امریکہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ برازیل کی پہلی دفعہ مذہبی رواداری اور آزادی کی ریلی میں شرکت

(حافظ احتشام احمد مومن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برازیل)

برازیل کے شہر Rio de Janeiro میں مورخہ 18؍ستمبر 2022ء کو مذہبی رواداری اور مذہبی آزادی کے حق میں پُر امن ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں مختلف مذاہب سے لگ بھگ 50 ہزار افراد نے شرکت کی۔ اس ریلی کا مقصد برازیل میں مختلف مذاہب میں ہم آہنگی پیدا کرناہے۔ ریلی کی انتظامیہ نے جماعت احمدیہ کو بھی شمولیت کی دعوت دی۔ چنانچہ اسلام کی نمائندگی کرتے ہوئے خاکسار نے اس ریلی میں شرکت کی۔

جماعت احمدیہ واحد جماعت تھی جو اسلام کی نمائندگی میں اس ریلی میں شامل ہوئی۔ اس ریلی میں ایک بڑا ٹرک تھا جس پر بڑے سپیکر لگا کر سب مذہبی لیڈروں کو باری باری اپنے مذاہب کی تعلیمات بیان کرنے نیز اظہار خیال کرنے کا موقع دیا گیا۔ لہذا خاکسار کو بھی اس جگہ 10منٹ عوام سے گزارشات کرنے کا موقع ملا۔

خاکسار نے ابتداء میں سورۃ الفاتحہ کی تلاوت کی اور اس کا ترجمہ پرتگیزی زبان میں پڑھا اور اس کے بعد خاکسار نے اسلام کی پُر امن تعلیمات کا خلاصہ بیان کیا اور بتایا کہ اسلام امن، محبت اور رواداری کی تعلیم دیتا ہے۔ نیز اسلام نے حقوق اللہ کے ساتھ ساتھ حقوق العباد بھی قائم فرمائے ہیں۔ اور اگر کوئی شخص مسلمان ہو کر اسلام کی تعلیمات پر عمل نہیں کرتا تو اس کا ذمہ وار ہم ہر گز اسلام کو نہیں ٹھہرا سکتے۔ بلکہ یہ اس کا اپنا ذاتی فعل ہے جس کا مذہب کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔ خاکسار کی گزارشات سے قبل آس پاس مختلف میوزک وغیرہ چل رہے تھے۔ جیسے ہی خاکسار نے قرآن کریم کی تلاوت لاؤڈ سپیکر میں شروع کی تو ہر طرف سناٹا چھا گیا اور اکثر لوگوں کے لیے یہ پہلا موقع تھا کہ وہ تلاوت قرآن سنیں۔ تقریر سے قبل وہاں پر موجود بعض لوگ آپس میں باتوں میں مشغول تھے۔ مگر تقریر شروع ہوتے ہی انہوں نے بھی بڑی انہماک سے تلاوت سنی۔ خاکسار کی تقریر کے بعد مختلف لوگوں اور مذہبی لیڈروں نے اس بات کا اظہار کیا کہ بہت خوبصورت تعلیمات بیان کی گئی ہیں اور ہم ان سے بالکل نا واقف تھے۔

اس ریلی کو میڈیا نے بھی کافی کوریج دی۔ برازیل کے سب سے بڑے اخبار Globo نے بھی ہماری تصویر کے ساتھ اپنے اخبار میں اس خبر کو شائع کیا۔ نیز برازیل کے سب سے بڑے TV چینل پر بھی اس خبر کو شائع کرتے ہوئے ہماری تصویر اور ماٹو محبت سب کے لیے، نفرت کسی سے نہیں کو دکھایا گیا۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہماری ادنیٰ مساعی کو قبول فرمائے اور لوگوں تک اسلام کی حقیقی تعلیم پہنچانے کی توفیق ملے۔نیز اللہ کرے کہ اس پروگرام کے مثبت نتائج ظاہر ہوں۔ آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button