امریکہ (رپورٹس)دورہ امریکہ ستمبر؍اکتوبر 2022ء

حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ کا تاریخی دورۂ امریکہ 2022ء۔ 07؍ تا 13؍اکتوبر

(ادارہ الفضل انٹرنیشنل)

(بارھواں روز، 7؍اکتوبر 2022ء بروز جمعة المبارک)

ڈیلاس مسجد بیت الاکرام کا بابرکت افتتاح اور خطبہٴ جمعہ،ہزار ہا احبابِ جماعت کی شمولیت

آج 7؍ اکتوبر 2022ء بروز جمعة المبارک حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دورۂ امریکہ کا بارھواں اور ڈیلاس ٹیکساس میں چھٹا دن تھا۔ حضورِانور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے صبح سوا چھ بجے مسجد بیت الاکرام میں تشریف لا کرنمازِ فجر پڑھائی جس میں بڑی تعداد میں احباب شامل ہوئے۔ آج جمعة المبارک ہونے کی وجہ سے حاضری غیر معمولی تھی۔ احباب دور دراز کے علاقوں سے طویل مسافت طے کر کے اپنے محبوب آقا ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دیدار کے لیے حاضر ہوئے تھے۔

صبح سے ہی حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتدا میں نمازِ جمعہ ادا کرنے کی غرض سے مسجد کے باہر احباب جماعت کی قطار بننا شروع ہو گئی تھی۔ باہر سڑک پر اور پارکنگ لاٹ میں شہری انتظامیہ کی جانب سے حفاظتی مقاصد کے پیش نظر متعدد پولیس گاڑیاں موجود تھیں۔ خطبہٴ جمعہ شروع ہونے سے پہلے ہی تمام مسجد، ہالز اور کمرہ جات بھر گئے۔ غیر معمولی حاضری کے پیشِ نظر مسجد بیت الاکرام کے احاطہ میں ہی اوَر فلو مارکیوں کا انتظام کیا گیا تھا۔ دوپہر ٹھیک ایک بجے جب حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے نمازجمعہ کا آغاز فرمایا تو تمام اورفلو مارکیاں بھی بھر چکی تھیں۔ چنانچہ سینکڑوں زائد افراد ایسے بھی تھے جنہوں نے نمازِ جمعہ باہر کھلی فضا میں بچھی صفوں اور لنگر خانہ کی مارکی میں ادا کی۔

آج امریکہ اور کینیڈا کے دور دراز علاقوں سے گھنٹوں کا طویل سفر طے کر کے آنے والے ہزار ہا احبابِ جماعت نے اپنے محبوب آقا حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتدا میں نمازِ جمعہ ادا کرنے کی سعاد ت پائی۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے خطبہٴ جمعہ کے ساتھ ڈیلاس مسجد بیت الاکرام کا باقاعدہ افتتاح فرمایا۔حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہٴ جمعہ تمام دنیا میں براہ راست ايم ٹی اے کے مواصلاتي رابطوں نيز يوٹيوب اور ديگر ميڈيا پليٹ فارمز کے ذريعہ سنا اور ديکھا گيا۔

ڈیلاس میٹرو ایریا کے مغربی حصہ میں واقع فورٹ ورتھ ایک شہر ہے۔ اس شہر کی جماعت نے چند سال پہلے مسجد کے لیے ایک جگہ خرید ی جس کا نام حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد بیت القیوم رکھا۔ مقامی جماعت کی درخواست پر آج شام تقریباً 7 بجے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مسجد بیت الاکرام سے ایک گھنٹے کی مسافت طے کر کے فورٹ ورتھ کی مسجدمیں پہنچے جہاں پر مقامی جماعت نے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا پُر جوش استقبال کیا۔ سب سے پہلے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد کی یادگاری تختی کی تقاب کشائی فرما کر دعا کروائی۔پھر حضورِ انور صحن کی طرف تشریف لے گئے اور وہاں یادگاری پودا لگانے کے بعد مسجد کا معائنہ فرمایا۔ بعد ازاں فورٹ ورتھ کے خوش نصیب احباب کو حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی صحبت میں چند خوشگوار لمحات گزارنے نصیب ہوئے جس میں انہوں نے آقا سے اپنے جذبات کا اظہار کیا اور متعدد سوالات بھی پوچھے۔ سوال و جواب کے بعد مقامی مجلسِ عاملہ کو حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ گروپ فوٹو کھینچوانے کی سعادت نصیب ہوئی۔ اس کے بعد حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجدبیت القیوم میں 7 بج کر 55 منٹ پر نمازِ مغرب و عشاء پڑھائیں۔سوا آٹھ بجے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا قافلہ پولیس اسکورٹ کے ساتھ روانہ ہو کر تقریباً ساڑھے نو بجے ڈیلاس مسجد بیت الاکرام پہنچا۔

