یورپ (رپورٹس)

ملکہ معظمہ برطانیہ الزبتھ دوئم کی وفات پر جماعت احمدیہ برطانیہ کے متعدد ریجنز میں تعزیتی تقریبات کا انعقاد

(لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برطانیہ)

جماعت احمدیہ یوکے کے شعبہ اُمور خارجہ کے زیر انتظام مورخہ 14؍ستمبر 2022ء بروز بدھ شام پانچ بجے برطانیہ کے تقریباً تمام ریجنز میں ملکہ معظمہ برطانیہ الزبتھ دوئم کے اعزاز میں یادگاری تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف اراکین پارلیمنٹ اور سرکردہ سیاسی و سماجی شخصیات کے علاوہ مقامی کمیونیٹیز سے تعلق رکھنے والے مختلف مذاہب کے نمائندگان و معزز افراد نے بھی بھر پور شرکت کی اور ملکہ معظمہ کی دنیا بھر میں انسانیت کے لیے کی جانے والی عظیم خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اُن کے شخصی پہلوؤں اور اعلیٰ اوصاف کو اپنی تقاریر میں اُجاگر کیا۔ تمام مقامات پر منعقدہ تقریبات کے اختتام پر مہمانوں اور دیگر شرکاء کی خدمت میں ریفریشمنٹ پیش کی گئی جبکہ ہر مقام پرایک تعزیتی کتاب بھی رکھی گئی تھی جس میں مہمانوں نے ملکہ معظمہ کی وفات پر اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے۔اکثر مقامات پر تصویری نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا تھا جس میں ملکہ معظمہ کی بعض یادگار تصاویر شامل تھیں۔

اس سلسلہ میں سیکریٹری اُمو خارجہ جماعت احمدیہ یوکے مکرم فرید احمد صاحب نے برطانیہ کی تمام جماعتوں میں ہونے والی رپورٹ تحریر کرتے ہوئے مندرجہ ذیل اعداد و شمار پیش کیے ہیں۔

ملکہ معظمہ کی وفات پر جماعت احمدیہ برطانیہ کی جانب سے تعزیت کے اظہار اور اُن کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے مورخہ 14، 15 و 16؍ ستمبر بروز بدھ جمعرات اور جمعۃ المبارک کل 23 پروگرامز منعقد کیے گئے جن میں احباب جماعت اور مہمانوں سمیت تین ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔ ان میں 14 پارلیمنٹیرین،11 میئرز، 27 کونسلرز، فیتھ اور انٹر فیتھ کے 17 نمائندے اور 10 سینئر پولیس آفیشلزشامل تھے۔ جن مقامات پر ان تقریبات کا انعقاد کیا گیا وہ یہ ہیں۔ مسجد بیت الفتوح، مسجد فضل لندن، اجتماع گاہ کنگز لی، کرالی، ایڈنبرا، گلاسگو، لیمنگٹن سپا، نوٹنگھم، لیسٹر، برمنگھم، کارڈف، مڈل سیکس، مانچسٹر، بریڈ فورڈ، ہڈرزفیلڈ، نیوہیم، جلنگھم، ڈنڈی، واٹفورڈ اور بروملی۔

سیکریٹری صاحب اُمور خارجہد اور مختلف ریجنل اور جماعتی نمائندگان کی طرف سے فراہم کردہ رپورٹس سے اہم نکات اورچند تفاصیل قارئین الفضل کے استفادہ کے لیے پیش خدمت ہیں۔

مسجد بیت الفتوح

محترم رفیق احمد حیات صاحب امیر جماعت احمدیہ یوکے کی زیر صدارت اور مکرم فرید احمد صاحب سیکریٹری اُمور خارجہ جماعت احمدیہ یوکے کی زیر نظامت مسجد بیت الفتوح کے طاہر ہال میں ایک تعزیتی تقریب منعقد کی گئی جہاں ملکہ معظمہ کی زندگی اور خدمات سے متعلق ایک تصویری نمائش بھی لگائی گئی تھی اور اس ضمن میں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے ایک تعزیتی پیغام بھی آویزاں کیا گیا تھا۔ اس ہال میں ایک تعزیتی کتاب بھی رکھی گئی تھی جس میں تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اپنے تعزیتی تاثرات بھی قلمبند کیے۔ اس پروگرام کی کوریج کے لیے مقامی و ملکی سطح کے ٹی وی اور اخباری نمائندے بھی موجود تھے۔ اس تقریب میں تقریباً ایک ہزار افراد نے شرکت کی جن میں ممبران پارلیمنٹ، میئرز، کونسلرز، پولیس کے نمائندے، مختلف مذہبی و سماجی و سیاسی شخصیات کے علاوہ مسجد بیت الفتوح کے قریب رہنے والے بہت سے غیر مسلم مہمان شامل تھے۔

