جلسہ سالانہ

دنیا بھر کے احمدیوں کی جلسہ سالانہ یوکے میں شمولیت: ایک رپورٹ

جلسہ سالانہ برطانیہ ایک عالمی حیثیت کا حامل جلسہ ہے۔ حضورِ انور اس جلسہ میں بنفسِ نفیس شمولیت فرما رہےہیں تو پوری دنیا میں رونق کاسماں ہے۔ دنیا کے پانچوں برِ اعظموں پر بسنے والے احمدی وقت کی پروا کیے بغیر اپنے امام کے خطابات کو براہِ راست سننے کی کوشش کرتے ہیں۔ ذیل میں دنیا کے مختلف ممالک سے جلسہ سالانہ برطانیہ میں مواصلاتی رابطے کے ذریعہ شمولیت کی بابت موصولہ رپورٹس خلاصۃً پیش ہیں:

٭…جارجیا سے مکرم جواد بٹ صاحب، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیںکہ الحمد للہ جماعت احمدیہ جارجیا نے مردوں اور خواتین کا الگ الگ جگہ پر اجتماعی طور پر جلسہ سالانہ یوکے کی تمام کارروائی براہِ راست دیکھنے اور سننے کا انتظام کیا ہے۔ جمعہ کے روز جلسہ دیکھنے والوں کی تعداد چھ خدام اور تین مستورات تھی۔ اسی طرح اس موقع پر کھانے میں جلسہ کی روایت کو مد نظر رکھتے ہوئے دال اور آلو گوشت کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔ مزید برآں اجلاسات کے درمیان وقفے میں باجماعت نماز اور ریفریشمنٹ کا انتظام بھی کیا گیا۔

٭…برازیل سے حافظ احتشام احمد مومن صاحب، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ الحمد للہ جلسہ کے پہلے روز دو جگہوں پر جلسہ سالانہ کی کارروائی کے سننے کا انتظام کیا گیا تھا۔ جماعتی مرکز Petropolis میں سات احباب نے مسجد میں جلسہ کی کارروائی سنی۔ اسی طرح 3 افراد نے Rio De Janeiro میں خاکسار کے گھر میں جلسہ کی کارروائی سنی۔

٭…انڈونیشیا سے مکرم فضل عمر فاروق صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ انڈونیشیا میں اجتماعی طور پر عالمی جلسہ سالانہ یوکے 2022ء لائیو سننے کا انتظام چھ مقامات پر کروایا گیا ہے۔ امیر جماعت احمدیہ انڈونیشیا مولانا عبدالباسط صاحب سمیت بہت سے احمدیوں نے مرکزی مسجد، مسجد نصر میں جلسہ سنا۔ اسی طرح انڈونیشیا کے مختلف مقامات جیسے مسجد محمودہ گونرونگ (Gondrong)صوبہ بان تَن،مسجد النّور مانیس لورصوبہ مغربی جاوا ، مسجد مبارک بان ڈُونگ صوبہ مغربی جاوا،مسجد مبارک میدان صوبہ شمالی سماٹرا اور مسجد مبارک پادانگ مغربی سماٹرا میں اجتماعی طور پراحباب جماعت اس عالمی جلسہ میں شامل ہوئے۔ مکرم یوس نفل مظفر احمد مربی سلسلہ شمالی سماٹرا نے ذکر کیا کہ یہاں کے احباب جماعت نے بڑی اخلاص و وفا سے اس جلسےمیں شرکت کی۔ بعض احباب 200کلومیٹر سے زائد کا سفر طے کر کے جلسہ میں آئے۔ مسجد نصر میں نماز مغرب و عشاء کے بعد رات 7 بجے حضور انور کا خطبہ جمعہ احباب جماعت نے لائیو سنا۔ وقفہ اور کھانے کے بعد افتتاحی تقریب اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا افتتاحی خطاب بھی احباب جماعت نے لائیو سنا جو مقامی وقت کے مطابق رات بارہ بجے اختتام پذیر ہوا۔ بعض احباب جو دور سے آئے تھے، انہوں نے رات دار الضیافت میں قیام کیا۔

٭…سینیگال سے حافظ مصور احمد مزمل صاحب، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ دنیا کے تمام ممالک کی طرح مغربی افریقہ کے ملک سینیگال کے 14 ریجنز کی تمام جماعتوں میں بھی جلسہ سالانہ یوکے 2022ء بڑے جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔ اس سلسلہ میں اعداد و شمار کے ساتھ ایک مختصر خاکہ پیش ہے۔

