نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازِ جنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد صاحب جاوید پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 23؍مئی 2022ء بروز سوموار 12بجے دوپہر اسلام آباد(ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرم ناصر محمود خان صاحب ابن مکرم لطیف احمد خان صاحب (نیوہیم۔ یوکے) کی نماز جنازہ حاضر اور03مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

مکرم ناصر محمود خان صاحب ابن مکرم لطیف احمد خان صاحب (نیوہیم۔ یوکے)

18؍مئی 2022ء کو 71 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت منشی دیانت خان صاحبؓ (آف کانگڑا) صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پوتے تھے۔ مرحوم 1994ء میں پاکستان ہائی کمیشن میں تقرری کے بعد یوکے آئے اور نیوہیم میں رہائش اختیار کی اورسیکرٹری مال کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم کو تبلیغ کابہت شوق تھا۔ سٹالز لگانے اور دیگر تبلیغی سرگر میوں میں بھر پور حصہ لیتے تھے۔ کووڈ کے دنوں میں احباب جماعت کو گھر گھر جاکر ادویات پہنچانے کا کام بھی کرتے رہے۔ مرحوم دُعا گو، صوم وصلوٰۃ کے پابند، تہجد گذار، ملنسار، ہمدرد اور نیک دل انسان تھے۔ مہمان نوازی اور خدمت خلق کا بہت شوق تھا۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹی اور تین بیٹے شامل ہیں۔ آپ مکرم طاہر محمود خان صاحب (مربی سلسلہ) کے بھائی اور مکرم ظہیر احمد خان صاحب (مربی سلسلہ شعبہ ریکاڈ دفتر پی ایس یوکے) کے بہنوئی اور چچا زاد بھائی تھے۔

نماز جنازہ غائب

-1مکرمہ امۃ الباسط صاحبہ اہلیہ مقصود علی شاہ صاحب (ربوہ)

6؍مئی 2022ء کو 60سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ ایک ریٹائرڈ گورنمنٹ ٹیچر تھیں۔ مرحومہ کی زندگی بہت تکلیفوں اور پریشانیوں میں گزری مگر بڑے صبر وہمت سے تمام حالات کا مقابلہ کرتی رہیں۔ مرحومہ صوم و صلوٰۃ کی پابند،دُعا گو، ہر کسی کا خیال رکھنے والی، بُہت ملنساراور خلافت کے ساتھ اخلاص و وفا کا گہرا تعلق رکھنے والی ایک نیک دل خاتون تھیں۔ روزانہ تلاوت کو اپنی زندگی کا حصہ بنایا۔ اپنے تمام چندے باقاعدگی سے بروقت ادا کیا کرتی تھیں۔ محلہ کے بچوں کو قرآن کریم بھی پڑھاتی رہیں۔ درِ ثمین کی بہت سی نظمیں یاد تھیں اور حمد و ثنا کے اشعار اکثر پڑھتی رہتی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔آپ مکرم عابد علی صاحب (مربی سلسلہ) کی والدہ تھیں۔مرحومہ کے ایک بھانجے مرزا اطہر بیگ صاحب اس وقت دفتر پرائیویٹ سیکرٹری یوکے میں بطور واقف زندگی خدمت کی توفیق پا رہے ہیں۔

-2مکرم ملک محمد فہیم صاحب ابن مکرم ملک محمد مستقیم صاحب(ماڈل ٹاؤن ۔لاہور)

20؍ نومبر 2021ء کو81سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم کے دادا حضرت ڈاکٹر ابراہیم صاحب رضی اللہ عنہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی تھے۔ 2006ء میں آپ نے ’’سوانح محمدﷺ‘‘ کے عنوان سے ایک کتاب تصنیف کی۔ 28؍مئی 2010ء کے سانحہ میں آپ مسجد ماڈل ٹاؤن میں پہلی صف میں موجود تھے اور ایک دہشت گرد کو زندہ پکڑنے میں مدد بھی کی۔ خلافت سے والہانہ محبت تھی۔ پنجوقتہ نمازوں کے علاوہ تہجد باقاعدہ ادا کرتے اور بلاناغہ نماز فجر کے لیے سائیکل پر بیت النور آتے تھے۔ مرحوم موصی تھے۔

