جلسہ سالانہیورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ جرمنی کا 46واں جلسہ سالانہ۔ افسر جلسہ گاہ سے خصوصی گفتگو

(عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل جرمنی)

(بیت السبوح فرانکفرٹ، 17؍اگست 2022ء، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ جرمنی کا چھیالیسواں جلسہ سالانہ مورخہ 19، 20و 21 اگست بروز جمعہ، ہفتہ و اتوار انٹرنیشنل Exhibition سینٹر کارلسروئے میں منعقد ہو رہا ہے جس کی تیاریاں آج کل اپنے عروج پر ہیں۔ گو کووڈ 19 کی وبا ابھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی لیکن جرمن حکومت نے بعض احتیاطی تدابیر کا خیال رکھتے ہوئے محدود پیمانے پر پبلک کے اجتماعات منعقد کرنے کی اجازت دے رکھی ہے۔ جرمنی کے جلسہ سالانہ پر بھی 14 ہزار افراد کو شامل ہونے کی اجازت ہے۔ اس حوالے سے افسر جلسہ گاہ مولانا صداقت احمد صاحب مشنری انچارج جرمنی نے نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پہلے امسال بھی گزشتہ سال کی طرح محدود پیمانے پر جلسہ کے انعقاد کا ارادہ تھا جس کے لیے تاریخوں کا اعلان بھی کر دیا گیا لیکن جو نہی حالات میں جس قدر بہتری دکھائی دی اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کچھ بڑے پیمانے پر جلسہ منعقد کرنے کی کوشش شروع کر دی گئی۔ جلسہ کے انعقاد کی تاریخوں کے لیے تین چار امور کا خیال رکھنا بہت ضروری ہوتا ہے۔ اول تو ملک میں چھٹیوں کا ماحول ہو۔ جہاں جلسہ منعقد کرنا ہے ان کی مجبوریوں کو بھی دیکھنا پڑتا ہے وہ کن تاریخوں میں اپنی بلڈنگ جلسہ کے لیے دینے کو تیار ہیں۔ چنانچہ تاریخیں بدل کر جلسہ منعقد کرنے کی ایک وجہ یہ بھی تھی لیکن جلسہ سالانہ موسمی تعطیلات کے ایام میں ہی منعقد ہو رہا ہے اور 14ہزار افراد تک شرکت کی پابندی بھی Exhibitionسنٹر کی طرف سے لگائی گئی ہے۔ اس کے لیے بروقت جماعتوں میں اطلاع کردی گئی تھی کہ ویب سائٹ بنا لی گئی ہے جو ایک مخصوص تاریخ کو اوپن ہو جائے گی اس کے بعد جلسہ میں شرکت کے لیے لوگ اپلائی کر سکیں گے۔ جو پہلے 14 ہزار اپلائی کریں گے ان کو ازخود کمپیوٹر جلسہ میں شرکت کی اطلاع جاری کرے گا۔ چنانچہ امسال شرکاء جلسہ اسی وضع کردہ اصول کے مطابق جلسہ میں شرکت کر رہے ہیں۔

جلسہ کا کام عموماً سارا سال ہی جاری رہتا ہے لیکن جلسہ کے ابتدائی کام جن سے آغاز کیا جاتا ہے ان کے ذکر میں افسر صاحب جلسہ گاہ نے بتایا کہ جلسہ کے پروگرام کی تیاری تقاریر کے عناوین، مقررین کا چناؤ اور جلسہ کو اگر کوئی خاص موضوع دینا ہے جس کو عرف عام میں تھیم کہتے ہیں اس کا فیصلہ اور پھر عناوین اور مقر رین کی منظوریاں حاصل کرنا ہے۔ اس کے لیے ایک مستقل کمیٹی بنی ہوئی ہے جو 20 افراد پر مشتمل ہے۔ اس میں یہ گنجائش موجود ہے کہ اگر کوئی فرد جماعت سمجھتا ہے کہ وہ اس کمیٹی کے لیے کارآمد ہے اور اچھا صائب الرائے ہے وہ محترم نیشنل امیر صاحب کی وساطت سے اس کمیٹی کو رائے بھی دے سکتا ہے اور ممبر بھی بن سکتا ہے۔ امسال 2022ء کے جلسہ سالانہ کا موضوع قرآن کریم کی سورۃ یونس کی آیت نمبر 26 ہے وَاللّٰہُ یَدۡعُوۡۤا اِلٰی دَارِ السَّلٰمِ ؕ وَیَہۡدِیۡ مَنۡ یَّشَآءُ اِلٰی صِرَاطٍ مُّسۡتَقِیۡمٍ اور اللہ سلامتی کے گھر کی طرف بلاتا ہے اور جسے پسند کرتا ہے اسے ایک سیدھی راہ پر چلا کر منزل مقصود پر پہنچا دیتا ہے۔ اسی حوالے سے گفتگو جاری رکھتے ہوئے افسر صاحب جلسہ گا ہ نے بتایا کہ ایک کمیٹی اَور بھی موجود ہے جس کو حضور ایدہ اللہ تعالیٰ کی منظوری حاصل ہے کہ وہ تقاریر کے عناوین کو پیش نظر رکھتے ہوئے تلاوت قرآن کریم کی آیات اور پڑھی جانے والی نظموں کا چناؤ کرتی ہے وہ پھر ان معروف لوگوں کو بھجوائی جاتی ہے جو عام طور پر سارا سال انتظامیہ کے علم میں آتے رہتے ہیں۔ یہ احباب پھر اپنی آواز تلاوت اور نظم ریکارڈ کر کے کمیٹی کو بھجوا دیتے ہیں اور پھر کمیٹی ان افراد کا چناؤ کرتی ہے جن کو جلسہ سالانہ کے موقع پر تلاوت اور نظم پڑھنے کی سعادت حاصل ہوتی ہے۔