سینیگال کے تمام ریجنز میں جلسہ اجتماعی و انفرادی طور پر دیکھا اور سنا جا رہا ہے ۔ خصوصاً حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبات و خطابات کے علاوہ دیگر ڈاکومنٹریز اور تربیتی پروگرام بھی دیکھے جا رہے ہیں۔

*اس ضمن میں سینیگال کے تمام ریجنز میں 18 جگہوں پر اجتماعی طور پر جلسہ سالانہ میں شامل ہونے کے انتظامات کیے گئے جن میں کثیر تعدادمیں احمدیوں اور دوسرے احباب نے شرکت کی۔

*انفرادی طور پر موصول ہونے والی رپورٹس کے مطابق 92 مقامات پر احباب نے ذاتی ڈش انٹینا اور موبائل ایپ کے ذریعہ اپنی فیملیز کے ساتھ جلسہ میں شرکت کی۔

*اس طرح کل 1593 احباب و خواتین اجتماعی و انفرادی طور پر جلسہ کے پروگرام سے مستفید ہوئے۔

*تانباکنڈا ریجن کے ایک شہر کسانار میں کیبل آپریٹر سے بات کر کے ایم ٹی اے لگوایا ہوا ہے۔ جلسہ سے پہلے ریڈیو پر اور دیگر ذرائع سے اعلانات کر کے جلسہ کے پروگرام کی طرف توجہ دلائی گئی۔ اس طرح کثیر تعداد میں جلسہ سالانہ لوگ گھروں میں دیکھ اور سن رہے ہیں۔ اس شہر میں گھرانوں کی تعداد 2000 کے قریب ہے۔

*امبور شہر کے تین مقامی ٹی وی چینلز پر بھی حضور انور کے خطابات کے دوران جلسہ کی کوریج کا انتظام کیا گیا۔ اس شہر میں محتاط اندازہ کے مطابق پانچ ہزار سے زائد احمدی و غیراز جماعت احباب جلسہ سے مستفید ہو رہے ہیں۔

*جلسہ کے دوران حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطابات کا مقامی زبانوں میں ترجمہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سینیگال کے متعدد ریجنز میں ریڈیو آپریٹرز کے تعاون سے وقت لیا گیا ہے اورلوکل زبانوں میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطابات نشر ہو رہے ہیں۔ جس سے احمدی و غیر احمدی سب استفادہ کر رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق ریڈیوز کے ذریعہ جلسہ کےسامعین کی تعداد پندرہ ہزار سے زائد ہے ۔

٭…لیتھوینیا سے مکرم احمد فراز صاحب، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ جماعت کے مشن ہاؤس میں گیارہ احباب جماعت نے جلسہ کی کارروائی سنی۔

٭…لائبیریا سے مکرم مرزا عمر صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ جمعہ کے روز جماعت احمدیہ لائبیریا کی جماعت مونروویہ کے 125 احباب کو جلسہ سالانہ یوکے میں لائیو شامل ہونے کی توفیق ملی۔ اسی طرح Monrovia جماعت میں 125 افراد نے اجتماعی طور پر جلسہ سنا۔ اس کے علاوہ لائبیریا کی کیپ ماؤنٹ جماعت، جلسہ سالانہ یوکے 2022ء میں شامل۔

٭…زیمبیا سے مکرم طاہر احمد سیفی صاحب، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے دوسرے ممالک کی طرح زیمبیا میں بھی سات مقامات پر اجتماعی طور پر جلسہ سالانہ یوکے کے لائیو پروگرام دکھانے کا انتظام کیا گیا۔ جلسہ سالانہ کے تینوں دن کا آغاز تمام مقامات پر باقاعدہ طور پر نماز تہجد کی ادائیگی سے کیا گیا۔ نماز فجر کی ادائیگی کے بعد قرآن کریم کا درس دیا گیا۔

زیمبیاکے مختلف دیہات سے احباب جماعت کی اکثر تعداد چالیس کلومیٹر سے زائد سائیکلوں پر سفر طےکر کے جلسہ سالانہ میں شمولیت کے لیے مشن ہاؤسز میں پہنچے۔ اس طرح اللہ تعالیٰ کے فضل سے 124افراد جماعت نے جلسہ کے پہلے دن حضور انور کے لائیو خطابات سے استفادہ حاصل کیا۔

