عالمی خبریں

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… پیغمبرﷺ کے نعلین کی شبیہ کو سعودی عرب کے کنگ عبدالعزیز سینٹر فار ورلڈ کلچر ’ایتھرا‘ میں نمائش کے لیے پیش کردیا گیا۔ ’ہجرت : رسول پاک ﷺ کےنقشِ قدم‘ کے عنوان سے منعقد ہونے والی اس نمائش کا بنیادی مقصد نبی مہربان ﷺ کی مکہ سے مدینہ ہجرت پر روشنی ڈالنا ہے۔

اس نمائش میں پیش کی جانے والی نبیﷺ کے نعلین کی شبیہ کو اندلس کے کاریگروں نے تیار کیا ہے۔ مراکش سے تعلق رکھنے والے 1287ء کے دور کے مشہور محدث ابن عساکر کے مطابق نعلین کی یہ نقل1300ء میں بنائی گئی تھی۔

ہجرت اسلامی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ہے اس کے دوران پیغمبر اسلامﷺ کی زندگی پر روشنی ڈالنے والی یہ نمائش 9 ماہ تک جاری رہے گی جو ریاض، جدہ اور مدینہ میں منعقد کی جائے گی۔ ایتھرا کے ڈائریکٹر عبداللہ الراشد کے مطابق یہ صرف ایک نمائش نہیں ہے۔ یہ ایک مکمل پراجیکٹ ہے جسے بے مثال اور جدید انداز میں پیش کیا گیا ہے، یہ ایک موبائل گلوبل شو ہے۔ ہجرت اسلامی قمری کیلنڈر کے آغاز کی علامت ہے، اس نمائش میں نوادرات کا ایک مجموعہ، 14 انٹرایکٹو اسٹاپز جسے مقامی اور غیر ملکی ماہرین نے شاندار طریقے سے ڈیزائن کیا ہے، ہجرت کی کہانی پر مبنی ایک کتاب اور دستاویزی فلم بھی نمائش کے لیے پیش کی گئی ہے۔

٭… آسٹریلیا نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا۔آسٹریلیا کی وزیر خارجہ پینی وونگ نے کہا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت کے طور پر مزید تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ اسرائیل اور فلسطینی عوام کے درمیان کسی بھی امن مذاکرات کے ایک حصے کے طور پر اس مسئلے کو حل کیا جانا چاہیے۔آسٹریلیا دو ریاستی حل کے لیے پرعزم ہے۔ واضح رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 2018ء کے فیصلے کے بعد آسٹریلیا کی سابق حکومت نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کیا تھا۔

٭…بھارت کے شہر ممبئی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کونسل کے رکن کی حیثیت سے بھارت اقلیتی برادریوں سمیت تمام افراد کے حقوق کے تحفظ کا ذمہ دار ہے۔ انسانی حقوق کی عالمی کونسل کے رکن کی حیثیت سے بھارت کی ذمہ داری ہے کہ وہ انسانی حقوق کے کارکنوں، صحافیوں، طلبا اور اساتذہ کی آزادی اور ان کے حقوق کا تحفظ کرے۔اپنے ملک میں انسانی حقوق کا احترام ہی بھارتی موقف کو عالمی فورم پر قابل اعتبار بنا سکتا ہے۔ خواتین کو آگے بڑھانے کےلیے بھارت کو مزید بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔

٭…روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین سے قبضے میں لیے گئے 4 الحاق شدہ علاقوں میں مارشل لا نافذ کر دیا۔ روس نے یوکرین کے چار علاقوں کھیرسن، زپوریزہیا، ڈونیٹسک اور لوہانسک کے ساتھ الحاق کا دعویٰ کیا تھا۔روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے نیشنل سیکیورٹی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں روس کے ان چار علاقوں میں مارشل لا کے حکم نامے پر دستخط کردیے ہیں۔

