جلسہ سالانہ

برطانیہ کے 56ویں جلسہ سالانہ 2022ءکا معائنہ انتظامات

(ادارہ الفضل انٹرنیشنل)

تربیت یافتہ (trained) کارکنان کو چاہیے کہ نئے آنے والوں کی تربیت بھی کریں اور ان کو سکھائیں

امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کاجلسہ کے انتظامات کا معائنہ

جلسہ گاہ حدیقۃ المہدی میں ڈیوٹیوں کی باقاعدہ افتتاحی تقریب میں حضور انور کا زرّیں نصائح پر مشتمل خطاب

منعقدہ مورخہ04؍اگست2022ء بروز جمعرات

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمديہ يوکے کوعالمی وبا کورونا وائرس کے پھوٹنے کے بعد پہلی مرتبہ بڑے پيمانے پر سہ روزہ جلسہ سالانہ 5؍ تا 7؍اگست 2022ء (بروز جمعة المبارک ، ہفتہ اور اتوار)منعقد کرنے کی توفيق مل رہی ہے۔ياد رہے کہ گذشتہ سال محدود پيمانے پر جلسہ سالانہ کا انعقاد ہوا تھا جس ميں تينوں دن ملا کر آٹھ ہزار آٹھ سو کے قريب احبابِ جماعت نے مختلف وقتوں ميں شموليت کی توفيق حاصل کی۔امسال اللہ تعالیٰ کے فضل سے حالات ميں بہتری آنے کے باعث جماعت يوکے کے تمام ممبران کو تينوں دن جلسے ميں شموليت کی اجازت ہے۔ نيز بعض خوش نصيب احباب بيرونی ممالک سے بھی حضور انور ايد ہ اللہ کی اجازت سے اس جلسے ميں شامل ہو رہے ہيں۔

جلسہ سالانہ کی بنياد بانئ جماعت احمديہ حضرت اقدس مرزا غلام احمد قاديانی مسيح موعود ومہدی معہود عليہ الصلوٰة والسلام نے اِذن الٰہی سے 1891ء ميں رکھی تھی۔ حضرت اقدس مسيح موعود عليہ الصلوٰة و السلام کی ہدايات کی روشنی ميں خلافتِ احمديہ کے سائے تلے محض دينی اغراض کی خاطر آج سينکڑوں ممالک ميں باقاعدگی کے ساتھ جلسہ ہائے سالانہ منعقد ہو رہے ہيں۔ خلافتِ احمديہ کے انگلستان ميں قيام کی بدولت جلسہ سالانہ برطانيہ کو ايک مرکزی جلسہ ہونے کے ساتھ ساتھ ايک عالمی جلسہ ہونے کی بھی سعادت حاصل ہے۔

امسال بھی اس بابرکت جلسہ کا انعقاد 208؍ايکڑ رقبہ پر محيط انگلستان کی کاؤنٹی ’Hampshire‘ کے قصبہ آلٹن کے علاقہ ميں واقع ’Oakland Farm‘ پر ہو رہا ہے۔ اس جگہ کا نام حضور انور ايدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزيز نے 2005ء ميں ’’حديقة المہدی‘‘ عطا فرمايا تھا۔ اور 2006ء سے حديقة المہدی ميں جلسہ سالانہ منعقد کيا جا رہا ہے۔

اس وسيع رقبہ کا 95فيصد حصہ کھلے ميدان کی صورت ميں ہے۔ انگلستان کے موسم کے پيشِ نظر يہاں پر اتنے بڑے جلسے کے انتظامات کر کے ايک عارضی شہر بسايا جاتا ہے۔ چنانچہ ہزاروں کی تعداد ميں احمدی رضاکارکارکنان جلسہ کے مقررہ دنوں سے بہت پہلے کام شروع کرتے ہيں اورموسم کی شدّت کے باوجود دن رات ايک کر کے اس عارضی شہر کے قيام کے انتظامات مکمل کرتے ہيں۔ محض اللہ تعالیٰ کی رضا کے حصول اور حضرت اقدس مسيحِ پاک عليہ الصلوٰة والسلام کے مہمانوں کی خدمت کے جذبہ سے سرشار ہو کر رضاکارکارکنان کشاں کشاں حديقة المہدی پہنچتے ہيں۔

