یورپ (رپورٹس)

جلسہ یوم مسیح موعود علیہ السلام۔ لوکل امارت میورفیلڈن والڈورف، جرمنی

اللہ تعالیٰ کے فضل سے لوکل امارت میورفیلڈن والڈورف کو 23؍مارچ 2022ء بروز بدھ جلسہ یوم مسیح موعودؑ منانے کی توفیق ملی۔ جلسے کا آغاز تلاوت ِقرآن کریم سے ہوا۔ مکرم مرزا عطاءالحلیم صاحب نے سورۃ الجمعہ کی پہلی چار آیات کی تلاوت کی اور اِن آیات کا جرمن ترجمہ بھی پیش کیا۔ متلو آیات کا اردو ترجمہ خاکسار نے پیش کیا۔ اس کے بعد مکرم سید بشارت احمد شاہ صاحب نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا پاکیزہ منظوم کلام بعنوان ’’محاسنِ قُرآن کریم‘‘ سے چند اشعار نہایت خوش الحانی کے ساتھ پیش کیے۔

جلسے کے پہلے مقرر مکرم طاہر محمود خان صاحب صدر حلقہ والڈورف ساؤتھ تھے۔ آپ نے حضرت مسیح موعودؑ کی تعلیمات کی روشنی میں ’’رزقِ حلال کی اہمیت‘‘ کے عنوان پہ بہت مؤثر رنگ میں تقریر کی جس میں اُنہوں نےقُرآنِ کریم کی آیات مبارکہ سے لوگوں کے سامنے دو اہم نکات پیش کیے۔ ایک یہ کہ رزقِ حلال سے کونسا رزق مراد ہے اور دوسرا کہ متقی کے لیے خُدا تعالیٰ نے رزق کا وعدہ کر رکھا ہے۔ اِس کے بعد اُنہوں نے سرور کائنات حضرت محمدِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی پاکیزہ سیرت بھی شاملینِ جلسہ کے سامنے پیش کی کہ رزقِ حلال کی خاطر آپؐ نے بکریاں تک چرائیں۔

بعد ازاں مکرم مرزا باسل احمد صاحب لوکل سیکرٹری تبلیغ نے جرمن زبان میں ایک تقریر بعنوان ’’سچے ہو کر جھوٹے کی طرح تذلّل کرو ‘‘ کی۔ اس کے بعد مکرم نفیس احمد عتیق صاحب مربی سلسلہ نے حاضرین سے پیشگوئیوں اور نشانات کی روشنی میں صداقت حضرت مسیح موعودؑ کے موضوع پر خطاب کیا۔ مکرم مربی صاحب نے قرآن و حدیث اور ائمہ سلف کے ارشادات کی روشنی میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی سچائی کی نشانیاں بیان کیں اور خود حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تحریرات میں مذکور سچائی کے نشانات کے ظہور کو بطور ثبوت پیش کیا۔

اس بابرکت جلسہ کے آخر میں مکرم مبشر احمد باجوہ صاحب لوکل امیرمیورفیلڈن والڈورف نے شاملین جلسہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اِختتامی کلمات کہے اور پھر مربی صاحب نے دعا کروائی۔

اس جلسہ کو کورونا کی احتیاطی تدابیر کو مدِنظررکھتے ہوئے مسجدسبحان میں رکھا گیا۔ علاوہ ازیں اس پروگرام کو براہ راست YouTube پر بھی دکھایا گیا۔ خدا کے فضل سے اس جلسہ میں 126 افراد کو مسجد میں شرکت کی توفیق ملی۔ علاوہ ازیں آن لائن شاملین کی تعداد 250 تھی۔ الحمدللہ۔ پروگرام کے آخر میں شاملین جلسہ کے لیے ریفریشمنٹ کا بھی انتظام تھا۔ الحمدللہ کہ یہ جلسہ بہت کامیاب رہا۔ دعاکی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمارے ایمان وایقان میں برکت دے اوراپنی زندگیاں نبی کریمﷺ کی مبارک زندگی کے مطابق گزارنے کی توفیق بخشے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلافت حقہ اسلامیہ احمدیہ کے ساتھ ہمیشہ وابستہ رکھے۔ آمین

(رپورٹ: نعمان یوسف ۔ شعبہ اشاعت جرمنی)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button