سعد کو نصیحت کا ذکر بھی آیا کہ ’’اے سعد! حلال کھانا کھایا کرو تمہاری دعائیں قبول ہوں گی‘‘ آپ نے رزق حلال کی اہمیت اور فوائد سے متعلق حضرت مسیح موعودؑ کی تحریرات پڑھ کر سنائیں۔

لوکل امارت فرانکفرٹ

فاضل مقرر نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کے اس ارشاد کی طرف متوجہ کیا کہ گھروں میں امن کے لیے ضروری ہے کہ افراد خانہ کو رزق حلال کھلائیں۔ آپ نےبتایا کہ جنت میں جو 5سوال پوچھے جائیں گے ان میں سے دو کا تعلق مال سے ہے۔

اجلاس کے دوسرے مقرر مکرم عمران احمد بشارت صاحب مربی سلسلہ تھے جنہوں نے حضور علیہ السلام کی اپنی جماعت سے توقعات کے موضوع پر جرمن زبان میں تقریر کی۔ آپ نے تین بنیادی چیزوں خداتعالیٰ سے زندہ تعلق، اچھے اعمال اور آخرت کی فکر کو موضوع گفتگو بناتے ہوئے ان کے متعلق حضرت مسیح موعودؑ کے ارشادات پیش کیے۔ جماعت کے قیام کا مقصد روحانیت میں ترقی ہے اور یہ گوہر مقصود عبادت سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔ ان دو تقاریر کے بعد مکرم فلاح الدین خان صاحب نے درثمین سے نظم

اے خدا اے کارسازو عیب پوش و کردگار

اے میرے پیارے میرے محسن میرے پروردگار

کے چند اشعار خوش الحانی سے سنائے۔ اجلاس کے آخری مقرر صدر مجلس مولانا حیدرعلی ظفر صاحب مربی سلسلہ تھے۔ آپ نے تقریر کے شروع میں بتایا کہ 23؍مارچ 1889ء کو جب بیعت کا آغاز ہوا اور جن 40مبارک ہستیوں نے بیعت کی سعادت حاصل کی انہوں نے ساتھ یہ عہد بھی کیا کہ وہ دین کو دنیا پر مقدم جانیں گے۔ ہمارے لیے یہ دن صرف منانے کے لیے نہیں بلکہ محاسبہ کا دن ہےکہ ہم جائزہ لیں کہ عہد بیعت کے وعدوں کو کس قدر پورا کر رہے ہیں۔ اس موقع پر فاضل مقرر نے حضور کی کتاب تذکرۃ الشہادتین میں درج حضور کی دعا پڑھ کر سنائی۔ حضور بیعت کرنے والوں کو جو نصائح فرمایا کرتے تھے ان میں سے بھی چند نصائح کا ذکر کیا۔ حقیقۃ الوحی کے بار بار مطالعہ کی تاکید کی۔ حضرت مسیح موعودؑ کی تحریرات کی روشنی میں نمازوں کی ادائیگی، تقویٰ اور اسلامی تعلیم کے متعلق متوجہ کیا۔ آپ نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ کی لجنہ کو نصائح کا بھی ذکر کیا۔

صدارتی تقریر کے بعد لوکل امیر فرانکفرٹ مکرم خواجہ مبشر احمد صاحب نے مقررین اور انتظامی کارکنان کا شکریہ ادا کیا اور بعض ضروری اعلانات کیے۔ دعا (جو صدر مجلس صاحب نے کروائی) سے قبل زکوٰۃ کی شرح ادائیگی سے متعلق ضروری تفصیل پیش کی۔ اور یوں شام 4بج کر 5منٹ پر جماعت احمدیہ فرانکفرٹ کا آن لائن جلسہ مسیح موعودؑ اختتام پذیر ہوا جس سے فرانکفرٹ جماعت کے تمام افراد مستفیض ہوئے۔

لوکل امارت ہمبرگ

ہمبرگ جرمنی کی دوسری بڑی لوکل امارت ہے جس نے اپنا جلسہ یوم مسیح موعودؑ 27؍مارچ بروز اتوار بیت الرشید میں منعقد کیا۔ 70افراد کو مسجد میں بیٹھ کر جلسہ سننے کی اجازت دی گئی تھی۔ باقی احباب آن لائن جلسہ کی کارروائی میں شریک ہوئے۔ نماز ظہر کی ادائیگی کے بعد جلسہ کی کارروائی مکرم شاہد محمود صاحب لوکل امیر ہمبرگ کی زیر صدارت شروع ہوئی۔ جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن کریم مع جرمن و اردو ترجمہ سے ہوا جس کے بعد حضرت مسیح موعودؑ کا شیریں کلام خوش الحانی سے پیش کیا گیا۔ جس کا اردو ترجمہ بھی ساتھ پڑھا گیا۔ آج کے جلسہ میں دو تقاریر اردو زبان میں اور ایک جرمن زبان میں کی گئی۔ جرمن تقریر کے مقرر مکرم عطاء الکریم انصرصاحب تھے۔ آپ کی تقریر کا موضوع تھا ’’سچے ہو کر جھوٹے کی طرح تذلل کرو‘‘۔

مکرم لئیق احمد منیر صاحب مبلغ سلسلہ نے صداقت حضرت مسیح موعودؑ اور آپ کے ذریعہ پیدا کردہ انقلاب کے موضوع پر تقریر کی۔ اجلاس کی تیسری اور صدارتی تقریر مکرم لوکل امیر صاحب ہمبرگ نے حضرت مسیح موعودؑ کو ماننا کیوں ضروری ہے کے موضوع پر کی۔ جلسہ کا اختتام اجتماعی دعا پر ہوا جس کے بعد کھانا تناول کیا گیا۔