معائنہ انتظامات

حضرت خليفة المسيح الخامس ايدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزيز نے خطبہ جمعہ فرمودہ29؍جولائی 2022ء ميں جلسہ سالانہ برطانيہ کی مناسبت سے شاملين و ڈيوٹی کنندگان کے ليے دعا کی تحريک کرتے ہوئے فرمايا کہ اگلے جمعے ان شاء اللہ تعالیٰ جماعت احمديہ برطانيہ کا جلسہ سالانہ بھی شروع ہورہا ہے۔ دعا کريں اللہ تعالیٰ ہر لحاظ سے اس جلسہ کو بابرکت فرمائے۔ شامل ہونے والے جو آرہے ہيں ان کا سفر بھی خيريت سے ہو، شامل ہونے کے ليےخيريت سے آئيں۔ جو ڈيوٹی دينے والے ہيں ان کے ليے بھی دعا کريں اللہ تعالیٰ ان کو صحيح طرح اپنے فرائض ادا کرنے کی توفيق عطا فرمائے۔ کيونکہ دو، تين سال کے وقفہ کے بعد بڑا جلسہ ہورہا ہے، پچھلے سال ہوا تھا ليکن چھوٹے پيمانے پر، مکمل طور پر بڑا جلسہ اب ہورہا ہے اس ليے بعض دقتيں بھی ہوں گی۔ اللہ تعالیٰ جو بھی انتظامی دقتيں ہيں يا جو بھی دقتيں کسی بھی صورت ميں پيدا ہوسکتی ہيں ان کو دور فرمائے۔

اس جلسے کے انتظامات کا معائنہ امير المومنين حضرت خليفة المسيح الخامس ايدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزيز نے آج مورخہ 4؍اگست 2022ء بروز جمعرات کو فرمايا۔ گذشتہ سال کی طرح امسال بھی يہ معائنہ جلسہ سے ايک روز قبل منعقد ہوا۔ حضورِانور ايدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزيز کی آج شام 5بجے کے قریب حديقة المہدی تشريف آوری ہوئی۔ قیام گاہ میں کچھ دیر رُکنے کے بعد حضورِانور جلسہ سالانہ کے انتظامات کے معائنہ کے لیے ساڑھے پانچ بجے کے قریب تشریف لائے۔ معائنہ کے دوران حضورِانور کے ساتھ افسر جلسہ سالانہ مکرم ناصر خان صاحب، افسر جلسہ گاہ ڈاکٹر زاہد خان صاحب، افسر خدمت خلق مکرم عبدالقدوس عارف صاحب، امیر یوکے مکرم رفیق احمد حیات صاحب، عملہ حفاظتِ خاص، عملہ ایم ٹی اے و دیگر بھی تھے۔

پہلے حضورِانور لنگرخانہ تشریف لے گئے جہاں حضورِانور نےجلسے پر پکے ہوئے روایتی کھانے آلوگوشت اور دال کو ملاحظہ فرمایا۔ لنگر کے معائنہ کے دوران حضورِانور کے ساتھ محترم مرزا رشید احمد صاحب(نائب افسر جلسہ سالانہ) بھی تھے جو حضورِ انور کو مختلف امور کی بابت تعارف پیش کرتے رہے۔ حضورِانور نے لنگر میں جلسے کی مناسبت سے تیار کیا گیا ایک کیک کاٹا جو برطانیہ کے جھنڈے کی طرز پر بنایا گیا تھا۔

بعد ازاں حضورِانور روٹی پلانٹ پر تشریف لے گئے جہاں کارکنان نے پُر جوش نعروں سے حضور انور کا استقبال کیا۔ حضورِانور نے چلتی مشین پر پکتی روٹی کو ملاحظہ فرمایا نیز آٹا گوندھنے والی مشین کا بھی معائنہ فرمایا۔ اس دوران ناظم روٹی پلانٹ آغا عبدالکریم عابد صاحب کو حضور انور کے ساتھ ساتھ موجود رہنے اور حضور انور کی شفقتوں سے حصہ پانے کی توفیق ملتی رہی۔ حضورِ انور نے ناظم (انجینئر روٹی پلانٹ) مکرم فاتح رشید صاحب سے آٹا گوندھنے والی مشین اور اس کی روٹی پلانٹ کو سپلائی کی بابت بعض امور دریافت فرمائے نیز فرمایا کہ اس میں سینسرز کی مدد کے ساتھ ایسا خود کار نظام ہونا چاہیے کہ روٹی پلانٹ کو جس قدر آٹا درکار ہو اسی قدر آٹا گوندھنے کی مشین سے اسے فراہم کیا جائے۔ بعد ازاں حضورِ انور روٹی پلانٹ کی ٹیم میں معاونت کرنے والے کچھ خوش نصیب بچوں کے پاس کچھ دیر رکے اور پھر روٹی پلانٹ سے باہر تشریف لے گئے۔

