یورپ (رپورٹس)

وزٹ مئیر لولیو (Luleå)سویڈن

(رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سویڈن)

لولیو سویڈن کے شمال میں ایک شہر ہے جو کہ سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہالم سے تقریباً ایک ہزار کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔ اس شہر میں سردیوں میں دن بہت چھوٹے اور سرد ہوتے ہیں جبکہ گرمیوں میں یہاں سورج تقریباً غروب ہی نہیں ہوتا۔ یہاں ایک چھوٹی سی جماعت قائم ہے۔ یہاں جماعت کا ایک نماز سینٹر ہے جو کہ اب گنجائش کے لحاظ سے ناکافی ہو چکا ہے۔ خاکسار (مربی سلسلہ) کی جولائی 2022ء میں اس جماعت میں تقرری ہوئی ہے۔ اور مکرم وسیم ظفر صاحب امیر جماعت سویڈن نے اس علاقے میں مسجد کی تعمیر کے لیے کوششیں کرنے کی تلقین کی۔ امیر صاحب کی ہدایات کی روشنی میں خاکسار نے سٹی پلاننگ کی ہیڈAnja Johansson سے ملاقات کی اور انہیں جماعت کا تفصیلی تعارف کروایا اور مسجد کے لیے جگہ کے حصول کے لیے مدد کی درخواست کی۔ سٹی پلاننگ ہیڈ Anja Johansson نے بہت ہی مثبت رنگ میں ہماری درخواست کو سنا اور اس سلسلہ میں تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

خاکسار نے اس کے بعد لولیو کی مئیر Carina Sammeliسے بھی ملاقات کرنے کا پروگرام بنایا تاکہ ان کو جماعت کا تعارف کروایا جاسکے اور انہیں بھی مسجد کے لیے جگہ کے حصول میں مدد کرنے کا کہا جائے۔ اس سلسلہ میں مورخہ 31؍اگست 2022ء کو خاکسار اور مقامی جماعت کے ممبر ارسل سیماب صاحب نے مئیر لولیو سے ملاقات کی۔

ملاقات تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہی جس میں ایک پریزینٹیشن کے ذریعہ جماعت کا تفصیل سے تعارف کروایا۔ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کے مختلف دورہ جات کی تصاویر دکھائیں۔ مختلف ممالک میں جماعت پر ہونے والے مظالم کے حوالے سے بات ہوئی۔ اسی طرح جماعت کے قیام امن اور معاشرے کی مضبوطی کے لیے کیے جانے والے مختلف اقدامات کے بارے میں بھی بتایا گیا۔ خاکسار نے اس تعارف کے بعد جب لولیو میں مسجد کے حوالے سے جماعت کی پلاننگ کے بارے میں بتایا تو انہوں نے بہت دلچسپی دکھائی اور اس بارے میں مختلف امکانات کا ذکر کیا اور بتا یا کہ وہ سٹی پلاننگ کی ہیڈ سے بات کر کے ہمارے ساتھ دوبارہ رابطہ کریں گی اور اس بارے میں ٹھوس پلاننگ پیش کریں گی۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ ملاقات بہت مفید رہی۔ ان محترمہ نے جماعت کی معاشرے کے لیے خدمات پر جماعت کا بہت شکریہ ادا کیا اور مل کر کام کرنے کا اعادہ بھی کیا۔ الحمد للہ

قارئین الفضل کی خدمت میں دعا کی عاجزانہ درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ لولیو میں جلد جماعتی مسجد کی تعمیر کے لیے راہ ہموار فرمائے اور جماعت کو ترقیات سے نوازتا چلا جائے۔ آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button