افریقہ (رپورٹس)

بینن میں جماعت کی ایک خوبصورت مسجد کا افتتاح

(منتظر احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بینن)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 12جون 2022ء بروز اتوار بینن کے Nikkiریجن کی جماعت Gnel-Wahilbeکی مسجد کی افتتاحی تقریب ہوئی جس میں محترم قائمقام امیر بینن میاں قمر احمدصاحب نے اپنے3رکنی وفد کے ساتھ شرکت کی۔

اس تقریب میں اللہ کے فضل سے 400کے قریب افراد شامل ہوئے جن میں نومبائعین، روایتی بادشاہ ،غیراحمدی امام اور دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے معززین شامل تھے۔ سب نے جماعت احمدیہ کی خدمات کو سراہا۔

یہ گاؤں 2018ء میں مکرم آدم ناصر مبلغ سلسلہ ریجن Nikkiاور مکرم تابے قاسم صاحب لوکل مشنری کی تبلیغ سے احمدیت کی آغوش میں آیا۔ اس گاؤں کے لوگ فلانی قبیلے سے تعلق رکھتے ہیں یہ سادہ لوح احمدی ہیں جو گائے بھیڑ بکریاں پالتے ہیں اور اپنی بودوباش دور دراز جنگلوں میں رکھنا پسند کرتے ہیں۔

اس مسجد کا سنگ بنیاد رمضان کے بابرکت مہینے میں اپریل 2022ء میں دعا سے رکھا گیا جس کی تعمیر میں احمدی خواتین بچوں بڑوں، سب نے بڑھ چڑھ کروقار عمل کیا۔
دوبڑے سبز میناروں پر مشتمل اس خوبصورت مسجد کی لمبا ئی 10میٹر اور چوڑائی 8میٹر ہے جس کے اندر کلمہ طیبہ کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے نام نہایت ہی خوبصورتی کے ساتھ کیلیگرافی کی صورت میں لکھے گئے ہیں۔ اس کے دوحصے ہیں ایک مردوں اور دوسرا عورتوں کے لیے مخصوص ہےاور اس کے ساتھ ساتھ امام کے لیے محراب بھی ہے۔ مسجد کی 6کھڑکیاں ہیں۔ باہر وضو کی جگہ اور غسل خانہ بھی ہے۔ اللہ کے فضل سے یہ مسجد مورخہ 4جون 2022ءکو مکمل ہوگئی۔ الحمدللہ

مورخہ 12جون بروز اتوارافتتاحی تقریب کے دن ، اردگرد کی جماعتوں کے احمدی اور غیر احمدی احباب بھی صبح آنے شروع ہوگئے تھے۔معلمین نے مقامی زبان میں تبلیغی وتربیتی امور پرتقاریر شروع کردیں جبکہ لجنہ اماء اللہ کھانا پکاتی رہیں۔

دوپہر دو بجے کچے راستوں اورجنگل کے ایک لمبے دشوارگزار سفر کے بعد مرکزی وفد اس گاؤں پہنچا تویہاں کے احمدی اور غیر احمدی لوگوں نے وفد کا استقبال کیا۔ احباب کی کثیر تعداد ہجوم کی موجودگی میں قائم مقام امیر صاحب بینن نے مسجد کا افتتاح کیا اور دعا کروائی اس کے بعد نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں۔

بعدازاں تقریب کی کارروائی کا آغاز قرآن کریم کی تلاوت سے ہوا اس کے بعد علاقے کے معززین ، غیراحمدی امام، چیف ویلج ، روایتی بادشاہوں اور دیگر معززین نے مسجد کی تعمیر پر جماعت کا شکریہ ادا کیا اور جماعت کی اس خدمت کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ یہ مسجد خدا کا گھر ہے اور اس کو آباد کریں۔ اس کے بعد نائب امیر دوم مکرم حمزہ اونیبو صاحب اور مظفر احمدظفر صاحب مبلغ سلسلہ نے اپنی تقاریر میں جماعت کا تعارف اور جماعت کی ترقیات کا ذکر کیا۔آخر میں مکرم قائم مقام امیر صاحب بینن نے حضرت مسیح موعودؑ کے الہام کل برکۃ من محمدﷺ کی روشنی میں حضورﷺ کی تعلیمات باجماعت نماز کی اہمیت کے بارہ میں بیان کیں۔ دعا کے بعد اس تقریب کا اختتام ہوا جس کے بعد تمام احباب کرام نے مل کرکھانا کھایا۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس مسجد کو نمازیوں سے بھردے اور یہاں کے احمدیوں کو صحیح معنوں میں حضورﷺ کے فرزند جلیل مسیح موعودؑ کو ماننے والا بنا دے۔ آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button