امریکہ (رپورٹس)

کینیڈا جلسہ یوم مسیح موعود علیہ السلام

(ناصر احمد وینس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کینیڈا)

23؍مارچ کو پورے کینیڈا میں یوم مسیح موعود نہایت جوش و خروش سے منا یا گیا۔ کینیڈا کی تمام مساجد اور بعض اہم نماز سنٹرز میں جلسہ ہائے یوم مسیح موعود منعقد ہوئےجن میںاحباب جماعت نے کووڈ19کی وبا کے پیش نظر، گورنمنٹ کی طرف سے جاری شدہ ہدایات کی روشنی میں جلسہ کے اجتماعات میں محدود یعنی مقرر شدہ تعداد میں شرکت کی۔

تاہم جلسہ ہائے یوم مسیح موعود (علیہ السلام) کی کارروائی کو آن لائن سننے کے بھی انتظامات کیے گئے تھے۔ چنانچہ اس طریق سے افراد جماعت کی کثیر تعداد، اپنے اپنے گھروں میں ان جلسوں کی جملہ کارروائی سے مستفید ہوئی۔

کینیڈا کے بڑے شہروں کی تمام احمدیہ مساجد میں ان جلسوں کا انعقاد ہوا جن میں وان، کیلگری، وینکوور، سسکاٹون، برامٹن سکاربرو، احمدیہ ابوڈ آف پیس وغیرہ کی مساجد اور نماز سنٹرز وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ تاہم کینیڈا کی سب سے بڑی جماعتوں کے گروپ ’’وان‘‘ کا جلسہ بیت الاسلام مسجد میں ہوا۔ مسجد میں محدود تعداد کے پیش نظر جلسہ کی کارروائی آن لائن بھی ٹیلیکاسٹ کی گئی۔ جس کی رپورٹ وان جماعت کے سیکرٹری اشاعت مکرم غلام احمد صاحب عابد کی وساطت سے ذیل میں پیش ہے۔

جماعت احمدیہ وان امارت کا آن لائن جلسہ یوم مسیح موعود مورخہ 23؍مارچ 2022ء بروز بدھ شام آٹھ بجے شروع ہوا۔ مکرم محمد زبیر منگلا صاحب لوکل امیر وان امارت نے تمام شاملین کو خوش آمدید کہنے کے بعد، مکرم عبدالرشید انور صاحب مشنری انچارج کینیڈا سے اس اجلاس کی صدارت کرنے کی درخواست کی۔ قرآن کریم کی سورہ آل عمران کی آیت 82 اور 83 کی تلاوت کرنے کی سعادت مکرم فراس چودھری صاحب حلقہ کلائن برگ کو ملی۔ ان آیات کا انگریزی ترجمہ مکرم رضا درد صاحب حلقہ وان ایسٹ اور اردو ترجمہ مکرم غلام محمد صدیقی صاحب وان نارتھ نے پڑھ کر سنایا۔

بعد ازاں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی نظم ’’محاسن قرآن کریم‘‘ سے چند اشعار مکرم محمد عبداللہ صاحب وان ساؤتھ نے نہایت خوش الحانی سے پڑھ کر سنائے۔ ان اشعار کا انگریزی ترجمہ مکرم ذیشان تیمور چودھری صاحب حلقہ وڈ برج نارتھ نے پڑھ کر سنایا۔ مکرم صدر صاحب جلسہ نے اس کے بعد دس شرائط بیعت اور ان کا انگریزی ترجمہ سنانے کے لیے علی الترتیب مکرم محمد صالح صاحب مربی سلسلہ وان اور مکرم آدم عابد الیگزنڈر صاحب لوکل مشنری وان کو دعوت دی۔

آج کے اجلاس کی پہلی تقریر مکرم مرزا محمد افضل صاحب نے کی۔ انہوں نے سورہ صف کی آیت نمبر10 کی تلاوت کی اور بتایا کہ ان آیات میں بیان کردہ مضمون کا تعلق امام مہدی کے وقت سے ہے۔ اس کے بعد آپ نے حضرت مسیح موعودؑ کے ذریعہ پیدا ہونے والے عظیم انقلاب کا تفصیلی ذکر کیا۔

اس کے بعد حلقہ کلائن برگ کے مکرم محمد رضوان احمد صاحب نے مالی قربانی کے بارے میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تحریرات سے اقتباسات اور ان کا انگریزی ترجمہ پڑھ کر سنایا ۔

اس جلسہ کی دوسری تقریر مکرم صادق احمد صاحب مربی سلسلہ احمدیہ وان نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی آمد کے مقصد پر کی۔ اس کے بعد مکرم ابرار مہار صاحب نے اعلانات پڑھ کر سنائے ۔

آخر میں مکرم عبدالرشید انور صاحب صدر جلسہ نے اپنے اختتامی خطاب میں بیا ن کیا کہ 23؍مارچ کا دن، اس لیے اہم ہے کہ آج کے دن حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اپنی آمد کے بارے میں اعلان فرمایا۔ اس طرح ہادیٔ کونین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی پیشگوئی پوری ہوئی۔ آپ نے اللہ تعالیٰ کی وحدانیت اوراسلام کی سچائی کو ثابت کیا اور بتایا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ اس مامور من اللہ کی جماعت میں شامل ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ ان کی تعلیمات پر عمل کرنے والے ہوں۔ آخر میں آپ نے دعا کروائی اور اس طرح یہ ایمان افروز جلسہ رات پونے دس بجے اپنے اختتام کو پہنچا۔ جلسہ ہذا میں شاملین کی تعداد 1250سے زائد تھی۔

(رپورٹ: ناصرا حمد وینس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button