یورپ (رپورٹس)

جلسہ یومِ خلافت جماعت احمدیہ برطانیہ

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ برطانیہ کو مورخہ 27؍مئی 2022ء کو مسجد بیت الفتوح میں جلسہ یومِ خلافت کے انعقاد کی توفیق ملی۔ اس جلسے کی غرض یہی تھی کہ اللہ کی اس نعمتِ عظمٰی سے وفا کے عہد کو دہرایا جائے اور اس کی اہمیت کو جماعت کے دلوں میں بٹھایا جائے۔ اس جلسہ کی مختصر رپورٹ پیش ہے۔

پروگرام کا آغاز شام ساڑھے سات بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم Monsur Abiola صاحب نے آیتِ استخلاف کی تلاوت کی اور ان آیات کا انگریزی ترجمہ Jorden Parker صاحب نے پڑھ کر سنايا۔ اس کے بعد خلافت کے موضوع پر جامعہ احمدیہ برطانیہ کے طلبانے ایک ترانہ پیش کیا۔ بعد ازاں حمزہ الیاس صاحب نے خلافت کی برکات پر انگریزی زبان میں تقریر کی جس میں انہوں اپنے کچھ ذاتی واقعات کا ذکر کیا جو حضور انور کی دعا کے طفیل انجام بخیر ٹھہرے۔ اس کے بعد خلافت کے موضوع پر ایک ویڈیو presentation دکھائی گئی جس میں خلفائے احمدیت کے ادوار میں ہونے والے اہم کاموں پر روشنی ڈالی گئی۔ اس پریزنٹیشن کے بعد مکرم منیرالدین شمس صاحب نے ’’خلیفہ خدا بناتا ہے‘‘ کے عنوان پر تقریر کی جس میں آپ نے حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے اللہ تعالیٰ کی خاص تائید و نصرت کے واقعات کا ذکر کیا۔ اس کے بعد مکرم اعصام احمد صاحب نے خلافت کے موضوع پر نظم پیش کی۔

بعدازاں امیر صاحب جماعت احمدیہ برطانیہ نے جماعت سے خطاب کیا۔ امیرصا حب نے اولاً اس بات کا ذکر کیا کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس covid وبا کے بعد اب ہمیں ان جلسوں کے انعقادکی توفيق مل رہی ہے اور خاص طور پر ہمارے بچوں اور جوان نسل کا ان جلسوں میں شامل ہونا قابل دید اور خوشی کا باعث ہے۔ اس کے بعد امیر صاحب نے خلافت کے موضوع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جہاں خلافت کی قادیان سے ہجرت اللہ تعالیٰ کے منشاء کے تحت ہوئی اسی طرح خلافت کی یوکے ہجرت بھی اللہ تعالیٰ ہی کے منشاء اور ارادے کے تحت وقوع پذیر ہوئی۔ جہاں ایک ملک نے خدا تعالیٰ کی اس نعمت کی قدر نہیں کی وہیں آج ساری دنیا کے حکمران اور سیاستدان حضور انور سے اپنے معاملات کو ڈسکس کرتے ہیں اور آپ کی رائے کو اپنے لیے بہت اہم جانتے ہیں۔ اسی طرح مغرب میں خلافت کی برکت سے ہی اسلام کا اصل پیغام پھیل رہا ہے کہ مغربی حکمران یہ بات کہتے ہیں کہ اگر یہی اسلام ہے تو ہمیں اس سے کوئی اعتراض نہیں۔

الغرض جماعت کی ہر ترقی کا راز خلافت احمدیہ ہے۔ اس کے بعد امیر صاحب نے جماعت کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف بھی توجہ دلائی اور خاص طور پر ہمارے اخلاق و اطور نیز ہماری آمدن کے ذرائع ان سب میں ہمارا نمونہ ہونا ضروری ہے۔

اس کے بعد بیت الفتوح کے ایک حصے کی تعمیر نو کے متعلق افراد جماعت کو اپڈیٹ دی گئی اور تصاویر دکھائی گئیں۔ اس کے ساتھ جلسہ یوم خلافت کا اختتام ہوا۔ الحمدلله

الله تعالیٰ کے فضل سے بیت الفتوح میں 700 خواتین اور 500 مرد حضرات نے اس با برکت جلسے میں شمولیت اختیار کی۔ اس کے علاوہ یوٹیوب کے ذریعہ دو سٹریمز لائیو چلائی گئی تھیں جن میں ایک انگریزی سٹریم تھی۔ ان دونوں سٹریمز پر کل 9290ویوز ہیں۔

(رپورٹ: راحیل احمد۔ مربی سلسلہ یوکے)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button