افریقہ (رپورٹس)کچھ جامعات سے

تیسری تقریب تقسیم اسناد جامعۃ المبشرین برکینافاسو 2022ء

اللہ تعالیٰ کے فضل سے برکینافاسو میں جامعۃ المبشرین کی ابتدا 2017ء میں ہوئی۔ اس جامعہ میں فرنچ ممالک سے تعلق رکھنے والے طلباء تعلیم کے لیے آتے ہیں۔یہ پہلا اور منفرد جامعہ احمدیہ ہے جو مکمل فرنچ میڈیم ہے۔ اس وقت اللہ تعالیٰ کے فضل نو ممالک کے60طلباء جامعۃ المبشرین میں پڑھ رہے ہیں۔ ان میں برکینافاسو، بینن، نائیجر، مالی، کانگو کنشاسا، کانگو برازاویل، سینیگال، گنی کناکری اور سینٹرل افریقہ کے طلباء شامل ہیں۔ اس سال جامعۃ المبشرین سے تیسر ی کلاس فارغ التحصیل ہوئی ہے۔ پہلے سال 18، دوسرے سال 16 اور اس سال 15 مبلغین جامعۃ المشرین سے فارغ التحصیل ہوئے ہیں۔ اس طرح اب تک چھ ممالک کے کل 49 مبلغین اس جامعہ کو تیار کرنے کی توفیق عطا ہوئی ہے جن کی ملک وار تفصیل یہ ہے۔

برکینافاسو: 21

بینن: 13

مالی: 8

نائیجر: 3

کانگو کنشاسا: 3

کانگو برازاویل: 1

کل: 49

سال 2021-2022ء کی مختصر کار گزاری رپورٹ

علمی مقابلہ جات

جامعہ کے طلباء کی علمی صلاحیتیں بڑھانے کے لیے ہر سال مجلس علمی کے تحت مختلف مقابلہ جات کروائےجاتے ہیں۔ دوران سال 16مقابلہ جات کروائے گئے جن میں تلاوت، نظم، اذان، پیغام رسانی، عربی فرنچ اور اردو میں تقاریر کے مقابلہ جات، فرنچ زبان، اردو اور عربی میں فی البدیہہ تقریر، خطبات امام، حفظ قرآن، حفظ ادعیہ، حفظ حدیث، قصیدہ، مشاہدہ معائنہ اور لطائف کے مقابلہ جات شامل تھے۔

ورزشی مقابلہ جات

جامعہ میں طلباء کی جسمانی صحت برقرار رکھنے کے لیے روزانہ باقاعدگی سے کھیلو ں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ نیز ہر سال تین دنوں کے لیے سالانہ ورزشی مقابلہ جات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ ان مقابلہ جات میں فٹ بال، کرکٹ، والی بال، رسہ کشی، باڑی، ثابت قدمی،پنجہ آزمائی، دوڑ 100 میٹر، نشانہ غلیل، ہائی جمپ، لانگ جمپ، تین ٹانگ دوڑ، بوری ریس، ریلے ریس، کلائی پکڑنا، تیز چلنا دس کلومیٹر اور روک دوڑ کے مقابلہ جات شامل ہیں۔

مجلس ارشاد

جامعہ میں ہر سال مجلس ارشاد کے تحت مختلف علمی و تربیتی سیمینارز اور جلسہ جات منعقد کیے جاتے ہیں۔ چنانچہ اس سال مندرجہ ذیل پروگرام منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ جلسہ سیرۃالنبیﷺ، جلسہ یوم مسیح موعود، جلسہ یوم مصلح موعود، جلسہ یوم خلافت نیز برکینافاسو کی یوم آزادی کے موقع پر بھی پروگرام منعقد کیا گیا۔

وقار عمل

وقار عمل جماعت احمدیہ کا طر امتیاز رہا ہے۔ جامعۃ المبشرین کے طلباء میں بھی وقار عمل کی روح پیدا کرنے کے لیے باقاعدگی سے وقار عمل کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ چنانچہ طلباء کی وقار عمل میں مساعی کی جھلک واضح طور پر برکینافاسو کے جلسہ سالانہ اوراجتماع خدام الاحمدیہ پر نظر آتی ہے جس میں طلباء بے لوث ہوکر دن رات وقار عمل کرکے تمام انتظامات کرتے ہیں اور حضرت مسیح موعودؑ کے مہمانوں کی مدارت میں کوئی کمی نہیں آنے دیتے۔

تبلیغ

دوران سال تین دفعہ شہر کے مختلف حصوں میں طلباء نے پانچ ہزار کی تعدادمیں پمفلٹ تقسیم کیے۔ اسی طرح واگہ ڈوگو میں اس سال ایک کتابی میلہ لگا جس میں جماعت کا سٹال بھی لگایا گیا اس میں طلباء نے دو لاکھ فرانک سیفا کی جماعتی کتب فروخت کیں۔

وقف عارضی

جماعت کی تاریخ میں وقف عارضی کی بھی اپنی جگہ اہمیت ہے۔ چنانچہ ہر سال چھٹیوں میں جامعہ کے طلباء کو مختلف جماعتوں میں وقف عارضی کے لیے بھیجا جاتا ہے۔ چنانچہ جہاں اس سے طلباء کو فیلڈ کا تجربہ ہوتا ہے وہاں جماعتیں بھی اس سے فائدہ اٹھاتی ہیں۔ خدام و اطفال و انصار کی تربیتی کلاسز کاانعقاد کیا جاتا ہے اور تبلیغی پروگرام بھی بنائے جاتے ہیں۔ اس سال فارغ التحصیل ہونے والی کلاس دو بار وقف عارضی کے بابرکت پروگرام میں شرکت کرچکی ہے۔