محترم مبارک صدیقی صاحب ریجنل امیر بیت الفتوح ریجن لکھتے ہیں کہ تقریب کا آغاز مولانا نسیم احمد باجوہ صاحب نے تلاوت قرآن کریم سے کیا جبکہ تلاوت کی گئی آیات کا ترجمہ مکرم ٹومی کالوں صاحب نے پیش کیا جس کے بعد خصوصی طور پر مدعو کیے گئے مقررین نے مختصر طور پر ملکہ معظمہ کا بڑی عقیدت سے ذکر کرتے ہوئے اُن کی عظیم خدمات کا بھی تذکرہ کیا۔ محترم امیر صاحب جماعت احمدیہ یوکے نے اختتامی خطاب میں ملکہ معظمہ کی ملکہ اور انسانی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔ بعد ازاں اُن کی وفات پر ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ تقریب کے اختتام پر امیر صاحب نے دعا کروائی۔

مسجد فضل لندن

نائب امیر جماعت احمدیہ یوکے محترم منصور شاہ صاحب کی زیر صدارت مسجد فضل لندن میں منعقدہ تعزیتی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم مع انگریزی ترجمہ سے ہوا جو حافظ سلمان شاہد صاحب نے کی۔ ریجنل امیر ڈاکٹر مجیب الحق صاحب نے افتتاحی خطاب میں حاضرین تقریب کو خوش آمدید کہتے ہوئے ملکہ معظمہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ بعد ازاں ایم پی وانڈز ورتھ مکرمہ فلر اینڈرسن صاحبہ، ریٹائرڈ بریگیڈیئر مکرم نارمن ایلن صاحب، امام مسجد فضل لندن مکرم عطاء المجیب راشد صاحب اور محترم منصور شاہ صاحب نے اپنی اپنی تقاریر میں ملکہ معظمہ کی اپنے ملک و قوم کے لیے خدمات کا ذکر کیا۔ بعد ازاں نائب امیر صاحب نے اختتامی دعا کروائی۔

مکرم رانا عرفان شہزاد صاحب صدر جماعت مسجد فضل لندن تحریر کرتے ہیں کہ مکرم نصیر احمد صاحب زعیم انصار اللہ اور اُن کے ساتھ مکرم سیف اللہ منصور صاحب نے مسجد فضل لندن کے قرب و جوار کے تمام گھروں میں اس تقریب کے دعوت نامے تقسیم کیے جبکہ مکرم عبدالحئی صاحب صدر جماعت رچمنڈ پارک نے اپنی ٹیم کے ساتھ ہال کی سجاوٹ اور وائنڈ اپ کی ذمہ داری ادا کی اور خاکسار (صدر جماعت مسجد فضل) کی ٹیم نے سٹیج اور ریفریشمنٹ کے انتظامات کیے۔ مکرم رضوان شبیر صاحب سیکریٹری اُمور خارجہ نے ایم پیز، کونسلرز، میئرز اور دیگر معزز عمائدین سےتقریب میں شمولیت کے لیے رابطے کے فرائض انجام دیے۔ اس پروگرام میں احباب جماعت سمیت دیگر مہمانوں کی کل تعداد 250 تھی۔

اسلام آباد ریجن – کنگز لی (اجتماع گاہ)

اسلام آباد ریجن کی تقریب کنگزلی میں ریجنل امیر اسلام آباد ریجن و نائب امیر جماعت یوکے مکرم عطاء القدوس صاحب کی زیر صدارت منعقد کی گئی۔ میئر آلٹن، میئر فارنہم، میئر بورڈن، ڈپٹی میئر گلڈفورڈ کے علاوہ مقامی ایم پی اور کونسلرز اس تقریب میں شامل ہوئے۔ احباب جماعت سمیت کل حاضری 180 تھی جس میں 41 مہمان تھے۔ مکرم دانیال تصوراحمد صاحب نے تلاوت قرآن کریم سے تقریب کا آغاز کیا جبکہ مکرم سیّد عدیل شاہ صاحب نے اس کا ترجمہ پیش کیا۔ بعد ازاں مقررین نے ملکہ معظمہ کی خدمات پر اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ایک ویڈیو کلپ کے ذریعہ خدام الاحمدیہ کے اجتماع میں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے اختتامی خطاب کا وہ حصہ بھی دکھایا گیا جس میں حضور انور نے ملکہ معظمہ کی ملک و قوم کے لیے خدمات کا تذکرہ فرمایا تھا جس پر مہمانوں نے مثبت تاثرات کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر مکرم منیرالدین شمس صاحب نے مہمانوں کی آمد پر اُن کا شکریہ ادا کیا اور اختتامی دعا کروائی۔