٭… امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا ہے کہ امریکی اور پاکستانی حکام باقاعدگی سے ایک دوسرے سے ملتے رہتے ہیں، ایسی ملاقاتیں اسٹینڈرڈ پریکٹس ہیں۔ پاکستانی سفیر کی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ میٹنگ پر ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے۔بہت کم ممالک ایسے ہیں جو پاکستان کی طرح دہشت گردی سے متاثر ہوئے ہوں، انسداد دہشت گردی ہمارے مشترکہ مفادات کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک طالبان جیسی تنظیمیں خطے کے لیے خطرہ ہیں، دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری چاہتے ہیں۔ عالمی اور علاقائی دہشتگرد تنظیموں کے خلاف پاکستان کے ایکشن کی توقع رکھتے ہیں۔

٭…امریکا کے سینئیر ڈیمو کریٹ سینیٹر کرس وان ہالن (Chris Van Hollen ) نے کہا ہے کہ صدر بائیڈن کا بیان بےساختہ تھا، امریکی پالیسی میں کوئی ردوبدل نہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کی وضاحت سے یہی تاثر ملتا ہے کہ صدارتی بیان جان بوجھ کر نہیں دیا گیا تھا، ہم پاکستان کے ساتھ مستحکم تعلقات کے خواہاں ہیں۔ سینیٹر کرسوان ہالن نے مزید کہا کہ سیلاب اور اس سے نمٹنے کے اقدامات کے باعث دو طرفہ رابطوں میں اضافہ ہوا ہے۔امریکا مسلسل پاکستانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے کہ ان کی کس طرح مزید مدد کی جا سکتی ہے۔

٭…امریکا نے کہا ہے کہ چین تائیوان کے ساتھ ضم ہونے کے منصوبے کو توقع سے زیادہ تیزی سے آگے بڑھا رہاہے، امریکا نے تائیوان کے دفاع کے لیے حمایت کا اعادہ بھی کیا ہے۔ امریکی وزیرخارجہ بلنکن کا کہنا ہے کہ چین نے تائیوان کے معاملے پر اسٹیٹس کو، کو نہ ماننے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ چین، تائیوان کے ساتھ پرامن طریقے سے ضم ہونے کےمنصوبے میں ناکامی پر ممکنہ طور پر طاقت کا استعمال بھی کرسکتا ہے۔ امریکا تائیوان کے دفاع کی حمایت جاری رکھے گا۔

٭…ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز پریشان کن عناصر غیر قانونی طور پر برطانوی شہر مانچسٹر کے چینی قونصل خانے میں داخل ہوئے۔

یاد رہے کہ مانچسٹر میں چینی قونصل خانے کے سامنے گزشتہ روز ہونے والے مظاہرے میں شامل ایک شخص کو چینی قونصل خانے کے گراؤنڈ میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ کسی بھی ملک کے سفارتی اداروں کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنے احاطے کے امن اور وقار کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کریں۔

٭… جرمن وزیر برائے معاشی امور سونجا شولز نےبرلن میں عالمی ادارہ صحت کے تحت ورلڈ پولیو سمٹ سے خطاب کے دوران کہا ہے کہ اگر ہم نے پولیو کا مکمل خاتمہ نہ کیا تو دنیا میں کوئی جگہ محفوظ نہیں۔ انہوں نے اس موقع پر جرمنی کی جانب سے عالمی سطح پر پولیو کے خاتمے کے لیے 23 ملین یورو کا اعلان کیا۔ سعودی عرب نے گلوبل پولیو کے خاتمے کے لیے ایک کروڑ ڈالر، بل گیٹس نے 1.2 ارب ڈالر آسٹریلیا نے 43.55 ملین ڈالر، فرانس نے 50 ملین یورو، جنوبی کوریا نے 3.2 ملین ڈالرز دینے کا اعلان کیا۔

٭… برطانیہ کی وزیراعظم لز ٹرس نے ملک میں معاشی پلانز پر معافی مانگ لی۔ وزیراعظم کا ٹی وی انٹرویو میں کہنا تھا کہ ’میں غلطیوں کی ذمہ داری لیتی ہوں اور جو غلطیاں ہوگئیں ان پر معذرت کرتی ہوں‘۔