کل مسجد بیت الاکرام کے افتتاح کی خوشی اور امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے اعزاز میں جماعت احمدیہ امریکہ عشائیہ (ریسپشن) پیش کرے گی۔اس پروگرام کے لیے ملک بھر سے اہم سماجی ثقافتی اور سیاسی شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے۔

٭…٭…٭

(تیرھواں روز، 8؍اکتوبر 2022ء بروز ہفتہ)

٭…ڈیلاس مسجد بیت الاکرام کے افتتاح کی خوشی اور حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے
اعزاز میں عشائیہ (ریسپشن)

٭…ٹیکساس کے شہر ایلن (Allen) کی انتظامیہ کی جانب سے حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں شہر کی چابی کا تحفہ

آج آٹھ اکتوبر 2022ء بروز ہفتہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دورہٴ امریکہ کا تیرھواں اور ڈیلاس، ٹیکساس میں ساتواں دن تھا۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے نمازِ فجر صبح سوا چھ بجے مسجد بیت الاکرام میں تشریف لا کر پڑھائی۔ معمول کے مطابق کثیر تعداد میں احباب نے نماز میں شرکت کی توفیق پائی۔ آج شام مسجد بیت الاکرام کے افتتاح کی خوشی اور حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے اعزاز میں عشائیہ دیا جا رہا ہے۔ اس تاریخی اور بابرکت تقریب میں شامل ہونے کی غرض سے امریکہ و کینیڈا سے ہزاروں کی تعداد میں احباب نہایت طویل سفر کر کے ڈیلاس شہر میں پہنچے تھے۔

نمازِ ظہر و عصر ڈیڑھ بجے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتدا میں ادا کی گئیں۔ نماز سے واپسی پر حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز لنگر خانہ کچن میں تشریف لے گئے اور عشائیہ کے لیے کھانا تیار کرنے والی ٹیم کی حوصلہ افزائی فرماتے ہوئے ان کے پاس چند منٹ کے لیے رکےاور ان سے کھانے کے انتظامات کے متعلق دریافت فرمایا۔ غیر معمولی حاضری کو پیش نظر رکھتے ہوئے مسجد سے صحن میں اوَر فلو مارکیوں کا انتظام کیا گیا تھا جو کہ ہزاروں کے مجمع کے آگے چھوٹی معلوم ہونے لگیں۔ جب بھی حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز رہائش گاہ سے مسجد یا مسجد سے رہائش گاہ تشریف لے جاتے ہیں تو احباب کی کثیر تعداد اپنے محبوب آقا کا دیدار کرنے کی غرض سے راستے میں کھڑی ہو جاتی۔ چھوٹے بڑے سب “السلام علیکم پیارے حضور” کہتے ہوئے سنائی دیتے جس کاجواب حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز از راہ شفقت ہاتھ اٹھا کر دیتے۔

عشائیہ (ریسپشن)

جماعت احمدیہ امریکہ نے ڈیلاس کی مسجد بیت الاکرام کے بابرکت افتتاح کی خوشی اور حضورِ انو ر ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے اعزاز میں عشائیہ پیش کیا۔ اس کے لیے مسجد کے احاطہ میں ہی ایک بڑی مارکی نصب کی گئی تھی۔ شام ٹھیک 6 بجے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز ریسپشن مارکی میں تشریف لائے اور پروگرام کا آغاز فرمایا۔ ملک بھر سے معروف سیاسی، سماجی اور ثقافتی شخصیات نے بھی اس پروگرام میں حصہ لیا جن کی تعداد ایک سو چالیس تھی۔

