اطلاعات و اعلانات

اطلاعات واعلانات

درخواستِ دعا

٭… محمد شہباز صاحب گنڈا سنگھ والا فیصل آباد سے اعلان کرواتے ہیں کہ چند دن پہلے ہونے والے ایک ایکسیڈنٹ کی وجہ سے ان کے سر پر اندرونی چوٹ آئی ہے اور کلیویکل فریکچر ہے۔

احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہےکہ اللہ تعالیٰ خاص اپنے فضل سے ہر ایک پیچیدگی سے بچاتے ہوئے کامل شفاسے نوازے۔ آمین

اعلانِ نکاح

٭…چودھری ظفر احمد صاحب اٹک تحریر کرتے ہیں کہ ان کے بڑے بیٹے چودھری اطہر احمد صاحب حال مقیم یوکے کا نکاح محترمہ اقراء صبور صاحبہ دختر مکرم رانا محمد آصف قمر صاحب (شورکورٹ کینٹ) کے ساتھ مورخہ 25؍ستمبر کو قرار پایا ہے۔

احباب جماعت سے درخواستِ دعا ہے کہ خدا تعالیٰ یہ نکاح دونوں خاندانوں کے لیے با برکت فرمائے۔ آمین

سانحہ ارتحال

٭…طاہر سعید صاحب پاکستان سےتحریر کرتے ہیں کہ میرے محترم ماموں جان جماعت احمدیہ کے مخلص اور دیرینہ خادم مکرم و محترم بیرسٹر میر سید حمید احمد صاحب آف ٹورانٹو کینیڈا،(Toronto, Canada) مورخہ 16؍ستمبر 2022ء بعمر83سال، اپنی زندگی کی خوبصورت یادوں کا خزانہ چھوڑ کر اپنے خالق حقیقی کے حضور حاضر ہو گئے۔اناللہ و انا الیہ راجعون۔

آپ جماعت احمدیہ کی معروف شخصیات محترم الحاج حافظ ڈاکٹر میر سید شفیع احمد صاحب محقق دہلویؓ صحابی حضرت مسیح موعودؑ و محترمہ قریشہ سلطانہ صاحبہ المعروف بیگم شفیع تحریک پاکستان کی صف اول کی مجاہدہ اور برصغیر کی پہلی مسلم صحافی خاتون کے سب سے چھوٹے صاحبزادے اور محترم ڈاکٹر سید برکات احمد صاحب (بھارت)، محترم سید حسنات احمد صاحب (کینیڈا) اور محترمہ پروفیسر سیدہ نسیم سعید صاحبہ (پاکستان) مرحومین کے چھوٹے بھائی تھے۔

مرحوم نے اوائل عمری میں نظامِ وصیت میں شمولیت اختیار کی۔ خدا تعالیٰ نے ان کو پاکستان اور کینیڈا دونوں ممالک میں مقبول دینی و دنیاوی خدمات کی توفیق عطا فرمائی۔

1963ء سے 1976ء تک پاکستان کے مختلف شہروں میں بطور مجسٹریٹ، اسسٹنٹ کمشنر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کے کلیدی سرکاری عہدوں پر فائز رہے۔ بعد ازاں جماعت کے خلاف حکومتی اقدامات کے باعث 1977ء میں کینیڈا ہجرت کرگئے۔ اپنی خداداد صلاحیتوں کو بروئےکار لاتے ہوئے کینیڈا پہنچتے ہی بیرسڑی کا امتحان نمایاں کامیابی سے پاس کیا اور بہت جلد ہی ان کا شمار نمایاں وکلاء میں ہونے لگا۔ 1986ء میں مرحوم سب سے پہلے احمدی و ایشیائی تھے جو بورڈ آف سکولز کیمروز (Camrose) کے ڈائریکٹر منتخب ہوئے۔ بعدہٗ اپنی غیر معمولی ذہانت اور قانون کے پیشے میں اعلیٰ خدمات کی بنا پر وہ پہلے احمدی تھے جن کو کوئینز کونسل ( QC) کا اعزازی خطاب و اعلیٰ مقام حاصل ہوا۔

جماعتی خدمات

1972ء تا 1975ء جماعت احمدیہ اسلام آباد پاکستان میں بطورقاضی خدمات بجا لانے کی توفیق ملی۔ کیلگری (Calgary) کینیڈا میں جماعت کے قیام پر حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ نے مرحوم کو جماعت کا پہلا صدر مقرر فرمایا اور کیلگری میں جماعت کی پہلی مسجد خریدنے کی توفیق ملی۔ حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ نے ان کو جماعت احمدیہ کینیڈا کے قضا بورڈ کا ممبر بنایا اور مرحوم اس خدمت کو قریب عرصہ 15 سال اپنی خرابیٔ صحت ( 2016ء ) تک انتہائی مستعدی سے سرانجام دیتے رہے۔

مرحوم خلافت احمدیہ کے عاشق صادق اور جماعت کے فدائی تھے۔

وفات سے چند سال قبل مرحوم صاحبِ فراش رہے لیکن بڑے صبر اور حوصلے سے لمبی بیماری کو برداشت کیا۔ ان کی ساری اولاد خصوصاً ان کی سب سے بڑی صاحبزادی فائزہ سید داؤد صاحبہ، ان کے میاں اور بچوں نے جس مستعدی اور تندہی سے ان کی خدمت کی وہ اپنی مثال آپ ہے۔ اللہ تعالیٰ ان سب کو جزائے خیر سے نوازے۔ آمین

مرحوم کے سوگواران میں تین بیٹے، دو بیٹیاں، داماد، 6 نواسے نواسیاں پوتے پوتیاں ہیں۔

مرحوم کی نمازہ جنازہ 20؍ستمبر کو مسجد بیت الحمد کینیڈا میں امیر جماعت احمدیہ کینیڈا مکرم و محترم ملک لال خان صاحب نے پڑھائی اور مرحوم کی خدمات کا تفصیلی ذکر خیر کیا۔ 21؍ستمبر کو جماعت احمدیہ کینیڈا کے میپل (Maple) قبرستان میں تدفین ہوئی۔

اللہ تعالیٰ مرحوم سے مغفرت و رحم کا سلوک فرمائے اور بے حساب بخشتے ہوئے جنت الفردوس میں اپنے پیاروں میں جگہ عطا فرمائے، سوگواران کو صبر جمیل عطا فرمائےاور مرحوم کی اولاد کو ان کی نیکیاں جاری رکھتے ہوئےاپنے والد کے لیے صدقہ جاریہ بنائے۔ آمین

بلانے والا ہے سب سے پیارا

اسی پہ اے دل تو جاں فدا کر

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button