-3مکرم بشیر احمد صاحب ابن مکرم خوشی محمد صاحب (منڈی بہاؤالدین)

28؍جنوری 2022ء کو 85سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نے مقامی جماعت میں نائب صدر، سیکرٹری تحریک جدید، سیکرٹری رشتہ ناطہ اور قائمقام صدر کے علاوہ تنظیمی سطح پر بھی خدمت کی توفیق پائی۔ پنجوقتہ نمازوں کے پابند، تہجدگزار، دعا گو، ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔ مرحوم اللہ کے فضل سے موصی تھے۔

٭…٭…٭

مکرم منیر احمد صاحب جاوید پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 25؍مئی 2022ء بروز بدھ 12بجے دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرم نصیر احمد منیر صاحب (ایپسم۔یوکے) کی نماز جنازہ حاضر اور 02مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

مکرم نصیر احمد منیر صاحب (ایپسم۔یوکے)

8؍مئی 2022ء کو 81 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم قلعہ کالروالا میں پیدا ہوئے۔ آپ کے دادا حضرت عطاءاللہ صاحب رضی اللہ عنہ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ہاتھ پر بیعت کی تووالدین نے گھر اور جائیداد سے بے دخل کر دیا لیکن آپ نے بہت ثابت قدمی کا ثبوت دیا۔ بعد ازاں سارے گھر والے طاعون کی وبا کا شکار ہوئےاور حضرت عطاءاللہ صاحبؓ کو جس جائیداد سے بے دخل کیا گیا تھا ان کو واپس مل گئی۔ مکرم نصیر احمد منیر صاحب مرحوم نے بی اے پاس کرنے کے بعد گرداور کا پیشہ اختیار کیا ۔ احمدی ہونے کی وجہ سے آئے دن ان کو جھوٹے مقدمات اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اس کے باوجود انہوں نے کبھی سچائی کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا اور ایمانداری سے اپنے فرائض سرانجام دیتے رہے۔ آپ جماعت کے فعال رکن تھے اور پنجگانہ نمازوں اور چندوں کی ادائیگی میں با قاعدہ تھے ۔ دو سال قبل سیالکوٹ میں احمدیہ قبرستان کے لیے اضافی زمین خریدی گئی ۔اس زمین تک جانے کے لیے راستہ نہیں تھا۔تحریک لبیک والوں کواس کا علم ہوا تو انہوں نے ہجوم اکٹھا کیا اور دھمکیاں دیں۔ اس پر مرحوم نے جن کا بطور گرداور زمینوں کے معاملات کا وسیع تجربہ تھا، بہت عقلمندی اور دلیری سے اس مسئلہ کوحل کیا۔ ایک سال قبل اپنے بیٹے کے پاس لندن شفٹ ہوئے تھے ۔ مرحوم غرباءکی مدد کرنے والے اور رشتہ داروں سے حسن سلوک کرنے والے ایک نیک بزرگ انسان تھے ۔ آپ نےاہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور ایک بیٹی سوگوار چھوڑے ہیں ۔

نماز جنازہ غائب

-1مکرم محمد امین منیر صاحب ابن مکرم ڈاکٹر محمد زبیر صاحب(راولپنڈی کینٹ)

13؍جنوری 2022ء کو88سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نے 1949ء میں جلسہ سالانہ ربوہ کے موقع پر حضرت خلیفۃ المسیح الثانی ؓکے ہاتھ پر 16 سال کی عمر میں بیعت کی سعادت حاصل کی ۔مرحوم کو تقریباً 14 سال صدر جماعت پارہ چنار کے طورپر خدمت کی توفیق ملی ۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند، تہجد گزار، سادہ مزاج اور ایک شریف النفس انسان تھے۔خلافت کے ساتھ انتہائی وفا کا تعلق تھا۔ خطبہ جمعہ سننے کا خاص اہتمام کیا کرتے تھے۔چندوں میں باقاعدہ تھے اور اپنے تمام مرحوم رشتہ داروں کی طرف سے بھی تحریک جدید اور وقف جدید کے چندے باقاعدگی سے ادا کیا کرتے تھے ۔

-2مکر مہ مقصودہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم بشیر احمد بلال صاحب مرحوم(ربوہ)

