افریقہ (رپورٹس)

نیشنل تربیتی کلاس و اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ، آئیوری کوسٹ

(عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل آئیوری کوسٹ)

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ آئیوری کوسٹ کو کورونا وائرس وباء کے بعد پہلی مرتبہ نیشنل تربیتی کلاس نیز اجتماع خدام الاحمدیہ و اطفال الاحمدیہ 2022ء کے انعقاد کی توفیق ملی۔

سالانہ نیشنل تربیتی کلاس خدام الاحمدیہ

امسال تربیتی کلاس کے لیے کم از کم معیار سیکنڈری امتحان رکھا گیا جس کے تحت ہر ریجن سے تین تین خدام و اطفال کی شرکت کے لیے اضلاع کو ٹارگٹ دیے گئے۔ مورخہ 20؍اگست تا یکم ستمبر 2022ء نیشنل تربیتی کلاس خدام الاحمدیہ کا باقاعدہ انعقاد کیا گیا۔ اس کلاس کے نگران کے طور پر مکرم صادق احمد صاحب مبلغ سلسلہ ابنگرو جبکہ اساتذہ میں مکرم عبدالسلام طورے صاحب مبلغ سلسلہ دلوا،مکرم وترا عبدالرحمان صاحب معلم سلسلہ نیز مکرم سماکے محمدصاحب معلم سلسلہ نے خدمات سر انجام دیں۔ اس تربیتی کلاس میں درج ذیل عناوین کے تحت شاملین کو لیکچرز دیے گئے: یسرنا القرآن، نماز، دجال، صداقت حضرت مسیح موعودؑ، نظام جماعت احمدیہ، فقہ حصہ نماز، حضرت محمدﷺبائبل سے، موازنہ مذاہب، وفات مسیح اور ختم نبوت۔

روزانہ کی بنیاد پر نماز تہجد و فجر کے بعد دروس کا اہتمام کیا جاتا رہا۔ جبکہ نماز عصر کے بعد کھیلوں کا انتظام بھی تھا۔ نماز مغرب و عشاء کے درمیان بھی دروس کا اہتمام کیا گیا۔ رات کھانے کے بعدسوال و جواب کے پروگرامز بھی تربیتی کلاس کا حصہ رہے۔ جبکہ مختلف عناوین کے تحت ویڈیوز بھی شامل نصاب رہیں مثلاً four days without shepherd، اختتامی خطاب جلسہ سالانہ جرمنی نیز دوران تربیتی کلاس آنے والے خطبات جمعہ۔ اسی طرح تربیتی کلاس کے نصاب سے شاملین سے امتحان بھی لیا گیا جس میں تمام عناوین کے تحت سوالات شامل کیے گئے نیز دکھائی گئی ویڈیوز کے سوالات بھی شامل امتحان تھے جبکہ تمام شاملین کا oral exam لینے کے ساتھ ساتھ انفرادی کارکردگی کے نمبرز بھی شامل امتحان کیے گئے۔

