یورپ (رپورٹس)

42واں سالانہ اجتماع لجنہ اماء اللہ جرمنی 2022ء

(لبنیٰ ثاقب مسعود۔ نائب جنرل سیکرٹری لجنہ اماء اللہ جرمنی)

سیدنا حضرت امیر المؤمنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا سالانہ اجتماع کے موقع پر زریں نصائح پر مبنی پیغام

8570 لجنہ ممبرات و ناصرات کی شرکت۔1295 لجنہ ممبرات کی رضاکارانہ فعال خدمات

کورونا کی عالمی وبا کے پھیلاؤ کے تقریباً دوسال بعد محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے ذکر الٰہی اور درود و سلام کے روح پرور ماحول میں لجنہ اماء اللہ و ناصرات الاحمدیہ کے 42ویں سالانہ اجتماع کا 15تا 17 جولائی 2022ء بمقام مَن ہائم کامیاب انعقاد ہوا۔ سالانہ اجتماع میں شاملین کی مجموعی حاضری 8570 رہی۔ الحمد للہ علیٰ ذالک

یہ اجتماع اِس لحاظ سے خصوصیت کا حامل ہے کہ سیدنا حضرت امیر المؤمنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نےاجتماع کے موقع پر زریں نصائح پر مبنی پیغام ارسال کیا۔ یہ پیغام صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ جرمنی مکرمہ حامدہ سوسن چوہدری صا حبہ نے اجتماع کے افتتاحی اجلاس میں پڑھ کر سُنایا اور اِس کی کاپیاں پرنٹ کروا کر شاملین میں تقسیم کی گئیں۔ بعد ازاں اختتامی اجلاس میں بھی یہ پیغام دوبارہ پڑھ کر سُنایا گیا۔

اِمسال لجنہ اماء اللہ و ناصرات الاحمدیہ کے سالانہ اجتماع کا موضوع ’’قرآن جواہرات کی تھیلی ہے‘‘ مقر رکیا گیا تھا اور اسی مناسبت سے لجنہ اماء اللہ و ناصرات کے جملہ علمی مقابلہ جات کروائے گئے۔

سالانہ اجتماع کا آغاز جمعۃ المبارک کے روز سہ پہر چار بجے مکرمہ صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ جرمنی کی زیرصدارت تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ عمومی کارروائی، افتتاحی کلمات اور دُعا کے بعد لجنہ اماء اللہ و ناصرات اور نومبائعات کے علمی مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔

اجتماع کے دوسرے روز علمی مقابلہ جات کے ساتھ ساتھ گارڈن کیفے میں دلچسپی کے حامل گفتگو پروگرام کر وائے گئے۔ علاوہ ازیں اجتماع کے موضوع کی مناسبت سے مرکزی ہال میں سٹیج پرانتہائی دلچسپ اور معلوماتی فیچر پروگرام پیش کیا گیا۔ اِس پروگرام میں قرآنی برکات کے حوالہ سے اپنے تجربات شیئر کیے گئے۔ نیز ناصرات ہال میں بھی آداب قرآن کریم پر خصوصی پروگرام کروایا گیا جس میں مکرمہ صدر صاحبہ نے برکات خلافت سے متعلق بچیوں سے جرمن زبان میں گفتگو کی۔ نیز AMWSA (احمدیہ مسلم وومن سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن)کی صدر کے انتخاب کی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ آخر میں دوئم اور سوئم پوزیشن حاصل کرنے والی ممبرات و ناصرات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔

اجتماع کے تیسرے اور آخری دن تلاوت قرآن کریم کے بعد تقاریر کے فائنل مقابلوں اور تلقین عمل کے پروگرام اور وقفہ برائے طعام کے بعد مکرمہ صدر صاحبہ کی زیر صدارت اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔ عمومی کارروائی، رپورٹ اجتماع اور رپورٹ کارگزاری2020۔2021ء کے بعد تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوئی۔ مکرمہ صدرصاحبہ کے مختصر خطاب اور دُعا کے بعد سالانہ اجتماع کا بخیروخوبی اختتام ہوا۔

سالانہ اجتماع میں گروپ اوّل و دوئم کے علاوہ معلمات کا مقابلہ حسن قراءت، حفظ قرآن خاص، اردو/جرمن تقریر، اردو /جرمن نظم، مقالہ نویسی اردو/جر من، نظم لکھنے کا مقابلہ، صدسالہ جوبلی پروجیکٹ لفظی ترجمہ قرآن کریم، کوئز دینی معلومات کے علاوہ نومبائعات کے تین مقابلہ جات حسن قراءت، قصیدہ اور جرمن تقریر کروائے گئے۔ الغرض سالانہ اجتماع کے تینوں دن 17 علمی مقابلہ جات میں مجموعی طور پر 520 لجنہ اماء اللہ نے حصہ لیا۔

دوران اجتماع ناصرات الاحمدیہ کے 6 علمی مقابلہ جات حسن قراءت، اردو/جرمن تقریر، اردو/جرمن نظم کے علاوہ صد سالہ جوبلی پروجیکٹ لفظی ترجمہ قرآن کریم کے مقابلہ جات کروائے گئے۔ جن میں 163 ناصرات نے حصہ لیا۔ علاوہ ازیں 12 اضافی مقابلہ جات میں فی البدیہہ تقریری مقابلہ، کوئز دینی معلومات اور مشاہدہ معائنہ کروائے گئے۔ جن میں بالترتیب 257 ناصرات نے حصہ لیا۔

