عالمی خبریں

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…امریکی صدر جو بائیڈن نے ڈیموکریٹک کانگریشنل کمپین کمیٹی میں خطاب کے دوران پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو بے قاعدہ قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ میراخیال ہے کہ پاکستان خطرناک ترین ممالک میں سے ایک ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا تھا کہ پاکستان کا جوہری پروگرام مؤثر تکنیکی اور فول پروف کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے زیر انتظام ہے۔ عالمی امن کو اصل خطرہ عالمی مروجہ اقدار کو پامال کرنے والی بعض ریاستوں، انتہا پسند قومیت پسندی، اور غیرقانونی قبضوں کے خلاف جدوجہد کرنے والوں کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے ہے۔

٭…پاکستان کے جوہری اثاثوں سے متعلق امریکی صدر جو بائیڈن کے بیان پر وائٹ ہاؤس پریس سیکریٹری نے کہا ہے کہ امریکی صدر نے کوئی نئی بات نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر محفوظ اور خوشحال پاکستان چاہتے ہیں، محفوظ اور خوشحال پاکستان امریکا کے مفاد کے لیےاہم ہے۔پاکستانی وزارت خارجہ کےایک سینئر افسر نے کہا کہ یہ سمجھنا مشکل ہے صدر بائیڈن نے غیر ضروری ریمارکس کس تناظر میں دیے ہیں۔ ان کے مطابق متعدد امریکی صدور اور امریکی حکومت نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی سیکیورٹی اور کنٹرولز کو ہمیشہ مؤثر اور معیاری قرار دیا ہے۔

٭…چین کی حکمراں جماعت کمیونسٹ پارٹی کی بیسویں نیشنل کانگریس کا آغاز ہوگیا۔چین کے صدر شی چنگ پنگ کا افتتاحی خطاب میں کہنا ہے کہ تائیوان کے معاملے میں طاقت کے استعمال سے بھی گریز نہیں کریںگے۔ تائیوان کا مسئلہ حل کرنا چین کا معاملہ ہے اسے چین کو ہی حل کرنا چاہیے۔ تائیوان سے دوبارہ پُرامن اتحاد کی پُرخلوص کوششیں جاری رکھیں گے۔ تائیوان کے معاملے میں تمام ضروری اقدامات کا اختیار محفوظ رکھتے ہیں۔ طاقت کا استعمال بیرونی مداخلتوں اور علیحدگی پسندوں کی سرگرمیوں کے لیے ہے۔ طاقت کا استعمال ہمارے تائیوانی ہم وطنوں کے لیے نہیں، چین نے ہمیشہ تائیوانی ہم وطنوں کا خیال رکھا، انہیں فائدہ پہنچایا ہے۔ تائیوان سے معاشی اور ثقافتی تعاون جاری رکھیں گے۔

٭… تائیوان کے ایوان صدر سے جاری شدہ بیان میں چینی صدر کے بیان پر ردعمل کامیں کہا گیا ہے کہ تائیوان اپنی خودمختاری سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ تائیوان اپنی آزادی اور جمہوریت پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ تائیوانی عوام چین کے ایک ملک دو نظام نظریے کی مخالفت کریں گے۔ آبنائے تائیوان اور خطے میں امن و استحکام دونوں فریقین کی ذمہ داری ہے۔

٭…روس میں یوکرین کی سرحد سے متصل علاقے میں فوجی ٹریننگ گراؤنڈ میں فائرنگ سے 11 رضاکار ہلاک ہوگئے۔ حملہ آور بھی یوکرین کے خلاف جنگ میں حصہ لینے کے لیے آئے تھے، جنہوں نے چھوٹے ہتھیاروں سے اپنے ساتھیوں پر فائرنگ کر دی۔جوابی کارروائی میں حملہ آور بھی مارے گئے۔ فائرنگ سے 15 فوجی رضاکار زخمی ہوئے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ روس کی وزارتِ دفاع کے مطابق حملہ آوروں کا تعلق سابق سوویت ری پبلک سے ہے، اس سلسلے میں حکام نے مزید تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے لازمی فوجی خدمات انجام دینے والے 3 لاکھ روسی شہریوں کو یوکرین کیخلاف جنگ کے لیے متحرک کرنے کا حکم دیا تھا۔