نیشنل اجتماع خدام الاحمدیہ

پہلادن

تربیتی کلاس کے انعقاد کے معاً بعد مورخہ 2 تا 4؍ستمبر 2022ء بروز جمعۃ المبارک تا اتوار سالانہ اجتماع خدام الاحمدیہ و اطفال الاحمدیہ کا انعقاد کیا گیا۔ جس کے لیے شاملین کی آمد کا سلسلہ ایک روز قبل مورخہ یکم ستمبر بروز جمعرات ہی شروع ہو گیا تھا۔ مختلف ریجنز کے قافلے مہدی آباد میں پہنچ گئے تھے۔ مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیر ومشنری انچارج آئیور ی کوسٹ نے نیشنل صدر صاحب خدام الاحمدیہ مکرم کونے داؤد صاحب و دیگر ممالک کے وفود کے ہمراہ اجتماع کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اجتماع کے دن کا باقاعدہ آغاز بروز جمعۃ المبارک صبح باجماعت نماز تہجد، فجر اور درس سے کیا گیا۔ ناشتہ کے فوراً بعد کھیلوں کے مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔ مقامی وقت کے مطابق 12 بجے حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا براہ راست خطبہ جمعہ تمام شاملین نے سنا جس کے بعد مقامی طور پر خطبہ جمعہ مکرم طورے عبدالسلام صاحب نے دیا اور نماز جمعہ وعصر کی ادائیگی ہوئی۔ نماز جمعہ کے بعد شاملین کو طعام پیش کیا گیا اور شام 4 بجے کے قریب اجتماع کے افتتاحی پروگرام کی باقاعدہ کارروائی کا آغاز ہوا۔ تلاوت قرآن کریم مع فرنچ ترجمہ اور نظم کے بعد مکرم صدر صاحب خدام الاحمدیہ کی صدارت میں تمام شاملین نے خدام الاحمدیہ کا عہد دہرایا جس کے بعد مکرم و امیر ومشنری انچارج صاحب آئیوری کوسٹ نے اجتماع کی افتتاحی تقریر کی۔ بعد ازاں دعا کے ساتھ اس بابرکت تقریب کا اختتام ہوا اور باقی مقابلہ جات کا سلسلہ رات طعام کے بعد تک جاری رہا۔

اجتماع کا دوسرا دن

امن مارچ و نیشنل شوریٰ خدام الاحمدیہ

دوسرے دن کا آغاز بھی باجماعت نماز تہجد و درس کے ساتھ ہوا۔ اس دن کی سب سے اہم بات خدام الاحمدیہ کی جانب سے منعقدہ مارچ تھا۔ جس کا آغاز صبح 10 بجے ہوا۔ یہ امن ریلی تقریباً آٹھ کلومیٹر پر محیط تھی جوکہ yopougou سے شروع ہو کر مہدی آباد پر اختتام پذیر ہوئی۔ اس کی سیکیوریٹی کے لیے مقامی پولیس بھی ہمراہ تھی جبکہ اجتماع میں شامل تمام خدام اس کا حصہ تھے۔ خدام نے لوائے خدام الاحمدیہ، قومی پرچم نیز مختلف بینرز اٹھا رکھے تھے۔ مختلف مقامات پر پرجوش انداز میں مقامی افراد نے شاملین کا استقبال کیا جب کہ مارچ کے دوران مختلف نظمیں اور نعرہ ہائے تکبیر کے ساتھ شاملین کا لہو بھی گرمایاجاتارہا۔ اختتام پر دوسرے دن کی مختصر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت مکرم امیر و مشنری انچارج صاحب نے کی۔ تلاوت قرآن کریم اور فرنچ ترجمہ کے بعد قصیدہ پیش کیا گیا جس کے بعد مکرم طورے عبدالسلام صاحب ریجنل مشنری دلوا نے ’کامل انصاف، معاشرتی امن کی ضمانت‘ کے عنوان پر تقریر کی۔ جس کے بعد مختلف ممالک کے جماعتی وفود نے حاضرین اجتماع سے خطاب کیا۔ اس دوران گھانا جماعت کے وفد نے صدر صاحب خدام الاحمدیہ گھانا کی جانب سے بھجوائے گیا تحفہ برائے صدر مجلس خدام الاحمدیہ آئیوری کوسٹ بھی پیش کیا۔ پروگرام کے اختتام کے بعد مختلف علمی وورزشی مقابلہ جات کا سلسلہ بدستور جاری رہا تاہم اس دوران مکرم امیر صاحب نے دیگر ممالک کے وفود کے ہمراہ خدام الاحمدیہ کی جانب سے منعقدہ کتب نمائش کا افتتاح بھی کیا۔ مکرم سورو الحسن صاحب مبلغ سلسلہ بسم نے اس نمائش کی تفاصیل سے مہمانان کرام کو آگاہ کیا۔ اجتماع میں ’بازار‘ بھی لگایا گیا جس کے تحت مختلف سٹالز لگائے گئے جہاں خدام واطفال نے خریداری کی۔ نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد طعام پیش کیا گیا۔

