دورۂ امریکہ ۲۰۲۲ء کی بابرکت تکمیل پر حضرت امیرالمومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مرکزِ احمدیت(اسلام آباد) میں مراجعت
تین ہفتے سے زائدعرصہ پر محیط امریکہ کے کامیاب دورے کے بعد حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ کا بخیروعافیت اسلام آباد(ٹلفورڈ) میں ورودِ مسعود
ڈاکٹر الیگزنڈر ڈوئی کے شہر میں تعمیر ہونے والی پہلی تاریخی مسجد فتحِ عظیم سمیت تین مساجد کا افتتاح
مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ کے دفتر سرائے خدمت کا افتتاح نیز متعدد جماعتی عمارات کا معائنہ
ملکی و ذیلی تنظیموں کی مجالس ہائے عاملہ کی اپنے پیارے امام سے میٹنگز اور راہنمائی کا حصول
واقفینِ نَو اور واقفاتِ نو کی کلاسز
اجتماعی بیعت کی تقریب
سینکڑوں احبابِ جماعت کی اپنے پیارے امام سے ملاقات، ملاقات کرنے والے اکثر لوگ زندگی میں پہلی مرتبہ حضورِ انور سے شرفِ ملاقات پانے والے تھے
ہزاروں عشاق کی حضورپُرنور کے اطراف میں موجودگی، حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتدا میں پُرسرور نمازوں کی ادائیگی
(اسلام آباد، ٹلفورڈ، ۱۸؍ اکتوبر ۲۰۲۲ء، نمائندگان الفضل انٹرنیشنل لندن) امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز جماعتہائے امریکہ کے کامیاب اور بابرکت دورے کے بعد آج صبح اسلام آباد(ٹلفورڈ) رونق افروز ہو گئے۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز۲۶؍ستمبر کی صبح اس دورے کے لیے روانہ ہوئے تھے۔
اسلام آباد ٹلفورڈ کی خنک فضا میں آج ایک منفرد خوشی اورسکون شامل تھا۔ ہر شخص کے چہرے پر مسرّت کے آثار واضح دکھائی دیتے تھے۔ آج ہمارے پیارے امام تین ہفتے کے کامیاب و کامران دورۂ امریکہ کی تکمیل کے بعد واپس تشریف لا رہے تھے، مرکزِ احمدیت کی رونقیں پھر سے لَوٹ رہی تھیں۔ حضورِانور کے استقبال کے لیے خصوصی استقبالیہ گیٹ تیار کیا گیا تھا جس پر “اھلاً و سھلًا و مرحبا”، “جی آیاں نوں”، کے بینرز آویزاں کیے گئے تھے۔ اسلام آباد کے اُس حصّے کو جہاں حضورپُرنور کا نزول ہونا تھا بالخصوص اور دیگر حصوں کو بالعموم امریکہ اور برطانیہ کے جھنڈوں اور کی جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا۔ نمازِفجر سے قبل ہی لوگ حضورِ انور کے استقبال کے لیے اسلام آباد پہنچنا شروع ہو گئے تھے۔ احباب کے لیے ناشتے کا انتظام بھی تھا۔
امیرالمومنین حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا قافلہ قریباً ۸ بجے اسلام آباد پہنچا۔ احبابِ جماعت نے پُر وقار نعروں سے حضورِانور کا استقبال کیا۔ ناصرات الاحمدیہ کا گروپ طلع البدر علینا من ثنیۃ الوداع ۔۔۔ نیز یہ روز کر مبارک ، سبحان من یرانی کے ترانے پڑھ رہا تھا۔ محترم رفیق حیات صاحب امیرجماعت احمدیہ برطانیہ اور محترم عطاءالمجیب راشد صاحب (مبلغ انچارج و نائب امیر یوکے) نے آگے بڑھ کر حضورِ انور کا استقبال کیا۔ جبکہ عزیزم منیف یاسر ابن لقمان یاسر اسلام آباد جماعت نے حضورِ انور کی خدمت میں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ حضورِ انور کچھ دیر اپنے عشّاق کے درمیان رونق افروز رہے اور پھر ۸ بج کر سات منٹ پر اندرونِ خانہ تشریف لے گئے۔
سیدی مرشدی مرحبا مرحبا
آج ہر گُل پہ رنگ اک نیا ہے چڑھا
آج پھولوں کی خوشبو نرالی جدا
آپ لوٹے ہیں گھر کو بخیر و فلاح
آج ہر لب پہ جاری ہے شکرِ خدا
سیدی مرشدی مرحبا مرحبا
پرچمِ حق کو لہرا کے آپ آئے ہیں
دینِ احمدؐ کو پھیلا کے آپ آئے ہیں
کون صادق تھا اور کون کاذب نبی
ساری دنیا کو بتلا کے آپ آئے ہیں
سیدی مرشدی مرحبا مرحبا
سفرِ امریکہ رب کا ہے زندہ نشاں
اس کو محض اِک سفر پر کرو مت گماں
نصرتِ باری شامل رہی دم بدم
ہر قدم پر خدا نے کیا کامراں
سیدی مرشدی مرحبا مرحبا
آپ کو رب نے بخشی ہے فتحِ عظیم
آپ کے ساتھ تائیدِ ربِ کریم
آپ بس آپ ہی فاتح الدین ہیں
آپ کے آگے گھائل ہیں سب ہی غنیم
سیدی مرشدی مرحبا مرحبا
ہم نے ذاتِ خدا دیکھی جلوہ نما
دیکھے فضلِ خدا جابجا بے بہا
دیکھ کر رحمتیں اس قدر، لگ رہا
گویا اترا ہے خود آسماں سے خدا
سیدی مرشدی مرحبا مرحبا
(م۔ م۔ محمود)
ادارہ الفضل انٹرنیشنل حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی بنصرہ العزیز، جماعت احمدیہ امریکہ اور عالمگیر جماعت احمدیہ کو حضورِ انور کے اس تاریخ ساز دورہ کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد پیش کرتا ہے نیز دعا گو ہے کہ اللہ تعالی تادیر اس دورے کے ثمرات سے تمام عالم کو مستفید فرماتا چلا جائے نیز تمام دنیا کے احمدیوں کو حضورِانور کے ارشادات و نصائح پر عمل پیرا ہونے کی توفیق دے۔ اللہ تعالیٰ ہر آن ہر ہر لمحہ ہمارے پیارے حضور کا حامی و ناصر رہے۔ آمین
٭…٭…٭
﷽
ماشاء ﷲ حضور انور کا دورا امریکہ بہت ہی کامیاب رہا ہے ۔ افراد جماعت امریکا نے کافی برکتیں سمیٹی ہیں اور انکے اندر خدمت دین کرنے کا اک نئا جزبہ پیدا ہوا ہے ۔ اسی طرح امریکن سوسایٹی کو بھی حقیقی اسلام کا پتا لگا ہے ۔ انشاءالله ، اس کے فائدے آگے چل کر معلوم ہوگا جب جماعت امریکہ میں مزید بہتری نظر آئیگی ۔
“خلیفہ کے ہم ہیں خلیفہ ہمارا ”
” خدمت دین کو اک فضل الہی جانو
اسکے بدلے میں کبھی طالب انعام نہ ہو ”
دعاؤں کا محتاج
وسیم احمد خان ۔۔۔ کراچی