جلسہ کے دوسرے روز حضور انور کے لجنہ اماء اللہ کے خطاب کے موقع پر 50 سے زائد مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے غیر جماعت افراد کو حضور انور کا لائیو خطاب سنایا گیا۔ ان افراد میں علاقہ کے سینئر چیف، مجسٹریٹ ، پولیس انسپکٹر، محکمہ تعلیم و جنگلات کے آفیسر،سابقہ کونسلر اور 20 اساتذہ اکرام شامل ہیں۔ اس طرح اللہ تعالیٰ کے فضل سے 210 افراد جماعت نے جلسہ کے دوسرے دن حضور انور کے لائیو خطابات سے استفادہ حاصل کیا۔

جلسہ سالانہ کے تیسرے دن بھی تمام سینٹروں میں احباب جماعت کو جلسہ کے تمام پروگرام لائیو سنائے گئے اور عالمی بیعت کے موقع پر احباب جماعت کے لیے ڈرنکس اور کیکس کا انتظام بھی کیا گیا۔ اس طرح اللہ تعالیٰ کے فضل سے 240 افراد جماعت نے جلسہ کے تیسرے دن حضور انور کے لائیو خطابات سے استفادہ حاصل کیا۔

٭…کیمرون سے محترم عبد الخالق نیر صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ کیمرون کی مختلف جماعتوں میں 72 مقامات پر احباب جماعت اجتماعی طور پر کل سے جلسہ سالانہ برطانیہ ایم ٹی اے پر ڈشز کے ذریعہ دیکھ رہے ہیں۔ اس کے علاوہ کیمرون میں کیبل سسٹم کے ذریعے سے 141 بڑے اور چھوٹے مقامات پر ایم ٹی اے افریقہ اور ایم ٹی اے العربیہ کے ذریعہ سے لاکھوں افراد جلسہ سالانہ یوکے کی برکات سے مستفید ہورہے ہیں۔ الحمدللہ علی ذالک

٭… کونگو برازاویل سے مکرم سعید احمد صاحب نمائندہ الفضل انٹر نیشنل تحریر کرتے ہیں کہ کونگو برازاویل میں ہمیں برازاویل، پوائنٹ نوار، اوویسو، گامبوما، انکائی، میونزی، پی کے 45 میں اجتماعی طور پر جلسہ سالانہ کی تمام نشریات بذریعہ ایم ٹی اے افریقہ لائیو دیکھنے کی توفیق ملی۔ جلسہ کے تین دن میں 830 افراد نے لائیو نشریات دیکھیں۔ دوران جلسہ حضور پرنور کے ایمان افروز خطابات سے متاثر ہو کر بفضلہ تعالیٰ 23 افراد کو جماعت میں بیعت کر کے شمولیت کی توفیق ملی۔ الحمد للہ۔ تینوں دن نماز تہجد باجماعت ادا کی گئی اور نماز فجر کے بعد قرآن کریم و احادیث کے حوالے خلافت و اطاعت خلافت کے موضوع پر درس دیے گئے۔

گامبوما جماعت میں ایک لوکل ٹیوی اور ریڈیو پر تمام پروگرامز لائیو دکھائے گئے۔ لوکل ٹی وی پر تین دن میں اندازاً چھ صد افراد نے جلسہ سالانہ دیکھا اور اس علاقہ کا واحد ریڈیو جسکو دیہات وغیرہ میں سنا جاتا ہے اور اس کی رینج 4 اضلاع تک ہے اور ایک اندازے کے مطابق بارہ ہزار افراد نے جلسہ سالانہ کی نشریات سے استفادہ حاصل کیا۔

جب حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنی زبان مبارک سے کونگو برازاویل کا نام لیا تو احمدی احباب کی خوشی کی کوئی انتہا نہ رہی اور عہد کیا کہ اب ہم پہلے سے بڑھ کر اپنی طاقت لگائیں گے تا کہ اگلے سال بھی حضور ہمارے ملک کا ذکر فرمائیں۔

جلسہ کے تینوں دن حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کا لنگر خانہ جاری رہا جسمیں یہاں لوکل دال جسکو آریکو بولتے ہیں گوشت کے ساتھ ملا کر پکائی گئی اور ساتھ چاول اور لوکل خوراک مانیوک کے ساتھ جلسہ میں شرکت کرنے والے احباب کی تواضع کی گئی۔
اللہ تعالیٰ دنیا کے تمام احمدیوں کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی تمام نصائح پر کما حقہ عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اور شرکاء جلسہ کے حق میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی دعائیں قبول فرمائے۔ آمین