بعد ازاں حضور انور شعبہ برتن دھلائی اور پھر سٹور جلسہ سالانہ تشریف لے گئے۔ حضور انور نے ازراہِ شفقت چودھری ضیاء الحق قریشی صاحب ناظم سٹورویئر ہاؤس سے ان کا حال بھی دریافت فرمایا۔

سٹور سے گزرتے ہوئے حضورِ انور دفتر جلسہ سالانہ Barn area میں رونق افروز ہوئے اور کانفرنس روم کا معائنہ فرمایا۔ بعد ازاں یہاں سے نکل کر موٹر میں تشریف فرما ہوئے۔

حضورِانور کا قافلہ روانہ ہو کر نمائشوں والی سڑک پر جا رکا۔ یاد رہے کہ امسال مختلف شعبہ جات کی طرف سے لگائی جانے والی نمائشوں کو مردانہ اور زنانہ جلسہ گاہ کے درمیان ایک ہی سڑک پر ایک ہی چھت کے نیچے مختلف مارکیز میں جگہ دی گئی ہے۔ حضورِانور نے شعبہ تبلیغ کے تحت تیار کی جانے والی نمائش کو ملاحظہ فرمایا۔ ڈاکٹر طاہر ناصر صاحب (Rational Religion) کو یہ سعادت ملی کہ حضور انور کو نمائش کے مختلف حصوں کا تعارف کروائیں۔ بعد ازاں حضورِانورآرکائیوز اینڈ ریسرچ سنٹر(ARC) اور ہفت روزہ الحکم کی نمائش پر تشریف لے گئے۔ اس کے بعد انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف احمدیہ آرکیٹکٹس اینڈ انجینئرز (IAAAE) کی نمائش کو ملاحظہ فرمایا۔ حضورِانور ہیومینٹی فرسٹ کی نمائش سے ہوتے ہوئے مرکزی پریس اینڈ میڈیا آفس کی نمائش پر تشریف لے گئے جہاں محترم خلیل یوسف صاحب نے حضورِانور کو نمائش میں موجود ایک ماڈل برائے عالمی امن کا تعارف کروایا نیز حضورِانور کی شفقتوں کے وارث بنے۔ بعد ازاں حضورِانور ریویو آف ریلیجنز کی نمائش میں تشریف لے گئے جہاں محترم شہزاد احمد صاحب مربی سلسلہ نے حضورِانور کو نمائش کا تعارف پیش کیا۔ اس کے بعد حضورِانور شعبہ آئی ٹی کی نمائش کے سامنے سے گزرتے ہوئے محترم عبد الودود ملک صاحب انچارج شعبہ آئی ٹی سے مخاطب ہوئے اور مخزنِ تصاویر کی نمائش کی جانب تشریف لے گئے۔ حضورِ انور نے مکرم عمیرعلیم صاحب انچارج شعبہ سے نمائش کا تعارف حاصل کیا۔ اس نمائش میں قابلِ ذکر امر مراکزِ احمدیت کی تصاویرتھیں۔ حضورِ انور نے انہیں ملاحظہ فرماتے ہوئے مکہ و مدینہ کی تصاویر کو نمایاں طور پر لگانے کی طرف توجہ دلائی۔ بعد ازاں حضورِانور نے ہومیوپیتھک ڈسپنسری کا معائنہ فرمایا۔

اس کے بعد حضورِانور نے محترم صاحبزادہ مرزا وقاص احمد صاحب نائب افسر جلسہ سالانہ سے شاملینِ جلسہ کے کھانا کھانے کی بابت بعض اہم امور کی بابت استفسار فرمایا۔ بعد ازاں حضورِانور فرسٹ ایڈ کی مارکی میں تشریف لے گئے جہاں ڈاکٹر سید مظفر احمد صاحب ناظم فرسٹ ایڈ نے شعبہ کا تعارف کروایا۔ امسال کووڈ-.19کے پیش نظر ہر مریض کا الگ معائنہ کرنے کے لیے مارکی کے اندر علیحدہ علیحدہ خیمہ جات لگائے گئے ہیں تاکہ حفظانِ صحت کے اصولوں کا پاس کیا جا سکے۔ اس کے بعد حضورِانور شعبہ سمعی و بصری تشریف لے گئے جہاں میاں صفدر علی صاحب نے شعبہ کا تعارف کروایا۔

