افریقہ (رپورٹس)

ریجنل جلسہ سالانہ ساں پیدرو، آئیوری کوسٹ

(عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل آئیوری کوسٹ)

بفضل تعالیٰ امسال آئیوری کوسٹ کے تمام ریجنز میں ریجنل جلسہ جات کا سلسلہ کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ اس ضمن میں مورخہ 08مئی 2022ء کوساں پیدرو (San-Pédro) کو اپنا سالانہ ریجنل جلسہ، ساں پیدرو شہر میں مسجد بیت الرحیم میں بعنوان ’’خلافت ایک عظیم روحانی نعمت‘‘ منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ جلسہ کی تیاریوں کا آغاز ریجنل عاملہ نیز احباب جماعت سے مختلف مواقع پر میٹنگز کے بعد کردیا گیا تھا۔ جلسہ کے انتظامات کے لیے مکرم تراؤرے اسماعیل صاحب (Traoure Islamil)ناظم جلسہ کی نگرانی میں کمیٹی تیار کی گئی۔ خاکسار (ریجنل مبلغ ساں پیدرو) نیز معلم سلسلہ سومارو قاسم صاحب (Soumarou Kassoum) نے ریجن کی تمام جماعتوں کا دورہ کرکے احباب جماعت کو جلسہ میں آنے کی دعوت دی نیز جلسہ میں شمولیت کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔ ساں پیدرو ریجن کے علاوہ ریجن سساندرا (Sassandra) کے احباب جماعت بھی ریجنل مبلغ سلسلہ مکرم زالے محمد صاحب (Zalle Mouhammad) کی قیادت میں اس جلسہ میں شریک ہوئے۔

اس جلسہ کے لیے مہمانان کرام کی آمد کا سلسلہ بروز ہفتہ ہی شروع ہوگیا تھا۔ اسی روز مرکزی وفد امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب کی قیادت میں مقام جلسہ پہنچ گیا۔ نماز مغرب و عشاء کی باجماعت ادائیگی کے بعد شاملین جلسہ کو طعام پیش کیا گیا جس کے معاً بعد سوال وجواب کی نشست رکھی گئی جس میں شاملین جلسہ نے مکرم عبدالرزاق صاحب مبلغ سلسلہ آبوویل، مکرم زالے محمد صاحب مبلغ سلسلہ سساندرا، مکرم سینا کولیبالی صاحب معلم سلسلہ سینفرا شہر، نیز عبدالرحمان صاحب معلم سلسلہ آبی جان سے مختلف موضوعات پر سوالات کیے جن کے جواب انہیں دیے گئے۔

جلسہ کےدن کاباقاعدہ آغاز بروز اتوارنماز تہجد کے ساتھ کیا گیا مکرم عبدالرزاق صاحب نے نماز تہجد پڑھائی جس کے معاً بعد مکرم وترا عبدالرحمان صاحب معلم سلسلہ نےدرس دیا۔ بعد ازاں نماز فجر باجماعت ادا کی گئی۔ نماز کے بعد نیشنل صدران برائے انصار اللہ، لجنہ اماء اللہ نیز نمائندہ صدر خدام الاحمدیہ نے اپنی اپنی ذیلی تنظیموں کے افراد کےساتھ میٹنگ کی جس میں انہیں ان کے مفوضہ امورو ذمہ داریوں کے متعلق راہنمائی کی۔ مکرم امیر صاحب آئیوری کوسٹ نےصبح ساڑھے نو بجے جماعتی جگہ پر واقع ہیومینٹی فرسٹ (Humanity First) کے پرائمری سکول کےگراؤنڈ میں تقریب پرچم کشائی کے ساتھ جلسہ کا باقاعدہ آغاز کیا۔ جلسہ کے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم مع فرنچ ترجمہ سے ہوا جو مکرم کونے محمد صاحب(Kone Mamadou) ممبر جماعت جمبو نے کی۔ جس کے بعد ساں پیدرو شہر کے طفل عزیزم تراؤرے الحسن(Traore Alassane) نے قصیدہ پڑھا اور فرنچ ترجمہ پیش کیا۔ جس کے بعد خاکسار (مربی سلسلہ) نے مقامی روایات کے مطابق مہمانان کرام کو خوش آمدید کہا۔ جلسہ کی سب سے پہلی تقریر مکرم زالے محمد صاحب مبلغ سلسلہ سساندرا نے بعنوان ’’خلافت، ایک روحانی نعمت‘‘ کی۔ دوسری تقریر مکرم سینا کولیبالی صاحب معلم سلسلہ سینفرا نے بعنوان ’’عالمی بحران اور امن کا راستہ اسلام‘‘ کی۔ اس کے بعد مکرم سومارو قاسم صاحب معلم سلسلہ ساں پیدرو نے ’’پانچ ارکان اسلام نیز تعارفِ احمدیت‘‘ کے عنوان پر تقریر کی۔ ان تقاریرکے بعد ذیلی تنظیموں کے نیشنل صدران و نمائندگان نے حاضرین جلسہ سے خطاب کیا اور ذیلی تنظیموں کا مختصر خاکہ پیش کیا۔ جس کے بعد ہیومینٹی فرسٹ آئیوری کوسٹ کے چیئرمین یحییٰ وترا صاحب (Ouattara yaya)نے خطاب کیا اور آئیوری کوسٹ میں ہیومینٹی فرسٹ کی خدمت انسانیت کے کاموں پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں کوفکرا سے آئے عیسائی پاسٹر صاحب نے بھی اظہار خیال کیا۔ ان مختصر تقاریر کے بعد جلسہ کی اختتامی تقریر مکر م عبدالقیوم پاشا صاحب امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ نے جلسہ کے موضوع کی مناسبت سے بعنوان ’’نظام خلافت اور اسلام میں مصلحین کی آمد‘‘ کی اور دعا کے بعد نماز ظہر و عصر جمع کر کے ادا کی گئی جس کے بعد حاضرین جلسہ کی تواضع کھانے سے کی گئیں اور ریجنل جلسہ ساں پیدرو کا باقاعدہ اختتام ہوا۔

جلسہ ڈیوٹیز کی انجام دہی کے لیے تمام مجالس سے آئے خدام میں سے بعض خدام بھی مقرر کیے گئے۔ جلسہ کی کل حاضری 320 رہی جس میں ریجن کی 10 جماعتوں نے شرکت کی۔ مرکزی وفد میں مکرم امیر صاحب کے ساتھ کل 18 افراد نے شرکت کی جبکہ ریجن سینفرا و ایسیا کے ریجنل مبلغین سلسلہ بھی جلسہ میں شامل ہوئے۔ سساندرا ریجن کا جلسہ امسال چونکہ نہ ہو سکا اس لیے ریجن سساندرا کے احباب جماعت نے بھی جلسہ میں شرکت کی۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ جلسہ کے دوررس اثرات مرتب فرمائے نیز شاملین جلسہ کو حقیقی رنگ میں جلسہ کی برکات سے فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے۔اورکارکنان جلسہ کو بھی احسن رنگ میں اجرعظیم عطا فرمائے۔آمین

(رپورٹ: عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button