افریقہ (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ یوگنڈا کے آٹھویں سالانہ پیس سمپوزیم کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ یوگنڈا کو مورخہ 24؍اپریل 2022ء کو اپنا آٹھواں سالانہ پیس سمپوزیم منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

پروگرام کے روز جب مہمانوں کی آمد میں صرف ایک گھنٹہ باقی تھا تو اچانک موسلادھار بارش شروع ہوگئی اور بہت پھسلن ہوگئی۔ اس پر فطری طور پر منتظمین بہت پریشان ہوگئے کہ ایسے موسم میں یہ تقریب اب کیسے جاری رہے گی؟

چنانچہ ہم سب نے اللہ تعالیٰ کی خاص تائید کا نظارہ دیکھا کہ نہ صرف جلد بارش رُک گئی بلکہ موسم گرم ہوگیا جس سے زمین 30 منٹ کے اندر بروقت خشک ہو گئی اور پہلے مہمان کی آمد پر پھسلن والے کیچڑ کے کوئی آثار باقی نہیں تھے۔

امسال کا پیس سمپوزیم جس کا موضوع’’عالمی امن کے قیام کی بنیادی باتیں‘‘تھا، قرآن پاک کی تلاوت سے شروع ہوا جس کے بعد حضرت بانیٔ سلسلہ عالیہ احمدیہ کی ایک نظم پیش کی گئی۔

اس کے بعد جناب شیخ آدم حمید صاحب نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا جس میں انہوں نے امن پھیلانے میں اسلام احمدیت کا کردار پیش کیا۔

اس تقریب کی اہم تقریر جناب بٹے احمد کیرے صاحب نے کی۔ آپ نے اسلام کے پیش کردہ عالمی امن کے قیام کے بنیادی اصولوں کو خوبصورتی سے پیش کیا۔

امیر صاحب جماعت احمدیہ یوگنڈا محترم جناب محمد علی کائرے نے اپنی تقریر کے دوران اسلامی تعلیمات پر زور دیتے ہوئے بتایا کہ کس طرح تکبر، ناانصافی، مذہبی توہین، انانیت، خود غرضی اور گناہ وغیرہ نے معاشرے کے امن کو تباہ کر دیا ہے۔ نیز آپ نے یہ بھی تفصیل سے بتایا کہ کس طرح حضرت محمدﷺ نے امن کا قیام فرمایا۔ نیز خلفائے راشدین کے دور میں اور اب خلافت احمدیہ نے کس طرح اس کام کو جاری رکھا ہوا ہے۔

تقریب میں شامل ایک غیر از جماعت مسلمان عالم Najib Nsubuga صاحب نےکہاکہ میں خاص طور پر احمدیہ مسلم کمیونٹی کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ جب میں نے یہاں چاروں طرف دیکھا تو مشاہدہ کیا کہ یہاں پر 50 فیصد ورکنگ فورس جوانی کی عمر کی ہے۔ اس طرح جماعت احمدیہ میں نوجوانوں کی اچھی نمائندگی ہے اور یہ ہماری قوم کی ترقی اور قیام امن کے لیے ایک بہت اچھی علامت اور امید کی کرن ہے۔

Jawad Mbogo صاحب جو مشرقی اور وسطی افریقہ کے پہلے اسلامی عجائب گھر کے سربراہ ہیں نے کہا کہ میں احمدیہ مسلم کمیونٹی کا اس طرح کے پروگراموں پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ نیز اس بات پر بھی جماعت کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے یوگنڈا میں قرآن پاک کا ترجمہ سب سے پہلے کیا۔

مہمان خصوصی Madam Kilabo Agnes Nantongo صاحبہ جو پارلیمنٹ میں مرکزی خطے کے نوجوانوں کی نمائندہ ہیں نے اپنی تقریر میں کہا کہ حکومت کے لوگ آپ کی حمایت کی بہت تعریف کرتے ہیں۔ میں جماعت کے نوجوانوں کا اس طرح کی اہم سرگرمیوں میں حصہ ڈالنے پر شکریہ ادا کرتی ہوں۔

(رپورٹ: زکی احمد تمزادے۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button