٭…روس کی سیکیورٹی کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری الیگزینڈر وینیڈکٹوف کا کہنا ہے کہ یوکرین کی نیٹو میں شمولیت تیسری جنگ عظیم کی وجہ بن سکتی ہے۔ کیئوکو بہت اچھی طرح معلوم ہے کہ اس قسم کا اقدام یقینی طور پر معاملات کو جنگ عظیم سوئم کی طرف لے جائے گا۔ شاید وہ بھی یہی چاہتے ہیں، مغرب نے بھی یوکرین کی مدد کرکے ثابت کیا ہے کہ وہ اس تنازع میں براہ راست فریق ہیں۔واضح رہے کہ روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے چند ہفتے قبل یوکرین کے چار علاقوں کو روس کا باقاعدہ حصہ بنانے کے لیے ایک تقریب منعقد کی تھی۔ بعد ازاں یوکرینی صدر ولادومیر زیلنسکی نے اعلان کیا تھا کہ یوکرین کےلیے نیٹو فوجی اتحاد کی رکنیت کا عمل تیز کیا جائے۔

٭…برطانیہ نے یوکرین کو دفاعی میزائل دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ یوکرین کو فضائی دفاعی میزائل آنے والے ہفتوں میں فراہم کئے جائیں گے، برطانوی میزائل کو امریکا کے میزائل سسٹم کے ساتھ استعمال کیا جاسکتا ہے۔

٭…برطانوی وزیراعظم لز ٹرس نے وزیر خزانہ کواسی کواٹرنگ کو فارغ کر کے ان کی جگہ جیریمی ہنٹ کو نیا وزیر خزانہ مقرر کردیا گیا ہے۔ کواسی کواٹرنگ صرف 36 دن وزیر خزانہ کے عہدے پر فائز رہے۔ وہ آج ہی واشنگٹن میں آئی ایم ایف سے مذاکرات ادھورے چھوڑ کر برطانیہ پہنچے تھے۔ منی بجٹ میں عائد ٹیکس کٹوتیوں کے باعث وزیراعظم لِز ٹرس کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ جیریمی ہنٹ اس سے قبل کیمرون دورِ حکومت میں برطانیہ کے وزیر صحت اور وزیر خارجہ رہ چکے ہیں۔

٭… بکنگھم پیلس نے اعلان کیا ہے کہ شاہ چارلس سوم کی تاجپوشی کی تقریب آئندہ برس 6؍ مئی کو ویسٹ منسٹر ایبی میں منعقد ہوگی۔ تاجپوشی کی تقریب روایتی انداز میں ہوگی جو پچھلے ایک ہزار سال سے ایسی تقاریب میں اختیار کیا جاتا ہے۔شاہ چارلس سوم کی تاجپوشی کی رسم نئے شاہی دور کی علامت ہوگی۔چارلس سوئم برطانیہ کے اکیالیسویں بادشاہ ہوں گے، وہ ملک کے سب سے ضعیف العمر بادشاہ ہیں۔ شاہ چارلس کچھ روایتی رسومات کو کم کرنا چاہتے تھے کیونکہ ملک میں مصارفِ زندگی کے اخراجات کا بحران جاری ہے۔لیکن بکنگھم محل سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ روایتی تقریب کے تمام بنیادی اجزا برقرار رکھے جائیں گے۔

٭…جاپان میں 2021ء میں خودکشی کرنے والوں کی تعداد 21,007 تھی، جو 2020ء کے مقابلے میں 74کم تھی۔ یہ اعداد و شمار وزارت صحت کی جانب سے مرتب کیے گئے ایک سرکاری وائٹ پیپر میں بتائے گئے ہیں۔ اس کے مطابق 13,939 مردوں نے اپنی جانیں لیں، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 116 کم ہیں، جبکہ 7،068 خواتین نے خودکشی کی، جو 2020 کے مقابلے میں 42 زیادہ ہے۔محققین نے کہا کہ خواتین، جو مردوں کے مقابلے میں زیادہ غیر منظم ملازمتیں کرتی ہیں، معاشی طور پر زیادہ متاثر ہوتی ہیں، جبکہ نوجوانوں کے ممکنہ طور پر تنہائی پر مجبور ہونے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔

٭…مالٹا کی 53سالہ خاتون صحافی کے قتل کا اعتراف کرنے پر دو بھائیوں کو 40، 40 سال قید کی سزا سنادی گئی ہے۔ پانچ سال قبل صحافی ڈیفنی کاروانا گالیزیا کو کار بم دھماکے میں ہلاک کیا گیا تھا۔ خاتون صحافی کے قتل نے بین الاقوامی سطح پر ہنگامہ کھڑا کر دیا تھا۔ سماعت کے پہلے روز الفریڈ اور جارج نے ابتدا میں صحت جرم سے انکار کیا لیکن بعد میں کم سزا کی یقین دہانی کے بعد جرم کو تسلیم کرلیا۔

٭…اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے اسلام آباد ایئر پورٹ پاکستان پر کارروائی کےدوران بحرین جانے والے ملزم کے پیٹ سے ہیروئین بھرے 73 اور دبئی کے مسافر کے پیٹ سے 86 منشیات بھرے کیپسولز برآمد ہوئے۔ برآمد شدہ کیپسولز میں 69 ہیروئین کے جبکہ 17 کیپسولز آئس کے ہیں۔ اے این ایف کے ترجمان کے مطابق ملزمان کو گرفتار کر کے انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

٭…ترکیہ کی پارلیمنٹ نے میڈیا سے متعلق نیا قانون منظور کرلیا۔ اس قانون کے تحت صحافیوں اور سوشل میڈیا کے غلط استعمال پر تین برس تک قید ہوسکتی ہے۔ قانون کی دفعہ 29 آزادی اظہار کے تعلق سے سب سے زیادہ تشویش کا باعث ہے، یعنی جو لوگ خوف پیدا کرنے اور امن عامہ کو خراب کرنے کے مقصد سے ترکیہ کی سیکیورٹی کے بارے میں آن لائن غلط معلومات پھیلائیں گے انہیں ایک سے تین برس تک قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔ حزب اختلاف، یورپی ممالک اور میڈیا کے حقوق کے لیے کام کرنے والے کارکنوں نے قانون کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

٭…ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق ایران میں گزشتہ ماہ مظاہروں کے دوران تقریباً دو درجن بچے بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز کے کریک ڈاؤن میں جاں بحق ہونے والے کچھ بچوں کی عمریں 11 سال تک ہیں۔ ستمبر کے آخری دس دنوں میں ایران میں سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں 23 بچے جاں بحق ہوئے، جاں بحق ہونے والوں میں 20 لڑکے اور 3 لڑکیاں شامل ہیں۔واضح رہے کہ 22 سالہ مہسا امینی کی ہلاکت کیخلاف ایران میں مظاہرے جاری ہیں۔ اسکارف کے قانون کی خلاف ورزی پر مہسا امینی کو 13 ستمبرکو گرفتار کیا گیا تھا، جومبینہ طور پر دل کا دورہ پڑنے سے 16 ستمبر کو انتقال کرگئی تھی۔

٭…تھائی لینڈ میں سابق پولیس افسر پنیا نے گرل فرینڈ سے جھگڑے کے باعث نرسری پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 23 بچوں سمیت 36 افراد لقمۂ اجل بن گئے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ 3 گھنٹے تک جاری رہنے والے اس واقعے کے خوف سے ان کی نیندیں اُڑگئی ہیں۔ ملزم پنیا کے ساتھی اہلکاروں کو خدشہ تھا کہ اس نے نشے کی حالت میں نرسری پر فائرنگ کی ہوگی لیکن خون کے نمونے میں اس کے کوئی شواہد نہیں ملے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق ملزم غصے کا تیز تھا اور اس کی بیوی اور بیٹی اسے چھوڑ کر چلے گئے تھے جس کے بعد سے وہ اپنی گرل فرینڈ اور اس کے بیٹے کے ساتھ رہائش پذیر تھا۔

