افریقہ (رپورٹس)

سیرالیون میں ریجنل سیکرٹریانِ تحریک جدید و وقفِ جدید کے ریفریشر کورسز

ریفریشر کورس ریجنل سیکرٹریانِ تحریک جدید

مکرم طاہرا حمد بھٹی صاحب (ایڈیشنل سیکرٹری تحریک جدید سیرالیون و مبلغ سلسلہ میکنی ریجن) تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے نیشنل شعبہ تحریک جدید، سیرالیون کو مورخہ5 فروری 2022ء بروز ہفتہ احمدیہ بیت الذکر مشاکا، مشاکا ریجن میں سیکرٹریانِ تحریک جدید کے ریفریشر کورس کے انعقاد کی توفیق ملی۔ فالحمد للہ علی ذالک

مولانا سعیدالرحمٰن صاحب امیر و مشنری انچارج سیرالیون کی زیرِ صدارت ریفریشر کورس کا آغاز صبح 10بجے تلاوت قرآن کریم اور دعا سے ہوا جس کے بعد محترم امیر صاحب نے افتتاحی کلمات سے پروگرام کا باقاعدہ آغاز کیا اور اپنے خطاب میں تحریک جدید کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے تحریک جدید کی برکات سے آگاہ کیا۔

امیر صاحب نے تمام سیکرٹریان کو ان کے تقرر کے خطوط تقسیم کیے۔ بعد ازاں ڈاکٹر شیخو کمارا صاحب نیشنل سیکرٹری تحریک جدید نے استقبالیہ خطاب میں شعبہ تحریک جدید کو فعال کرنے کے متعلق توجہ دلائی۔ اس کے بعد مکرم الحاجی اے بنگورا صاحب (سیکرٹری تحریک جدید و لوکل مشنری مکینی ریجن ) نے تحریک جدید کے تعارف پر تقریر پیش کی۔ پھر خاکسار نے شعبہ کا لائحہ عمل پیش کیا جس میں خصوصی طور پر معیاری وعدہ جات لینا اور فہرستیں مرتب کرنے کا طریقہ کار سمجھا ۔ اور مطالبات تحریک جدید پڑھ کر سنائے۔ نیز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی سیرالیون جماعت سے توقعات سے متعلق ارشادات بھی سنائے۔

اس کے بعد سیکرٹری تحریک جدید پورٹ لوکو ریجن اور فری ٹاؤن ریجن نے اپنے کچھ تجربات اور تبصرے پیش کیے۔ پروگرام میں ہر تقریر کے بعد سوالات کا موقع دیا گیا۔ اور مقررین اور ہائی ٹیبل سے صدرِ مجلس اور مبلغین کرام نے سوالات کے جوابات دیے۔ پروگرام کے آخر پرتمام شرکاءسے حضور انور کی خدمت میں دعائیہ خطوط لکھوائے گئے۔ الحمد للہ پروگرام نہایت کامیاب رہا۔ دعا کے بعد نماز ظہر ادا کی گئی اور شرکاء کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ کل حاضری 25 رہی۔

ریفریشر کورس ریجنل سیکرٹریانِ وقفِ جدید

مکرم حامد علی بنگورا صاحب مبلغ سلسلہ (ایڈیشنل سیکرٹری وقفِ جدید سیرالیون و استاد جامعہ احمدیہ ) تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے نیشنل شعبہ وقف جدید، سیرالیون کو مورخہ 5؍مارچ 2022ء بروز ہفتہ احمدیہ بیت الذکر مشاکا، مشاکا ریجن میں سیکرٹریانِ وقفِ جدید کے ریفریشر کورس کے انعقاد کی توفیق ملی۔ فالحمد للہ علی ذالک

محترم ڈاکٹر شیخو تامو صاحب (قائم مقام امیر و نائب امیر اول، سیرالیون) کی زیرِ صدارت ریفریشر کورس کا آغاز صبح 10 بجے تلاوت قرآن کریم اور دعا سے ہوا جس کے بعد محترم صدرِ مجلس نے افتتاحی کلمات سے پروگرام کا باقاعدہ آغاز کیا اور آپ نے تمام سیکرٹریان کو ان کے تقرر کے خطوط تقسیم کیے۔ بعد ازاں مکرم طاہر احمد بھٹی صاحب( ایڈیشنل سیکرٹری تحریک جدید، سیرالیون و مبلغ سلسلہ مکینی ریجن) نے تمام شاملین کا شکریہ ادا کیا اور عہدیداران کی ذمہ داریوں اور فرائض کے موضوع پر اظہارِ خیال کیا۔

اس کے بعد مکرم ذیشان محمود صاحب (مربی سلسلہ) نے وقفِ جدید کا تعارف اور پسِ منظر پر تقریر پیش کی۔ جس کے بعد خاکسار نے شعبہ کا لائحہ عمل پیش کیا۔ جس میں خصوصی طور پر معیاری وعدہ جات لینا اور فہرستیں مرتب کرنے کا طریقہ کار سمجھا گیا۔ پروگرام کی آخر پر محترم عقیل احمد صاحب (قائم مقام مشنری انچارج سیرالیون و مبلغ سلسلہ بو ریجن) نے تحریک وقفِ جدید کی اہمیت اور برکات کے موضوع پر خطاب کیا۔

اس کے بعد سیکرٹری وقفِ جدید فری ٹاون ریجن نے اپنے کچھ تجربات اور تبصرے پیش کیے۔ پروگرام میں تقاریر کے دوران سوالات کا موقع دیا گیا اور مقررین اور ہائی ٹیبل سے صدرِ مجلس اور مبلغین کرام نے سوالات کے جوابات دیے۔ پروگرام کے آخرپرتمام شرکاءسے حضور انور کی خدمت میں دعائیہ خطوط لکھوائے گئے۔ الحمدللہ پروگرام نہایت کامیاب رہا۔دعا کے بعد نماز ظہر ادا کی گئی اور شرکاء کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ کل حاضری 25 رہی۔

(رپورٹ: ذیشان محمود۔ مربی سلسلہ سیرالیون)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button