عالمی خبریں

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… روس کی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ نارڈ اسٹریم گیس پائپ لائن دھماکوں میں برطانوی بحریہ کے ماہرین ملوث ہیں۔ برطانوی بحریہ کے اہلکار نارڈ اسٹریم گیس پائپ لائن پر دہشتگرد حملے میں ملوث تھے۔ برطانوی بحریہ کے ماہرین نے حملے کی منصوبہ بندی اور عملدرآمد میں حصہ لیا۔یاد رہے کہ بالٹک سمندر میں نارڈ اسٹریم گیس پائپ لائنوں میں 26؍ستمبر کو دھماکے ہوئے تھے۔

٭… کریملن کا کہنا ہے کہ یورپ کو گیس سپلائی کرنے والی روس کی زیر سمندر پائپ لائنوں میں لیکیج کا معاملہ ریاستی دہشت گردی کی کارروائی لگتا ہے۔ ترجمان کریملن دیمتری پیسکوف کا کہنا ہے کہ روس سے جرمنی جانے والی دو گیس پائپ لائنوں میں لیکیج دہشت گردی کی کارروائی کی طرح ہے۔ گیس لیکیج کا واقعہ ممکنہ طور پر ریاستی سطح کی دہشت گردی ہے۔ دہشت گردی کی ایسی کارروائی ریاست کی کسی قسم کی شمولیت کے بغیر نہیں ہوسکتی، یہ بہت خطرناک صورت حال ہے اور اس کی فوری تحقیقات کی ضرورت ہے۔

یورپی یونین بھی بحیرہ بالٹک کے اندر نارڈ اسٹریم گیس پائپ لائنوں میں لیکیج پر تخریب کاری کے شبہے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ رواں ہفتے بحیرہ بالٹک میں نارڈ اسٹریم گیس پائپ لائنوں میں دھماکے رپورٹ ہونے کے بعد پائپ لائنوں سے چار جگہ گیس اخراج کی تصدیق ہوئی ہے۔

٭… ایران میں مہسا امینی کی زیر حراست موت کے خلاف جاری احتجاج پر سربراہ ایرانی پاسداران انقلاب نے بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج مظاہروں کا آخری دن ہے اب سڑکوں پر نہ آئیں۔ ایرانی عوام ملک کو غیر مستحکم کرنے کے منصوبے کا حصہ نہیں بنیں۔ مظاہروں کا مذموم منصوبہ امریکا، اسرائیل نے بنایا ہے۔ سربراہ ایرانی پاسداران انقلاب نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز عوام کے دفاع کے لیے ہیں۔

٭… اقوام متحدہ کے ترجمان نے کہا کہ روس کی جانب سے یوکرین اناج معاہدہ معطلی کی خبروں سے آگاہ ہیں۔ اقوام متحدہ اناج معاہدہ کے معاملے پر روس کے حکام سے رابطے میں ہے۔ اناج برآمدگی معاہدے سے لاکھوں لوگوں کو خوراک کی فراہمی ممکن ہو رہی ہے۔ اقوام متحدہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام فریقین کو ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جس سے اناج برآمدگی معاہدے کو نقصان پہنچے۔

٭… جنوبی کوریا کےدارالحکومت سیئول میں ہیلووین منانے والے ہزاروں لوگوں کے تنگ گلیوں میں جمع ہونے سے بھگدڑ مچ گئی۔ ہیلووین کی تقریب میں بھگدڑ مچنے سے 120؍افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئے۔ بھگدڑ سے متاثرہ افراد کو موقع پر ہی دل کے دورے کی طبی امداد دی گئی جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا، 100؍افراد اب بھی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ سیئول میں کورونا پابندیاں ختم ہونے کے بعد ہیلووین منایا جا رہا تھا۔ہسپتال منتقل کیے گئے زخمیوں میں غیر ملکی بھی شامل ہیں۔ بھگدڑ سے متاثرہ بیشتر لوگوں کو دل کا دورہ پڑا تھا، حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