٭…آئیوری کوسٹ سے مکرم عبد النور صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ آئیوری کوسٹ کی مختلف جماعتوں میں اجتماعی طور پر جلسہ سننے کا انتظام کیا گیا ہے۔ جماعت Man City میں 35، جماعت Grand Lahou میں 8، جماعت Gboyo میں 30، جماعت San Pedro میں 15، جماعت Oume City میں 20، مہدی آباد میں 100 سے زائد اور جماعت Abidjan میں 150 سے زائد احباب جماعت نے اجتماعی طور جلسہ سنا اور دیکھا۔

٭…مکرم عبد الناصرباجوہ صاحب، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تنزانیہ تحریر کرتے ہیں کہ الحمدللہ گزشتہ برس کی طرح امسال بھی جماعت احمدیہ تنزانیہ کو ایم ٹی اے کی وساطت سے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی توفیق مل رہی ہے۔

دو مقامات سے براہ راست ویڈیو لنک کا اہتمام تھا، جبکہ تنزانیہ کے جملہ 31ریجنز میں موجود تقریباً تمام جماعتوں میں بذریعہ ایم ٹی اے افراد جماعت اجتماعی اور انفرادی طور پر نہایت جذبہ و اخلاص سے جلسہ کے پروگرامز سن رہے ہیں اور روحانی فیض پا رہے ہیں۔ الحمد للہ

انہی ایام میں جلسہ گاہ تنزانیہ کے مقام پر خدام الاحمدیہ کا سالانہ اجتماع جاری تھا، اس طرح جملہ شاملین اجتماع نے ایک ساتھ جلسہ برطانیہ کی برکات سے فیض پایا۔ جلسہ کے پروگرامز احباب جماعت سواحیلی ترجمہ کے ساتھ سن رہے ہیں۔

٭…مکرم وسیم احمد سروعہ صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ آج بوسنیا میں مشن ہاؤس مسجد بیت السلام میں لجنہ اماء اللہ نے بڑے اہتمام سے پیارے حضور انور کا معرکہ آرا خطاب ترجمہ کی سہولت کے ساتھ سنا جو ساتھ ساتھ کیا گیا۔

صبح کے اجلاس نیز لجنہ اماء اللہ کے خطاب اور حضور انور کے دوسرے دن کے آخری خطاب کو 23احباب و خواتین نے سنا۔ احباب کی خدمت میں دوپہر اور رات کے کھانے کا انتظام کیا گیا تھا۔چند مہمان دور سے تشریف لائے تھے اور مشن ہاؤس میں قیام پذیر ہیں تا کل بروز اتواربھی جلسہ سالانہ کی برکات سے مستفیض ہو سکیں۔

٭…برازیل سے حافظ احتشام احمد مومن صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ الحمد للہ ہفتہ کے روز بھی برازیل میںجلسہ سالانہ کی کارروائی کے سننے کا اہتمام کیا گیا تھا۔ جماعتی مرکز Petropolis میں 11 احباب نے مسجد میں جلسہ کی کارروائی سنی۔

٭…جارجیا سے مکرم جوابد بٹ صاحب، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ الحمد للہ جماعت جارجیا میں جلسہ کے دوسرے دن بھی مرد و خواتین کو الگ الگ جگہوں پر اجتماعی طور پر جلسہ سالانہ کو دیکھنے اور سننے کا انتظام کیا گیا۔

جلسہ کے دوسرے دن 6 خدام اور 5 لجنہ اماء اللہ نے اجتماعی طور پر جلسہ میں شرکت کی۔ کھانے میں جلسہ کی روایت کو مد نظر رکھتے ہوئے دال اور آلو گوشت کا انتظام کیا گیا۔

الحمد للہ سب احباب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا دوسرے دن بعد دوپہر کا ایمان افروزخطاب لائیو سنا۔ اللہ تعالیٰ کے فضائل و برکات جو کہ گزشتہ سال جماعت احمدیہ عالمگیر پر ہوئے ہیں ان کو سن کر دل اللہ تعالیٰ کی حمد سے بھر گیا۔

٭…پرتگال سے مکرم فضل احمد مجوکہ صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ مشن ہاؤس میں اجتماعی طور پر جلسہ کی کارروائی دیکھنے کے انتظامات کیے ہیں۔ جماعتِ احمدیہ پرتگال کے مختلف شہروں سے افرادِ جماعت عالمی بیعت کی تقریب اور حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے پاکیزہ کلمات سے مستفید ہونے کے لیے لزبن مشن ہاؤس تشریف لائے ہیں۔ احبابِ جماعت کے لیے کھانے اور چائے کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ یہاں بھی جلسے جیسا ہی ماحول ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں خلیفہ وقت کی نصائح پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

