افریقہ (رپورٹس)

کونگو کنشاسا میں جماعت احمدیہ کی طرف سے جشن عید الاضحی اور خدمت خلق

(شاہد محمود خان۔ نمائندہ الفضل کونگو ، کنشاسا)

جماعت احمدیہ کونگو کنشاسا نے مورخہ 09؍جولائی 2022ء کو عید الاضحی جوش و جذبہ کے ساتھ منائی۔ عید قربان کے موقع پر جماعت احمدیہ اور Humanity First نے عید کی خوشیوں کو کونگو میں رہنے والے احمدی، غیر احمدی اور غیر مسلم احباب کے ساتھ مل کر منایا۔ تمام ریجنز میں نماز عید کا اہتمام ہوا جس کے بعد قربانیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ مکرم امیر صاحب نے مرکزی مسجد بیت الاحد Barumbuمیں نماز عید پڑھائی۔

خدا تعالیٰ کے فضل سے امسال جماعت اور Humanity Firstکے اشتراک سے قربانیوں میں اضافہ کیا گیا۔ اور دور دراز کے دیہات میں جہاں تک ممکن تھا گوشت پہنچایا گیا جس سے ہزاروں افراد مستفید ہوئے۔ Humanity Firstکے توسط سے حضور انور کی خاص ہدایت موصول ہوئی کہ جہاں تک ممکن ہو دور دراز علاقوں میں بھی لوگوں میں گوشت تقسیم کیا جائے لہٰذا اس بات کو یقینی بنانے کی حتی المقدور سعی کی گئی۔

جماعتی اور Humanity Firstکی قربانیاں پورے ملک میں تینوں دن جاری رہیں۔ ان مساعی کی تفصیلی رپورٹ حسب ذیل ہے۔

Bandundu ریجن

Bandundu ریجن میں عید کے تینوں دن قربانی ہوئی۔ ریجنل مبلغ سلسلہ مکرم فرید احمد بھٹی صاحب نے خدام کی ٹیمیں تیار کیں اور احمدی، غیر احمدی اور غیر مسلم احباب تک گوشت کا تحفہ پہنچایا۔ ان خدام نے Humanity First کے لوگو والی ٹی شرٹس پہن رکھی تھیں جن کے ذریعہ اسلام کا محبت بھرا پیغام بھی خاموشی سے لوگوں تک پہنچ رہا تھا۔

قیدیوں کو کھانا کھلانے سے قبل متعلقہ محکمہ سے اجازت حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے۔ جس کے لیے صوبائی ڈایئریکٹر جیل خانہ جات Mr Bikoko Mwenga Joseph سے رابطہ کرکے اجازت حاصل کی۔

10؍جولائی کی صبح لجنہ اماءاللہ اور خدام کی ٹیم نے کھانے کی تیاری کا کام شروع کیا اور تقریباً2بجے دوپہر کھانا تیار ہوگیا تھا۔ کھانے میں گائے کے گوشت کا سالن، Fufu اور جوس شامل تھا۔ کھانا تیار ہوتے ہی خاکسار، لوکل معلمین کرام، خدام اور چند دیگر احمدی احباب کے ہمراہ سینٹرل جیل روانہ ہوا۔

جیل انتظامیہ نے ہمیں خود کھانا تقسیم کرنے کی اجازت دی۔ ہر سیل کا نگران اور قیدی آتے اور نگران نام بولتا اور قیدی آکر کھانا لے جاتے۔ اس طرح 3گھنٹوں میں 290سے زائد قیدیوں میں کھانا تقسیم کیا گیا۔ اس دوران قیدی دعائیں دیتے، شکریہ ادا کرتے اور جماعت کی اس کاوش کو سراہتے۔ اس کے علاوہ جیل کے تمام سٹاف کو بھی کھانا دیا گیا۔

جیل انتظامیہ نے بھی شکریہ ادا کیا۔ صوبائی ڈایئریکٹر کھانا تقسیم کرنے کے موقع پر موجود نہ تھے ان کی نائب نے کہا کہ ہم جماعت احمدیہ کے شکر گزار ہیں کہ وہ قیدیوں میں کھانا تقسیم کرنے کے لیے آئے۔ انہوں نے جماعت کہ اس اقدام کو سراہا۔

اس موقع پر صوبائی ڈایئریکٹر جیل خانہ نے ایک شکریہ کا خط بھی لکھا جس میں انہوں نے لکھا کے میں جماعت احمدیہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔

اس دفعہ بھی گزشتہ سال کی طرح بعض دور دراز کی جماعتوں کی قربانیاں باندوندو شہر میں کر کے ان تک قربانی کا گوشت پہنچایا گیا۔ اس سلسلہ میں دو فریزر اور جرنیٹر کا انتظام کر کے ان جماعتوں میں افراد جماعت اور مستحقین تک موٹر کشتی کے ذریعہ قربانی کا گوشت پہنچایا گیا جن کی مسافت 8 گھنٹے سے زائد تھی۔ اس اقدام کو افراد جماعت اور مقامی افراد نے بے سراہا۔

اس طرح قربانی کا گوشت مقامی اتھارٹیز کو بھی بھجوایا گیا جس میں گورنر صوبہ کوویلو، نائب گورنر، صدر اسمبلی صوبہ کوویلو اور انسپکٹر جرنل پولیس قابل ذکر ہیں۔ انہوں نے جماعت کا شکریہ ادا کیا اور اس کام کی تعریف کی۔

عید کے دنوں میں دو احمدی گھرانوں میں وفات ہوئی جہاں پر تعزیت کرنے والوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ وہاں پر بھی کھانا تیار کر کے بھجوایا گیا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت کی ان مساعی کو مقامی اور ملکی میڈیا پر اچھی کوریج بھی ملی جس کی تفصیل حسب ذیل ہے ۔

٭…RTNC/Radio tv

٭…FM BANDUNDU

٭…RTBD-TV

٭…مقامی چینلز RTNC/Radio tv اورRTBD-TV پر 2گھنٹے کی عید کے موقع پر جماعتی اور ہیومینٹی فرسٹ کی ڈاکومنٹری اور پروگرام پیش کیے گئے۔

اسی طرح کونگو کنشاسا کی نیوز ایجنسی ACPکے اور ملک کے اہم ترین اخبارات نے خبریں شائع کیں۔جن میں:

٭…Le Potentiel

٭…Le Courrier de Kinshasa

٭…L’AVNIR

٭…نیز ملک کی 3 ا ہم نیوز ویب سائٹس کے علاوہ ابھی تک بارہ سے زائد ویب سائٹس پر خبریں آچکی ہیں جس میں جماعت احمدیہ کے اس اقدام کی بہت تعریف کی اوراسے سراہا۔

ایک محتاط اندازے کے مطابق اس میڈیا کوریج کے نتیجے میں 10لاکھ سے زائد افراد تک جماعت کا پیغام پہنچا۔

Kananga ریجن

Kananga ریجن ملک کے جنوب مشرقی حصہ میں واقع ہے۔ یہاں پر 108جماعتوں میں قربانیاں ہوئیں۔ اس ریجن میں 5جیل خانہ جات، 2یتیم خانہ جات اور ایک اولڈ ایج ہوم کا دورہ کر کے وہاں بھی کھانا تقسیم کیا گیا۔ ریجنل مشنری مکرم رمیض احمد محمود صاحب نے خدام اور لجنہ اماء اللہ کی ٹیمز کے ساتھ مل کر کھانے کی تیاری اور احسن رنگ میں تقسیم کو ممکن بنایا۔ اس طرح کل 1440قیدیوں، 50معمر افراد اور 110یتامیٰ کو بھی عید کی خوشیوں میں شریک کیا گیا۔

اس ریجن میں بھی بھرپور میڈیا کوریج کی گئی اور کل 8ویب سائیٹس، 10ریڈیو چینلز اور ایک مقامی اخبار نے خبر نشر کی۔

Bukavu ریجن

Bukavu ریجن ملک کے انتہائی مشرقی حصہ میں واقع ہے۔ اس ریجن میں کل 22جماعتوں میں قربانیاں ہوئیں۔ ریجنل مبلغ مکرم حافظ مزمل شاہد صاحب نے جماعتی وفد کے ہمراہ Bukavu Central Jail کا دورہ کر کے کھانا تقسیم کیا۔ اس موقع پر ڈائیریکٹر جیل نے جماعت احمدیہ اور Humanity Firstکا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ ایک مقامی ٹی وی چینل نے اس پروگرام کی کوریج بھی کی۔

اس علاقہ میں پگمیز کی ایک خاصی تعداد موجود ہے۔ یہ وہ لوگ ہیں جو عمومی طور پر معاشرہ کی طرف سے نظر انداز کیے جاتے ہیں۔ عید کے موقع پر ایک وفد Humanity First کی طرف سے تحائف لے کر ان علاقوں میں گیا اور پگمی خاندانوں میں گوشت تقسیم کیا گیا۔