تلاوتِ قرآن کریم پیش کرنے کی سعادت مکرم سید لبیب جنود صاحب، مربی سلسلہ کو ملی جس کا ترجمہ مکرم ابراہیم نعیم صاحب نے کیا۔ اس کے بعد مکرم امجد محمود خان صاحب، نیشنل سیکرٹری امور خارجیہ نے جماعت احمدیہ مسلمہ کا تعارف پیش کیا۔ بعد ازاں آنریبل کارل کلی منسیک (Hon. Carl Clemencich) ممبر سٹی کونسل ایلن ٹیکساس نے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں ایلن سٹی کی طرف سے خوش آمدید کہتے ہوئے شہر کی چابی پیش کی جسے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے قبول فرمایا۔ اس کے بعد ڈاکٹر رابرٹ ہنٹ ( Dr. Robert Hunt) پروفیسر جنوبی میتھاڈسٹ یونیورسٹی اور امریکی کانگرس مین آنریبل مائیکل مک کال (Hon. Michael McCaul۔) نے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں خوش آمدید عرض کیا اور اپنے ریمارکس پیش کیے۔ اس کے بعد حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز خصوصی خطاب کرنے کے لیے تشریف لائے جس میں آپ ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے احباب کو مساجد کے حقوق کے متعلق بتایا، نیز حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے احباب کو عبادات اور حقوق العباد ادا کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ آخر پر حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے دعا کروا کر اس بابرکت پروگرام کا اختتام فرمایا۔

اس تاریخی تقریب میں شامل ہونے کی سعادت حاصل کرنے کی غرض سے کثیر تعداد میں احبابِ جماعت ہزاروں میل کا سفر طے کر کے شامل ہوئے۔ پروگرام کے دوران ریسپشن مارکی کے باہر ہزار ہا کی تعداد میں احباب موجود تھے۔

پروگرام کے بعد ساڑھے آٹھ بجے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مسجد بیت الاکرام میں تشریف لائے اور نمازِ مغرب و عشا ء پڑھائیں۔

کل انشاء اللہ العزیز پیارے آقا ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ڈیلاس، ٹیکساس سے بیت الرحمان، میری لینڈ کے لیے روانگی ہو گی۔

٭…٭…٭

(چودھواں روز، اتوار 9 اکتوبر 2022ء)

ڈیلس،ٹیکساس سے خصوصی چارٹر ڈطیارے پر روانگی، بیت الرحمان، میری لینڈ میں والہانہ استقبال

آج 9؍ اکتوبر 2022ء بروز اتوارحضرت امیرالمومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا دورہٴ امریکہ چودھواں روز تھا۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مقامی وقت کے مطابق صبح سوا چھ بجے مسجد بیت الاکرام میں تشریف لائے اور تمام احباب کو نمازِ فجر پڑھائی۔

صبح گیارہ بجے کے قریب حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی رہائش گاہ سے باہر تشریف لائے جہاں پر مخلصین کی کثیر تعداد پہلے سے ہی اپنے محبوب آقا کو الوداع کہنے کے لیے موجود تھی۔ گزشتہ ایک ہفتہ سے اپنے آقا ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی قربت میں رہنے کے بعد جدائی کے لمحات بہت کٹھن معلوم ہو رہے تھے۔ مقامی احباب کی افسردگی ان کے چہروں سے نمایاں تھی۔ اس موقع پر بھی احباب جذبات بھرے نعرہ ہائے تکبیر اور ’’محسن انسانیت، زندہ باد‘‘ کے نعرے بلند کر رہے تھے۔ چند لمحات رونق افروز ہونے کے بعد سیّدنا امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی گاڑی میں تشریف لے گئے اور آپ کا قافلہ ڈیلاس ایئرپورٹ کے خصوصی ٹرمینل کی طرف روانہ ہو ا جہاں پر طیارہ ’’خلافت فلائٹ‘‘ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کامنتظر تھا۔ اس طیارہ میں تقریباً پچھتر افراد کو حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ ڈیلاس سے میریلینڈ کے بالٹی مور ایئرپورٹ تک سفر کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔

’’خلافت فلائٹ‘‘ آج دوپہر سوا بارہ بجے ڈیلاس سے روانہ ہوئی اور پونے چار بجے میری لینڈ کے بالٹی مور ایئرپورٹ پر پہنچی جہاں پر حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے استقبال کے لیے مکرم فلاح الدین شمس صاحب( نائب امیر جماعت احمدیہ امریکہ)، مکرم مختار احمد ملہی صاحب (نیشنل جنرل سیکرٹری )، مکرم سید شمشاد احمد ناصر صاحب( مربی سلسلہ ساوٴتھ ورجینیا ) اور مکرم مدیل عبد اللہ صاحب (صدر مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ ) موجود تھے۔ پولیس اسکورٹ کے ساتھ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا قافلہ دوپہر ساڑھے چار بجے مسجد بیت الرحمان میں پہنچا جہاں پر پہلے سے ہی احبابِ جماعت کی کثیر تعداد اپنے محبوب آقا کی راہ میں آنکھیں بچھائے موجود تھی۔

پیارے آقا کو خوش آمدید کہتے ہوئے مرد حضرات نے پُرجوش انداز میں نعرہ ہائے تکبیر بلند کیے۔ ناصرات اور لجنہ نے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خیر مقدم کرتے ہوئے یک زبان ہو کرخوش الحانی کے ساتھ نظم “سو بسم اللہ جی آیاں نو” کے علاوہ انگریزی اور پنجابی اشعار پیش کیے۔ مسجد بیت الرحمان کے احاطہ میں حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ورود مسعود کے پر مسرت موقع پر بڑے بڑے بینرز آویزاں کیے گئے تھا جن پر ’’وہ باشاہ آیا‘‘ اور ’’اِنّی معک یا مسرور‘‘ اور دیگر کلمات تحریر کیے گئے تھے۔

دوپہر پانچ بجکر پچیس منٹ پر حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مسجد بیت الرحمان میں تشریف لے آئے اور احباب کو نمازِ ظہر و عصر پڑھائیں۔ احباب جماعت سے تمام مسجد اور ہال بھر جانے کے بعد سینکڑوں افراد نے نمازیں باہر اوَرفلو مارکیوں میں ادا کیں۔

مسجد بیت الرحمان کے باہر نمازِ مغرب سے چند گھنٹے پہلے ہی احبابِ جماعت قطاروں میں موجود تھے۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز شام تقریباً سوا آٹھ بجے مسجد بیت الرحمان تشریف لائے اور تمام احباب کو نمازِ مغرب و عشاء پڑھائیں۔

٭…٭…٭

(پندرھواں روز، 10؍اکتوبر 2022ء بروز سوموار)

مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ کے دفتر سرائے خدمت کا افتتاح، فیملی ملاقاتیں

آج مورخہ 10؍اکتوبر بروز سوموارحضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے دورہٴ امریکہ کا پندرھواں اور بیت الرحمان، میری لینڈ میں دوسرا دن تھا۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مقامی وقت کے مطابق صبح سوا چھ بجے مسجد بیت الرحمان میں تشریف لا کر نماز فجر پڑھائی۔

دوپہر تقریباً سوا ایک بجے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی رہائش گاہ سے تشریف لائے اور مسجد بیت الرحمان کے قریب ہی جماعت کے نئے خریدے گئے گیسٹ ہاوٴس کا معائنہ فرمایا۔ بعد ازاں حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ کے نئے خریدے گئے دفتر کی بلڈنگ کا افتتاح فرمانے کے لیے تشریف لے گئے۔ یہ دفتر بھی مسجد بیت الرحمان کے بالکل قریب ہی واقع ہے اور اس کا نام حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ’سرائے خدمت‘ رکھا ہے۔سرائے خدمت پہنچ کر سب سے پہلے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے باہر یادگاری تختی کی نقاب کشائی فرما ئی اور دعا کرائی۔ اس کے بعد حضور انور دفتر کے اندر تشریف لے گئے اور تمام دفاتر و کمرہ جات کا معائنہ فرمایا۔

سرائے خدمت کے افتتاح کے بعد حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مسجد بیت الرحمان میں تشریف لائے جہاں پر احباب پہلے سے ہی اپنے آقا کی اقتدا میں نماز ظہر و عصر ادا کرنے کی غرض سےحاضر تھے۔ احباب نے ایک بج کر پینتیس منٹ پر حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتدا میں نمازیں ادا کرنے کی سعاد ت پائی۔

