افریقہ (رپورٹس)

دوسرا ریفریشر کورس نیشنل عاملہ و ریجنل قائدین مجلس خدام الاحمدیہ سیرالیون

(عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سیرالیون)

مکرم جوزف لامین کمارا صاحب معتمد مجلس خدام الاحمدیہ سیرالیون تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 18 اور 19؍جون 2022ء کو مجلس خدام الاحمدیہ سیرالیون کی نیشنل عاملہ و ریجنل قائدین برائے سال 22-2021ء کاریفریشر کورس منعقد ہوا۔ پہلا ریفریشر کورس مورخہ 11 اور 12؍دسمبر 2021ء کو منعقد ہوا تھا جبکہ اس کے معاً بعد ماہِ دسمبر 2021ء و ماہِ جنوری 2022ء میں تمام ریجنز میں ریجنل عاملہ جات و لوکل قائدین کے ریفریشر کو رسز کروائے گئے۔ ہر دو کی رپورٹ الفضل میں شائع شدہ ہے۔ اس کے علاوہ 21 تا 23؍جنوری 2022ء ریجنل منتظمین و مربیان اطفال کے ریفریشر کورس کا بھی انعقاد کیا گیا۔

نیشنل عاملہ و ریجنل قائدین کے لیے منعد ہونے والا ریفریشر کورس کو کامیاب بنانے کے لیے دو روز پر مشتمل پروگرام ترتیب دیا گیا جس میں تربیت کا پہلو مد نظر رکھا گیا تھا۔ پروگرام کے آغاز سے قبل حضور انور کی خدمت میں دعائیہ خط لکھا گیا اور صدقہ دیا گیا۔ ریفریشر کورس کی مختصر رپورٹ پیش خدمت ہے۔

18 جون 2022۔ پہلا روز

صبح کا آغاز انفرادی تہجد، نمازِ فجر اور درس سے ہوا۔ مکرم حمید علی بنگورا صاحب مہتمم اطفال نے درس دیا۔ مسجد میں اجتماعی تلاوت کے بعد تمام موجود ممبران نے سیر کی۔ احمدیہ ہیڈ کوارٹر سے نیشنل فٹبال سٹیڈیم تک واک کی گئی۔ جس کے بعد تمام احباب کو ناشتہ پیش کیا گیا۔

افتتاحی تقریب

ریفریشر کورس کا باقاعدہ آغاز مکرم مورث کمارا صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ سیرالیون کی زیر صدارت مورخہ 18؍جون کو صبح 10 بجے ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور انگریزی ترجمہ مکرم مولوی جبریل کروما صاحب مہتمم تبلیغ نے پیش کیا۔ مکرم صدر صاحب نے عہد دہرایا۔ اس کے بعد محترم صدر مجلس نے اس ریفریشر کورس کے باثمر ہونے کے لیے دعا کروائی۔

دعا کے بعد خاکسار نے ریفرشر کورس کی اہمیت و ضرورت اور دو روزہ پروگرام کا تعارف کروایا۔ جس کے بعد مکرم عثمان احمد طالع صاحب (نائب صدر اول) نے ’’احمدی خدام و اطفال کی اخلاقی و قومی تربیت کی اہمیت‘‘ کے موضوع پر خلفائے کرام کے اقتباسات سے روشنی ڈالی۔

بعد ازاں مکرم ذیشان محمود صاحب (نائب صدر دوم ) نے خدام الاحمدیہ سے حضور انور ایدہ اللہ کی توقعات کے موضوع پر اظہارِ خیال کیا اور مختلف ورچوئل میٹنگز میں حضور انور کی بیان فرمودوہ ہدایات کو پیش کیا۔

پروگرام کے مطابق ممبران نیشنل عاملہ نے اپنے شعبہ جات کی گزشتہ آٹھ ماہ کی مساعی پیش کی اور آئندہ کا لائحہ عمل پیش کیا۔ جس کے بعد مکرم صدر مجلس نے افتتاحی خطاب کیا۔ جس میں انہوں نے نیشنل عاملہ اور ریجنل قائدین کو اپنا نمونہ پیش کرنے، تربیت، تعلیم اور رپورٹس بھجوانے سے متعلق ہدایات دیں۔ اسی طرح انہوں نے حضور انور کی مجالس عاملہ سے توقعات سے متعلق مختلف اقتباسات پیش کیے۔ ساتھ ساتھ مختلف سوالات کے جوابات بھی دیے۔ نماز ظہر کے بعد کھانا پیش کیا گیا۔