طعام کے بعد مکرم امیر صاحب آئیوری کوسٹ کی زیر صدارت خدام الاحمدیہ آئیوری کوسٹ کی مختصر نیشنل مجلس شوریٰ 2022ء کا انعقاد کیا گیا جس میں ہر ریجن سے پہلے سے منتخب تین تین نمائندگان، ریجنل قائدین نیز ریجنل مبلغین کرام نے شرکت کی۔ اس شوریٰ کا مقصد نیشنل صدر خدام الاحمدیہ کے انتخاب کی کارروائی تھا۔ کارروائی کا باقاعدہ آغاز صدر مجلس کی اجازت کے ساتھ مکرم شبیر احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے تلاوت قرآن کریم سے کیا جس کے بعد انتخابات کی کارروائی کا آغاز ہوا۔ بعد ازاں نیشنل صدر خدام الاحمدیہ نیز مکرم امیر صاحب نے مختصر خطاب کیا اور شوریٰ کا اختتام ہوا۔ نماز مغرب و عشاء کے بعد حاضرین کو طعام پیش کیا گیا جس کے بعد خدام الاحمدیہ نیز اطفال الاحمدیہ کی انڈور گیمز اور علمی مقابلہ جات کا سلسلہ جار ی رہا۔

اجتماع کا تیسرا وآخری دن و تقریب تقسیم انعامات

اجتماع کے تیسرے اور آخری دن کا باقاعدہ آغاز نماز تہجد، فجر اور درس، بعنوان قوموں کی اصلاح نوجوانوں کی اصلاح کے بغیر ممکن نہیں، کے ساتھ ہوا۔ ناشتہ کے بعد ریجنل مشنریز اور نیشنل مجلس عاملہ خدام الاحمدیہ کے درمیان دوستانہ فٹ بال میچ کھیلا گیا جسے نیشنل مجلس عاملہ نے ایک کے مقابلہ میں صفر سے جیت لیا اور بعد ازاں گزشتہ دنوں میں ہونے والے مختلف مقابلہ جات کے فائنل مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ تمام خدام و اطفال نے اختتامی تقریب کے لیے تیاری کی اور اجتماع کے ہال میں مہمانان کی آمد سے قبل پہنچ گئے۔ 12 بجے اختتامی تقریب کا باقاعدہ آغاز مکرم امیر و مشنری انچارج صاحب کی زیر صدارت ہوا۔ مکرم لامینے طورے صاحب نے تلاوت قرآن کی۔ فرنچ ترجمہ کے بعد عزیزم شاہ رخ پاشا صاحب نے نظم پڑھی۔ عہد خدام الاحمدیہ، مکرم صدر صاحب نے حاضرین کے ساتھ ملکر دہرایا جس کے بعد مکرم سانفو آسم صاحب ریجنل قائد فیرکے نے تقریر بعنوان ’مذہب میں جذبہ اطاعت کا نوجوانوں پر اثر‘ کی، بعد ازاں ریجنل مبلغین کرام نے مکرم شاہد احمد صاحب مبلغ سلسلہ کی قیادت میں ترانہ خدام الاحمدیہ ’خدام احمدیت‘ پڑھا جس کے بعد خدام الاحمدیہ کی جانب سے سالانہ کارگزاری رپورٹ پیش کی گئی۔ مکرم صدر صاحب خدام الاحمدیہ نے تقریر کی بعد ازاں مکرم امیر و مشنری انچارج صاحب نے جلسہ کی اختتامی تقریر کی۔جس کے بعد اولاً تربیتی کلاس اور بعد ازاں مختلف علمی و ورزشی مقابلہ جات میں حصہ لیکر پوزیشنز حاصل کرنےوالے خدام، اطفال اور ٹیمز میں صدر مجلس اور مہمانان کرام نے باری باری انعامات تقسیم کیے۔ اسی طرح دیگر ممالک سے آنے والے وفود کو بھی یادگاری تحفہ جات پیش کیے گئے۔ علم انعامی کی حقدار اپنی کارگزاری کی بنیاد پر مجلس آبی جان(Abidjan)قرار پائی۔ امسال علمی مقابلہ جات میں خدام الاحمدیہ و اطفال الاحمدیہ لیے مقابلہ یسرنا القرآن،تلاوت قرآن،حفظ قرآن، اذان، نظم، مذہبی و جرنل سوالات کا پرچہ، مقابلہ وضو ونماز کی ادائیگی،مقابلہ حفظ عہد اطفال و خدام،مقابلہ تقریرنیز مقابلہ پیغام رسانی شامل تھے۔ جبکہ کھیلوں کے مقابلہ جات میں سو میٹر دوڑ، بوری دوڑ، فٹ بال، رسہ کشی، پنچہ آزمائی، ایک پاؤں پر دوڑ، چمچ دوڑ، میراتھن، موم بتی جلانے کامقابلہ، وزن اٹھا کر دوڑ کا مقابلہ نیز مقابلہ ثابت قدمی شامل تھے۔ خدام الاحمدیہ کی سطح پر پہلے تین پوزیشنز حاصل کرنے والے ریجنز بالترتیب آبی جان (Adidjan)، بواکے(Bouaké) اور گراں لاؤو (Grand-Lahou) تھے۔ جبکہ اطفال الاحمدیہ کی سطح پر پہلی تین پوزیشنز بالترتیب آبی جان (Abidjan)، ساں پیدرو (San-Pédro) اور گراں لاؤو (Grand-Lahou) نے حاصل کیں جبکہ تربیتی کلاس کے امتحان میں بالترتیب ساں پیدرو (San-Pedro)، آبنگرو (Abangouro) اور ساں پیدرو (sanp-Pedro) نے پہلی تین پوزیشنز حاصل کیں۔ اللہ تعالیٰ یہ اعزاز ان سب کے لیے مبارک کرے۔ آمین

