جلسہ سالانہیورپ (رپورٹس)

جلسہ سالانہ جرمنی۔ وقار عمل کا پہلا دن: 15؍اگست 2022ء بروز سوموار

(صفوان احمد ملک۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل جرمنی)

(جلسہ گاہ، کارلس روئے، جرمنی، 15؍اگست 2022ء، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسہ سالانہ جرمنی کی تیاری کا کام شروع ہو گیا ہے۔ الحمدللہ۔ جیسا کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے گزشتہ خطبہ جمعہ میں ارشاد فرمایا تھا کہ ہر احمدی سارا سال اس دن کا انتظار کرتا ہے اور وقار عمل کے لیے کثرت سے احباب جماعت جلسہ گاہ تشریف لاتے ہیں اس کی عملی تصویر آج ہم بچشم خود ملاحظہ کررہے ہیں۔ وقار عمل کی افتتاحی تقریب کا آغاز صبح دس بجکر تیس منٹ پر تلاوت قرآن کریم کے ساتھ ہوا جس کی سعادت عزیزم ظافر احمد صاحب قائد مجلس جامعہ احمدیہ کے حصہ میں آئی۔ تلاوت کے بعد محترم نیشنل امیر صاحب جرمنی نے کارکنان کا شکریہ ادا کیا اور جلسہ کی ڈیوٹیوں کے حوالے سے مختلف نصائح کیں۔ آخر پر امیر صاحب نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ یہ جلسہ سالانہ تمام احباب کے لیے فضلوں اور رحمتوں والا ہو اور تمام شاملین کے لیے باعث برکت ہو۔

امیر صاحب کے مختصر خطاب کے بعد مکرم محمد الیاس مجوکہ صاحب افسر جلسہ سالانہ نے مکرم راشد ارشد خان صاحب نائب افسر جلسہ سالانہ کا تعارف کرایا اور بتایا کہ موصوف کے تحت تیاری جلسہ سالانہ کا شعبہ کام کرتا ہے جس کے ناظم مکرم ندیم احمد صاحب ہیں۔ مکرم افسر صاحب نے کارکنان کا شکریہ ادا کیا اور ان کی راہنمائی کے لیے بتایا کہ جلسہ گاہ میں داخل ہوتے وقت اپنا آی ڈی کارڈ ساتھ رکھیں کیونکہ سیکیورٹی کا کام بھی شروع کیا جا چکا ہے۔

اس کے بعد ناظم صاحب تیاری نے بعض ٹینیکل امور کے متعلق ہدایات دیں اور کہا کہ کارکنان اپنی تقسیم کار کو ملحوظ رکھتے ہوئے جلسہ سالانہ کے وائنڈاپ تک اپنی اپنی ٹیموں اور گروپس کے ساتھ کام کریں۔ اس کے بعد مجموعی طور پر اعلانات ہوئے جس میں نمازوں کے اوقات، ماسک پہننے کے بارے ہدایات نیز بتایا گیا کہ کارکنان کی سہولت کے لیے ٹرانسپورٹ کا 24 گھنٹے انتظام ہے۔ اسی طرح دفتر تیاری بھی 24 گھنٹے کھلا رہے گا۔ ہاٹ لائن نمبر بھی کام کر رہا ہے۔

پروگرام کا اختتام 10 بج کر 45 منٹ پرمکرم صداقت احمد صاحب مشنری انچارج جرمنی نے دعا کے ساتھ کیا جس کے بعد کارکنان کے ساتھ ایک گروپ تصویر بنائی گئی۔

اس کے بعد 11 بج کر 30 منٹ پر امیر صاحب صاحب نے افسر صاحب جلسہ سالانہ، افسر صاحب جلسہ گاہ اور بعض نائب افسران کے ساتھ جلسہ سالانہ اور جلسہ گاہ کی تیاری کا معائنہ کیا اور مختلف ہدایات دیں۔

دوپہر دو بجے کھانے کا آغاز ہوا جس کے بعد تین بجے نماز ظہر و عصرجمع کرکے ادا کی گئیں۔ نمازوں کے بعد مکرم نائب افسر صاحب جلسہ سالانہ راشد ارشد خاں صاحب نے کارکنان کو ہدایت دیتے ہوئے بتایا کہ شعبہ جات کی چیزیں آگئی ہیں اور اگر کسی کو کسی چیز کی ضرورت ہو تو خود سے انہیں نہ لیں بلکہ شعبہ تیاری سے رابطہ کریں۔ جوکارکنان رات جلسہ گاہ میں قیام کرنا چاہتے ہوں وہ اپنی رہائش کے سلسلہ میں مکرم نصیراحمد صاحب ناظم رہائش سے رابطہ کرلیں۔ جن بھائیوں کی رجسٹریشن ابھی تک نہیں ہوئی وہ اپنی رجسٹریشن کروالیں۔