جلسہ گاہ میں تشریف آوری

چھ بج کردس منٹ کے قریب حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ جلسہ گاہ میں تشریف لائے۔ حضورِانور کے کرسیٔ صدارت پر رونق افروز ہونے کے بعد اجلاس کی کارروائی کاباقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ عزیزم احسان احمد متعلم درجہ رابعہ جامعہ احمدیہ یوکے نے سورت یوسف کی آیات 44تا50 کی تلاوت کی۔ عزیزم مسرورعودہ متعلم درجہ ممہدہ جامعہ احمدیہ یوکے نے تفسیر صغیر سے ان آیات کا ترجمہ پیش کیا۔

خطاب حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز

6بج کر 20منٹ پر حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ منبر پر تشریف لائے اور السلام علیکم ورحمۃ اللہ کا تحفہ پیش فرمایا۔ تشہد، تعوذ اور تسمیہ کے بعد حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا کہ الحمدللہ کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اس سال یہ توفیق عطا فرما رہا ہے کہ جلسہ سالانہ یوکے حاضری کے لحاظ سے بھی اور شعبہ جات کے لحاظ سے بھی باقاعدہ اپنے پورے انتظامات کے ساتھ منعقد ہو رہا ہے۔ گذشتہ سال کووڈ کے بعد جلسہ ہوا تھا لیکن اللہ تعالیٰ اب باقاعدہ بڑے پیمانے پر منعقد کرنے کی توفیق دے رہا ہے۔ اس لحاظ سے بیچ میں دو سال کا جوgap(وقفہ)آیا، پوری طرح ڈیوٹیاں نہیں دیں، پچھلے سال کے جلسے میں بھی کارکنان کی تعداد اتنی نہیں تھی۔ کیونکہ شاملین کم تھے اس لیے کارکن بھی نہیں لیے گئے۔

لیکن اس سال شاملین کیونکہ پوری تعداد میں جلسے میں شامل ہو رہے ہیں اور اندازے کے مطابق اورجو گنجائش انتظامیہ رکھتی ہے اس کے مطابق انتظامات کیے گئے ہیں اس لحاظ سے کارکنان بھی شعبہ جات میں کام کر رہے ہیں۔ ہو سکتا ہے بعض نئے کارکنان بھی آئے ہوں۔ جو پہلے تربیت یافتہ (trained) کارکنان ہیں ان کو چاہیے کہ نئے آنے والوں کی تربیت بھی کریں اور ان کو سکھائیں۔ اور اس سال اس بات کا بھی خیال رکھیں کہ گو ہم پوری آزادی سے، یعنی جو گنجائش ہے، اس کے لحاظ سےجلسہ منعقد کر رہے ہیں اور انتظامات بھی کر رہے ہیں لیکن بعض پابندیاں خود اپنے اوپرلگانی ہوں گی۔ کووڈ کی وجہ سے ماسک پہننے کی جو شرط ہے ہر کارکن کو اسے پورا کرنا چاہیے۔اور یہ نہ سمجھیں کہ جلسے کی اجازت مل گئی ہے، افراد کی تعداد کی، جو بھی تعداد آنا چاہے اس کے آنے کی اجازت مل گئی ہے اس لیے پابندیاں ختم ہو گئی ہیں ۔کارکنان کو خاص طور پر بہت احتیاط کرنی چاہیے۔ کیونکہ انہوں نے تو ایک دوسرے کے قریب ہو کے کام کرنا ہےاس لیے اس سال میں جو خاص توجہ طلب چیز ہے وہ آپ کا ہر وقت ماسک سے چہرے کو ڈھانک کر رکھنا ہے۔اس طرف خاص توجہ کریں ۔

باقی انتظامات کا جہاں تک سوال ہے جو میں نے دیکھے ہیں اور جو گذشتہ سالوں میں دیکھتا رہاہوں۔ جس نہج پر، جس طریق پر آپ کام کرتے ہیں اس میں آپ کو یہ نہیں کہا جا سکتا کہ فلاں چیز کو کریں اور فلاں چیز میں کمی ہے۔ اگر کمی ہے تو بعض دفعہ کارکن کی لاپروائی کی وجہ سے ہوتی ہے۔لیکن جہاں تک اس کام کو کرنے کے علم کا سوال ہے اس میں کوئی کمی نہیں۔