دوسرا اجلاس

نمازِ عصر کے بعد مکرم حمید علی بنگورا صاحب مہتمم اطفال اور مکرم طاہر احمد بھٹی صاحب مربی اطفال نے شعبہ اطفال کے حوالہ سے تفصیلی ہدایات دیں۔

اس کے بعد ایک ڈسکشن پروگرام رکھا گیا تھا۔ نیشنل عاملہ اور ریجنل قائدین نے اپنی مشکلات پر راہنمائی چاہی۔ مکرم صدرِ مجلس، نائب صدر صاحب ثانی، مہتمم صاحب اطفال اور مربی صاحب اطفال پر مشتمل پینل نے سوالات کے جوابات دیے۔

نمازِ مغرب و عشاء کے بعد احمدیہ ہیڈ کوارٹر بیت الذکر میں ہی مجلس سوال و جواب منعقد ہوئی جس میں عمومی و تربیتی موضوعات پر سوال و جواب ہوئے۔ مربی صاحب اطفال نے شاملین محفل کے سوالات کے جوابات دیے۔ دعا کے ساتھ یہ محفل اختتام پذیر ہوئی۔

18 جون 2022۔ دوسرا روز

دوسرے روز مکرم مولوی الحاجی ابوبکر بنگورا صاحب مہتمم تربیت نےاجتماعی نماز تہجد اور نماز فجر پڑھائی اور درس دیا۔ جس کے بعد تمام احباب نے مسجد میں ہی اجتماعی تلاوت کی۔ بارش کے باعث سیر کا پروگرام نہ ہوسکا۔

دوسرے روز کی کارروائی کا آغاز صدر صاحب مجلس کی زیر صدارت صبح ساڑھے نو بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم مولوی فواد بشیر کمارا صاحب مہتمم تحریک جدید نے سورۃ البقرہ آیات 149-152 مع انگریزی ترجمہ پیش کیں۔ جس کے بعد خاکسارنے عہد دہرایا۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی مکرم سعید الرحمٰن صاحب امیر و مشنری انچارج سیرالیون تھے۔ بعض مصروفیات کےسبب آپ دوران پروگرام شامل ہوئے۔ اس کے بعد خاکسار نے ریفریشر کورس کی رپورٹ پیش کی۔

پروگرام کے مطابق محترم امیر و مشنری انچارج صاحب نے تمام عاملہ ممبران میں سندِ شرکت تقسیم کی۔ جس کے بعد مکرم صدر مجلس نے تمام ریجنل قائدین میں سندِ شرکت تقسیم کیں۔ اور ابتدائی چھ ماہ میں بہترین کارکردگی کی بناء پر 5 ریجنز میں مربی صاحب اطفال نے اسنادِ خوشنودی تقسیم کیں۔ حسنِ کارکردگی کی بنا پر پہلے پانچ ریجن حسبِ ذیل رہے۔ بو ریجن، مکینی ریجن، کونو ریجن، واٹر لو ریجن، پورٹ لوکو ریجن۔

اس کے بعد محترم صدر صاحب نے امیر صاحب کی بطور امیر طویل عرصہ پر محیط خدمات کو سراہا اور جماعت احمدیہ سیرالیون اور خصوصاًخدام الاحمدیہ سیرالیون کے استحکام میں کلیدی کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا۔صدرِ مجلس نے مجلس خدام الاحمدیہ سیرالیون کی جانب سے ان خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایوارڈ پیش کیا۔

آخر پر محترم امیر و مشنری انچارج صاحب نے تمام شاملین کو نصائح کرتے ہوئے کہا کہ الحمد للہ خدام فعال ہیں۔ قائدین کو خدام اور اطفال کی خصوصی تربیت پر زور دینا چاہیے۔ یسرنا القرآن، قرآن کریم پڑھنے پر زور دیں۔ تعلیمی و تربیتی کلاسز جاری رہیں۔ چھوٹی چھوٹی احادیث، دعائیں ، قصائد، نظمیں یاد کروائیں۔ مختلف پروگرامز پر جب اطفال ناصرات عربی احادیث، قصائد یا دعائیں پیش کرتے ہیں تو غیروں پر نیک اثر قائم ہوتا ہے۔

دعا سے اس بابرکت پروگرام کا اختتام ہوا۔ جس کے بعد محترم امیر صاحب کے ساتھ نیشنل عاملہ اور ریجنل قائدین کا الگ الگ گروپ فوٹو ہوا۔ نماز ظہر سے قبل تمام شاملین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ ریفریشر کورس میں نیشنل عاملہ اور ریجنل قائدین مجالس شامل ہوئے۔ پروگرام کی حاضری پہلے روز 35 جبکہ دوسرے روز 40 رہی۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button