یورپ (رپورٹس)

جلسہ سیرت النبیﷺ جماعت احمدیہ لٹویا

(بشارت احمد شاہد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل لٹویا)

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل و کرم سے جماعت احمدیہ لٹویا کو 15؍اکتوبر2022ء کو لٹویا (Latvia) کے دارالحکومت ریگا (Riga) میں واقع مشن ہاؤس میں جلسہ سیرت النبیﷺ منعقد کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ جلسہ رات آٹھ بجے خاکسار (مبلغ سلسلہ و نیشنل صدر جماعت لٹویا) کی زیر صدارت شروع ہوا۔ جلسہ سے قبل نماز مغرب وعشاء جمع کرکےادا کی گئیں۔

جلسہ سیرت النبیﷺ کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ مکرم توقیر احمد صاحب نیشنل سیکرٹری تعلیم جماعت لٹویا نے سورۃ الاحزاب کی آیات 22تا25 کی تلاوت کی اور اُن کا انگریزی زبان میں ترجمہ پیش کیا۔ اس کے بعد مکرم مزمّل احمد خان صاحب جنرل سیکرٹری جماعت لٹویا نے حضرت ڈاکٹر میر محمد اسمٰعیل صاحبؓ کی نظم ’’بدرگاہ ذیشان خیرالانام‘‘ کے چند اشعار خوش الحانی سے پڑھ کر سنائے اور اُن کا انگریزی ترجمہ بھی پیش کیا۔ اس کے بعد چار تقاریر پیش کی گئیں۔

پہلی تقریر مکرم جاذب احمد شاہد صاحب صدر خدام الاحمدیہ لٹویاکی تھی۔ آپ کی تقریر کا عنوان تھا ’’آنحضورﷺامن اور صُلح کے نبی‘‘۔ اس تقریر کے دو حصّے تھے۔ مکرم فضل عمر شاہد صاحب نیشنل سیکرٹری مال جماعت لٹویا نے اس تقریر کے دوسرے حصّے کو پیش کرتے ہوئے سیرت رسولﷺ کے بعض اور پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ آج کے اجلاس کی تیسری تقریر مکرم مرغوب احمد صاحب نیشنل سیکرٹری اشاعت جماعت لٹویا کی تھی جس کا موضوع تھا ’’توہین رسالت پر پیغمبر اسلامﷺ کا ردّعمل‘‘۔

آج کے اجلاس کی آخری تقریر خاکسار کی تھی۔ خاکسار کی تقریر کا عنوان تھا ’’آنحضورﷺ سے محبت اور درورد شریف کی اہمیت‘‘۔ خاکسار نے قرآن کریم، احادیث نبویؐ اور حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے بعض اقتباسات پیش کرکے اس موضوع کی اہمیت کو واضح کیا۔ اس کے ساتھ ہی خاکسار نے جلسہ میں شامل ہونے والے اور جلسہ کا انتظام کرنےوالےتمام خواتین وحضرات کا شکریہ ادا کیا۔

یاد رہے کہ ہمارے جلسہ میں سری لنکا سے تعلق رکھنے والےایک احمدی اور ایک غیراحمدی مسلمان بھائی بھی شامل ہوئے تھے اس لیے جلسہ کی ساری کارروائی انگریزی زبان میں ہی پیش کی گئی۔

دعا کے ساتھ تقریباً ایک گھنٹہ تک جاری رہنے والے اس مبارک جلسہ کا اختتام ہوا۔ جلسہ کے بعد تمام حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ کھانا صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ جماعت لٹویا اور اُن کی ٹیم نے مشن ہاؤس میں ہی تیار کرنے کی توفیق پائی۔ فجزاھم اللہ جمیعا

آج کے جلسہ میں لٹویا جماعت سے (1) ناصر کے علاوہ (10) خدّام، (4) لجنہ اماءاللہ، (1) بچہ اور (1) سری لنکن مہمان شامل ہوئے۔ ان کے علاوہ مکرم احمد فراز صاحب مبلغ سلسلہ و صدر جماعت لتھوانیا، مکرم اظہر اقبال صاحب مبلغ سلسلہ لتھوانیا اور لتھوانیا جماعت سے آئے ہوئے (2) خدّام مکرم باسل احمد سید صاحب اور مکرم ابراہیم زکی صاحب بھی ہمارے جلسہ سیرت النبیﷺ میں رونق افروز تھے۔ اس طرح کل حاضری (22) رہی۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ جماعت احمدیہ لٹویا کو بے شمار ترقیات سے نوازے اور لٹویا جماعت کی رونقیں بڑھاتا چلا جائے۔ آمین

متعلقہ مضمون

ایک تبصرہ

  1. ماشاءاللہ
    یہ محض اللہ تعالی کا جماعت احمدیہ پر خاص فضل ہے کہ بڑے بڑے ممالک کے ساتھ ساتھ چھوٹے ممالک میں بھی, چھوٹی چھوٹی جماعتیں بھی, رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پیغام بھرپور طریقے سے پہنچا رہی ہیں, اور ان پر۔عمل۔کرنے کی سعی کررہی ہیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button