یورپ (رپورٹس)

سکاٹ لینڈ کے خوبصورت شہر Inverness میں تین دن کا تبلیغی دورہ

(ارشد محمود خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل گلاسگو)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے سکاٹ لینڈ ریجن کو مختلف تبلیغی سرگرمیاں کرنے کی توفیق ملتی رہتی ہے خواہ کورونا کی وبا کی وجہ سے ورچوئل پروگرام ہو یا عملی میدان میں اسلام احمدیت کی پُرامن تعلیم کی تبلیغ ہو۔ گزشتہ دنوں سکاٹ لینڈ ریجن کو Inverness شہر کے ایک تین روزہ تبلیغی دورہ کرنے توفیق ملی۔

مورخہ 29؍اگست 2022ء بروز سوموار سکاٹ لینڈ ریجن سے 27 عدد خدام، اطفال اور انصار پر مشتمل قافلے نے صبح مسجد بیت الرحمٰن گلاسگو سے دُعا کے ساتھ اپنے سفر کا آغاز کیا۔ گلاسگو سے 18، ڈنڈی سے 6 اور ایڈنبرا سے 3 احباب شامل ہوئے۔

Inverness شہر سکاٹ لینڈ کا تقریباً آخری بڑا شہر ہے جو گلاسگو سے 175میل کے فاصلہ پر شمال میں واقع ہے۔ اس شہر میں، جوبرطانیہ کا آخری شمالی شہر اور آخری کنارہ ہے، تین دن تک مختلف تبلیغی سرگرمیاں منعقد کرنے کی توفیق ملی جس کی تفصیل کچھ یوں ہے:

شہر کی مقامی اور بہت قدیم لائبریری Inverness Public Library سے بہت پہلے ہی رابطہ کیا گیا تھا جنہوں نے وہاں قرآن کریم کی نمائش لگانے کی اجازت دے دی تھی۔ چنانچہ وہاں پہنچ پر اس لائبریری کا دورہ کیا گیا اور قرآن کریم کا انگریزی ترجمہ تحفتاً دیا گیا جو وہاں مستقل طور پر رہے گا۔ اسی طرح جماعت کی طرف سے شائع شدہ جرمن، سپینش، فرانسیسی، یونانی، پرتگالی، پولش اور انگریزی زبان کے تراجم کی ایک نمائش تین دن کے لیے لگائی گئی جسے کافی مقامی لوگوں نے دیکھا۔

گھرگھر جاکر تقریباً 5000 تبلیغ لیف لیٹس تقسیم کیے گئےاور مختلف مقامی شہریوں سے بات کرنے اور اسلام کی پرامن تعلیم پیش کرنے کا موقع بھی ملا۔ مکرم داؤد احمد قریشی صاحب مربی سلسلہ نے دوستوں کو مختلف ٹیموں میں تقسیم کیا جس سے اس کام میں کافی بہتری آئی۔

ایک ٹیم نے تین دنوں میں شہر کے مختلف علاقوں اور شاپنگ سنٹرز کے باہر تبلیغ سٹالز لگائے جہاں بڑی تعداد میں مقامی شہری آئے اور جماعت کا لٹریچر اور کتب لیکر گئے۔ درج ذیل کتب لوگوں کی خاص دلچسپی کا محور رہیں اور تقسیم کی گئیں:

Life of Muhammad (pbuh)

Pathway to Peace

ایک عیسائی جو اسلامک سٹڈیز کے پروفیسر ہیں نے خاص دلچسپی دکھائی اور کافی لمبا وقت ہمارے سٹال پر موجود رہے اور تبادلہ خیالات کرتے رہے۔ جاتے ہوئے وہ اپنی رابطہ کی تفصیل بھی دے گئے اور ہمارے پروگرامز میں شامل ہونے کا وعدہ بھی کیا اور کہا کہ وہ جماعت احمدیہ کی پرامن تعلیم سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔

تین دن کے پروگرام کے درمیان سوشل میڈیا کا بھی استعمال کیا گیا اور روزانہ کی ان تبلیغی سرگرمیوں کو فوٹوز کے ساتھ شائع کیا گیا اور Inverness شہر کے مقامی پرنٹ میڈیا اور سیاستدانوں کو ٹیگ کیا گیا۔

اس تین دن کے پروگرام کے لیے مقامی ہوسٹل میں سب دوستوں کے ٹھہرنے کا انتظام تھا جہاں سب نے نمازیں محترم مربی صاحب کی اقتدا میں کانفرنس روم میں باجماعت ادا کیں۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ ہوسٹل کی انتظامیہ نے کانفرنس روم بغیر کسی ادائیگی کے جماعت کو دے دیا اور نمازوں اور دوسری میٹنگ کی اجازت بھی دے دی، الحمدللہ۔

تمام دنوں میں جماعت گلاسگو کی ضیافت ٹیم نے کھانا ہوسٹل کے کچن میں بہت محنت سے بنایا اور تمام رضاکاروں کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے جاری لنگرمیں سے تازہ کھانا فراہم کیا جس سے جلسہ سالانہ کی یاد تازہ ہوگئی۔ تمام دوست اور بچے جو اس تبلیغی پروگرام میں شامل ہوئے انہوں نے اس کامیاب وقفِ عارضی کے تجربے سے بہت کچھ سیکھا اور دوبارہ اس طرح کے پروگرام میں شامل ہونے کا وعدہ کیا۔ یہ پروگرام جماعت احمدیہ برطانیہ کے شعبہ تبلیغ کی منظوری اور فنڈزسے بنایا گیا تھا۔ پروگرام کی تیاری اور اس کی سرگرمیوں کے درمیان ڈاکٹر عبدالحئی صاحب ریجنل امیر سکاٹ لینڈ کی طرف سے بھرپور تعاون اور مشورہ جات دیے گئے۔ اللہ تعالیٰ تمام شاملین اورمنتظمین کو بہترین جزاء عطا کرے، آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button