Kikwit ریجن

Kikwit ریجن کی 75جماعتوں میں احمدی اور غیر احمدی احباب میں گوشت تقسیم کیا گیا۔ یہاں بھی سنٹرل جیل کے قیدیوں میں کھانا تقسیم کیا گیا۔ ریجنل مبلغ سلسلہ مکرم عطاء القیوم صاحب نے خدام اور لجنہ اماء اللہ کی ٹیمز کے اشتراک سے کھانا تیار کروایا اور تقسیم کیا۔ سٹاف ممبرز سمیت 450افراد کو کھانا کھلایا گیا۔ ریجن میں کئی حکومتی عہدیداران کو بھی عید کا تحفہ بھجوایا گیا۔

اس ریجن کی تین جماعتوں Kenge، asimanimba اور Idiofa میں عید ملن پارٹی کا بھی اہتمام کیا گیا جہاں پر مقامی اتھاریٹیز نے جماعت کی سرگرمیوں اور خدمت انسانیت کی تعریف کی۔

سینٹرل کونگو ریجن

سینٹرل کونگو ریجن میں بھی جماعت اور Humanity Firstکے تعاون سے قربانیاں کی گئیں اور 3700 احمدی اور غیر احمدی احباب میں گوشت تقسیم کیا گیا۔

Lubumbashi ریجن

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ لومباشی کو امسال عید الاضحی کے پرمسرت موقع پر احباب جماعت کے ساتھ ساتھ یتیم خانہ اور اولڈ ایج ہوم میں گوشت تقسیم کرنےکی توفیق ملی۔الحمد للہ علی ذلک۔

عید الاضحی کے دوسرے روز لومباشی کے ایک یتیم خانہ ’’ORPHELINAT LA FRATERNITE‘‘ کے ڈائریکٹر صاحب سے گوشت کی تقسیم کے حوالہ سے رابطہ کیا۔ چونکہ یتیم خانہ مسجد سے بہت دور ہے اور اولڈ ایج ہوم جانے کا بھی پروگرام تھا اسی لیے ڈائریکٹر صاحب سے مسجد آنے کی درخواست کی۔ اس پر دن12 بجے وہ مسجد تشریف لے آئےجہاں انہیں یتیم خانہ کے لیے گوشت دیا گیا جس پر انہوں نے شکریہ ادا کیا۔ یتیم خانہ میں بچوں کے علاوہ عملہ کے افراد ملا کر تعداد تقریباً 50 بنتی ہے۔ یہاں عید الفطر کے موقع پر بھی ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کے تعاون سے راشن تقسیم کیا تھا۔

اسی طرح عید الاضحی کے دوسرے روز لومباشی کے ایکاولڈ ایج ہوم ’’Hospice Des Vieillards‘‘ کے ڈائریکٹر صاحب سے گوشت کی تقسیم کے حوالہ سے رابطہ کیا۔ یہ اولڈ ایج ہوم مسجد کے قریب ہی واقع ہے۔اس پر دن ساڑھے 12 بجے اولڈ ایج ہوم گئے اور انہیں گوشت دیا گیا جس پر انہوں نے شکریہ ادا کیا اور ہیومینٹی فرست کی اس کوشش کو بہت سراہا۔ یہاں کل تعدادافراد ملا کر تقریباً45 بنتی ہے۔

Kinshasa ریجن

دار الحکومت کنشاسا کی 35جماعتوں میں قربانی کا گوشت تقسیم کیا گیا۔ اس سے 6132احمدی اور غیر از جماعت احباب مستفیض ہوئے۔ یہ ریجن چار حلقہ جات میں تقسیم ہے اس لیے ہر حلقہ میں گوشت کی تقسیم کے لیے عید سے قبل ہی ٹیمیں تیار کی گئیں اور عید کے تینوں دن ان ٹیمز نے بڑی جانفشانی سے کام کیا اور ایک بڑی تعداد کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنے کی کوشش کی۔ تحصیل MASINAمیں واقع ایک یتیم خانہ La Maison des angesمیں جا کر یتامیٰ کی خبر گیری کی گئی اور ان میں بھی گوشت کا تحفہ تقسیم کیا گیا۔

دار الحکومت میں عید کے موقع پر ہونے والی جماعتی سرگرمیوں کی کوریج 4ویب سائیٹس اور 4اخبارات نے کی۔ جن میں قربانی کے فلسفہ اور اس پر جماعت احمدیہ کے عملی اقدامات کے حوالہ سے خبر نشر کی گئی۔

اس طرح جماعت احمدیہ کی ان مساعی کو 3ٹی وی چینلز، 13ریڈیو چینلز، 10اخبارات اور 15ویب سائٹس نے کوریج دی جن کے ذریعہ سے قریب پچاس لاکھ افراد کو جماعت کا پیغام پہنچا۔

اللہ تعالیٰ ان مساعی کو جماعت احمدیہ کے لیے مثمر بثمرات حسنہ بنائے آمین۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button