شام چھ بجے حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز دفتر تشریف لائے اور احباب کے ساتھ ملاقات کا سلسلہ شروع ہوا۔ ملاقات کی سعادت پانے کے لیے احباب کئی کئی گھنٹوں کی مسافت طے کر کے مسجد پہنچے ہوئے تھے۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ملاقات کےلیے آنے والے بچوں کو چاکلیٹس اور طالبعلموں کو قلم عنایت فرمائے۔ آج بارہ جماعتوں سے تعلق رکھنے والی 27فیملیز کے 121 افراد کو حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے شرفِ ملاقات نصیب ہوا۔ ملاقاتوں کا سلسلہ شام 7 بج کر 55 منٹ تک جاری رہا جس کے بعد حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ساڑھے آٹھ بجے مسجد بیت الرحمان میں تشریف لا کر نماز مغرب و عشاء پڑھائیں۔ احباب سردی کے باوجود کئی گھنٹے پہلے ہی مسجد کے باہر قطاروں میں کھڑے ہو گئے تھے تا کہ مسجد کے اندر حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتدا میں نمازیں ادا کر سکیں۔

احبابِ کرام حضور پُر نور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی صحت و سلامتی کے لیے دعا گو رہیں۔ اللہ تعالیٰ ہر آن ہمارے پیارے امام ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا حامی و ناصر رہے۔ آمین

ہر گام پر فرشتوں کا لشکر ہو ساتھ ساتھ
ہر ملک میں تمہاری حفاظت خدا کرے

اَللّٰھُمَّ اَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ وَ کُنْ مَعَہٗ حَیْثُ مَا کَانَ وَانْصُرْہُ نَصْرًا عَزِیْزًا

٭…٭…٭

(سولہواں روز، 11؍اکتوبر 2022ء بروز منگل)

گھانین سفیر سے ملاقات، نو مبائعین کے ساتھ خصوصی نشست اور فیملی و اجتماعی ملاقاتیں

آج مورخہ 11؍اکتوبر بروز منگل حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دورہٴ امریکہ کا سولہواں (16) اور سلور سپرنگ, میری لینڈ میں تیسرا دن تھا۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مقامی وقت کے مطابق صبح سوا چھ بجے مسجد بیت الرحمان میں تشریف لائے اور احباب جماعت کو نماز فجر پڑھائی۔

تقریباً گیارہ بجے حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مسجد بیت الرحمان تشریف لائے اور گھانا کی امریکی سفیر ہَر ایکسی لینسی حاجہ علیمہ ماہاما (H. E. Hajia Alima Mahama) کو شرف ملاقات بخشا۔ اس کے بعد حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے ساتھ فیملی ملاقاتیں شروع ہوئیں۔ملاقاتوں کے لیے بیسیوں خاندان طویل مسافت طے کر کے اپنے محبوب آقا سے ملاقات کے لیے حاضر ہوئے تھے۔ حضورِ انور نے ملاقات میں آنے والے طلباء کو از راہ شفقت پین اور چھوٹے بچوں کو چاکلیٹس عنایت فرمائے۔ ملاقات سے نکلنے والے احباب کے چہرے ان کے جذبات کی عکاسی کر رہے تھے کیونکہ ان میں سے اکثرکو زندگی میں پہلی مرتبہ خلیفہٴ وقت سے ملاقات نصیب ہو رہی تھی۔ ملاقاتوں کے بعد پونے دو بجے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے احباب کو نمازِ ظہر و عصر پڑھائیں اور پھر اپنی رہائش گاہ پر تشریف لے گئے۔ اگرچہ ورک ڈے (workday) تھا اس کے باوجود کثیر تعداد میں احباب اپنی ملازمتوں اور کاموں سے رخصت لے کر اپنے آقا ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی زیارت کی غرض سے مسجد بیت الرحمان پہنچے ہوئے تھے۔ آج صبح 16جماعتوں سے تعلق رکھنے والی32 فیملیز کے151 افراد کو حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے ملاقات کی سعادت نصیب ہوئے۔

