متفرق

ٹھنڈا میٹھا مزے دار تربوز

موسم گرما کے آتے ہی ہر جگہ تربوز نظر آنےلگتا ہے، سستے داموں بآسانی دستیاب تربوز کے استعمال سے صحت پر ان گنت طبی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔تربوز غذائیت سے بھرپور پھل ہے جس کے استعمال سے گرمیوں میں ڈیہائیڈریشن کی شکایت بھی دور ہوتی ہے۔غذائی ماہرین کے مطابق تربوز موسم گرما کا وہ خاص پھل ہے جس میں 92فیصد مقدار پانی پایا جاتا ہے اور پانی انسانی صحت کے لیے بہت اہم ہے۔تربوز کھانے سے گردوں کو بہت فائدہ پہنچتا ہے ۔اس کے علاوہ یہ آنتوں کی خشکی بھی دور کر دیتا ہے۔ انسانی جسم میں ایک تیزاب بنتا ہے، جسے صفرا(BILE) کہتے ہیں۔کبھی اس کی مقدار بڑھ جاتی ہے۔اس کے خون میں مل جانے سے یرقان ہو جاتا ہے تو کبھی پیشاب جلن کے ساتھ آنے لگتا ہے یا پھر پیلے رنگ کے دست لگتے ہیں۔تربوز ان شکایات کو دور کرنے کا ایک مفید علاج ہے۔خوب پکے ہوئے تربوز کا گودا ‏منہ میں اچھی طرح گھلا کر کھانے سے نہ صرف لذت ملتی ہے بلکہ صحت بھی اچھی ہو جاتی ہے۔تربوز کھانے سے خون کی بڑی رگیں بھی پھیل کر چوڑی ہو جاتی ہیں۔ اس طرح خون کا بڑھا ہوا دباؤ کم ہوجاتا ہے۔بلڈ پریشر کے مریضوں کو گرمی کے موسم میں شام کو تین سے چار بجے پابندی سے تربوز کھانا چاہیے۔تربوز کے بیج بھی شوق سے کھائے جاتے ہیں۔ان میں دماغ کو طاقت پہنچانے کی صلاحیت ہوتی ہے۔اس کے علاوہ ان میں ایک خاص قسم کا جزو ہوتا ہے، جو خاص طور پر خون کی رگوں کو کشادہ کرتا ہے۔اس لیے انہیں پھینکنا نہیں چاہیے۔ویسے اس کے بیجوں کا مغز بھی دکانوں پر مل جاتا ہے۔آپ یہ لے کر کھائیں یا بیجو کو چھلکوں سمیت کوٹ کر ایک پیالی پانی میں بھگو کر رات کو رکھ دیں اور صبح انہیں مل کر چھلنی سے چھان کر پانی پی لیں، آپ کے گھر یا خاندان کے جو بزرگ بلڈ پریشر کے مریض ہیں ان کو اس سے فائدہ ہوگا۔تربوز کو خالی پیٹ یا کھانے سے پہلے کھانا چاہیے ۔اس کے ساتھ چاول کا کھانا بھی مناسب نہیں سمجھا جاتا ہے۔ آپ اس کا شربت بھی بنا کر پی سکتے ہیں۔اس میں تھوڑا سا عرق گلاب ملانے سے یہ اور بھی مفید ہو جاتا ہے۔اس طرح گھبراہٹ کم ہو جاتی ہے۔گرمیوں میں ہونے والی کھانسی میں اگر بلغم نہ نکل رہا ہوںیعنی خشک کھانسی ہو تو تربوز کے کھانے سے فائدہ ہوتا ہے۔صفائی سے کٹے ہوئے اس کے سرخ ٹکڑوں کو ٹھنڈا کر کے کھانے سے پہلے آپ اگر ان میں تھوڑی سی کالی مرچ، نمک اور سفید زیرہ پیس کر چھڑک لیں تو یہ بہت مفید ہو جاتا ہے۔تربوز کا سرخ رنگ لاؤکوپین(LYCOPENE) کہلاتا ہے۔ یہ آپ کو سرطان سے محفوظ رکھتا ہے ۔تربوز ایک بہت فائدہ مند پھل ہے۔ہمیں چاہیے کہ اس گرمی کے موسم میں روزانہ دن میں ایک دفعہ اس کا استعمال ضرور کریں۔

( مرسلہ افشاں ریان ۔ ہالینڈ ماخوز از ہمدرد صحت جولائی2019ء)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button