اعزازات کی تقسیم کے بعد مکرم امیر و مشنری انچارج صاحب نےاختتامی دعا کروائی اور اجتماع کا باقاعدہ اختتام نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعدطعام کےساتھ ہوا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے امسال آئیوری کوسٹ کے تمام ریجنز سے 700 خدام و اطفال نے سالانہ اجتماع میں مجلس کا مخصوص لباس (سفید قمیض، کالی پینٹ، کالے جوتے، کالی ٹوپی، مجلس کاسکارف) زیب تن کرکے شرکت کی جبکہ تربیتی کلاس میں 50 خدام و اطفال شریک ہوئے۔ تمام ریجنل مبلغین کرام آئیوری کوسٹ، اراکین نیشنل عاملہ جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ، نیشنل صدر مجلس انصار اللہ، جبکہ مہمانان کرام میں صدر مجلس خدام الاحمدیہ برکینافاسو مع دو ممبران، صدر مجلس خدام الاحمدیہ سینیگال، صدر مجلس خدام الاحمدیہ بینن، نمائندہ صدر مجلس خدام الاحمدیہ گھانا مع 2اراکین نے بھی امسال اجتماع میں شرکت کی۔ مختلف ممالک کے وفود، امیر صاحب آئیوری کوسٹ نیز صدر مجلس خدام الاحمدیہ آئیوری کوسٹ کو مجلس خدام الاحمدیہ آئیوری کوسٹ کی جانب سے یادگاری تحائف بھی دیے گئے۔ کورونا وباء کے باعث چونکہ گزشتہ سالوں میں اجتماع نہیں ہو سکا چنانچہ امسال پہلی مرتبہ مجلس خدام الاحمدیہ آئیوری کوسٹ نے اجتماع کےسو فیصدی اخراجات خود ادا کیے الحمد للہ۔ اجتماع کی تمام کارروائی کی لائیو نشریات بذریعہ ایم ٹی اے آئیوری کوسٹ یوٹیوب چینل نیز خدام الاحمدیہ کے فیس بیک پیچ پر بھی ساتھ ساتھ کی جاتی رہی جبکہ واٹس ایپ کے ذریعے بھی اجتماع کی کارروائی کی بھرپور تشہیر کی گئی۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مجلس خدام الاحمدیہ کی اس مساعی کو قبول کرے اور آئندہ بھی مزید بہتر سے بہتر رنگ میں تعلیم و تربیت کے ان پروگرامز کے انعقاد کی توفیق عطا کرتا جائے۔آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button