قارئین الفضل کی دلچسپی کے لیے بعض شعبہ جات کی مختصر کارگزاری کی رپورٹ بغرض دعا پیش خدمت ہے۔

شعبہ تیاری

مکرم ندیم احمد صاحب ناظم تیاری نے بتایا کہ جلسہ کی تیاری کا کام تقریباً دو ماہ پہلےاُس وقت شروع کیا گیا جب جلسہ سالانہ کا نقشہ تیار ہوا تھا۔ اس دوران جلسہ گاہ کے تقریباً5 دورے کیے گئے۔ مورخہ 12اگست بروز جمعۃ المبارک تیاری کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔ جمعہ کے دن ہال ملا اور اس کے ساتھ ہی مختلف فرموں کی طرف سے سامان کی ترسیل شروع ہوگئی تھی۔ ہفتہ کے دن سامان کی ترتیب اور ان کی مقررہ جگہوں پر پہنچانے کے لیے کارکنان کام کرتے رہے۔ اسی طرح جامعہ احمدیہ جرمنی کے 10طلباء ساؤنڈ سسٹم والی کمپنی کے ساتھ کام کرواتے رہے۔ اسی طرح 25 کارکنان نے ہفتہ اور اتوار کے دن لنگرخانہ کی تیاری کا کام کیا اور سٹور کا سامان ٹرکوں سے اتارا گیا۔ سوموار کے دن اجتماعی دعا کے بعد پورے جلسہ گاہ میں کام شروع کر دیا گیا جس میں لجنہ اماء اللہ کے ہال بھی شامل ہیں۔ لجنہ اماء اللہ کے آدھے ہال میں قالین بچھا دیا گیا ہے جبکہ باقی آدھے ہال میں عارضی پردہ لگایا گیا۔ تیاری کے حوالے سے تمام شعبہ جات کے ساتھ میٹنگ کی گئی۔

شعبہ سٹور

شعبہ سٹور مکرم ملک ابرارالحق صاحب نائب افسر جلسہ سالانہ کی نگرانی میں کام کرتا ہے۔ ہفتہ کو سامان ٹرکوں کے ذریعے لایا گیا اور سٹور کو ترتیب وار الماریاں لگاکر تیار کیا گیا۔ اسی طرح اتوار کے دن بھی کام جاری رہا۔ سوموار کو مختلف شعبہ جات کی طرف سے موصولہ ڈیمانڈ لسٹوں پر کام شروع کیا گیا۔ اسی طرح ڈیمانڈ کی ترسیل بھی شروع کردی گئی ہے۔ امسال مختلف شعبہ جات کا سامان لانے کے لیے آن لائن سسٹم بھی متعارف کروایا گیا جس کی وجہ سے سامان کی بحفاظت ترسیل و رسید کا کام جاری ہے۔

شعبہ لنگر خانہ

جلسہ سالانہ کا لنگر خانہ مکرم احسان الحق خان صاحب نائب افسر جلسہ سالانہ کے تحت کام کرتا ہے۔ محترم خان صاحب نے بتایا کہ امسال 140 چولہے لگائے گئے ہیں جن میں سے 52 نئے چولہے ہیں۔ کچن تیار ہوچکا ہے اسی طرح دفتر بھی قائم ہوچکا ہے۔ کھانے پینے کی اشیاء کو موسمی تغیر سے محفوظ رکھنے کے لیے بڑے بڑے ڈیپ فریزر بھی نصب کر دیے گئے ہیں۔

سوشل میڈیا

اجتماعی دعا سے ہی سوشل میڈیا ٹیم تصاویر اور ویڈیوز بنا رہی ہے۔ ہر روز ڈراون کے ذریعے سے بھی کاموں کی ویڈیوز بنائی جارہی ہیں تا کہ جلسہ کے وقار عمل کی کارروائی کو کیمرے کی آنکھ میں قید کیا جاسکے اور اُن احباب کی خدمت میں پیش کیا جاسکے جو کسی وجہ سے جلسہ کے وقار عمل میں شامل نہیں ہوپائے۔ نیز ان ممالک کے احمدیوں کے لیے جہاں جلسہ ہائے سالانہ بوجوہ منعقد نہیں ہو رہے۔ یوٹیوب اور جماعتی ویب سائٹ پر تصاویر اور ویڈیوز اپ لوڈ کی گئی ہیں۔

دفتر جلسہ سالانہ

دفتر جلسہ سالانہ کی تیاری مکمل ہو چکی ہے اور تمام شعبوں کے مابین مؤثر رابطہ قائم ہوچکا ہے۔ موصولہ ڈیمانڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے پارکنگ کارڈ ایشو کیے جارہے ہیں جملہ معلومات کے لیے ہمہ وقت کارکنان دفتر میں موجود ہیں کسی بھی شعبہ کی مضبوطی اس کے دفتر سے کی جاسکتی۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button