برطانیہ میں حالیہ اصلاحات کے باعث معاشی بدحالی پر وزیراعظم نے کہا کہ ہم بہت تیزی سے بہت دور چلے گئے۔انہوں نے کہا کہ میں اب بھی اس ملک کے لیے ڈیلیور کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہوں۔

گزشتہ ماہ کے منی بجٹ کے بعد برطانیہ کی مارکیٹس میں افراتفری دیکھنے میں آرہی تھی۔منی بجٹ میں عائد ٹیکس کٹوتیوں کے باعث وزیراعظم لِز ٹرس کو شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا تھا۔ گزشتہ ہفتے برطانوی وزیراعظم لز ٹرس نے وزیر خزانہ کواسی کواٹرنگ کو فارغ کر کے ان کی جگہ جیریمی ہنٹ کو نیا وزیر خزانہ مقرر کیا تھا۔

٭… ویلز میں جرائم کے خلاف جنگ کے لیے پولیس نے رکشے حاصل کرلیے۔ گوونٹ پولیس نے نیو پورٹ اور ایبر گووینی میں 4 رکشوں پر گشت شروع کردیا۔600 سی سی شور مچانے والے رکشے 30 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑتے ہیں۔

گوونٹ پولیس کا کہنا ہے کہ رکشے لوگوں کو جرائم سے بچانے میں مددگار ذریعہ ہیں۔ چیف انسپکٹر گوونٹ ڈامیان سویری کا کہنا ہے کہ رکشوں کے چلنے پر شہریوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

٭…مغربی جرمنی میں چاقو حملے میں دو افراد ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔ چاقو حملہ جرمنی کے مغربی شہر لودویگس ہافن میں پیش آیا۔ چاقو سے لیس حملہ آور نے شہر کے عام مقام پر لوگوں کو نشانہ بنایا تھا۔ جرمن پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ چاقو حملے کی اصل وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔ مبینہ چاقو حملہ آور پولیس کی فائرنگ سے زخمی ہونے کے بعد گرفتار کرلیا گیا۔

٭…میانمار کے دارالحکومت ینگون کی انسین جیل کے باہر ہونے والے 2 بم دھماکوں میں 8 افراد ہلاک اور 18 زخمی ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں قیدیوں سے ملنے کے لیے آنے والے 5 افراد اور جیل کے عملے کے 3 ارکان شامل ہیں۔ دھماکے کے وقت جیل کے باہر قیدیوں کو سامان دینے آنے والے افراد جمع تھے۔ دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔ واضح رہے کہ ینگون کی انسین جیل میانمار کی سب سے بڑی جیل ہے جس میں تقریباً 10 ہزار افراد قید ہیں، جن میں سے زیادہ تر سیاسی قیدی ہیں۔

٭… یوکرین پر روسی حملے کے بعد سے روسی گیس میں کمی کے سبب یورپی یونین نے ہوا اور شمسی توانائی سے ریکارڈ بجلی بنالی۔ یورپی یونین نے بجلی کا 24 فیصد ریکارڈ حصہ ہوا اور شمسی توانائی سے پیدا کیا۔ قابل تجدید توانائی کی صلاحیت میں اضافے سے یورپی یونین کو مارچ اور ستمبر کے درمیان گیس کی درآمدات میں 97 بلین ڈالر کی بچت ہوئی۔ موسمیاتی تھنک ٹینک نے خبردار کیا ہے کہ یورپی بلاک کو قابل تجدید توانائی کی مکمل صلاحیت تک پہنچنے میں ابھی طویل سفر درکار ہے تاہم قابل تجدید توانائی افراط زر سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہوگی۔

٭… چاند پر پہلی مرتبہ پہنچنے والے خلائی مشنز میں اہم کردار ادا کرنے والے خلا نورد جیمز میک ڈیوٹ ریاست ایریزونا کے شہر ٹسکن میں 93 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ وہ 1962ءمیں ناسا کا حصہ بنے، بعدازاں انہوں نے اپولو 9 اور جیمنی فور کی کمانڈ کی۔ انہوں نے اپولو 11 مشن کے دوران چاند پر پہلی بار انسان کے قدم رکھنے کے تاریخی ایونٹ میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