٭…ہالینڈ سے مکرم عدیل باسم صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ 100سے زائد افراد جماعت ہالینڈ جن میں خدام ، انصار ، اطفال اور لجنہ اماء اللہ شامل ہیں جلسہ سننے کے لیے بیت النور نن سپیٹ ہالینڈ میں جمع ہوئے۔ ان میں زیادہ تر وہ افراد جماعت شامل ہیں جو کچھ عرصہ قبل پاکستان سے آئے ہیں۔ احباب جماعت کے لیے جلسہ سالانہ کی مناسبت سے کھانے کا انتظام کیا گیا۔

٭…کونگو کنشاسا سے مکرم شاہد محمود خان صاحب تحریر کرتے ہیں کہ کونگو کنشاسا میں جلسہ سالانہ یوکے جوش و جذبہ کے ساتھ سنا اور دیکھا گیا۔ جلسہ کے آغاز سے قبل IAAAE کی مدد سے 20 ایم ٹی اے سنٹرز کو فعال کیا گیا۔

ریجن وار رپورٹ مندرجہ ذیل ہے۔

کنشاسا ریجن: اس ریجن کی جماعتوں MasinaKimbanseke,Ndjili,Bita,Barumbu Gombeاور Malukuمیں لائیو ٹیلیکاسٹ کا اہتمام کیا گیا۔ دوسرے دن کی حاضری پہلے دن کے مقابلہ میں زیادہ تھی۔ دوسرے دن حاضری363احباب و خواتین تھی۔

Central Congoریجن: اس ریجن کی 7جماعتوں میں جلسہ سالانہ کی نشریات سے احباب جماعت مستفید ہو رہے ہیں۔ ریڈیو اسلامک احمدیہ کے ذریعہ بھی یہ نشریات کئی دیہات تک جا رہی ہیں۔ جن جماعتوں میں ایم ٹی اے اور ریڈیو اسلامک احمدیہ کے ذریعہ جلسہ سالانہ سننے کا اہتمام کیا جا رہا ہے ان میں Mbanza Ngungu,Kinzao Mvuete,Sekebanzaa,Matadi Nsanda,KikiamaاورKiesieseشامل ہیں۔ کل حاضری205رہی۔

Kananga ریجن: اس ریجن کی 6جماعتوں Kananga,Ilebo,Luiza,Demba,Mbuji MayiاورTshikapaمیں لائیو نشریات کا اہتمام کیا گیا۔ کل حاضری 400رہی۔ جماعت Ileboمیں پروجیکٹر لگا کر جلسہ سنوانے کا انتظام کیا گیا اور یہاں پر لنگالا زبان جو کہ لوکل زبان ہے اس کے رواں ترجمہ کا بھی انتظام کیا گیا۔

Kikwitریجن: اس ریجن میں خاص بات یہ ہے کہ ان کا جلسہ سالانہ بھی منعقد ہو رہا ہے اس لیے اس ریجن کی قریبی جماعتیں Kikwitشہر میں جمع ہو رہی ہیں اور وہیں جلسہ کی نشریات سے احباب و خواتین مستفید ہوئے۔ کل حاضری402رہی۔

Bandunduریجن: اس ریجن میں 7 جماعتوں میں جلسہ سالانہ دیکھا اور سنا جا رہا ہے۔ ان جماعتوں میں Bandunduشہر، Nioki,Nkwab,Bemu,Nsakiey,Nkasalaاور Gemenaشامل ہیں۔ ایم ٹی اے کے علاوہ 2عدد مقامی ٹی وی چینلز پر بھی جلسہ کی نشریات لائیو چل رہی ہیں۔ آج کی حاضری620ہے۔

Bukavuریجن: اس ریجن کی دور دراز جماعتوں میں بھی4جگہوں پر جلسہ کی لائیو ٹیلیکاسٹ دیکھی گئی۔ ان جماعتوںمیںUvira,Mudaka,Kamitugaاور Karomoشامل ہیں۔201احباب جماعت اور 22مہمان جلسہ کی لائیو ٹیلیکاسٹ سے مستفیض ہوئے۔مہمانان میں علاقہ کے پولیس چیف اور Human Rights کے نمائندہ بھی شامل تھے۔

Inongo ریجن: یہاں پر 2جماعتوں میں انتظام کیا گیا اور87 افراد نے جلسہ سنا۔

اللہ کے فضل سے جلسہ کے دوران کونگو کنشاسا کے طول و عرض میں2298احباب و خواتین و مہمانان نے جلسہ سالانہ یوکے کی لائیو نشریات سے استفادہ کیا۔ ان میں شہروں میں رہنے والے، دیہات میں رہنے والے جنگلوں کے باسی، جنگ زدہ علاقوں میں رہنے والے اور ایسی جماعتوں کے احمدی بھی شامل ہیں جن تک کوئی زمینی راستہ نہیں جاتا۔ الحمد للہ علیٰ ذالک۔