٭… امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنی پوتی نتالی (Natalie) کے ہمراہ مڈٹرم الیکشن میں قبل از وقت ووٹ ڈال دیا۔ امریکہ میں ایوان نمائندگان کی تمام 435، سینیٹ کی 35 سیٹوں کے علاوہ گورنرز اور دیگر عہدوں پر 8؍نومبر کو وسط مدتی انتخابات ہوں گے۔ واضح رہے کہ وسط مدتی انتخابات کے سلسلے میں بات کرتے ہوئے سابق امریکی صدر اوباما نے کہا تھا کہ اگلے ماہ جمہوریت خطرے میں ہوسکتی ہے۔

٭…29؍اکتوبر کی صبح نینسی پلوسی کے شوہر پال پلوسی پر اُن کی رہائش گاہ میں داخل ہو کر ہتھوڑے سے حملہ کیا گیا تھا۔ 82 سالہ پال پلوسی کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

امریکی ایوانِ نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی کے شوہر پر حملے کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن نے فلاڈیلفیا میں کمپیئن ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نینسی پلوسی کے شوہر پر حملہ بزدلانہ حرکت ہے۔ امریکہ میں سیاسی تشدد کے لیے کوئی جگہ نہیں، بس بہت ہوگیا۔ نینسی پلوسی کے گھر حملہ کرنے والا وہی نعرہ لگا رہا تھا جو کیپیٹل ہل حملے کے وقت لگایا گیا۔

٭… صومالیہ میں ہونے والے دو خودکش بم دھماکوں کے نتیجے میں 6؍افراد ہلاک ہوگئے۔ دونوں کار بم دھماکے وزارت تعلیم کی عمارت کے پاس کیے گئے۔ ہلاک افراد میں ایک سکیورٹی اہلکار بھی شامل ہے۔ زوردار دھماکوں کی شدت سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ تاحال کسی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

٭… برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق بحریہ کی ریٹائرڈ خاتون لیفٹیننٹ صوفی بروک نے بتایا کہ سب میرینز میں ہراساں کیے جانے کے اکا دکا واقعات نہیں ہوتے بلکہ مستقل جاری رہتے ہیں۔ اس بیان کے بعد برطانوی بحریہ کے سربراہ نے سب میرینز میں خواتین افسران کے ساتھ جنسی ہراسانی کی متعدد شکایات پر تحقیقات کا حکم دے دیا اور کہا کہ کسی بھی قسم کی ہراسانی اور زیادتی میں ملوث مجرم کو بلا تخصیص کٹہرے میں لایا جائے گا۔

٭… بھارتی ریاست اتر پردیش میں سات ماہ سے بے ہوش حاملہ خاتون نے بچی کو جنم دے دیا۔ 23سالہ حاملہ خاتون روڈ حادثے میں شدید زخمی ہوکر سات ماہ سے ہسپتال میں بے ہوش ہے۔ خاتون کو اسکوٹر پر حادثہ پیش آیا اور ہیلمٹ نہ پہننے کی وجہ سے خاتون کے سر پر چوٹیں آئیں جس کے بعد ان کے دماغ کی سرجری بھی کی گئی لیکن صرف آنکھیں کھولنے کے علاوہ ان کے جسم میں کوئی حرکت نہیں ہوتی۔

ڈاکٹرز کے مطابق حادثے میں خوش قسمتی سے خاتون کے حمل کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور انہوں نے ایک صحت مند بچی کو جنم دیا ہے۔

٭… صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں خودکش کار بم دھماکوں میں اموات کی تعداد 100 ہوگئی۔

صومالیہ کے صدر حسن شیخ محمد نے دھماکوں کا ذمہ دار الشہباب گروپ کو ٹھہرایا ہے اور کہا ہے کہ دارالحکومت موغا دیشو میں دو کار بم دھماکوں میں 100؍افراد ہلاک اور 300؍زخمی ہوئے ہیں۔ صومالیہ کے صدر نے دھماکوں میں مرنے والوں کی تعداد میں مزید اضافے کی توقع ظاہر کی ہے۔ صومالیہ میں اقوام متحدہ کے مشن نے ’وحشیانہ حملے‘ کی مذمت کی ہے اور متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ موغا دیشو میں گزشتہ روز وزارت تعلیم کی عمارت کے نزدیک دو خودکش کار بم دھماکے کیے گئے تھے۔