امریکہ میں گزشتہ چار سال سے فدایانِ خلافت اپنے آقا کے دیدار سے محروم تھے۔ پچھلے چند سالوں کے دوران بےشمار خاندان پاکستان سے امریکہ منتقل ہوئے۔ ملاقات کے لیے درخواست دہندگان میں سے اکثر ایسے تھے جن کو کبھی ملاقات کا موقع میسر نہیں آیا اور ان کی فہرست اس قدر طویل تھی کہ انتظامیہ کو اجتماعی ملاقاتوں کا التزام کرنا پڑا تا کہ زیادہ سے زیادہ احباب حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی صحبت سے مستفیض ہو سکیں۔ شام تقریباً چھ بجے حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز گروپ ملاقاتو ں کے لیے مسجد بیت الرحمان تشریف لائے۔ آج اجتماعی ملاقاتوں میں تقریباً 500 افراد کو حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے شرفِ ملاقات نصیب ہوا۔

اجتماعی ملاقاتوں کے بعد حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 46 نو مبائعین اور زیر تبلیغ احباب کو ملاقات عنایت فرمائی۔ احمدیت میں نئے شامل ہونے والے ان احباب کو حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے چالیس منٹ کا وقت عنایت فرمایا۔ اس دوران حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے نومبائعین سے ان کی اسلام احمدیت میں داخل ہونے کے متعلق دریافت فرمایا۔ نیز حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے پوچھا کہ قبول اسلام احمدیت کے بعد ان کے خاندان کا ان سے رویہ کیسا تھا اور ان کو کیا مشکلات پیش آئیں۔

اورلانڈو (Orlando) سے تعلق رکھنے والے ایک زیر تبلیغ دوست کرسٹو فر میئر دوم (Christopher Meyer II) نے شرح صدر ہونے کے بعد موٴدبانہ درخواست کی کہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز ان کی بیعت لیں جس پر حضورِ انور نے دریافت فرمایا کہ ان کی واپسی کب ہے۔ انہوں نے عرض کی کہ ان کی روانگی کل دوپہر چار بجے ہو گی۔ ان کی درخواست کو حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے قبول فرمایا۔ تقریبِ بیعت ان کی روانگی سے قبل کل نمازِ ظہر و عصر کے معاً بعد منعقد ہو گی جس سے تمام احباب جماعت بھی مستفیض ہو سکیں گے، انشاء اللہ تعالیٰ۔

ملاقاتوں کے بعد حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے پونے نو بجے مسجد بیت الرحمان میں احباب کو نمازِ مغرب و عشاء پڑھائیں۔آج شام کو احباب کی حاضری غیر معمولی تھی۔ افراد مسجد میں نماز ادا کرنے کی لائن میں گھنٹوں پہلے ہی کھڑے ہونا شروع ہو گئے تھے۔ انتظامیہ نے آنے والے احباب کی گاڑیوں کے لیے تین مختلف جگہوں پر پارکنگ کا اہتمام کر رکھا تھا جہاں سے شٹلز کے ذریعہ احباب مسجد بیت الرحمان پہنچے۔ مسجدکے احاطہ میں اوَرفلو مارکیاں بھی نصب کی گئیں جہاں پر زائد احباب کے لیے نمازیں ادا کرنے کا انتظام کیا گیا تھا لیکن اس کے باوجود یہ مارکیاں بھی دیکھتے دیکھتے نمازیوں سے بھر گئیں۔

٭…٭…٭

(سترھواں روز، 12؍اکتوبر 2022ء بروز بدھ)

سیرالیون کے سفیر سے ملاقات، فیملی ملاقاتیں، تقریبِ بیعت اور گلشن وقف نو کلاسز

آج 12؍اکتوبر بروز بدھ حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے دورہٴ امریکہ کا سترھواں اور سلور سپرنگ شہر میں چوتھا دن تھا۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مقامی وقت کے مطابق صبح سوا چھ بجے مسجد بیت الرحمان میں تشریف لائے اور احباب جماعت کو نماز فجر پڑھائی۔

حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز صبح گیارہ بجے مسجد بیت الرحمان میں تشریف لائے۔ سب سے پہلے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے سیرالیون کے امریکی سفیر ہِز ایکسی لینسی صدیق ابو بکر وائےSidique Abou-Bakarr Wai) (H. E. کے ساتھ ملاقات کی جو کہ دس منٹ تک جاری رہی۔ اس کے بعد مز ید دس منٹ محترم شبانہ شنکر (Shobana Shankar) پروفیسر سٹونی بروک یونیورسٹی کو بغرض ملاقات ملے۔ بعد ازیں امریکہ کی گیمبین ایمبیسی کے فرسٹ سیکرٹری مسٹر سائکو سیسے(Saikou Ceesay) کو حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے ملاقات کا موقع ملا۔ ان خصوصی مہمانان سے ملاقات کے بعد تقریباً ساڑھے گیارہ بجے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فیملی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری فرمایا جو کہ دوپہر ڈیڑھ بجے تک چلتا رہا۔ آج ملاقاتوں کے دوران 36فیملیز کے 162افراد کو جن کا تعلق20جماعتوں سے تھا حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے شرفِ ملاقات نصیب ہوا۔ کثیر تعداد میں احباب جو گھنٹوں پہلے ہی نماز کے لیے جمع ہونا شروع ہو گئے کو حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی امامت میں نماز ظہر و عصر مسجد بیت الرحمان میں ادا کرنے کی توفیق ملی۔ مسجد مکمل طور پر بھر جانے کے بعد احباب نے اوَرفلو مارکیوں میں نمازیں ادا کیں۔

گذشتہ روز نومبائعین کی میٹنگ کے دوران ایک زیر تبلیغ دوست Christopher R Meyer II نے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ہاتھ پر بیعت کرنے کی درخواست کی تھی جس کو حضورِ انور نے از راہ شفقت قبول فرمایا۔ آج نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد تقریباً دوپہر دو بجے حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے موصوف اور تمام حاضرین سے بیعت لی جس کے بعد حضورِ انور نے احباب کو دعا کرائی۔ دعا کے دوران مسجد کے مختلف حصوں سے احباب کی سسکیاں دلوں پر گہرا اثر کرنے والی تھیں۔

شام 5 بج کر 55 منٹ پر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی رہائش گاہ سے تشریف لائے۔ معمول کے مطابق فدایانِ خلافت حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دیدار کے لیے باہر بہت دیر سے کھڑے پیار ے آقا کا انتظار کر رہے تھے۔ جب حضورِ انور مسجد کے احاطہ میں واقع ایم ٹی اے ارتھ سٹیشن (MTA Earth Station) کے لیے تشریف لا ئے تو نعرہ ہائے تکبیر کی گونج دفاتر میں بیٹھے احباب کو بھی سنائی دینے لگی۔ ارتھ سٹیشن میں حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مکرم چودھری منیر صاحب، ڈائریکٹر ایم ٹی اے انٹرنیشنل مسرور ٹیلی پورٹ نارتھ اور ساوٴتھ امریکہ سےچند لمحے گفتگو فرمائی۔ پھر آپ ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے سارے ارتھ سٹیشن (ٹیلی پورٹ) کا معائنہ فرمایا اور مختلف سسٹمز دیکھنے کے بعد خوشنودی کا اظہار فرمایا۔

اس کے بعد چھ بج کر پانچ منٹ پر حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مسجد بیت الرحمان میں تشریف لائے جہاں پر 200 سے زیادہ واقفاتِ نو گلشنِ وقفِ نو کلاس میں شامل ہونے کے لیے اپنے محبوب آقا کا بے چینی سے انتظار کر رہی تھیں۔ کلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جسے عزیزہ فائزہ انور نے خوش الحانی کے ساتھ پیش کیا اوراردو ترجمہ کرنے کی سعادت عزیزہ امنہ نور شاہ کوملی۔اس کے بعد حدیثِ نبوی ﷺ، اقتباس حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور نظم پیش کی گئی۔

