افریقہ (رپورٹس)

رمضان المبارک اور جماعت احمدیہ گنی بساؤ کی مساعی

(محمد احسن میمن۔ مبلغ انچارج جماعت احمدیہ گنی بساؤ)

رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ ہر سال بے پناہ رحمتیں اور برکتیں لے کر آتا ہے اور ان برکات کو سمیٹنے کی کوشش ہر مومن کرتا ہے۔ رمضان المبارک کا مہینہ انسانوں میں پاک تبدیلیاں پیدا کرنے کا باعث بنتا ہے اور ہر کسی کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ جس قدر ہوسکے رمضان کی برکات کو اپنے اندر سمیٹ لے۔

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اس سال بھی جماعت احمدیہ گنی بساو انفرادی اور اجتماعی طور پر اس بابرکت ماہ کی برکات کو سمیٹنے کے لیے کوشاں رہی۔ الحمدللہ

ماہ رمضان میں ملک بھر کی تمام جماعتوں میں روزانہ کی بنیاد پر نماز فجر کے بعد درس قرآن مجید کا خاص طور پر اہتمام کیا گیا جس میں روزہ کی اہمیت وافادیت کو بیان کیاگیا۔ ملک بھر کی تمام جماعتوں میں روزانہ کم ازکم ایک پارہ کی تلاوت کو یقینی بنایا گیا۔ اس طرح اللہ کے فضل سے ملک بھر کی ہر جماعت میں ایک بار قرآن مجید مکمل کیا گیا۔

رمضان المبارک میں نماز عصر کی ادائیگی کے بعد درس حدیث کو بھی یقینی بنایا گیا تاکہ حدیث وسنت کی روشنی میں احباب جماعت اپنی عبادات کو بجا لا سکیں اور رمضان المبارک کی مناسبت سے سوالات کے جوابات کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ رمضان المبارک کے بابرکت مہینہ میں پنج وقتہ نمازوں کے علاوہ باجماعت نماز تراویح اور انفرادی نماز تہجد کا بھی اہتمام کیا گیا۔ رمضان کریم سے قبل رمضان کیلنڈرز بھی تیار کیے گئے جوکہ ملک بھر میں تقسیم کیے گئے۔ اللہ تعالیٰ کے خاص فضل وکرم سے اور پیارے حضور کی دعاؤں کی برکات سے 14 ریڈیو پروگرام رمضان المبارک کی اہمیت و برکات پر کیے گئے جن کے ذریعے سے آٹھ لاکھ سے زائد لوگ مستفید ہوئے۔

ماہ رمضان میں جہاں اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے عبادات بجا لائی گئیں وہیں انسانیت کی خدمت کرنے کی توفیق بھی اللہ تعالیٰ نے جماعت احمدیہ گنی بساؤکو عطافرمائی۔ جیساکہ ہیومینٹی فرسٹ اور IAAAEکی تنظیمیں خدمت انسانیت کے لیے ہمیشہ کوشاں اور تیار رہتی ہیں، ماہ رمضان میں خدمت انسانیت کی اس کوشش میں بھی دونوں تنظیموں نے اپنا بھر پور کردار ادا کیا اور اس طرح جماعت احمدیہ گنی بساؤ قریباً 10 ہزار کلو چاول، 2800کلو چینی، 940 لیٹر کوکنگ آئل بطور راشن ملک بھرکے مختلف علاقوں میں مستحقین میں تقسیم کیا گیا۔ الحمدللہ

اللہ تعالیٰ ہم سب کو احسن رنگ میں حقوق اللہ اور حقوق العباد ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور رمضان المبارک میں کی گئی تمام عبادات اور قربانیوں کو قبول فرمائے۔ آمین یارب العالمین۔

(رپورٹ : محمد احسن میمن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button