فرمایا: پس آپ لوگ دل لگا کر اس سوچ کے ساتھ کہ ہم نے حضرت مسیح موعودؑ کے مہمانوں کی خدمت کرنی ہے، اپنے فرائض، اپنی ڈیوٹیاں سر انجام دیں ۔ اور جو نئے آنے والے ہیں ان کی تربیت بھی صحیح انداز میں کریں۔ کام کے ساتھ ساتھ اس بات کا بھی خیال رکھیں کہ ایک احمدی مسلمان کو اپنا نمونہ عبادتوں میں بھی دکھانا چاہیے۔ اللہ تعالیٰ کے ساتھ جو تعلق ہے اس کو بھی قائم رکھنا چاہیے۔ اس لیے ان دنوں میں اپنی نماز کی بھی حفاظت کرنی ہے۔ یہ نہیں کہ ڈیوٹی دے دی اور نمازوں کی طرف توجہ نہ ہو۔ پس محنت اور توجہ کے ساتھ کام کے ساتھ ساتھ دعاؤں کی طرف بھی توجہ دیں اور اپنی عبادتوں کی طرف بھی توجہ دیں۔اللہ تعالیٰ آپ کو اس کی توفیق عطا فرمائے۔ اب دعا کرلیں۔

دعا کے بعد چھ بج کر ستائیس منٹ پر حضورِانور نے السلام علیکم ورحمۃ اللہ فرمایا۔اسٹیج سے اتر کر حضورِانور اید ہ اللہ تعالیٰ نے محترم ظہیر خان صاحب نائب افسر جلسہ سالانہ کو اپنے پاس بلا کر ان سے اجلاس کے آغاز میں کی جانے والی تلاوت کی آیات کے متعلق استفسار فرمایا۔ بعد ازاں ساڑھے چھ بجے حضور انور جلسہ گاہ مستورات تشریف لے گئے جہاں خواتین نے نعروں سے اپنے پیارے امام کا استقبال کیا۔ یہاں سے چند منٹ بعد نعروں کی گونج میں ہی حضورِانور باہر تشریف لائے۔

حضورِ انور نے ایم ڈی ایم ٹی اے مکرم منیر الدین شمس صاحب سے ایم ٹی اے کے بارے میں بعض امور کی بابت استفسار فرمایااور پھر مردانہ مارکی کے اوپر سے چکر لگاتے ہوئے ایم ٹی اے اسٹوڈیوز تشریف لے گئے اور ایم ٹی اے 1،ایم ٹی اے افریقہ اور ایم ٹی اے 3 کے سٹوڈیوز کا معائنہ فرمایا۔

بعد ازاں حضور انور گاڑی میں تشریف فرما ہوئے اور قافلہ کھانے کی مارکی کی طرف روانہ ہو گیا جہاں ریفریشمنٹ کا انتظام تھا۔ چنانچہ جلسے پر خدمت بجا لانے والے کارکنان کو یہ سعادت نصیب ہوئی کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نےاپنے خدام کی موجودگی میں ریفریشمنٹ تناول فرمائی۔ امسال ریفریشمنٹ میں سموسے، چنے کی چاٹ، کیک، گاجر کا حلوہ اور ساتھ چائے تیار کی گئی تھی۔

سات بجے کے قریب حضور انور یہاں سے روانگی کے لیے اٹھے اور کچھ دیر محترم وکیل اعلیٰ صاحب تحریک جدید انجمن احمدیہ کے پاس رکے اور انہیں شرفِ مخاطبت بخشا۔ مارکی سے روانگی کے وقت حضورِ انور جب دروازے کے پاس پہنچے تو بعض احبابِ جماعت نے اونچی آواز میں حضور انور کو السلام علیکم ورحمۃ اللہ کہا۔ اس پر حضورِانور کچھ دیر کے لیے رکے اور سب کو باری باری ہاتھ اٹھا کر وعلیکم السلام کی دعا کا تحفہ عطا فرمایا۔

بعد ازاں حضورِ انور نے اپنی موٹر کے پاس کھڑے ہو کر انجینئر ادریس صاحب سے حدیقۃ المہدی میں پانی کے نکاس کی بابت استفسار فرمایا۔اس کے بعد سات بجے کے کچھ دیر بعد حضورِ انور کا قافلہ قیام گاہ کی طرف روانہ ہو گیا۔ جب حضورِ انور کا قافلہ سڑک سے گزر رہا تھا تو سڑک کے دونوں اطراف سے احباب جماعت حضور انور کو ہاتھ ہلا کر السلام علیکم ورحمۃ اللہ کہہ رہے تھے۔

اس تقریب کو ایم ٹی اے انٹرنیشنل، الحکم، ریویو آف ریلیجنز، مخزن تصاویر اور الفضل انٹرنیشنل و دیگر نمائندگان نے کور کرنے کی توفیق پائی۔اللہ تعالیٰ کرے کہ یہ جلسہ ہر لحاظ سے کامیاب اور ثمرآور ہو۔ آمین

(رپورٹ: احسن مقصود، سید احسان احمد، ذیشان محمود، اسامہ بٹ)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button