٭…نائیجیریا میں آنے والے سیلاب سے ملک کا بیشتر حصہ پانی میں ڈوبا ہوا ہے اور500 افراد ہلاک جب کہ 1500 سے زائد زخمی ہوئے۔14 لاکھ افراد بے گھر جبکہ اور تقریباً 8 لاکھ افراد نے اپنے علاقوں سے نقل مکانی کی ہے۔ اسی سبب 45 ہزار سے زائد گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے اور 70 ہزار 500 سے زائد رقبے پر پھیلی زرعی زمین ناکارہ ہوگئی۔

٭…ترکیہ کے صوبے بارتن میں کوئلے کی کان میں گیس دھماکے سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 41 ہوگئی۔ وزیر داخلہ کے مطابق کہ حادثے کے وقت کان میں موجود 110 میں سے 58 کان کنوں کو ریسکیو کیا گیا یا وہ اپنی مدد آپ کے تحت باہر نکل آئے۔ کان میں دھماکا میتھین گیس کے باعث ہوا، بارتن کے ضلع آماسرا میں گزشتہ شام کوئلے کی کان میں گیس دھماکا ہوا تھا۔ ترک حکام کے مطابق ترک پراسیکیوٹرز نے حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

٭…چین میں کورونا وائرس کے نئےکیسز سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں ایک بار پھر لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔ چین کے مختلف صوبوں میں دو نئے اومیکرون ویرینٹ (BF.7) اور (BA.5.1.7) سامنے آئے ہیں جن کے بارے میں یہ کہا جارہا ہےکہ یہ نسبتاََ زیادہ شدید اور تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن نے 12 اکتوبر کو گزشتہ روز تک 1,760 نئے کورونا کیسز سامنے آنے کی اطلاع دی ہے، جوکہ بیجنگ، شنگھائی، شینزین اور ژیان جیسے شہروں میں سامنے آئے ہیں۔ اومیکرون ویرینٹ (BF.7) بیلجیم، جرمنی، فرانس، ڈنمارک اور انگلینڈ میں بھی پھیل رہا ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے پہلے ہی اومیکرون ویرینٹ (BF.7) کے خلاف خبردار کیا تھا کہ یہ متوقع طور پر نیا سب سے زیادہ تیزی سے پھیلنے والا ویرینٹ بن سکتا ہے۔

٭…برطانیہ میں برف باری کی توقع کے بعد آئندہ چند دنوں میں درجہ حرارت گرنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ 25 اکتوبر سے شروع ہونے والے ہفتے کے آغاز سے درجہ حرارت گرنا شروع ہو جائے گا۔ تازہ ترین پیشگوئی کے مطابق ملک کے کچھ حصوں میں چند دن کے اندر سال کی پہلی برف باری ہوگی۔

٭…انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 آسٹریلیا کے شہر برسبن میں شروع ہوگیا ہے، پہلے مرحلے میں کوالیفائینگ راؤنڈ کھیلے جا رہے ہیں۔پہلے مرحلے میں دو گروپس میں تقسیم 8 ٹیمیں سپر 12 راؤنڈ میں جگہ بنانے کے لیے مقابلہ کریں گی جہاں 8 ٹیمیں اپنی رینکنگ کی بنیاد پر پہلے ہی موجود ہیں۔ پہلے راؤنڈ میں نمیبیا، نیدرلینڈز، سری لنکا اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) گروپ اے جبکہ آئرلینڈ، زمبابوے، ویسٹ انڈیز اور اسکاٹ لینڈ گروپ بی میں شامل ہیں۔ آئی سی سی نے کوویڈ 19 کی علامات ظاہر ہونے پر بھی کرکٹرز کو کھیلنے کی اجازت دیتے ہوئے اعلامیہ میں کہا ہے کہ کورونا علامات ظاہر ہونے پر کرکٹرز کے لیے کورونا کی فوری ٹیسٹنگ اور آئیسولیشن لازمی نہیں ہوگی۔ جبکہ پی سی آر ٹیسٹ مثبت آنے پر اسکواڈ میں تبدیلی کی اجازت ہوگی۔ متاثرہ کرکٹر کو کووڈ ٹیسٹ منفی آنے پر اسکواڈ میں واپسی کی اجازت ہوگی۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button