ایک اَور اہم کام جس کی تیاری کافی پہلے شروع کرنی پڑتی ہے وہ بینرز اور خصوصاً مردانہ اور زنانہ جلسہ گاہ میں سٹیج پر لگائے جانے والے بینر ہیں۔ احمدی گرافک کے ماہر یہ خدمت سر انجام دیتے ہیں۔ ڈیڑھ دو ماہ کی محنت کے بعد بینرز فائنل ہوتے ہیں۔ یہ بینر جلسہ سالانہ کے موضوع سے متعلق ہوتا ہے۔

امسال کیونکہ بیرونی مہمانوں کو جلسہ میں شرکت کی عام دعوت نہیں ہے اس لیے جلسہ گاہ میں صرف چار زبانوں جرمن، اردو، انگلش اور عربی میں رواں ترجمہ کا انتظام ہے البتہ جو کارروائی ساتھ ایم ٹی اے یوٹیوب چینل پر نشر ہوگی اس میں مزید تین زبانیں رشین، ازبک اور البانین بھی شامل ہوں گی۔ حالات اور ضرورت کے مطابق زبانوں کا فیصلہ ہر سال جلسہ سالانہ بورڈ کرتا ہے۔

مکرم صداقت احمد صاحب نے دوران گفتگو بتایا کہ میرے ساتھ4 نائب افسر جلسہ گاہ اور 18 شعبہ جات کے ناظمین ہیں۔ جلسہ سالانہ کی پوری انتظامیہ افسر جلسہ سالانہ، افسر جلسہ گاہ اور افسر خدمت خلق کی زیر نگرانی امور سرانجام دے رہی ہوتی ہے اور یہی تین اپنے اپنے سپرد شعبہ جات کے ناظمین کا چناؤ کرتے ہیں جن کی منظوری حضور ایدہ اللہ تعالیٰ سے حاصل کی جاتی ہے۔

محترم امیر صاحب جرمنی کو بحیثیت امیر افسر رابطہ تمام امور سے آگاہ رکھنا تینوں افسران کے فرائض میں شامل ہے۔ امسال جلسہ سالانہ کی تیاری کے لیے وقار عمل سوموار کے روز سے شروع ہو گیا تھا البتہ شعبہ لاؤڈ سپیکر نے دو روز قبل ہفتہ اور اتوار کے روز سے کام شروع کر دیا تھا۔ اب روزانہ صبح دس بجے سے رات 9 بجے تک 150 افراد جلسہ گاہ کے شعبہ جات کی تیاری میں مدد کر رہے ہیں۔ ہم جلسہ کے مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ دعاؤں کے ذریعہ خدا تعالیٰ سے مدد کے طالب ہیں۔ حضورایدہ اللہ تعالیٰ کی آمد سے جلسہ اور عبادات کی رونق کا رنگ ہی اَور ہوتا ہے۔ یہ کمی امسال محسوس ہوگی۔ ان شاءاللہ اتوار کے روز حضور ایدہ اللہ تعالیٰ اسلام آبا د یوکے سے جلسہ کے اختتامی اجلاس سے خطاب فرمائیں گے۔

شعبہ نظم و ضبط کا ٹریننگ کیمپ

جلسہ گاہ میں نظم و ضبط برقرار رکھنا (تاکہ شرکاء جلسہ پورے انہماک سے تقاریر سن سکیں) ایک اہم ذمہ داری ہے۔ ایک نائب افسر جلسہ گاہ کی زیرنگرانی ناظم صاحب اندرون جلسہ گاہ ان کے نائبین و معاونین تین دن تک ڈسپلن قائم رکھنے کے لیے از حد محنت کرتے ہیں۔ جلسہ سے قبل اس شعبہ میں ڈیوٹی دینے والے افراد کے لیے ٹریننگ کیمپ منعقد کیا جاتا ہے جس میں مقام جلسہ گاہ کے نقشوں اور جلسہ گاہ میں بنائے جانے والے بلاکس کے نقشہ جات سامنے رکھ کر کارکنان کو ٹریننگ کے مراحل سے گزارا جاتا ہے۔ چنانچہ ایک ٹریننگ کیمپ 12 اگست کو Giessen شہر میں منعقد ہوا جس میں درج ذیل جماعتوں کے دوستوں نے حصہ لیا۔

Hessen Mitte,Taunus, Frankfurt, Rüsselsheim, Gross Gerau, Hamburg, Giessen, Flörsheim

اسی نوعیت کا دوسرا کیمپ 14 اگست کو بیت السبوح، فرانکفرٹ میں منعقد ہوا۔ دونوں ٹریننگ کیمپوں میں 182 احباب نے حصہ لیا۔

حاضرین کو خلیفہ وقت کے ارشادات کی روشنی میں ڈیوٹی کی اہمیت، نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیےنصائح، ریڈ بک پوائنٹس کی یاد دہانی اور ٹیم کے افراد کو ایک دوسرے سے متعارف کروایا گیا۔ امسال شعبہ نظم و ضبط ٹیم کا ماٹو عاجزی، دعا اور محنت رکھا گیا۔ ان الفاظ کا چناؤ حضور انور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس کے پیغام بر موقع اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کو ملحوظ خاطر رکھ کر کیا گیا۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button