٭… فلپائن میں سمندری طوفان نلگائی کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورت حال اور لینڈ سلائڈنگ کے مختلف واقعات میں اب تک 72؍افراد ہلاک جبکہ سیکڑوں لاپتہ ہو گئے ہیں۔ سمندری طوفان کے باعث صرف جنوبی صوبے میگئن داناؤ میں ہلاکتوں کی تعداد 67 ہو چکی ہے جبکہ سلطان قدرت اور جنوبی کٹابٹو میں 2-2 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں اور باقی تمام ہلاکتیں وسایاس ریجن سے رپورٹ ہوئی ہیں۔ 95کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے طوفانی ہواؤں کے باعث مشرقی صوبے کیٹان ڈوئنس میں کئی مقامات پر لینڈسلائڈنگ کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔ دفتر شہری دفاع کا کہناہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے 7 ہزار سے زائد افراد کو نکالا جاچکا ہے جبکہ سیلاب،لینڈسلائیڈنگ سےمتاثرہ علاقوں میں امدادی کام جاری ہیں۔

٭… عراق کے دارالحکومت بغداد میں گیس ٹینکر دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں دس افراد ہلاک جبکہ بیس زخمی ہو گئے۔ دھماکے سے پھٹنے والا گیس ٹینکر فٹ بال میدان کے قریب پارکنگ میں کھڑا تھا۔ دھماکا فٹبال اسٹیڈیم اور ایک کیفے کے قریب واقع گیراج میں ہوا، جہاں ایک گاڑی سے منسلک کیا گیا دھماکا خیز مواد پھٹ گیا۔ اس دھماکے کے نتیجے میں قریب ہی موجود گیس ٹینکر میں بھی ایک اور دھماکا ہوا جو اِن ہلاکتوں کا سبب بنا۔ زیادہ تر ہلاک و زخمی ہونے والوں میں فٹ بال کے کھلاڑی اور شائقین شامل ہیں۔ ہلاک ہونے والوں کی لاشوں اور زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

٭… برطانوی شاہ چارلس کی اہلیہ کے طیارے سے پرواز کے دوران پرندہ ٹکرا گیا۔ واقعے کے بعد کوئین کونسورٹ کے طیارے نے ہیتھرو ایئر پورٹ پر محفوظ لینڈنگ کر لی ہے۔ پرندہ ٹکرانے سے طیارے کے اگلے حصے کو نقصان پہنچا۔ کوئین کونسورٹ بھارت سے واپسی پر لندن پہنچی تھیں۔

٭… بیلجیم میں مہنگائی کی شرح 1975ء کے بعد تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ مہنگائی کی شرح میں اب روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہونے لگا ہے۔ گذشتہ ماہ یعنی ستمبر کے مقابلے میں صرف اکتوبر کے مہینے میں ایک فیصد اضافے کے ساتھ مہنگائی 12.27 پر پہنچ گئی ہے۔ ستمبر کے مہینے میں یہی شرح 11.27 فیصد پر کھڑی تھی۔بیلجیئم کے اسٹیٹسٹکس آفس کے مطابق 1975ءمیں آنے والے بحران کے بعد بیلجیئم میں یہ مہنگائی کی بلند ترین سطح ہے۔معاشی ماہرین کے مطابق مہنگائی میں اس اضافے کی سب سے بڑی وجہ توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتیں ہیں۔ حالانکہ بین الاقوامی منڈیوں میں ان کی قیمتوں میں بڑی کمی واقع ہوئی ہے لیکن یورپ میں توانائی کی قیمتوں میں گذشتہ سال کے مقابلے میں 63.03 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ جس کے باعث ان 12.27% میں 6 فیصد کے قریب پوائنٹس توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے ہیں۔ اسی وجہ سے سڑکوں پر سونے والوں اور مانگنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ دکھائی دیتا ہے۔

