ایشیا (رپورٹس)

جماعت کبابیر کے کی بعض تبلیغی سرگرمیاں

(شمس الدین مالاباری ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کبابیر)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے ماہ رمضان میں بہت سی ایسی تقاریب منعقد ہوئیں جن میں جماعتی نمائندگی ہوئی اور اس موقع سے فائدہ اٹھا کر اسلام احمدیت کے تعارف کا موقع ملا۔ بعض مذہبی تقاریب کے علاوہ میڈیا کے ذریعہ بھی امن وسلامتی اور رواداری کی خوبصورت تعلیم سے لوگوں کو آگاہ کرنے کے مواقع میسر آئے۔ الحمد للہ

٭…اسرائیل میں دروز مذہب والوں کے نزدیک طبریہ شہر کے قریب حطین میں واقع مقام النبی شعیب بہت اہم اور مقدس سمجھا جاتا ہے جہاں ایک سالانہ تقریب منعقد ہوتی ہے جس میں صدر مملکت سمیت دینی، سیاسی اور دیگر اہم شخصیات جمع ہوتے ہیں۔ اس موقع پر مکرم امیر صاحب کے ہمراہ خاکسار اور مکرم عماد الدین صاحب شامل ہوئے اور بہت سے معززین سے ملنے اور اسلام احمدیت کا تعارف کروانے کا موقع ملا۔ مکرم امیر صاحب کا اس موقع پر انٹرویو بھی ہوا۔

٭…سفیرقزاقستان کی آمد: مورخہ 28؍اپریل کو قزاقستان کے سفیر مکرم Satybaldy Burshakovصاحب کبابیر مشن تشریف لائے۔ مکرم امیر صاحب کی زیر قیادت سفیر موصوف کا استقبال کیا گیا۔ جماعتی تعارف اور علمی خدمات کا تذکرہ ہوا۔ مسجد میں خاکسار جب درس دے رہا تھا تو مکرم سفیر موصوف کچھ دیر درس سنتے رہے، اجتماعی دعا اور نماز مغرب میں ہمارے ساتھ شامل ہوئے۔ بعد ازاں انہوں نے ہمارے ساتھ دار الضیافت میں روزہ کھولا اور افطاری تناول کی۔

٭…رمضان کے مہینے میں ناصرت، شفا عمرو، یروشلم اور تل ابیب وغیرہ جیسے اہم شہروں میں متعدد تقاریب میں جماعت احمدیہ کو مدعو کیا گیا تھا۔ جہاں مکرم امیر صاحب، خاکسار، مکرم عماد الدین صاحب مصری مربی سلسلہ اور مکرم معاذ عمر صاحب جنرل سیکرٹری نے حسب حالات جماعتی نمائندگی کی۔

٭…مورخہ 10؍مئی کو مکرم محمد شریف عودہ صاحب امیر جماعت کبابیر کی زیر قیادت وزارت داخلیہ کی زیر اہتمام منعقد ہونے والے مذہبی لیڈروں کے سالانہ اجتماع میں جماعت کی نمائندگی ہوئی۔ اس بار کا جلسہ بہائیوں کے عالمی مرکز حیفا میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر ظلم وتشدد کو ختم کرنے کے بارہ میں مذہبی لیڈروں کے درمیان مذاکرہ ہوا۔ اور اس گفتگو کی رپورٹ اختتامی اجلاس میں پیش کی گئی۔ مکرم عماد الدین صاحب مصری مربی سلسلہ اور مکرم معاذ عمر صاحب مکرم امیر صاحب کے ساتھ شامل تھے۔

٭…ٹی وی پر انٹرویوز: 12؍اپریل 2022ء کو ’’مکان‘‘ چینل نے مکرم امیر صاحب کا آدھے گھنٹے پر مشتمل انٹرویو لیا جس میں جماعت کے تعارف اور عقائد کے بارے میں گفتگو ہوئی۔

٭…اسی روز مکرم امیر صاحب اور خاکسار (مشنری انچارج) کا ’’مساواة‘‘ چینل نے انٹرویو کیا۔ اس میں کبابیر میں رمضان المبارک کے دینی احمدی ماحول پر گفتگو ہوئی۔

٭…اسی طرح اسرائیل کے ایک مشہور ٹی وی چینل پر ملک کے موجودہ مسائل اور انتہا پسند رد عمل کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ چینل 14 نے مکرم امیر صاحب کے ساتھ ایک انٹرویو کیا جس میں فلسطین اور اسرائیل کے بارے میں بات ہوئی۔ امیر صاحب نے اسرائیلی پولیس کے مسجد اقصیٰ میں داخل ہونے اور مسجد کی بے حرمتی کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسجد امن وسکون کی جگہ ہے۔ یہودیوں کو بھی اور مسلمانوں کو بھی مسجد کے تقدس کی حفاظت کرنی چاہیے۔ اس انٹرویو کا لوگوں پر اچھا اثر رہا۔ بعض لوگوں نے مکرم امیر صاحب کی سیدھی اور دلیری کے ساتھ کی ہوئی اس گفتگو کو سراہا اور کہا کہ کاش مسلمان ان باتوں کو سمجھتے۔

٭…’’الجرمق مباشر‘‘ ایک Facebook Page ہے۔ اس کے ایک صحافی نے مسجد محمود کبابیر کی نماز تراویح کو Facebook Page کے ذریعہ لائیو نشر کیا۔ ویڈیو کو ایک ہزار چھ سو لوگوں نے دیکھا۔ مکرم عماد الدین المصری صاحب (مربی سلسلہ) نے نماز پڑھائی تھی۔

٭…شہر ناصرت میں ’’ابناء ابراہیم للسلام‘‘ نامی ایک صوفیانہ تنظیم ہے۔ مورخہ 26؍اپریل کو انہوں نے جماعتی نمائندے کو ایک تقریب میں بعض دیگر مذہبی شخصیات کے ساتھ دعوت دی۔ چنانچہ خاکسار مع مکرم عماد الدین صاحب وہاں گیا اور اس موقع پر خاکسار نے رمضان کے حوالے سے بنی نوع کے حقوق کی ادائیگی اور رواداری کے بارہ میں مختصر تقریر کی۔ سوشل میڈیا نے بھی خاکسار کے ساتھ انٹرویو کیا۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button