امریکہ (رپورٹس)

احمدیہ پارک برمپٹن، کینیڈا

(محمد سلطان ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کینیڈا)

کینیڈا صوبہ اونٹاریو کے شہر برمپٹن کی کونسل کے متفقہ فیصلہ کی روشنی میں مورخہ 24؍ستمبر 2022ء کو ایک شاندار تقریب میں شہر کے شمال میں واقع Alloa Green Park کا نام تبدیل کرکے ’’احمدیہ پارک‘‘ رکھا گیا۔

برمپٹن کی شہری انتظامیہ کی میزبانی میں منعقد اس تقریب سے کینیڈا کی وفاقی وزیر کمل کھیرا، وفاقی پارلیمنٹ کی ممبران سونیا سدھو اور روبی سہوتہ کے علاوہ صوبائی پارلیمنٹ کے ممبران امرجوت سندھو، گراہم مک گریگر، ریجنل کونسلرزمائیکل پالیشی، پال وِسینٹ، گُرپریت سنگھ ڈِھلوں، کونسلرز روانا سینٹوس، ہَرکریٹ سنگھ نیز روٹری کلب کے صدر Uche Okugo اور وائی میڈیا کے سی ای او یدویر جسوال نے 650 حاضرین سے خطاب کیا۔

تقریب کے آغاز میں برمپٹن ویسٹ اور برمپٹن ایسٹ کے لوکل امراء مکرم عبدالجبار ظفر صاحب اور مکرم زاہد مسعود صاحب نے مہمانانِ گرامی کو خوش آمدید کہا۔

تلاوت قرآنِ کریم و ترجمہ کے بعد برمپٹن کے میئر پیٹرک براؤن نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ ’’مجھے شہریوں کا اس طرح اکٹھا ہونا بہت خوبصورت لگ رہا ہے۔ میں جماعت احمدیہ کا بھی بہت شکرگزار ہوں جنہوں نے شہر کے مختلف طبی اور رفاعی اداروں کے لیے ایک لاکھ ڈالرز سے زائد چندہ اکٹھا کیا۔ میں اس بات کا بھی ممنون ہوں کہ کووڈ 19 کے لیے مسجدمبارک برمپٹن میں کلینک کھولنے کے لیے جگہ مہیا کی۔‘‘ میئر نے بریڈفورڈ میں جلسہ سالانہ 2021ء کے موقع پر کہے گئے الفاظ دہراتے ہوئے کہا ’’بریڈفورڈ کا قصبہ بہت خوش قسمت ہے کہ وہاں پر احمدیہ مسلم جماعت کا نفوذ ہوا ہے۔ اور میرا یہی مطلب ہے کہ آپ بہت ہی خوش قسمت ہیں کہ احمدیہ جماعت آپ کے شہر میں محبت، سخاوت اور مروّت پھیلا رہی ہے۔‘‘ میئر براؤن نے اختتام میں کہا ’’میں ملک لال خاں صاحب (امیر جماعت کینیڈا) کو کہنا چاہتا ہوں کہ آپ کی برمپٹن جماعت، سخت محنت، محبت اور ایمانداری سے احمدیہ مسلم جماعت کینیڈا کی نمائندگی کا حق ادا کررہی ہےجس لیے میں آپ سب کا شکرگزار ہوں۔ امید ہے کہ آپ کو برمپٹن شہر کی محبت کی گرمائش بھی محسوس ہورہی ہوگی اور یہی ہماری طرف سے آپ کے لیے شکریہ کا پیغام ہے۔‘‘

وفاقی وزیر برائے سینئرز محترمہ کمل کھیرا نے اپنے خطاب میں کہا کہ احمدیہ مسلم جماعت ضرورت کے وقت، مدد کرنے کے لیے ہمیشہ سب سے پہلی صف میں ہوتی ہے۔ انہوں نے پاکستان میں آنے والے حالیہ سیلاب کے متاثرین کی بحالی کے لیے ہیومنٹی فرسٹ کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے سٹی کونسل برمپٹن کا بھی شکریہ ادا کیا کہ سٹی کونسل نے ان کے حلقہِ انتخاب میں واقع پارک کا نام ’’احمدیہ پارک‘‘ رکھنے کا فیصلہ کیا۔

تقریب کا اختتام مکرم لال خان ملک صاحب امیرجماعت کینیڈا کے خطاب سے ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری زندگیوں میں پارکس کا بہت اہم کردار ہے۔ گردونواح کے رہائشی یہاں اکٹھے ہوتے ہیں اور اپنی مصروف زندگیوں میں سے وقت نکال کر تفریح کے لیے آتے ہیں۔ ہمارے لیے یہ امر نہایت اطمینان کا باعث ہے کہ برمپٹن میں رہنے والے ہمارے ہمسائے، احمدیہ پارک میں سکون اور تحفظ کا احساس پائیں گے۔ امیر صاحب نے میئر برمپٹن پیٹرک براؤن، ریجنل کونسلرز اور سٹی کونسلرز کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس پارک کا نام تبدیل کرکے احمدیہ پارک رکھا ہے۔ انہوں نے صوبائی و وفاقی پارلیمان کے ممبران کا بھی شکریہ ادا کیا کہ وہ اس تقریب میں شامل ہوئے ہیں۔ نیز حاضرین کا بھی شکریہ ادا کیا کہ وہ ویک اینڈ پر اپنی ذاتی مصروفیات کو پسِ پشت ڈال کر اس تقریب کو کامیاب بنانے کے لیے تشریف لائے۔

اس موقع پر برمپٹن نارتھ سے منتخب رُکنِ پارلیمنٹ محترمہ روبی سہوتہ نے حکومتِ کینیڈا کی نمائندگی میں مکرم امیر صاحب کو، اُن کی خدمات کو سراہتے ہوئے، کوئین الزبتھ دوئم کی پلاٹینیم جوبلی کی یادگاری پِن پیش کی۔

جماعت نے حاضرین کو اس موقع کی مناسبت سے تیارکردہ خصوصی قلم بھی تقسیم کیے جن پر جماعت احمدیہ کا جھنڈا، احمدیہ پارک برمپٹن اور محبت سب کے لیے، نفرت کسی سے نہیں بزبان انگریزی کنندہ کیا گیا تھا۔

تقریب کے اختتام پر سٹی آف برمپٹن کی طرف سے شہریوں کو ریفرشمنٹ پیش کی گئی۔

اللہ کرے کہ یہ احمدیہ پارک تبلیغِ اسلام کا باعث ہو اور زیادہ سے زیادہ سعید روحیں اس وسیلے سے اسلام کی حقیقی تعلیم سے فیضیاب ہوں اور محمد مصطفیٰ احمد مجتبیٰﷺ کا پرچم سب پرچموں سے ہمیشہ بلند رہے۔ آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button