واقفات سے کلاس مکمل کرنے کے بعد واقفین نو کے ساتھ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے گلشن وقف نو کلاس منعقد فرمائی۔ اس کلاس میں209 بارہ سال یا اس سے زیادہ عمر کے واقفین نو کو حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے شرف ملاقات نصیب ہوا۔ تلاوت قرآن کریم، حدیث نبوی ﷺ، اقتباس حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور نظم کے بعد حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے واقفین نو کو سوال و جواب کا موقع دیا اور زریں نصائح فرمائیں۔ دونوں کلاسز میں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے واقفات و واقفین نو کو نصیحت کرتے ہوئے فرمایا کہ سب کو چاہیے کہ اردوزبان سیکھیں تا کہ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی کتب کا حقیقی ادراک حاصل کر سکیں۔ نیز فرمایا کہ تلاوتِ قرآن کریم اور اس کے ترجمہ کی طرف خاص توجہ دیں اور آیاتِ قرآنیہ کو حفظ کرنے کی بھی کوشش کریں۔

گلشن وقف نو کلاسز کے بعد حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز ساڑھے آٹھ بجے مسجد بیت الرحمان میں نماز مغرب و عشاء پڑھانے کے لیے تشریف لائے۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز جب بھی مسجد سے اپنی رہائش گاہ یا واپس مسجد تشریف لاتے ہیں تو چھوٹے بڑے سب افراد فرطِ محبت میں اپنے پیارے آقا کا دیدار کرنے کی غرض سے راستے میں کھڑے ہو جاتے ہیں۔ اکثر احباب اور بچے ہاتھ ہلا کر “السلام علیکم پیارے حضور” کہتے ہوئے سنائی دیتے ہیں جس کا جواب حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز از راہ شفقت ہاتھ اٹھا کر دیتے ہیں۔

٭…٭…٭

(18واں روز، 13؍اکتوبر 2022ء بروز جمعرات)

احباب کی غیر معمولی حاضری، فیملی ملاقاتیں

آج مورخہ 13؍اکتوبر بروز جمعرات حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العز یز کے دورہٴ امریکہ کا 18واں اور سلورسپرنگ، میری لینڈ میں پانچواں دن تھا۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مقامی وقت کے مطابق صبح سوا چھ بجے مسجد بیت الرحمان میں تشریف لائے۔ مسجد احبابِ جماعت سے بھری ہوئی تھی۔ تمام احباب کو حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتدا میں نمازِ فجر ادا کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔

حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے نمازِظہر و عصر ایک بج کر چالیس منٹ پر مسجد بیت الرحمان میں تشریف لا کر پڑھائیں۔ بعد ازاں فیملی ملاقاتیں شام چھ بج کر پانچ منٹ پر شروع ہوئیں جن کا سلسلہ تقریباً آٹھ بجے تک چلتا رہا۔ ملاقات کے لیے درخواست دہندگان کی تعداد بہت زیادہ تھی اس لیے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے معمول سےزیادہ فیملیز کی ملاقات کی درخواست کی گئی جسے حضورِ انور نے قبول فرمایا۔ آج24جماعتوں سے تعلق رکھنے والی 49 فیملیز کے 206 افراد نے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے شرفِ ملاقات حاصل کیا۔

مسجد میں احباب جماعت اپنے آقا کے پیچھے نمازِ مغرب و عشاء ادا کرنے کی غرض سے گھنٹوں پہلے ہی لائن میں لگنا شروع ہو گئے تھے اور ابھی نماز کا وقت شروع بھی نہیں ہوا تھا کہ تمام مسجد نمازیوں سے بھر گئی۔ مگر اس کے باوجود احباب کی وافر تعداد جگہ نہ ملنے کے باعث باہر موجود تھی۔ آج شام سلور سپرنگ میں بارش ہو رہی تھی اس لیے نمازوں کے لیے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز ملاقاتوں کے بعد مسجد کے اندر سے ہی نماز پڑھانے کے لیے تشریف لائے اور 8 بج کر 40 منٹ پر احباب کو نمازِ مغرب و عشاء پڑھائیں۔ غیر معمولی حاضری متوقع تھی اس لیے کارکنان نے باہر بڑی مارکیوں کا انتظام کر رکھا تھا جہاں پر باقی سینکڑوں احباب نے نمازیں ادا کیں۔

(رپورٹ: سید شمشاد احمد ناصر، مطیع اللہ جوئیہ، امریکہ)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button