اطلاعات و اعلانات

اطلاعات واعلانات

محترمہ رقیہ شمیم بشریٰ صاحبہ اہلیہ مولانا کرم الٰہی ظفر صاحب (مبلغ سلسلہ سپین) وفات پا گئیں

٭… محترم قاصد احمد صاحب مبلغ سلسلہ سپین لکھتے ہیں:

احباب ِ جماعت کو یہ افسوسنا ک اطلاع دی جاتی ہے کہ جماعت کے دیرینہ خادم اور جماعت احمدیہ سپین کے پہلے مبلغ سلسلہ مولانا کرم الٰہی صاحب ظفر مرحوم کی اہلیہ مکرمہ رقیہ شمیم بشریٰ صاحبہ مورخہ ۶؍ نومبر ۲۰۲۲ء بروز اتوار بعمر نوّے سال بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔

مرحومہ کو خداتعالیٰ کے فضل سے ایک لمبا عرصہ اپنے درویش صفت خاوند کے ساتھ میدانِ عمل میں خدماتِ دینیہ بجا لانے کی توفیق ملی۔ آپ خلافت سے اطاعت اور وفا کا اعلیٰ نمونہ پیش کرنے والی خاتون تھیں۔ مرحومہ خدا تعالیٰ کے فضل سے موصیہ ہونے کے ساتھ ساتھ نمایاں مالی قربانی پیش کرنے والوں میں سے تھیں۔

آپ کی نماز جنازہ ۸؍نومبر۲۰۲۲ء کو مسجد بشارت پیدرو آباد ، قرطبہ میں محترم امیر صاحب سپین نے پڑھائی ، بعد ازاں مقامی قبرستان میں تدفین عمل میں لائی گئی اور محترم امیر صاحب نے ہی دعاکروائی ۔ اس موقع پر مقامی سپینش لوگ بھی شامل ہوئے۔

مرحومہ نے تین بیٹیاں اور تین بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔احبابِ جماعت سے مرحومہ کی بلندیٔ درجات اور لواحقین کے صبر جمیل کے لیے دعا کی درخواست ہے۔

درخواستہائے دعا

٭… خاور گل صاحب بریڈفورڈنارتھ تحریر کرتے ہیں کہ میرے بھانجے عزیزم شاہزیب احمد کا لندن میں موٹرسائیکل سے گرنے کی وجہ سے فریکچر ہو گیا ہے اور ایک سرجری متوقع ہے۔

٭… عبدالحئی خان صاحب صدر جماعت رچمنڈ پارک تحریر کرتے ہیں کہ ۱۲؍نومبر بروز ہفتہ سینٹ جارجز ہسپتال لندن میں خاکسار کی برین ٹیومر کی سرجری ہونی ہے ۔

احباب جماعت کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ محض اپنے فضل سے تمام بیماروں کو شفائے کاملہ و عاجلہ سے نوازے نیز ہر ایک پیچیدگی و تکلیف سے بچائے۔ آمین

اعلاناتِ ولادت

٭… ملک منظور احمد صاحب آف انڈونیشیا تحریر کرتے ہیں کہ میرے بڑے بیٹے عزیزم ملک مصور احمد مربی سلسلہ و بہوعزیزہ طیبہ مسعود کو اللہ تعالیٰ نے مورخہ ۳۱؍اکتوبر۲۰۲۲ء کو بیٹے سے نوازا ہے۔نومولود کا نام‘ سالار احمد’تجویز ہوا ہےاور وقفِ نو کی با برکت تحریک میں شامل ہے۔نومولود خاکسار کا پوتا اور مکرم ملک مسعود احمد صاحب آف انڈونیشیا کا نواسہ ہے۔

٭… طیب احمد ناز صاحب معلم سلسلہ میرپور خاص پاکستان تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے میرے بیٹے عزیزم زوہیب احمد کو ۲؍نومبر۲۰۲۲ء کو بیٹے سے نوازا ہے ۔ بچے کا نام ‘مبشر احمد’ تجویز ہوا ہے اور بفضل تعالیٰ وقفِ نو کی بابرکت تحریک میں شامل ہے ۔

احباب جماعت سے دونوں بچوں کی صحت و تندرستی والی لمبی عمر، صالح اور خادم دین ہونے کے لیے دعا کی درخواست ہے۔

اعلانِ نکاح و تقریب ولیمہ

٭… منور علی شاہد صاحب جرمنی سے تحریر کرتے ہیں کہ مورخہ ۶؍نومبر۲۰۲۲ء بروز اتوار کی دوپہرکو خاکسار کے چھوٹے بیٹے عزیزم مدثر احمد طاہر کی تقریبِ دعوت ولیمہ ٹاؤن شپ لاہور کے مقامی شادی ہال میں منعقد ہوئی۔تقریب میں اعزہ و اقربا کے علاوہ مجلس خدام الاحمدیہ و مجلس اطفال الاحمدیہ کے عہدیداران اوردیگر احباب نے شرکت کی جن میں امارات دارالذکر اور ٹاؤن شپ کے امرائے کرام بھی شامل تھے۔ امیر صاحب جماعت احمدیہ لاہور کی نمائندگی میں تشریف لانے والے مکرم سیکرٹری صاحب اصلاح و ارشاد لاہور نے تعارفی کلمات کے بعد دعا کروائی۔ تقریبِ رخصتانہ مورخہ ۵؍نومبر بروز ہفتہ کو عمل میں آئی تھی جس میں عزیزم کی والدہ نصرت منور صاحبہ (حال مقیم جرمنی) نے فیملی کی نمائندگی کی۔

اس سے قبل مورخہ ۲۸؍ اکتوبر بروز جمعہ دارالذکر لاہور میں بعد از خطبہ جمعہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مکرم مربی صاحب ضلع لاہور نے دو لاکھ روپے حق مہر پر عزیز کے نکاح کا اعلان کیا اور دعا کروائی۔

عزیزم مدثر احمد طاہر مکرم شیخ احمد علی سراج فیروز پوری مرحوم کے پوتے اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت میاں عبد العزیز مغل رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے پڑنواسے ہیں۔ اسی طرح دلہن بھی رشتہ میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت میاں عبدالعزیز مغل رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی پڑنواسی ہیں۔ جبکہ مکرم مولانا عبدالباسط صاحب مربی سلسلہ (گروس گیراؤ جرمنی) دونوں کے ماموں ہیں۔ دلہے کے دوبھائی جرمنی میں مختلف شعبہ جات میں خدماتِ دینیہ بجا لا نے کی توفیق پا رہے ہیں۔

احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ اس شادی کو ہر دو خاندانوں کے لیے ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے، دین و دنیا کی نعمتوں سے اس جوڑے کو سرفراز فرمائے اور نیک اولاد عطا فرمائے آمین۔

الفضل انٹرنیشنل میں مضامین؍رپورٹس اور اعلاناتِ دعا بھجوانے کے لیے:
Whatsapp/Telegram: +44 7566 234466 email: [email protected]

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button