6؍ مئی 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے والد مکرم دین محمد صاحب نے حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ عنہ کے ہاتھ پر 1942ء میں بیعت کی سعادت پائی۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند ، تہجد گزار، صابرہ وشاکرہ ، ایک مخلص اور ہر دلعزیز نیک خاتون تھیں۔ خلافت سے گہرا عقیدت کا تعلق تھا ۔پسماندگان میں سات بیٹے اور متعدد پوتے پوتیاں شامل ہیں۔آپ کے ایک بیٹے مکرم محمد احسان بشیر صاحب( مربی سلسلہ) ہیں ۔

٭…٭…٭

مکرم منیر احمد صاحب جاوید پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 26؍مئی 2022ء بروز جمعرات 12بجے دوپہر اسلام آباد(ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرم مقصود احمد طاہر صاحب (مچم۔یوکے)، مکرم محمد اسلم صاحب ابن مکرم محمد شفیع صاحب (بیت الفتوح۔ یوکے) اور مکرمہ امۃ القیوم صاحبہ اہلیہ مکرم منصور احمد خان صاحب (Hayes۔ یوکے) کی نماز جنازہ حاضر اور 06مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

-1مکرم مقصود احمدطاہرصاحب(مچم۔یوکے)

17؍مئی2022ء کو61سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم کا تعلق ربوہ سے تھا۔ 1985ء میں یوکے تشریف لائے۔ مرحوم صدقہ و خیرات کرنے والے، منکسرالمزاج اورایک غریب پرور انسان تھے۔ جماعت کے لیے بڑی غیرت رکھتے تھے اور اپنے غیر احمدی حلقوں میں دلیری سے جماعت کا پیغام پہنچاتے تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دوبیٹے اور دوبیٹیاں شامل ہیں ۔ مرحوم کے ایک بھائی مکرم منصور احمد زاہد صاحب مربی سلسلہ ساؤتھ افریقہ میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

-2مکرم محمد اسلم صاحب ابن مکرم محمد شفیع صاحب (بیت الفتوح۔یوکے)

20؍مئی2022ء کو 75 سال کی عمر میں مختصر علالت کے بعد وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کا تعلق چک نمبر 33 جنوبی ضلع سرگودھا سے تھا۔آپ کے دادا اپنی جماعت کے پہلے احمدی تھے۔مرحوم اللہ تعالیٰ کے فضل سے انتہائی نیک ،تہجد گذار، صوم وصلوٰۃ کے پابند، قُر آن کریم کی باقاعدہ تلاوت کر نے والے، خوش گفتاراور خلافت کےساتھ اخلاص و وفا کا تعلق رکھنے والے ایک ہر دلعزیز انسان تھے۔اپنے چندوں کی ادائیگی کا بہت خیال رکھتے تھے۔ پسماندگان میں دو بیٹیاں اور نواسے نواسیاں شامل ہیں۔مرحوم مکرم مبشر احمد صاحب شہید( مربی سلسلہ نائجیریا )کے چچا زاد بھائی تھے۔

-3مکرمہ امۃ القیوم صاحبہ اہلیہ مکرم منصور احمد خان صاحب( Hayes۔یوکے)

23مئی2022ء کو77سال کی عمر میں وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے باڈی گارڈ مکرم قدم خان صاحب (آف خوست افغانستان ) کی بیٹی تھیں۔مرحومہ صوم و صلوٰۃ کی پابند، صدقہ و خیرات کرنے والی ایک نیک خاتون تھیں۔ مالی قربانی میں بھی پیش پیش رہتی تھیں۔ پسماندگان میں تین بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ ان کے ایک بیٹے مکرم عمر خان صاحب نے بطور ناظم اعلیٰ مجلس انصار اللہ ناصر ریجن خدمت کی توفیق پائی ۔اسی طرح دوسرے بیٹے مکرم بلال خان صاحب Hayes جماعت کےجنرل سیکرٹری اور سیکرٹری زراعت کے طور پر خدمت کی توفیق پا رہے ہیں۔

نماز جنازہ غائب

-1 مکرم چودھری انیس احمد صاحب (یو ایس اے )