٭…کونگو برازاویل سے مکرم سعیداحمد صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ الحمد للہ ثم الحمد للہ جلسہ کے پہلے دن ایم ٹی کے ذریعے پوری دنیا نے جلسہ سالانہ یوکے کی رونقوں کو اپنی آنکھوں سے دیکھا اور پیارے آقا کے خطبہ جمعہ اور پہلے خطاب سے اپنے ایمانوں میں تپش محسوس کی۔ جماعت احمدیہ کونگو برازاویل کی طرف سے پیارے آقا اور جماعت یوکے اسی طرح جماعت احمدیہ عالمگیر کی خدمت میں یوکے جلسہ سالانہ کے انعقاد پر مبارک صد مبارک۔

مورخہ 5؍اگست بروز جمعہ جلسہ سالانہ یوکے کے موقع پر جماعت احمدیہ کونگو برازاویل کو دن کا آغازنماز تہجد باجماعت سے کرنے کی توفیق ملی۔ کونگو برازاویل میں ہمیں برازاویل،پوائنٹ نوار، اوویسو ، گامبوما ، انکائی ، میونزی اور پی کے 45میں اجتماعی طور پر جلسہ سالانہ کی تمام نشریات بذریعہ ایم ٹی اے افریقہ لائیو دیکھنے کی توفیق ملی۔

گامبوما جماعت میں ایک لوکل ٹی وی اور ریڈیو پر تمام پروگرامز لائیو دکھائے گئے۔ ٹی وی ایک اندازے کے مطابق تین صد افراد دیکھتے ہیں اور اس علاقہ کا واحد ریڈیو جس کو دیہات وغیرہ میں سنا جاتا ہے ایک اندازے کے مطابق 1000 افراد اس سے استفادہ کرتے ہیں ۔

٭… گنی کناکری سے مکرم طاہر محمود عابدؔ صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسہ سالانہ یو کے 2022ء کے دوسرے روز بڑی تعداد میں جلسہ کی نشریات ایم ٹی اے کے ذریعہ دیکھی اور سنی گئیں۔ الحمد للہ علیٰ ذالک

مندرجہ ذیل جماعتوں میں جلسہ کی نشریات دیکھی اور سنی گئیں۔ شاملین تی تعداد بھی ساتھ درج ہے۔ کنانکری (28 شاملین)، کنیایا (125)، دابویا (96)، فیلایا (98)، سومبویاڈی (120)، فولایا (17) اور کالیتا (153)۔

٭…ملائیشیا سے مکرم وسیم احمد اعوان صاحب تحریر کرتے ہیں کہ مقامی وقت کے مطابق رات سوا بارہ بجے احباب جماعت سلائینگ مولیا ملائیشیا نے حضور انور کا اختتامی خطاب لائیو دیکھا اور سنا۔ان میں بچے بھی موجود تھے۔

٭…ہنگری سے مکرم عطاء الوحید منعم صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت ہنگری نے بھی اجتماعی طور پر جلسہ میں شمولیت کی توفیق پائی۔

اختتامی خطاب کے لیے ایک ہال لے کر پروجیکٹر کے ذریعے جلسہ کی کارروائی مردانہ ہال میں دکھائی گئی۔ مستورات کی طرف بھی سکرین لگائی گئی۔ حاضری 20 افراد (2مہمان) تھی۔ بعد جلسہ عشائیہ کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اور نماز مغرب وعشاء باجماعت ادا کی گئیں۔

٭…سویڈن سے مکرم رضوان افضل صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے دنیا بھر کی جماعتوں کی طرح جماعت سویڈن کو بھی جلسہ سالانہ یوکے پر خاص اہتمام کی توفیق ملی۔ سویڈن کی تین جماعتوں میں مساجد اور نماز سینٹرز میں جلسے کے آخری دن اکٹھے ہو کر جلسہ کے سننے کا انتظام کیا گیا۔ ان جماعتوں میں گوتھن برگ، مالمو اور لولیو شامل ہیں۔ بڑی تعداد میں احباب جماعت نے انتہائی جوش و خروش کے ساتھ اس پروگرام میں شمولیت اختیار کی۔ حضور انور ایدہ اللہ کے خطاب اور دعا کے بعد تمام شاملین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ اس موقعے پر جلسے کی روایا ت کے مطابق دو جماعتوں میں آلو گوشت پکایا گیا اسی طرح عالمی بیعت کی خوشی میں زردہ بھی احباب جماعت کو پیش کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہم سب کو ہمیشہ خلافت کے تابع رہنے کی توفیق عطا فرمائے اور اطاعت کے نتیجے میں جن انعاموں کا اللہ تعالیٰ نے وعدہ فرمایا ہے ہم سب ان کے وارث بنیں۔ آمین۔

