یورپ (رپورٹس)

چیک ریپبلک میں عید الاضحیٰ

(کاشف احمد جنجوعہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل چیک ریپبلک)

خدا تعالیٰ کے فضل سے امسال عید الاضحی دوبارہ اپنی شان و شوکت کے ساتھ چیک ریپبلک میں منعقد ہوئی۔ اس دفعہ یہ عید چیک ریپبلک کے شہر Žalhostice میں ہوئی۔ یہ جگہ دار الحکومت سے تقریباً 70 کیلومیٹر کے فاصلہ پر واقع ہے۔ عید سے ایک ماہ قبل اس شہر کے مئیر سے ملاقات ہوئی جس میں جماعت احمدیہ کا تفصیلی تعارف پیش ہوا۔ اسی طرح مئیر کو گفتگو کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ مسلمانوں کے سال میں دو تہوار ہوتے ہیں جس میں سے ایک تہوار اگلے مہینہ ہوگا۔ اس ضمن میں مئیر نے جماعت کو اس شہر کے شاندار ہال کی پیشکش کی اور بہت تعاون کیا۔

اس ہال میں خدا کے فضل سے مردو زن کے باقاعدہ پردے کا انتظام تھا اور دو بڑے ہال موجود تھے۔

الغرض نمازِ عید مورخہ 10؍جولائی بروز اتوار کو منعقد ہوئی۔ جملہ احباب کا استقبال ہوا اور نمازِ عید کا آغاز بروقت ہوا۔ بعد ازاں خطبہ عید میں حضرت ابراہیمؑ و حضرت اسمٰعیلؑ کی قربانی کا ذکرِ خیر ہوا اور اس قربانی کی حقیقت کو سمجھانے کی کوشش کی گئی۔ بعد ازاں دعا ہوئی۔

دو سال سے کسی حد تک جو خوشیاں ماند پڑی ہوئی تھیں اب ربِّ ذوالجلال کے کرم سے کورونا کی عالمی وباء کی شدت کافی حد تک کم ہو گئی ہے اور اس کے نتیجے میں جو پابندیاں عائد تھیں وہ بھی بہت حد تک دور ہو گئی ہیں۔ لہٰذا دعا کے بعد احبابِ جماعت اپنی خوشیوں کا بھرپور طریق سے اظہار کرسکے۔

بعد ازاں حضورِ انور کا خطبہ بڑی سکرین پر سنا گیا اور حضورِ انور ایدکم اللہ تعالیٰ کے ساتھ جملہ احباب دعا میں شریک ہوئے۔

اس دوران احباب کو شعبہ ضیافت کی طرف سے ریفریشمنٹ بھی پیش کی گئی۔

حضور انور کے خطبہ عید کے بعد احباب کی تفریح کے لیے badminton کھیلنے کا بھی انتظام تھا جس سے افرادِ جماعت بہت محظوظ ہوئے۔

اس کے بعد نمازِ ظہر و عصر اداہوئیں اور وقارِ عمل کے ساتھ اس بابرکت دن کااختتام ہوا۔ اس عید میں ہمارے ساتھ 300 کیلومیٹر دور سے بھی احباب شامل ہوئے۔اس بابرکت دن کی کُل حاضری 20 تھی۔ جس میں مرد و زن اور بچے شامل ہیں۔

قارئینِ الفضل سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری جملہ کاوشوں میں برکت ڈالے اور ہم حضرت خلیفۃ المسیح کے حقیقی سلطانِ نصیر بنیں۔ آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button