افریقہ (رپورٹس)

کینیا میں جلسہ ہائے سیرۃ النبیﷺ

(محمد افضل ظفر۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کینیا)

خدا تعالیٰ کے خاص فضل وکرم سے مشرقی افریقہ کے ملک کینیا کو دورانِ ماہ اپنے ریجنز کی بعض جماعتوں میں جلسہ ہائے سیرۃ النبیﷺ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ جن کی مختصر رپورٹ بغرضِ دعا پیش خدمت ہے۔

1۔ ممباسہ (Mombasa)ریجن

مکرم بشارت احمد طاہر صاحب، مربی سلسلہ ممباسہ ریجن تحریر کرتے ہیں کہ مورخہ 9؍اکتوبر2022 بروز اتوار ممباسہ ریجن کو درج ذیل چھ جماعتوں میں جلسہ ہائے سیرۃ النبیﷺ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ ممباسہ، کیبرانی، چیبوگا، مریاکانی، مٹونڈیا اور کواکاڈوگو۔ ان جلسوں کی حاضری تقریباً تین صد رہی جن میں دو سُنی اماموں سمیت 22غیر از جماعت احباب بھی شامل ہوئے۔

تلاوت قرآنِ کریم، قصیدہ اور نظم کے بعد مقررین نے آنحضرتﷺ کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو اُجاگر کیا۔ جن میں آپﷺ کی عائلی زندگی، شب و روز کی عبادت، آپﷺ بحیثیت رحمۃً للعا لمین اور مذہبی آزادی کے علمبردار وغیرہ شامل ہیں۔ اجلاسات کے بعد نمازِ ظہر ادا کی گئی اور شاملین کی خدمت میں ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔

2۔ ایلڈوریٹ(Eldoret) ریجن

ایلڈوریٹ ریجن کو بھی اپنی دو جماعتوں یعنی ایلڈوریٹ اور گارا فالز میں جلسہ ہائے سیرۃ النبیﷺ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ ایلڈورٹ کے جلسہ کی حاضری 28 تھی جس میں تین مہمان بھی شامل ہوئے جب کہ گارا فالز کے جلسہ کی حاضری 30 رہی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے دونوں جماعتوں میں تلاوت کلام پاک، قصیدہ اور دیگر نظموں کے بعد آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ کے متعدد پہلوؤں پر نہایت پر مغز اور مدلل تقاریر کی گئیں اور بعدہ دونوں جماعتوں میں ریفرشمنٹ بھی پیش کی گئی۔ (رپورٹ محمد افضل ظفر۔ مربی سلسلہ ایلڈوریٹ ریجن )

3۔ ناکورو(Nakuru)

مکرم ناصر محمود طاہر صاحب مربی سلسلہ نکورو ریجن تحریر کرتے ہیں کہ اسی طرح ناکورو ریجن کو بھی اپنی جماعت مینن گائی (Menengai) میں مورخہ8؍اکتوبر 2022ء بروز ہفتہ جلسہ سیرۃ النبیﷺ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ چار غیر از جماعت مہمانوںسمیت کل 35 احباب اس بابرکت جلسے میں شامل ہوکر آنحضرتﷺ کی زندگی کے مختلف پہلوؤں سے مستفیض ہوئے۔

4۔ نیروبی(Nairobi) اور وَوئی(Voi)ریجنز

مکرم عبد الباسط صاحب، مربی سلسلہ ووئی ریجن تحریر کرتے ہیں کہ مورخہ 9؍اکتوبر 2022ء بروز اتوار نیروبی ریجن کی جماعت کینول (Kenol) میں نیز وَوئی ریجن کی ماراپُو (Marapu) جماعت میں جلسے منعقد کیے گئے۔ ان جلسوں میں حاضرین کی تعداد بشمول 12 غیر از جماعت مہمانان 53 رہی۔ مولانا طارق محمود ظفر صاحب امیر جماعت کینیا نے بھی ووئی ریجن کی جماعت ماراپُو کی اس تربیتی نشست میں شرکت کی۔

5۔ ویسٹرن اے (Western A) ریجن

مورخہ 24 ستمبر 2022 بروز ہفتہ لونیوں (Lunhyu)جماعت میں جلسہ سیر ۃ النبی ﷺ منعقد ہوا۔ تلاوت قرآنِ مجید کے بعد سواحیلی زبان میں نظم پڑھی گئی۔ بعد ازاں آنحضرتﷺ کی عبادت اور تعلق باللہ کے عنوان پر تقریر ہوئی جس میں آپ ﷺ کی سیرت کے واقعات اور حضرت مسیح موعودؑ کے آنحضرتﷺ کی شان میں بابرکت اقتباسات پڑھ کر سنائے گئے۔ جلسہ کے آخر میں مجلس سوال و جواب منعقد ہوئی۔ اس جلسہ میں نزدیک کی دو جماعتوں کے بعض احباب بھی شامل ہوئے۔ جلسہ کی حاضری 8 غیر از جماعت مہمانان سمیت 41 رہی۔

مکرم ملک بشارت احمد صاحب مبلغ ویسٹرن ریجن کینیا تحریر کرتے ہیں کہ ویسٹرن ریجن کی جماعت شیبینگا (Shibinga)کو بھی مورخہ 2؍اکتوبر بروز اتوارکو اپنا جلسہ سیرۃ النبیﷺ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ تلاوتِ قرآنِ کریم کے بعد اطفال الاحمدیہ شیبینگا نے قصیدہ ’’یا عین فیض اللّٰہ والعرفان‘‘ نہایت خوبصورت آواز میں پیش کیا۔ پھر مکرم رجب شیسیا (Shisia) صاحب نے حضرت مسیح موعودؑ کی آنحضرتﷺ اور اسلام سے قلبی محبت اور معرفت سے بھری نظم ’’وہ پیشوا ہمارا جس سے ہے نور سارا‘‘ کا سواحیلی ترجمہ مترنم آواز میں پڑھا۔ بعد ازاں مکرم محمد شیسیا صاحب نے شمائل النبی آنحضرتﷺ کی شب و روز کی مصروفیات کی ایک جھلک بیان کی۔ پھر حضرت مسیح موعودؑ کا عشقِ رسول کے موضوع پر تقریر ہوئی۔ اس کے بعد ایک دلچسپ مجلس سوال و جواب منعقد ہوئی۔ 2 سنی اور 5 عیسائی مہمانوں سمیت اس جلسہ کی حاضری64تھی۔ الحمد للہ۔ جلسہ کے اختتام پر حاضرین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

آخر میں دعا ہے کی اللہ تعالیٰ ان تمام جلسوں کو ہر لحاظ سے بابرکت کرے اور ان کے بہترین نتائج عطا فرمائے نیز ہمیں آنحضرتﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button