٭… ریاست فلوریڈا کے شہر ٹمپا سے نیوجرسی جانے والی امریکی ایئرلائن فلائٹ کے بزنس کلاس کے مسافروں نے اختتامی لمحات میں جہاز میں سانپ دیکھ لیا جس کے بعد وہاں موجود لوگوں میں خوف اور افرا تفری پھیل گئی۔ متعلقہ حکام نے جہاز سے سانپ کو پکڑ کر جنگل میں چھوڑ دیا، اس دوران کوئی شخص زخمی نہیں ہوا اور آپریشنز بھی تعطل کا شکار نہیں ہوئے۔مسافروں نے جہاز میں لینڈنگ کے بعد سانپ کو دیکھا، اس وقت جہاز ٹیکسی کے مرحلے میں تھا۔

٭… بچوں کے سچ، کھرے سچ اور رکھ رکھاؤ سمیت دوسرے لوگوں کا بھرم رکھنے کے لیے جھوٹ بولنے یا غلط بیانی کرنے سے متعلق کی جانے والی ایک حالیہ تحقیق سے معلوم ہوا کہ ’برملا سچ‘ بولنے والے بچے ’بدتمیز‘یا خراب سمجھے جاتے ہیں۔جب کہ بعض اوقات واضح سچ بولنے والے بچوں کے والدین کو شرمساری کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔

جرنل آف مورل ایجوکیشن میں شائع تحقیق کے مطابق ماہرین نے بچوں کے سچ اور جھوٹ بولنے کے سماجی زندگی پر پڑنے والے اثرات کے لیے 267 بچوں اور بالغ افراد پر تحقیق کی اور رضاکاروں کو مختلف ایک خاص طرح کی ویڈیوز دکھا کر ان سے سوال و جواب کیے گئے۔تحقیق میں شامل 171 افراد بالغ تھے، جن کی عمریں 18 سے 67 سال تک تھیں جب کہ دو درجن کے قریب رضاکاروں کی عمر 6 سے 15 سال تک تھی اور باقی رضاکار بھی درمیانی عمر کے نابالغ افراد تھے۔

تحقیق سے معلوم ہوا کہ جن بچوں نے ’دو ٹوک الفاظ‘میں سچ بولا، انہیں زیادہ ’بدتمیز‘ اور خطرناک سمجھا گیا اور ایسے ہی بچوں کے لیے والدین نے بتایا کہ ان کے ایسے کھرے سچ بولنے کی وجہ سے انہیں بعض اوقات شرمندگی کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔

٭… جنوبی امریکی ملک کولمبیا میں 48 سالہ ماریا فاریاس نامی خاتون نقلی بتیسی نکالے بغیر ہی سو گئی۔ نیند میں خاتون کے دانت ان کے حلق میں جا پھنسے جس کے باعث مبینہ طور پر ان کا سانس رک گیا اور موت واقع ہوگئی۔ آنجہانی خاتون کے اہلِ خانہ نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ سانس اچانک اکھڑ جانے کی صورت میں وہ بیدار ہوئیں، انہوں نے شور مچانے کی کوشش کی ان کے پاس جاکر دیکھا تو معلوم ہوا کہ انہیں سانس لینے میں دشواری ہو رہی ہے۔

٭… ڈاکٹر مریم صالح بن لادن بحیرہ احمر عبور کر نے والی پہلی عرب خاتون تیراک بن گئیں۔وہ بحیرہ احمر میں چار گھنٹے تیراکی کر کے مصر کے ساحل پر پہنچیں۔ بحیرہ احمر اور بالخصوص آبنائے تیران خونخوار شارک کی وجہ سے مشہور ہے۔ واضح رہے کہ مریم بن لادن 2015ء میں یورپ سے ایشیا تیر کر پہنچی تھیں، وہ یہ راستہ تیر کر عبور کرنے والی پہلی عرب خاتون بھی ہیں۔ انہوں نے سال 2017ء میں دبئی کینال میں 24 کلومیٹر کا فاصلہ گیارہ گھنٹے 41 منٹوں میں طے کرکے ریکارڈ قائم کیا تھا۔ مریم بن لادن نے جرمنی سے ڈینٹل سرجری میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button