٭…برکینافاسو سے مکرم محمد اظہار احمد راجہ صاحب، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ برکینافاسو میں بھی امسال یہ مرکزی جلسہ بھرپور طور پر منعقد کیا گیا۔ جلسہ کے تینوں دنوں میں دن کا آغاز نماز تہجد سے کیا جاتا، نمازوں کے بعد احباب جماعت کو جلسہ کے پروگرامز کے اوقات کی یاد دہانی کروائی جاتی اور زیادہ کوشش یہ کی گئی کہ احباب جماعت اجتماعی طور پر جلسہ کی نشریات مساجد اور سنڑز میں دیکھیں۔

ریڈیو احمدیہ کی نشریات: الحمدللہ جماعت احمدیہ برکینافاسو کے چار عدد ریڈیو سٹیشن ہیں ان میں بھی جلسہ کے دوران جلسہ کی تمام تر کارروائی ملک کی چار بڑی لوکل زبانوں (مورے، جولا، فلفلدے اور بیسا) میں براہ راست ترجمہ کر کے نشر کی جاتی رہی اور جلسہ کے سیشنز کے بعد جلسہ کی مناسبت سے تیار کردہ سپیشل ٹرانسمشن چلائی جاتی رہی۔

وڈیو پیغامات وتصاویر: جلسہ کے تین دنوں کےدوران 90 ویڈیو کلپس بھی جلسہ سالانہ برطانیہ کے مخلتف سوشل میڈیا ہینڈلز پر ارسال کیے گئے جس میں اطفال، ناصرات کی طرف سے ایک بڑی تعداد کے علاوہ احباب جماعت کی طرف سے جلسہ مبارک، کلمہ طیبہ، نعرہ ہائے تکبیر، جماعت اور خلافت احمدیہ کے متعلق نعرے شامل تھے الحمدللہ ان میں سے 15 ویڈیو پیغامات اور متعدد تصاویر ایم ٹی اے نے نشر بھی کیں۔

جلسہ پرومو ویڈیو اور بوسٹنگ: امسال ٹیکنالوجی کے ایک اور ذریعہ سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اسے بروئے کار لایا گیا۔ جلسہ سالانہ کے متعلق ایک ویڈیو پرومو بنا کر اس کو فیس بک کے پلیٹ فارم سے برکینافاسو میں بوسٹ کیا گیا الحمدللہ یہ تجربہ کامیاب رہا اور اس کے ذریعہ سے 53883 لوگوں نے اس کو دیکھا۔

ٹی وی چینل 3TV پر نشریات: ہر سال کی طرح امسال بھی برکینافاسو نے جلسہ کے تینوں دنوں میں حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی بابرکت موجودگی والے تمام سیشنز کو ٹی وی چینل 3TV کے ذریعہ تمام ملک میں براہ راست نشر کیا۔ یہ چینل TNT کے علاوہ CANANL plus ڈش نیٹ ورک کے ذریعہ برکینافاسو کے علاوہ افریقہ بھر میں بھی دیکھا جاتاہے اور اس CANANL plus Bouquet کی ویوررشپ 740 ملین لوگوں کی ہے۔

ورچوئل شمولیت: الحمدللہ جلسہ سالانہ برطانیہ کے تیسرےروز برکینافاسو کو ورچوئل شمولیت کی توفیق بھی ملی اس سلسلہ میں ایک بڑا اجتماع احمدیہ سنڑل مشن، سومگاندے جو کہ دارالحکومت واگا ڈوگو میں واقع ہے میں منعقد ہوا اس میں تقریباً 250 احباب جماعت مردو زن نے شرکت کی۔

لنگر حضرت مسیح موعودؑ: ملک بھر میں جہاں بھی اجتماعی طور پر جلسہ سالانہ کی نشریات دیکھنے کا انتظام کیا گیا تھا وہاں کوشش یہ کی جاتی تھی کہ لنگر کا کھانا جو کہ آلو گوشت بھی ہے تیار کیا جائے اور اس مرتبہ ایک بڑی تعداد نے اس کھانے کو تیار کر کے اپنے اپنے انداز میں احباب جماعت اور مہمانوں کو پیش کیا۔

