عالمی خبریں

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…یوکرین کی جانب سے روس سے جنگ کے بعد دوبارہ قبضے میں لیے گئے ’خارکیف ‘کے شہر ’ازیوم‘سے 440؍ سے زائد لاشوں کی ایک اجتماعی قبر ملی ہے۔یوکرینی تفتیشی پولیس کے چیف بولوینوف کی جانب سے اس معاملے پر بیان دیا گیا ہے کہ ہر لاش کی فرانزک تحقیقات کی جائیں گی۔

پولیس چیف بولوینوف نے کہا ہے کہ 440؍افراد کی لاشوں کے ایک جگہ سے ملنے کے معاملے پر ابتدائی طور پر یہ کہا جا سکتا ہے کہ کچھ کی موت توپ خانے کے فائر کی وجہ سے ہوئی ہوگی تو کچھ کی موت ہوائی حملوں کی وجہ سے۔واضح رہے کہ گذشتہ ہفتےکے دوران روس نے یوکرین پر اب تک کا سب سے تباہ کن حملہ کرنے اور ایک ہی دن میں 800؍سے زائد یوکرینی فوجی ہلاک و زخمی کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

روسی وزارت دفاع کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان کے مطابق یوکرین کے خلاف ہر محاذ پر زبردست کارروائیاں کی جا رہی ہیں جن میں ایئر فورس، میزائل فورس اور بھاری توپ خانے کا استعمال کیاگیا ہے۔

٭…سویڈن کی وزیراعظم میگڈالینا اینڈرسن نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیاہے۔انہوں نے پارلیمنٹ کے اسپیکر اینڈریاس نورلین کو اپنا استعفیٰ پیش کیا۔ سویڈن کی پارلیمنٹ میں اتوار کو انتخابات ہوئے تھے جن میں دائیں بازو کے بلاک نے 176؍نشستیں جیتیں جبکہ وزیراعظم کی جماعت 173؍نشستیں حاصل کرسکی۔

الیکشن میں فتح حاصل کرنے والی دائیں بازو کی جماعتیں غیر ملکی شہریوں کو امیگریشن دینے کے خلاف ہیں۔ ان کا یہ بھی موقف ہے کہ ملک میں پنپنے والے جرائم پیشہ گروہ دہائیوں سے جاری امیگریشن پالیسیوں کا شاخسانہ ہیں۔ سویڈن ڈیموکریٹس پارٹی یورپی یونین کی سخت ترین امیگریشن پالیسی سویڈن میں نافذ کرنا چاہتی ہے۔ ان کی پالیسی ہے کہ شہریوں کو مذہبی یا ہم جنس پرستی کے تناظر میں پناہ نہ دی جائے۔

میگڈالینا نے وزارت عظمیٰ سنبھالنے کےبعد ایک سال سے بھی کم عرصے میں استعفیٰ دے دیا ہے۔وہ ملک کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں۔ ان کے دَور میں سویڈن نے نیٹو میں شمولیت کا تاریخی اقدام کیا تھا۔

٭…دمشق ایئرپورٹ کے قریب اسرائیل کے فضائی حملے کے نتیجے میں 5 شامی فوجی ہلاک ہوگئے۔ صیہونی فوج کے دمشق ایئر پورٹ پر کیے جانے والے فضائی حملے میں شامی تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا۔دوسری جانب شام کی وزارت دفاع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ شامی فضائی دفاع نے اسرائیل کی جانب سے کیے گئے حملے کو ناصرف روکا بلکہ کارروائی کرتے ہوئے زیادہ تر میزائلوں کو مار گرانے میں کامیاب بھی ہو ئے۔

٭…بھارتی ریاست اتر پردیش میں (یو پی )کے شہر لکھنؤ میں ایک ماہ کی اوسط بارش ایک ہی دن میں برس گئی۔ لکھنؤ میں چوبیس گھنٹوں کے دوران155.2؍ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔غیر معمولی بارش کے باعث شہر میں سیلابی صورت حال کا سامنا ہے۔ اسکول اور کالج بند کردیے گئے ہیں جبکہ شہریوں کو غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دیوار گرنے کے حادثے میں 3؍بچوںسمیت 9؍افراد ہلاک اور 2؍زخمی ہوئے۔