لوکل امارت رسلزہائم

لوکل امارت رسلزہائم نے جلسہ یومِ مسیح موعودؑ 23؍مارچ بروز بدھ شام 6بجے اپنے نما زسنٹرمیں منعقد کیا۔ کورونا کی پابندیوں کی وجہ سے صرف انصار ممبرز کو نماز سنٹر میں آکر جلسہ کی کارروائی میں حصہ لینے کی اجازت ملی۔ باقی جماعت آن لائن جلسہ کی کارروائی میں شامل رہی۔ اجلاس کی صدارت لوکل امیر رسلزہائم مکرم گلفام احمد صاحب نے کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو مکرم احسان اللہ ظفر صاحب نے کی۔ مکرم محمد نواز صاحب نے نظم اپنی خوش نما آواز میں پیش کی۔ اجلاس کے شروع میں دو دوستوں مکرم احمد شکور صاحب اور مکرم مرزا انصر احمد صاحب نے سلائیڈز اور تصاویر کے ذریعہ حضرت مسیح موعودؑ کی ابتدائی زندگی، دعویٰ، الہامات، پیشگوئی اور سفر ہوشیارپور سے متعلق دستاویزی نمائش پیش کی۔ جس کے بعد مکرم کامران اشرف صاحب مربی سلسلہ نے نصرت الٰہی کے موضوع پر تقریر کی جس میں آپ نے حضور کے دعویٰ مسیحیت کے دوران تائید الٰہی کے متعدد واقعات بیان کیے جن کو حاضرین نے بہت پسند کیا۔ آخر میں مکرم لوکل امیر صاحب نے حضرت مسیح موعودؑ کی سیرت کے بعض واقعات پیش کیے۔ دعا سے قبل صدر مجلس نے انتظامی امور میں خصوصی تعاون پر کارکنان کا شکریہ ادا کیا۔ جلسہ سے 845افراد نے استفادہ کیا۔

لوکل امارت ڈام شٹڈ

لوکل امارت ڈام شٹڈکا جلسہ یوم مسیح موعودؑ مورخہ 27؍مارچ بروز اتوار بعد نماز ظہر مسجد نورالدین میں منعقد ہوا۔ احتیاطی تدابیر کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے 80افراد نے مسجد میں بیٹھ کر اور 466افراد نے آن لائن جلسہ میں شرکت کی۔ جلسہ کی صدارت لوکل امیر مکرم اسامہ قریشی صاحب نے کی۔ تلاوت قرآن کریم مکرم نعیم احمد منیر صاحب نے کی جس کا جرمن ترجمہ مکرم مدثر احمد ناصر کو پیش کرنے کی سعادت ملی۔ مکرم فاتح اعجاز جنجوعہ نے حضرت مسیح موعودؑ کا شیریں کلام ترنم سے پڑھا جس کا جرمن ترجمہ مکرم کاشف کریم نے سنایا۔

جلسہ کے مقررین میں مکرم عبدالسلام صاحب، مکرم نعمان احمد صاحب اور مولانا شمشاد احمد قمر صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ جرمنی شامل تھے۔ مولانا شمشاد قمر صاحب نے آخری زمانہ میں آنحضرت ﷺکے دوبارہ تشریف لانے کی حدیث اور آنے والے کے اہل فارس سے ہونے کی وضاحت میں نہایت پر اثر تقریر کی۔ نیز جس زمانہ میں حضرت مسیح موعودؑ نے دعویٰ فرمایا ان حالات کا تذکرہ کر کے خدائی وعدہ کے مطابق نظارہ بدل جانے کا تفصیل سے ذکراور حضرت مسیح موعودؑ کے آنحضورﷺ کے ظل اور بروز ہونے کی وضاحت کی۔

لوکل امارت ڈٹسن باخ

لوکل امارت ڈٹسن باخ کا جلسہ یوم مسیح موعودؑ 23؍مارچ بروز بدھ بعد نماز مغرب منعقد ہوا۔ جلسہ کے انتظامات کے لیے محترم لوکل امیر صاحب نے مکرم بشیر احمد صاحب شاد کی سربراہی میں ایک کمیٹی مقرر کی تھی جس نے جلسہ کے انتظامات پایہ تکمیل تک پہنچائے۔ کورونا وبا کی وجہ سے 80افراد کو مسجد میں آکر جلسہ میں شرکت کی اجازت دی گئی جبکہ 444؍افراد آن لائن جلسہ کی کارروائی کو دیکھ رہے تھے۔ جلسہ کی صدارت لوکل سیکرٹری تربیت راجہ محمد سلیمان صاحب نے کی۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد مکرم رانا شیراز احمد صاحب مبلغ سلسلہ اور مولانا محمد الیاس منیر صاحب مبلغ سلسلہ و صدر تاریخ کمیٹی جماعت احمدیہ جرمنی نے تقاریر کیں۔ مولانا محمد الیاس منیر صاحب نے اس دن کی مناسبت سے پہلی بیعت لینے اور خلفائے سلسلہ کی قیادت و راہنمائی میں اکناف عالم میں ہونے والی جماعتی ترقیات سے حاضرین کو آگاہ کیا۔ صدر مجلس نے مقررین، شرکاء اور انتظامیہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

(رپورٹ: عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button