امریکہ (رپورٹس)دورہ امریکہ ستمبر؍اکتوبر 2022ء

دورۂ امریکہ کا پہلا روز، سوموار 26؍ستمبر 2022ء

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا تاریخی دورۂ امریکہ 2022ء

پہلا روز، سوموار 26؍ستمبر 2022ء

شہر صیہون میں ورودِ مسعود اور مسجد فتحِ عظیم میں والہانہ استقبال

آج شام قریباً سوا چھ بجے امیر المومنین حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز بفضل اللہ تعالیٰ امریکہ کے شہر شکاگو میں بخیر و عافیت رونق افروز ہوئے۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا کووڈ 19 کے بعد بیرونِ انگلستان یہ پہلا دورہ ہے اور جماعت احمدیہ امریکہ کی سعادت ہے کہ اپنے محبوب آقا کی میزبانی کر تے ہوئے بےشماربرکات سمیٹے۔ ایئرپورٹ پر پیارے آقا کے استقبال کے لیے مکرم صاحبزادہ مرزا مغفور احمد صاحب (امیر جماعتہائے احمدیہ امریکہ)، مکرم اظہر حنیف صاحب (مشنری انچارج و نائب امیر جماعت احمدیہ امریکہ)، مکرم نسیم رحمت اللہ صاحب، مکرم وسیم ملک صاحب، مکرم ڈاکٹر حمید الرحمان صاحب (نائب امراء جماعت احمدیہ امریکہ)، مکرم سیّد شمشاد احمد ناصر صاحب، مکرم ظفر اللہ ہنجرا صاحب اور مکرم ارشاد احمد ملہی صاحب (مبلغینِ سلسلہ)، مکرم مختار احمد ملہی صاحب (نیشنل جنرل سیکرٹری)، مکرم امجد محمود خان صاحب (نیشنل سیکرٹری امورِ خارجیہ)، مکرم بلال رانا صاحب (نیشنل سیکرٹری امورِ عامہ)، نیاز بٹ صاحب (نیشنل سیکرٹری جائیداد) او ر مکرم ابو بکر صاحب (سابق صدر جماعت زائن) موجود تھے۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ورودِ مسعود کے بعد آپ کا قافلہ صیہون شہر کی طرف روانہ ہوا۔

شام قریباً پونے آٹھ بجے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا قافلہ مسجد فتح عظیم کے صحن میں پہنچا جہاں پر کثیر التعداد احباب و خواتین اپنے محبوب آقا کے استقبال کے لیے دوپہر سے ہی جمع ہونا شروع ہو چکے تھے۔ حضورِانور کی تشریف آوری پر احباب جماعت امریکہ نے اَھْلاً وَّ سَھْلاً وَّ مَرْحَباً کہتے ہوئے ا ور یک زبان ہو کر نعرہ ہائے تکبیر بلند کرتے ہوئے والہانہ انداز میں اپنے محبوب آقا کا استقبال کیا۔ حضورِ انورایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز گاڑی سے جلوہ افروز ہو کر صدر دروازے کی طرف تشریف لےگئے اور احباب کے جذبات بھرے نعرہ ہائے تکبیر کا ہاتھ ہلا کر جواب دیتے ہوئے اپنی رہائش گاہ پر پہنچے۔

بعد ازاں حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے قریباً سوا آٹھ بجے مسجد فتحِ عظیم میں تشریف لا کر نمازِ مغرب و عشاء پڑھائیں۔ مسجد کے باہر برقی قمقمے آویزاں کیے گئے ہیں جن کی خوبصورتی کو حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے بابرکت وجود نے چار چاند لگا دیے۔ عاشقانِ خلافت کئی کئی گھنٹوں کی مسافت طے کر کے اپنے محبوب آقا کے دید ار کے لیے حاضر ہوئے تھے۔ پارکنگ کے لیے مسجد کے قریب ہی دو بڑے پارکنگ لاٹس کا انتظام کیا گیا تھا۔ متوقع تعداد کے باعث انتظامیہ نے مسجد کے احاطہ میں متعدد اوور فلو مارکیوں کا انتظام کر رکھا ہے۔ جب مسجد کے تمام ہال اور کمرے نمازیوں سے بھر گئے تو زائد افراد نے نمازیں اپنے آقا کی اقتدا میں باہر مارکیوں میں ادا کیں۔

احبابِ کرام حضور پُر نور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی صحت و سلامتی کے لیے دعا گو رہیں۔ اللہ تعالیٰ ہر آن ہمارے پیارے امام ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا حامی و ناصر رہے۔ آمین

اَللّٰھُمَّ اَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ

وَ کُنْ مَعَہٗ حَیْثُ مَا کَانَ وَانْصُرْہُ نَصْرًا عَزِیْزًا

(رپورٹ: سید شمشاد احمد ناصر، مطیع اللہ جوئیہ)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button