٭…چین کے صو بہ ہونان میں 42؍منزلہ عمارت میں آگ لگ گئی، آگ سے متاثرہ عمارت میں سرکاری ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی چائنا ٹیلی کام کا دفتر ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ مواصلات کا نظام منقطع نہیں ہوا ہے۔علاقائی حکام کے مطابق کثیر المنزلہ عمارت میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ واقعے میں اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

٭…نیپال کے مغربی حصے میں شدید بارشیں ریکارڈ ہوئی ہیں، جن کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے جن سے 14؍افرادہلاک اور 7؍زخمی ہوگئے۔

لینڈ سلائیڈنگ سے 10؍افراد لاپتہ بھی ہیں جنہیں تلاش کرنے کی کوشش جاری ہے۔

اس کے علاوہ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں کی جانب سے آپریشن شروع کردیا گیا تھا اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

انتظامیہ کی جانب سے ڈیٹا شیئر کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اس سال بارشوں اور سیلابی صورت حال کے باعث اب تک 48؍افراد ہلاک اور 12؍افراد لاپتہ ہوگئے ہیں۔

٭…بچوں کی بہبود کے لیے اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسیف نے پاکستان میں ہنگامی امداد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب میں گھرے لاکھوں بچوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔ تقریباً چونتیس لاکھ سیلاب زدہ بچے فوری امداد کے منتظر ہیں۔ سیلاب میں پھنسے بچوں کو بھوک کے ساتھ بیماریوں نے گھیر لیا ہے، ملیریا اور ڈینگی کے ساتھ پیٹ کے امراض ان پر حملہ آور ہیں۔ یہ بچے اور بچیاں اس موسمیاتی تباہی کی قیمت چکا رہے ہیں، جس میں وہ حصے دار ہی نہیں، سیلاب سے متاثرہ بچوں کی مائیں غذائی قلت کا شکار ہوکر دودھ پلانے سے بھی قاصر ہیں۔

٭…عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ٹیڈروس نے خبردار کیا ہے کہ سیلاب کے بعد پاکستان میں بیماریوں اور اموات کی صورت میں دوسری آفت کا خطرہ ہے۔

ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے باعث سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد بیماریوں سے اموات کی صورت نئی آفت کا سامنا ہے۔ڈبلیو ایچ او 10ملین ڈالر کے بعد امداد کے لیے نئی اپیل جاری کرے گا۔ دنیا بھر کےعطیات دینے والوں سے زندگیاں بچانے کے لیے دل کھول کر امداد کی گزارش ہے۔

٭…عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او (WHO) نے پاکستانی عوام سے اپنی مرضی سے ادویات استعمال نہ کرنے کی اپیل کردی۔

نمائندہ ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اینٹی بائیوٹکس کا بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے، اینٹی بائیوٹکس کے بے دریغ استعمال سے جراثیموں میں ان ادویات کے خلاف مزاحمت بڑھ رہی ہے۔پاکستان کو ایکس ڈی آر ٹائیفائیڈ جیسی مہلک بیماری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اگر یہی حال رہا تو زیادہ تر اینٹی بائیوٹکس بیماریوں کے خلاف بے اثر ہو جائیں گی۔ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر ادویات استعمال نہ کریں۔ادویات کے غلط استعمال، تشخیص کی غلطیوں اور معالجین کی کوتاہیوں سے سالانہ لاکھوں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

٭…امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کےچیئرمین باب میننڈیز کا کہنا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ پاکستان کو دی گئی امداد ایک قطرے سے زیادہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے انٹرنیشنل ڈونرز کانفرنس کا انعقاد کیا جانا چاہیے اور امریکہ کی جانب سے ڈیزاسٹرپیکیج دیا جانا چاہیے۔ اس کے ساتھ آئی ایم ایف کی طرف سے بھی پاکستان کو مزید ریلیف ملنا چاہیے۔

٭…آسٹریلیا نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے مزید تین ملین ڈالر امداد کا اعلان کردیا۔ پاکستان ہائی کمیشن آسٹریلیا کے مطابق تباہ کن سیلاب نے33؍ملین سے زیادہ افراد کو متاثر کیا ہے، ملک کا ایک تہائی سے زیادہ حصہ سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے۔