ناصرات کے لیے پانچ متفرق سٹیشنز پر قرآن کریم میں مذکور چند پیشگوئیوں پر مشتمل تحقیقات (ازروئے قرآن شہد کی مکھی پر تحقیق، دل و دماغ کے افعال، سمندری لہریں، پھلوں، پودوں سے متعلق) پیش کی گئیں،جن میں ناصرات حصہ بھی لے سکتی تھیں۔ ناصرات کےلیے انڈور کھیلیں بھی کروائی گئیں اور قرآن کریم سے متعلق کوئز بھی کروایا گیا۔ درست جواب پر انعامات دیے گئے۔ علاوہ ازیں قرآن پاک سے متعلق ایک نمائش (قرآن کریم کا غلاف، متفرق آیات قرآنی کی خطاطی)بھی لگائی گئی تھی۔

اسی طرح تینوں دن اجتماع گاہ کے بیرون گارڈن کیفے میں 11نشستیں منعقد کی گئیں جو اجتماع کے موضوع کی مناسبت سے متفرق موضوعات پر مشتمل تھیں۔ ان میں کثیر تعداد میں لجنہ اماء اللہ و ناصرات الاحمدیہ شامل ہوئیں۔ اجتماع گاہ کے بیرون میں گارڈن کیفے کو آرائشی پھولوں، پودوں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا۔ اطراف میں بینرز بھی آویزاں کیے گئے تھے۔ عقب میں سٹیج تھا۔ دائیں جانب جرمنی کا جھنڈا اور لوائے لجنہ اماء اللہ لہرا رہا تھا۔

قرآن کریم کے موضوع پر ایک شاندار نمائش (قرآن کا نزول اور تدوین، قرآن میں مذکور مقامات، بشر، انبیاء، پھلوں، عورتوں، حیوانات غیر مسلم مفکرین کے تبصرے وغیرہ) کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ قرآن کریم کی اِس نمائش میں قرآن کریم کے 62تراجم کے نسخہ جات موجود تھے۔ (اِس ضمن میں شعبہ تبلیغ جماعت جرمنی نے بھرپور تعاون کیا۔) علاوہ ازیں خصوصی طور پر اسلامی اصطلاحات کیلی گرافی سے کاغذ، آئینے اور کینوس پر تیار کروا کر فروخت کی گئیں۔ قرآن نمائش میں شاملین کے داخلہ کے لیے بلامعاوضہ ٹکٹ جاری کیا گیا تھا۔ اور بک مارک تقسیم کیے گئے۔ اِس نمائش کو بہت سراہا گیا اور مجموعی طور پر تینوں دنوں میں تقریباً 6000 شاملین نے یہاں وزٹ کیا۔ الحمدللہ

سالانہ اجتماع کے موقع پر علمی مقابلہ جات کے ساتھ ساتھ نیشنل شعبہ صحت جسمانی کے زیر اہتمام لجنہ اماء اللہ، ناصرات و بچگان کے لیے تفریحی سرگرمیوں کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔ ان میں متفرق کھیلیں، ڈرائینگ سٹیشن، کم عمر بچوں کے لیے bouncy castle کا انتظام کیا گیا تھا۔ ماں بیٹی کے مابین ایک دلچسپ مقابلہ کروایا گیا جس میں 16 ریجنز سے 48 اُمہات مع بنات شامل ہوئیں۔ یہ مقابلہ بھی شاملین لیے انتہائی دلچسپی کا باعث رہا۔ شعبہ رشتہ ناطہ کے تحت Meet & Greet کا انعقاد کیا گیا، نیز AMWSV)AMLAاحمدیہ مسلم لائرز ایسوسی ایشن )، مجلس انصار سلطان القلم لجنہ اماء اللہ جرمنی، عائشہ اکیڈمی اور دیگر سٹالز لگا کر شاملین اجتماع کومعلومات بہم پہنچائی گئیں۔

مَن ہائم کی اجتماع گاہ میں شعبہ صنعت و دستکاری کے زیر اہتمام مقابلہ برائے نمائش لگائی گئی تھی۔ جس میں کل چھ مقابلہ جات کروشیہ، اون سلائیاں، کشن کے غلاف کی سلائی، مکرامے، کیلی گرافی، قمیض کی ڈیزائننگ، شامل تھے۔ نیز ’’قرآن کریم جواہرات کی تھیلی ہے‘‘ کی مناسبت سے جرمنی بھر سے 15 ریجنز نے اپنی نمائش لگائی، جس میں ریجنRiedstadtنے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ یہ شاملین کے لیے بھرپوردلچسپی کا باعث تھی۔

نیز لجنہ اماء اللہ شاپ میں اسلامی پردہ کی مناسبت سے کوٹ اور شالیں فروخت کی گئیں۔ علاوہ ازیں شعبہ اشاعت لجنہ کے تحت بچوں کے لیے ڈرائینگ کی کتاب اور چسپاں کرنے کے لیے سٹکرز بھی فروخت کیے گئے۔ شاملین کے ادبی ذوق کو ملحوظ رکھتے ہوئے بُک سٹال بھی لگایا گیا تھا۔ جس میں قرآن کریم کے علاوہ متفرق جماعتی لٹریچر سہ ماہی خدیجہ اور دیگر کتب ورسائل موجود تھے۔

الحمد للہ، ہمارے 42ویں سالانہ اجتماع کا کامیاب و کامران اختتام ہوا۔ اللہ تعالیٰ ہماری حقیر کاوشوں کو بار آور کرے، جملہ کارکنات کو اجر عظیم سے نوازے اور حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ کی منشاء کی مطابق خدمات بجا لانے کی توفیق دے۔ آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button