٭…کینیا سے مکرم محمد افضل ظفر صاحب، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ جلسہ سالانہ یوکے کے انعقاد سے کئی روز پہلے جلسہ ہذا کا پروگرام تمام افراد جماعت تک پہنچایا گیا اور ایم ٹی اے کے ذریعہ اجتماعی و انفرادی طور پر جلسہ کی کارروائی دکھانے کا بندوبست کیا گیا جس کے مطابق اللہ تعالیٰ کے فضل سے کینیا کے طول و عرض میں ہزاروں احمدیوں نے جلسہ ہذا کو دیکھنے کی سعادت حاصل کی۔ اکثر جگہوں پر اجتماعی لنگر کا بندوبست بھی کیا گیا۔

مکرم محمد احمد عدنان ہاشمی صاحب انچارج نیروبی ریجن کی اطلاع کے مطابق ان کے ریجن کی پانچوں جماعتوں میں نماز سنٹرز میں اجتماعی طور پر جلسہ سالانہ یوکے کے پروگرام دیکھنے کے علاوہ درجنوں احمدیوں نے اپنے اپنے گھروں میں بھی ان پروگراموں کو دیکھا اور اپنے دوستوں، عزیز و اقارب اور زیر تبلیغ احباب کو بھی مدعو کیا اور سنٹرز میں لنگر کا اہتمام بھی کیا گیا۔ اسی طرح نکورو ریجن سے ناصر محمود صاحب مبلغ سلسلہ نے اپنے ریجن کی چھ جماعتوں میں اجتماعی طور پر جلسہ سالانہ یوکے کے پروگرام دکھائے جانے کی اطلاع دی جہاں 200 سے زائد احباب نے شرکت کی۔ کسومو ریجن کے انچارج مکرم فہیم احمد لکھن صاحب نے ریجن ہذا کی پانچ جماعتوں میں اجتماعی طور پر جلسہ یوکے پروگرام دکھانے کے علاوہ متعدد گھروں میں بھی جلسہ کے پروگرام دیکھنے کی رپورٹ دی ہے جس میں احباب جماعت نے بھرپور شرکت کی اور لنگر کا بھی بندوبست کیا۔ ایلڈوریٹ ریجن میں بھی اجتماعی اور انفرادی طور پر جلسہ ہذا کی کارروائی دکھائی گئی۔ مکرم ملک بشارت احمد صاحب مبلغ سلسلہ ویسٹرن ریجن نے بھی سات مختلف مقامات پر اجتماعی اور متعدد گھروں میں انفرادی طور پر جلسہ کے پروگرام دیکھے جانے اور لنگر کے اہتمام کی اطلاع دی ہے۔ اور یہ بھی لکھا ہے کہ ان پروگراموں کا نومبائعین اور غیر از جماعت مہمانوں پر بہت اچھا اثر پڑا ہے اور انہوں نے بہت اچھے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ مکرم عبد اللہ حسین جمعہ صاحب مبلغ سلسلہ ٹاویٹا نے اپنے ریجن کی تینوں جماعتوں میں تینوں دن احباب جماعت کے نماز سنٹرز میں آکر جلسہ کی کارروائی دیکھنے اور لنگر کے اہتمام کا ذکر کیا ہے۔ مکرم شیخ یوسف رشید اباٹ صاحب انچارج مبلغ کوسٹ بی ریجن نے اپنے ریجن میں اجتماعی اور انفرادی طور پر جلسہ ہذا کے پروگرام دکھانے اور لنگر کا بندوبست کرنے کی رپورٹ دی ہے۔ کوسٹ بی ریجن سے مکرم چودھری بشارت احمد طاہر صاحب نے بھی اپنے ریجن کی جماعتوں میں جلسہ سالانہ لندن کے پروگرام اجتماعی اور انفرادی طور پر دکھائے جانے کا اہتمام کیا۔ الحمد للہ علیٰ ذلک۔ اس طرح باقی ریجنز میں بھی جلسہ کی برکات سے مستفیض ہونے کے پروگرام مرتب کیے گئے۔

آخر پر تمام احباب جماعت کی خدمت میں درخواست دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنے پیارے آقا کے ارشادات و نصائح پر کما حقہ عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی دعائیں ان تمام شاملین جلسہ کے حق میں بھی قبول فرمائے جو کسی طرح سےبھی اس جلسہ میں شامل ہوئے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button