خدمت خلق

رمضان المبارک کے مہینہ میں طلباء کی طرف سے بستان مہدی کے سامنے سےگزرنے والی گھانا-برکینافاسو ہائی وے پر مسافروں کے لیے افطاری کے وقت ٹھنڈے پانی کا انتظام کیا گیا۔ اور روزانہ دو صد پیکٹ تقسیم کیے۔ اس کے علاوہ عید الفطر پر جامعۃ المبشرین کے گردو نواح میں رہنے والوں میں چینی اور چاول کے تحائف تقسیم کیے گئے نیز عید الاضحی کے موقع پر گوشت تقسیم کیا گیا۔

تقریب تقسیم اسناد

31؍جولائی 2022ء کو تیسری تقریب تقسیم اسناد منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی مکرم محمود ناصر ثاقب امیر ومشنری انچارج برکینا فاسو تھے۔ دیگر مہمانوں میں نیشنل مجلس عاملہ، عاملہ مجلس خدام الاحمدیہ، طلباء کے والدین، چئیرمین ہیومنٹی فرسٹ، انچارج مسرور آئی انسٹی ٹیوٹ، ڈاکٹرز اور دیگر معززین کرام شامل تھے۔

ساڑھے گیارہ بجے تقریب کا آغاز قرآن کریم کی تلاوت سے ہوا جو عزیزم احمدو بخاری طالب عالم سال دوم نے کی اور فرنچ ترجمہ پیش کیا۔ اس کے بعد عزیزم تنگارا عبد الوہاب طالب علم سال دوم نے اردو نظم پیش کی اور ساتھ فرنچ ترجمہ پیش کیا۔ عزیزم ناہی حمیدو طالب عالم سال دوم نے سپاس نامہ پیش کیا جس میں جامعۃ المبشرین میں فارغ التحصیل کلاس کے لیے اپنے جذبات کا اظہار کیا اور ان کے ساتھ گزارے ہوئے سال اور دلچسپ واقعات کا ذکر کیا۔ اس کے جواب میں فارغ ہونے والی کلاس کے نمائندہ عزیزم چندر بیگو لقمان نے گزرے ایام کے خوبصورت لمحات و دلکش یادوں سے کچھ واقعات پیش کیے اور تمام کلاس کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے احساسات کا ذکر کیا۔

پھر طلباءکے گروپ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا خوبصورت قصیدہ پیش کیا۔ بعد ازاں حافظ محمد بلال طارق استاد جامعۃ المبشرین نے علمی مقابلہ جات و دیگر سرگرمیوں کی رپورٹ پیش کی۔ اس سال مجلس علمی کے مقابلہ جات میں شجاعت گروپ نے اول پوزیشن حاصل کی۔ دوسری پوزیشن صداقت گروپ نے حاصل کی۔ جبکہ بہترین طالب علم بینن کے حافظ Atchede سلام قرار پائے۔

اس سال پہلے سال میں پہلی پوزیشن Tchitenge ابراہیم (کانگو کنشاسا)، دوسری حافظ Atchede سلام (بینن) اور تیسری Kanazoe Salif (برکینافاسو) نے حاصل کی۔ دوسرے سال میں پہلی پوزیشن مالی کے طالب علم Tangara عبد الوہاب، دوسری مالی کے Traore حمزہ اور تیسری پوزیشن Nahi Hamidou طالب علم بینن نے حاصل کی۔ تیسرے سال میں پہلی پوزیشن بینن کے Aka Osseni، دوسری پوزیشن برکینافاسو کے Mande Adama اور تیسری پوزیشن بینن کے Assouma Fatahou نے حاصل کی۔

بعد ازاں امیر صاحب برکینافاسو نے مختلف علمی مقابلہ جات میں پوزیشن لینے والے طلباء میں انعامات تقسیم کیے نیز فارغ التحصیل کلاس میں اسناد تقسیم کیں اور طلباء کو نصا ئح کیں اور ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ اس سال اللہ تعالیٰ کے فضل سے 5ممالک کونگو کنشاسا، مالی، بینن، نائیجر و برکینافاسو سے تعلق رکھنے والے 15مبلغین جامعۃ المبشرین سے فارغ التحصیل ہوئے ہیں۔ الحمد للہ علیٰ ذالک۔ ان کی تفصیل درج ذیل ہے۔

 1Burkina FasoMande Adama  Boly Amidou  Tiendrebeogo Louqmane  Sawadogo Aboubacar
2BeninAka Osseni Assouma Fataou  Sonon Noel Abdou Razack  Adamou Abdoul Hamed Tonou Adahou Abdoul Kouddousse
3Mali Diallo Alou  Ibrahim Naco  Werintin Moustapha
4Niger Abubacar Oumarou
5Congo Kinshasa   Salanga Plamedi Djafar Nday  Manovre Ndukute Francois Umar

آخر میں چوہدری نعیم احمد باجوہ صاحب پرنسپل جامعۃ المبشرین نے مہمانان کرام کا شکریہ ادا کیا اور فارغ التحصیل کلاس کے لیے نیک تمناؤ ں کا اظہار کیا۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی اور طلباء کے ساتھ گروپ فوٹو کھنچوائی گئی۔

تقریب کے بعدنماز ظہر و عصر ادا کی گئیں اور مہمانان کرام میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ جامعۃ المبشرین برکینا فاسو سے فارغ التحصیل ہونےو الے ان مبلغین کو جماعت کے لیے مفید وجود بنا دے۔

(رپورٹ: مبارک احمد منیر۔ استاد جامعۃ المبشرین برکینافاسو)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button