٭… سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے سابق سی ای او اگروال اور سی ایف او سیگال کی جگہ ایلون مسک نے 44 ارب ڈالر میں ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھال لیا۔ایلون مسک کا کہنا ہے کہ صارفین اور ایڈورٹائزز کے لیے چیزیں تبدیل کی جارہی ہیں، ٹوئٹر ایسا آزاد نہیں ہوگا جہاں نتائج کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ معروف امریکی کمپنی ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے کہا ہے کہ اشتہارات صارفین کی ضروریات کے مطابق ہوں گے۔

٭… یورپی یونین کے انٹرنل مارکیٹ کمشنر نے ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک کو متنبہ کیا ہے کہ یورپ میں ٹوئٹر کو ای یو بلاک کے قوانین کو مدنظر رکھنا ہوگا۔ یورپی یونین کےانٹرنل مارکیٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ یورپ میں ٹوئٹر کی چڑیا ای یو قوانین کے مطابق اڑے گی۔ٹوئٹر کا مالک بننے کے بعد ایلون مسک نے ٹوئٹ کیا تھا کہ چڑیا آزاد ہوگئی ہے۔

٭… بھارتی نیوی کے 8 ریٹائرڈ افسران کو قطر میں گرفتار کرلیا گیا۔بھارتی اخبار کے مطابق سابق افسران قطری کمپنی کے لیے کام کر رہے تھے۔ یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب ایک ٹوئٹر صارف ڈاکٹر میتو بھرگوا نے ٹوئٹ کرتے ہوئے اس کی اطلاع دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ریٹائر نیوی افسران 57 دنوں سے دوحہ میں غیرقانونی حراست میں ہیں۔

بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق سابق نیوی افسران ایک قطری کمپنی کے لیے کام کرتے تھے جو خود کو قطر کے دفاع، سکیورٹی اور دیگر سرکاری ایجنسیز کا شراکت دار بتاتی ہے۔ اس حوالے سے کوئی معلومات نہیں مل سکی ہیں کہ سابق بھارتی نیوی افسران کو کیوں گرفتار کیا گیا اور ان کے خلاف کیا الزامات ہیں۔ زیر حراست افسران کو دوحہ میں موجود بھارت کے سفارتی مشن نے رواں ماہ کے آغاز میں قونصلر رسائی فراہم کی تھی۔

٭… اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ عالمی درجہ حرارت میں اضافے کی حد کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔موسمیاتی تبدیلی پراقوام متحدہ کی نئی تجزیاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی درجہ حرارت میں اضافے کو 1.5 سینٹی گریڈ کی حد سے نیچے رکھنے کا کوئی قابل اعتبار راستہ موجود نہیں،موجودہ سرگرمیوں سے اس صدی میں دنیا تقریبا 2.8سینٹی گریڈ تک گرم ہونے کا امکان ہے۔ نئی کوششوں سے 2030ء تک کاربن کے عالمی اخراج میں 1 فیصد سے بھی کم کمی آئے گی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ سال کی عالمی موسمیاتی کانفرنس COP 26 کے بعد سے حکومتوں کے کاربن ڈائی آکسائیڈ میں کمی کے منصوبے بڑی حد تک ناکافی رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق1.5 سینٹی گریڈ کی حد سے آگے بڑھنے پرپوری دنیا پر خطرناک اثرات مرتب ہوں گے اور1.5 سینٹی گریڈ کی حد کو برقرار رکھنے کے لیے 45 فیصد کی کمی کی ضرورت ہے۔رواں ہفتے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے کہا تھا کہ دنیا کو موسمیاتی تبدیلی پر دوبارہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اگلی عالمی موسمیاتی کانفرسCOP27 ایک ہفتے بعد مصر میں ہونی ہے۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button