یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ مالٹا کی خدمت خلق پروگرام میں شرکت و تعاون

(لئیق احمد عاطف۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل مالٹا)

مالٹا میں عیسائی چرچ کے زیر انتظام معذور افراد کے لیے قائم ایک فلاحی ادارہ Dar tal-Providenza نے عطیات جمع کرنے کے لیے یکم تا تین جولائی 2022ء ایک چیرٹی پروگرام کا انعقاد کیا۔ گزشتہ دو تین سالوں سے جماعت باقاعدگی کے ساتھ اس ادارہ کے چیرٹی پروگراموں میں بھرپور تعاون پیش کررہی ہے۔ امسال بھی اللہ تعالیٰ کےخاص فضل وکرم اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں کے ساتھ جماعت احمدیہ مالٹا نے اس چیرٹی پروگرام میں بھرپور تعاون کیا اور اپنی خدمات پیش کیں۔ اس تین روزہ پروگرام کے دوران Volleyball کے میچز بھی ہوتے رہے اور اس میں شامل ہونے والے کھلاڑیوں اور رضاکارانہ طور پر خدمت کرنے والے افراد کے لیے اسی ادارہ کے کچن میں کھانا تیار کرنے کا پروگرام تھا۔ اس سلسلہ میں پروگرام کے دوسرے دن ناشتہ اور دوپہر کے کھانے کی تیاری میں سات افراد جماعت احمدیہ مالٹا بشمول مبلغ سلسلہ نے خدمت کی توفیق پائی۔ اس موقع پربعض افراد جماعت نے جماعت کے نام والی شرٹس پہن رکھی تھیں جن پر جماعت کا Logo اور جماعت کا ماٹو نمایاں طور پر پرنٹ تھا۔ جو مستقل تبلیغ کا ذریعہ ثابت ہوئیں اورتمام شاملین اور مہمانوں کی توجہ اپنی طرف مبذول کراتی رہیں۔

اسی طرح تینوں دن شام کے وقت عطیات کے لیے موصول ہونے والی فون کالز کے جواب دینے کے لیے بھی تعاون پیش کرنے کی توفیق ملی اور ان مواقع پر کچھ بات کرنے کا موقع ملا جس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے خدمت انسانیت کے بارہ میں قرآن و حدیث کی روشنی میں اسلامی تعلیمات پیش کی گئیں۔

مورخہ 3؍جولائی کو اس چیرٹی پروگرام کے اختتام سے قبل جماعتی تجویز پر ایک دعائیہ تقریب بھی منعقد کی گئی۔ اس دعائیہ تقریب میں اس ادارہ کے سربراہ مکرم پادری مارٹن میکالف صاحب اور خاکسار (مبلغ سلسلہ مالٹا) نے دعائیں پیش کیں۔ خاکسار نے قرآنی دعائیں خوش الحانی سے پیش کیں اور پھر ان کا مالٹی زبان میں ترجمہ کے ساتھ ساتھ تمام شاملیں، رضاکاروں اور عطیات دہندگان کے لیے دعائیں کیں۔

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل وکرم اور محبوب امام ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں کی برکت سے یہ دعائیہ تقریب اب اس ادارہ کے چیرٹی ایونٹ کا بنیادی حصہ بن گیا ہے اور گزشتہ دو سالوں سے ان کے تمام چیرٹی کے پروگراموں میں دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ یہ ادارہ ہر سال دو بڑے چیرٹی کے ایونٹ منعقد کرتا ہے۔

یہ پروگرام مالٹا کے سب ٹیلیویژن چینلز پر LIVEنشر ہوا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم اور پیارے آقا ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں کے صدقے یہ پروگرام بہت کامیاب رہا۔ جماعت کی عملی تبلیغ کا ذریعہ ثابت ہوا اور ملک بھر میں جماعت احمدیہ کے وسیع تعارف کا باعث بنا اور ہماری توقعات سے بہت بڑھ کر خداتعالیٰ نے فضل و احسان فرمایا۔ فالحمدللہ رب العالمین۔

یہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل واحسان اور پیارے آقا کی دعاؤں کی برکت ہی ہے کہ جماعت کو تین دن کے لیے ایسا پلیٹ فارم میسر آیا کہ جس کے توسط سے مقامی لوگوں تک اسلام احمدیت کی خوبصورت تعلیم اور اس کا عملی اظہار پیش کیا جاسکے۔

اس پروگرام میں سیکرٹری تبلیغ مکرم جری اللہ خالد صاحب، جنرل سیکرٹری مکرم مصور احمد صاحب، سیکرٹری وصایا مکرم حافظ وقاص احمد صاحب، سیکرٹری تعلیم القرآن مکرم نعمان عاطف صاحب، مکرم حسن بشیر صاحب اور مکرم تنویرالظفر صاحب نے خصوصی تعاون کیا۔ فجزاھم اللہ احسن الجزاء

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button