اس موقع پر پاکستانی ہائی کمیشن کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام مصیبت کی اس گھڑی میں آسٹریلیا کی یکجہتی کو سراہتے ہیں۔

٭…امریکی خلائی ادارے ناسا کے ڈارٹ مشن پر موجود خلائی جہاز 26؍ستمبر کو جان بوجھ کر خلائی چٹان سے ٹکرا یا جائے گا۔ ناسا کے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ دس ماہ قبل خلا میں بھیجے جانے والے خلائی جہاز کو ڈبل ایسٹرائڈ ری ڈائریکشن ٹیسٹ (ڈارٹ) مشن پر بھیجا گیا ہے۔ خلائی چٹان سے ٹکرانے کے بعد ایسٹرائڈ کے ردعمل کا مشاہدہ کرے گا۔

ناسا خلائی جہاز کے چٹان سے ٹکرانے کے عمل کی لائیو اسٹریمنگ کرے گا، اس عمل سے زمین کو کوئی خطرہ نہیں ہوگا۔ سائنسدان نینسی شیبو کا کہنا ہے کہ اگر یہ تجربہ درست ثابت ہوتا ہے تو مستقبل میں ایسے خطرات سے خود زمین کو بچانا ممکن ہوجائے گا۔ ناسا کے مطابق 27؍ہزار سے زائد بڑے شہابیے ایسے ہیں جن کی راہ میں زمین آسکتی ہے۔

٭…برطانیہ میں 20 اور 50 پاؤنڈ کے نوٹ تبدیل کروانے کی آخری تاریخ 30؍ستمبر ہے۔ حکومت کے مطابق کرنسی نوٹ تبدیل کروانے کی آخری تاریخ تک عوام پرانے کاغذی نوٹ استعمال کرلیں یا بینکوں اور ڈاکخانوں میں جمع کروادیں۔بینک آف انگلینڈ نے گذشتہ سال نئے پولیمر ورژن کے نوٹ جاری کیے تھے۔ زیرگردش 20 اور 50 پاؤنڈ کے نوٹوں کی اکثریت نئے نوٹوں سے بدل دی ہے۔جعل سازی سے بچنے اور زیادہ پائیداری کے لیے نئے پولیمر نوٹ جاری کیے گئے تھے۔ اس سے قبل 5 اور 10 کے پولیمر کرنسی نوٹ جاری کیے جاچکے ہیں۔

٭…امریکی ڈالر کے مقابلے میں برطانوی پاؤنڈ کی قدر میں ریکارڈ کمی سامنے آئی ہے۔ قدر میں ایک فیصد کمی کے بعد ایک پاؤنڈ 1.135 ڈالر کا ہوگیا ہے جو 1985ء کے بعد سے پاؤنڈ کی کم ترین قدر ہے۔

یاد رہے کہ برطانیہ اس وقت مہنگائی میں 40 سالہ ریکارڈ اضافے کی لپیٹ میں ہے اور اس حوالے سے بینک آف انگلینڈ کا کہنا ہے کہ برطانیہ اس سال کے آخر تک کساد بازاری کا شکار ہو جائے گا۔

٭…جاپان کے جنوب مغربی حصے کو طاقتور طوفان نانمادول کا سامنا ہے۔یہ طوفان آج شام کیوشو ریجن سے ٹکرائے گا۔ طوفان کے پیشِ نظر جاپان کے کاگوشیما ریجن میں خصوصی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ریجن میں چلنے والی ٹرین سروس، پروازیں اور فیری سروس طوفان گزرنے تک معطل رہے گی۔ کاگوشیما اور قریبی علاقوں میں 25؍ہزار سے زائد گھروں کی بجلی منقطع ہو گئی ہے، جبکہ ہزاروں افراد نے ان علاقوں سے محفوظ مقامات کی جانب انخلاء کیا ہے۔ ریجن کو طوفانی بارشوں، تیز ہواؤں اور طوفانی لہروں کا سامنا ہو سکتا ہے۔ طوفان کے پیشِ نظر عوام کو زیادہ سے زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔

٭…تائیوان کے مشرقی ساحلی علاقے میں زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی شدت 6.6 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز ٹائیٹنگ کاؤنٹی میں 7.3کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ زلزلے کے معمولی جھٹکے دارالحکومت تائی پے میں بھی محسوس کیے گئے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button