افریقہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ کینیا کی بیالیسویں مجلس شوریٰ کا کامیاب انعقاد

(محمد افضل ظفر۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کینیا)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ کینیا کو اپنی بیالیسویں مجلس شوریٰ مورخہ 28 و 29 مئی 2022ء بروز ہفتہ و اتوار احمدیہ ہال مشن ہاؤس نیروبی میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ شوریٰ کی تمام کارروائی امیر و مشنری انچارج کینیا مولانا طارق محمود ظفر صاحب کی زیر صدارت عمل میں آئی۔ شوریٰ کا افتتاحی اجلاس بروز ہفتہ تین بجے سہ پہر تلاوت کلام پاک سے شروع ہوا جس کے بعد مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی بعدہ آپ نے افتتاحی تقریر کی جس میں شوریٰ سے متعلق سیدنا حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات پڑھ کر سنائے اور تمام ممبران شوریٰ کو ان پر عمل کرنے کی تلقین کی۔ اس کے بعد مکرم سیکرٹری صاحب شوریٰ نے وہ تجاویز پڑھ کر سنائیں جو امسال شوریٰ میں پیش کرنے کے لیے منظور کی گئی تھیں جس کے بعد ان تجاویز سے متعلق سب کمیٹیوں کی تشکیل کی گئی اور ان کے لیے اجلاسات کے مقامات اور اوقات کا اعلان کیا گیا۔ اس سال تبلیغ، تربیت اور مال سے متعلق کل تین تجاویز ایجنڈا میں شامل تھیں۔ پھرنماز مغرب و عشاء کے بعد کھانا پیش کیا گیا جس کے بعد مکرم امیر صاحب کی صدارت میں مبلغین سلسلہ کی میٹنگ ہوئی۔

دوسرے دن کی کارروائی کا آغازنماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد درس قرآن و حدیث ہوا۔ ناشتہ کے بعد ٹھیک نو بجے صبح شوریٰ کے دوسرے اجلاس کی کارروائی تلاوت قرآن پاک سے شروع ہوئی جس کے بعد محترم امیر صاحب نے دعا کروائی۔ پھر مکرم سیکرٹری صاحب شوریٰ نے مختلف جماعتوں سے موصول ہونے والی وہ تمام تجا ویز پڑھ کر سنائیں جو بوجوہ ایجنڈا میں شامل نہ کی جا سکیں۔ پھر سابقہ مجلس شوریٰ کے ایجنڈے میں شامل تجاویز پر عملدرآمد سے متعلق متعلقہ سیکرٹریان نے اپنی اپنی رپورٹس پیش کیں۔ اس کے بعد امسال ایجنڈا میں شامل تجاویز سے متعلق سب کمیٹیوں کے سیکرٹری صاحبان نے سب کمیٹیوں کی تجاویز پیش کیں جن پر نمائندگان شوریٰ نے اپنی اپنی آراء کا اظہار کیا جس کے بعد ان پر ووٹنگ ہوئی۔آخر میں مکرم نیشنل سیکرٹری مال صاحب نے سال 2022۔2023ء کا آمد و خرچ کا بجٹ پیش کیا جس پر بحث و تمحیص کے بعد اسے منظور کیا گیا۔ اس سال مجلس شوریٰ پر آئندہ تین سال (2022ء تا 2025ء) کے لیے نیشنل مجلس عاملہ کے ممبران کا انتخاب بھی ہوا۔ انتخاب سے پہلے مکرم امیر صاحب نے عہدیداران سے متعلق حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کے بعض ارشادات و ہدایات پڑھ کر سنائیں۔

مجلس شوریٰ کے اختتام پر امیر صاحب نے ممبران شوریٰ سے مختصر خطاب کیا جس میں تمام اراکین شوریٰ کو اپنی اپنی جماعت میں شوریٰ میں پیش کردہ تجاویز پر عملدرآمد کرانے کی تاکید کی اور دعا کروائی جس کے بعد یہ اجلاس بخیروعافیت اختتام پذیر ہوا۔ الحمدللہ

(رپورٹ: محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل )

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button