یورپ (رپورٹس)

جلسہ سالانہ فن لینڈ 2022ء

جماعت احمدیہ میں جلسہ سالانہ کا قیام یقیناً ایک الٰہی سلسلہ ہے اور ملک ملک میں اس کا انعقاد جماعت احمدیہ کی صداقت کا بین ثبوت ہے۔ مورخہ 17 و 18؍جون 2022ء بروز ہفتہ و اتوار جماعت احمدیہ فن لینڈ کو بھی اللہ تعالیٰ کے فضل سے اپنا 10واں جلسہ سالانہ کامیابی کے ساتھ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ یہ جلسہ کورونا وائرس کی وجہ سے تین سال کے وقفہ کے بعد منعقد کیا گیا جس کی وجہ سے ایک غیر معمولی جوش اور جذبہ تھا۔ اِمسال جلسہ سالانہ کا تھیم ’’تعلق باللہ‘‘ تھا۔

اس جلسہ کی سب سے اہم بات جس نے اس جلسہ کو چار چاند لگا دیے وہ پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا جلسہ کے موقع پر نہایت ایمان افروز خصوصی پیغام تھا۔

جلسہ کا پہلا دن

17؍جون بروز ہفتہ صبح سوا دس بجے تقریب پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں لوائے احمدیت اور فن لینڈ کا جھنڈا لہرایا گیا۔ مکرم عطاء الغالب صاحب نیشنل صدر جماعت فن لینڈ نے دعا کروائی۔

نیشنل صدر صاحب کی زیر صدارت افتتاحی اجلاس کا آغاز ہوا۔ تلاوتِ قرآن کریم اور نظم کے بعد صدر صاحب نے افتتاحی خطاب کیا اس کے بعد مکرم حافظ عطا ءالاول صاحب نے ’’نظام جماعت کی برکت اور ہمارا فرض‘‘ کے موضوع پر تقریر کی اس کے بعد نظم پیش کی گئی۔ بعد ازاں مبلغ انچارج جماعت احمدیہ فن لینڈ مکرم مصور احمد شاہکار صاحب نے ’’تعلق باالله‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ اس تقریر کے بعد جلسہ کے پہلے اجلاس کا اختتام ہوا، پھر کھانا ہوا اور نمازِ ظہر و عصر ادا کی گئیں۔

سہ پہر اڑھائی بجے خاکسار (صدر مجلس انصار الله فن لینڈ) کی زیر صدارت جلسہ کا دوسرا اجلاس شروع ہوا۔ تلاوتِ قرآن کریم اور قصیدہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے بعد مکرم زیرک اعجاز صاحب نے ’’نوجوان صحابہ رسول کریم ﷺ‘‘ کے موضوع پر تقریر کی جس کے بعد نظم پیش کی گئی۔ بعد ازاں خاکسار نے ’’قرآن کریم کی عصر حاضر کے حوالے سے پیشگوئیاں‘‘ کے عنوان پر تقریر کی۔ اس تقریر کے بعد جلسہ کے پہلے اجلاس کا اختتام ہوا۔ شام کو حاضرین جلسہ نے کھانا تناول کیا اور یوں جلسے کا پہلا دن اپنے اختتام کو پہنچا۔ الحمد لله

جلسہ سالانہ کا دوسرا دن

18؍جون بروز اتوار جلسہ کے دوسرے دن کا پہلا اجلاس مکرم مبلغ انچارچ صاحب فن لینڈ کی زیر صدارت صبح ساڑھے دس بجے شروع ہوا۔

تلاوتِ قرآن کریم اور نظم کے بعد مکرم وقار جاوید صاحب نے ’’جماعت احمدیہ کا نظام چندہ‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ اس کے بعد نظم پیش کی گئی۔ پھر مکرم عبدالصمد صاحب نے ’’جماعت کی ترقی میں مساجد کا کردار‘‘ کے عنوان پر تقریر کی۔ اس کے بعد تقریب آمین اور تقسیم انعامات کی تقاریب منعقد ہوئیں اوراجلاس کا اختتام ہوا۔ پھر دوپہر کا کھانا ہوا اور نمازِ ظہرو عصر ادا کی گئیں۔

سہ پہر تین بجے نیشنل صدر صاحب کی زیر صدارت اختتامی اجلاس شروع ہوا۔ تلاوتِ قرآن کریم اور نظم کے بعد مکرم بشارت الرحمان صاحب نے ’’خلافت۔ حصارِ عافیت ‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ اس کے بعد نظم پیش کی گئی۔ پھر نیشنل صدر صاحب نے ’’حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی اپنی جماعت سے توقعات‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ اسی طرح صدر صاحب نے پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام بھی پڑھ کر حاضرین جلسہ کو سنایا۔ اس کے بعد مبلغ انچارچ صاحب نے حضور انور کے خصوصی پیغام کا انگریزی ترجمہ پڑھ کر سنایا۔ آخر پر مکرم صدر صاحب نے اختتامی دعا کروائی جس کے ساتھ ہی جلسہ سالانہ خدا تعالیٰ کے فضل دکھاتا ہوا اپنے اختتام کو پہنچا۔ الحمد لله

الله تعالیٰ کے فضل سے اِمسال جلسہ سالانہ کی کل حاضری 269رہی۔خدا تعالیٰ تمام شاملین جلسہ کو اپنے اندر پاک تبدیلی پیدا کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور تمام شاملین جلسہ کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی دعاؤں کا وارث بنائے۔ آمین

(رپورٹ: فرخ اسلام۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل )

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button