ساؤتھ ویسٹ ریجن

ساؤتھ ویسٹ ریجن کی جماعت کارڈف میں ریجنل امیر مکرم نعمان احمد صاحب کی زیر صدارت تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ حافظ منیر صاحب نے تلاوت قرآن کریم اور اُس کے ترجمہ سے تقریب کا باقاعدہ آغاز کیا۔ ڈاکٹر ہیتھر پائن صاحب سینئر میڈیکل آفیسر ویلش گورنمنٹ، مکرم الادایڈورڈ صاحب چیف ایگزیکٹو آف چرچز ٹُوگیدر اینڈ جنرل سیکریٹری آف انٹر فیتھ کونسل آف ویلز، ریجنل مشنری مکرم عمار احمد صاحب اور ریجنل امیر صاحب نے تقاریر کے ذریعہ ملکہ معظمہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

ریجنل امیر صاحب تحریر کرتے ہیں کہ اس تقریب میں شمولیت کے لیے ممبران پارلیمنٹ، لارڈ لیفٹیننٹس، ہائی شیرف، انٹر فیتھ لیڈرز، اساتذہ، پولیس ڈیپارٹمنٹ کے علاوہ سیاسی و سماجی شخصیات میں 300سے زائد دعوت نامے تقسیم کیے گئے جس کے زریعے جماعت احمدیہ کا تعارف اور پیغام بھی پہنچایا گیا۔ اس تقریب میں کل حاضری 51 رہی۔

اس تقریب کی کوریج کے لیے آئی ٹی وی ویلز کے نمائندے بھی موجود تھے جنہوں نے ریجنل امیر مکرم نعمان صاحب کا لائیو انٹرویو بھی نشر کیا۔ جبکہ دوسرے دن بروز جمعرات کارڈف میں برطانیہ کے نئے بادشاہ محترم چارلس صاحب دوئم کی تشریف آوری کے موقع پر آئی ٹی وی نے ریجنل مشنری مکرم عمار احمد صاحب کا لائیو انٹرویو بھی نشر کیا۔ ان دونوں انٹر ویوز سے بھی ملکہ معظمہ کی وفات پر جماعت احمدیہ کے تاثرات نہ صرف آئی ٹی وی دیکھنے والوں تک پہنچے بلکہ اس کے ذریعے مقامی احمدی جماعت کی خدمات اور جماعت احمدیہ کی حقیقی اسلامی تعلیم پہنچانے کا بھی موقع ملا۔

نارتھ ایسٹ ریجن۔ بریڈ فورڈ

مسجد بیت الحمد، بریڈفورڈ میں منعقدہ اس تقریب کا آغاز مکرم حافظ منادی صاحب نے تلاوت قرآن کریم سے کیا۔ صدر جماعت مکرم وقاص صاحب نے تقریب کے مختصراً اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے ملکہ معظمہ کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا۔ ریجنل مشنری مکرم مبارک احمد بسرا صاحب نے اپنی تقریر میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی زندگی میں منعقد ہونے والے بعض ایسے کاموں کا ذکر کیا جن کا تعلق سلطنت برطانیہ اور ملکہ وکٹوریہ سے تھا۔ انہوں نے اس ضمن میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتاب تحفہ قیصریہ کا بھی ذکرکیا۔ بعد ازاں صدر صاحب محترم نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور ریجنل مشنری صاحب نے دعا کروائی۔ اس تقریب میں مہمانوں کی تعداد 12 تھی۔

 ملکہ عظمہ کی وفات پر اُن کی عزت و تکریم کے لیے مسجد فضل لندن محترم عطاء المجیب راشد صاحب کا دورہ ویسٹ منسٹر ہال لندن

ملکہ معظمہ کی تدفین 19 ؍ستمبر2022ء بروز پیر کو کی جانی تھی جس سے قبل عرصہ چار دن کے لیے اُن کا تابوت ویسٹ منسٹرہال لندن واقع پارلیمنٹ ہاؤس میں عوام الناس کے دیدار کے لئے رکھا گیا تھا۔ اس مقصد کے لیے مکرمہ فلراینڈرسن صاحبہ کی خصوصی دعوت پر امام مسجد فضل لندن محترم عطاء المجیب راشد صاحب نے بھی میئر وانڈزورتھ مکرم جیریمی امباچی صاحب اور چند دیگر پارلمینٹیرینز کے ہمراہ ویسٹ منسٹر ہال کا دورہ کیا۔ بعد ازاں محترم امام صاحب کو پارلیمنٹ ہاؤس کے مختلف حصوں کا بھی دورہ کروایا گیا جس کے دوران اُنہیں مختلف پارلیمنٹیرینز کے ساتھ اس ضمن میں حقیقی اسلامی تعلیم کے حوالہ سے بھی گفتگو کا موقع ملا۔

ملکہ معظمہ کی وفات پر چندمزید ریجز میں ہونے والی تعزیتی تقریبات کی تصاویر مختصر اعداد و شمار کے ساتھ ذیل میں دی گئی ہیں۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button