5؍مئی 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم حضرت تاج دین صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے نواسے تھے ۔مرحوم نے لمبا عرصہ صدر جماعت شاہ تاج شوگر ملز منڈی بہاؤالدین کے علاوہ امیر ضلع منڈی بہاؤالدین کے طور پربھی خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم پنجوقتہ نمازوں کے پابند، تہجد گزار،باقاعدگی سے قرآن کریم کی تلاوت کرنے والے ، نیک ، مخلص اور ایک نفع رساں وجود تھے۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتب کے علاوہ تمام جماعتی کتب ورسائل کا باقاعدگی سے گہرا مطالعہ کیا کرتے تھے ۔ خلافت کے ساتھ عشق کی حدتک پیار تھا۔ بچوں کو بھی خلافت کے ساتھ گہری وابستگی کی تلقین کیا کرتے تھے ۔ اپنے نوجوان رشتہ داروں اور ربوہ اور گاؤں کے فارغ نوجوانوں کو بہتر ملازمت دلوانے کے لیے ہمیشہ کوشاں رہتے تھے۔مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور دو بیٹیاں شامل ہیں ۔آپ کےسب بچے مختلف رنگ میں جماعتی خدمت کی توفیق پارہے ہیں ۔

-2مکرمہ ناصرہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم محمد اسلم طاہر صاحب (رچنا ٹاؤن ۔لاہور)

10؍جنوری2022ء کو82سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ کے والد مکرم شیر محمد صاحب نے 1928ء میں حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ عنہ کے ہاتھ پر بیعت کی سعادت پائی ۔ حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ نے آپ کے والد کا نام شیر محمد سے اسدا للہ ظفر رکھا۔ آپ معلم اصلاح وارشاد تھے۔مرحومہ نہایت مخلص اور دیندار خاتون تھیں۔ آپ کے ایک پوتے مربی سلسلہ اور دو پوتے جامعہ احمدیہ میں زیر تعلیم ہیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔

-3 مکرم جمیل احمد صاحب راجپوت ابن مکرم رشید احمد صاحب راجپوت (کراچی)

11؍ اکتوبر 2021ء کو71سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نے صدر جماعت ٹنڈوالہ یار ضلع حیدر آباد کے علاوہ گلشن جامی کراچی میں سیکرٹری وقف جدید اور سیکرٹری نومبائعین کے طور پر خدمت کی توفیق پائی ۔ نمازوں کے پابند ایک نیک اور خاموش طبع انسان تھے۔مرحوم موصی تھے۔

-4 مکرم محمد امین صاحب ابن مکرم محمد ابراہیم صاحب (خانہ میانوالی ضلع نارووال)

18؍فروری 2022ء کو 84سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم اچھی طبیعت کے مالک ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔مقامی سطح پر سیکرٹری مال اور زعیم انصار اللہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی ۔

-5 مکرم احمد رانجھا صاحب ابن مکرم رحمٰن رانجھا صاحب (سرگودھا)

3؍ فروری 2022ء کو85سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نے9 سال صدر جماعت نصیر پور خورد کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔1974ء میں غیر احمدی ہونے کے باوجود مخالفین کو احمدیوں پر تشدد کرنے اور گھروں کو جلانے سے روکا۔ 1980ء میں احمدیت قبول کی ۔ رشتہ داروں نے بہت کوشش کی کہ آپ احمدیت چھوڑ دیں لیکن آپ عہد بیعت پرثابت قدمی سے قائم رہے ۔ اپنے گاؤں میں ابتدائی طور پر غیر احمدیوں کے ساتھ مل کر نماز ادا کیا کرتے تھے۔لیکن جب مخالفت زیادہ ہوگئی تو نئی مسجد کی تعمیر میں کلید ی کردار ادا کیا۔مرحوم بہت بہادر اور نڈر انسان تھے۔ناخواندہ ہونے کے باوجود غیر احمدی مولویوں سے بحث مباحثہ اور مناظرہ بھی کیا کرتے تھے۔

-6 مکرم نعیم احمد ملک صاحب ابن مکرم ملک عزیز احمد صاحب (مسی ساگا ۔کینیڈا)

27؍ مارچ 2022ء کو57سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم پنجگانہ نمازوں کے پابند ،خلافت کے ساتھ نہایت اخلاص ووفا کا تعلق رکھنے والے ایک نیک انسان تھے۔جماعتی پروگراموں میں باقاعدگی سے شرکت کرتے تھے۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button