جلسہ سالانہیورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ مالٹا کا چوتھا جلسہ سالانہ 2022ء

٭…جماعت احمدیہ مالٹا کے جلسہ سالانہ امسال موضوع ’’خلافت، نظام اور اطاعت‘‘

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل و کرم سے جماعت احمدیہ مالٹا کو اپنا چوتھا جلسہ سالانہ مورخہ 30؍اکتوبر 2022ء بروز اتوار گونزی ہال، کیتھولک انسٹی ٹیوٹ، فلوریانا، مالٹا میں منعقد کر نے کی توفیق ملی۔ جلسہ خاص طور پر دو نشستوں پر مشتمل تھا۔ پہلی نشست خالصتاً مقامی جماعت کے ارکان کے لیے مختص تھی جس میں اختصار کے ساتھ اسلامی تعلیمات اور تزکیہ نفس جیسے تعلیمی اور تربیتی موضوعات پر گراں قدر روشنی ڈالی گئی۔ دوسری نشست میں مالٹا کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے زیر تبلیغ افراد کو شرکت کرنے اور پرامن اجتماع کو یادگار بنانے کی دعوت دی گئی تھی۔

اس سال جلسہ سالانہ کا موضوع ’’خلافت، نظام اور اطاعت‘‘ تھا۔ پہلے اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ وقا ص احمد صاحب کو ملی۔ اس کے بعد حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی نظم ’’محمود کی آمین‘‘ میں سے چند اشعار مکرم ناصر محمود صاحب نے پیش کیے۔بعد ازاں جلسہ سالانہ مالٹا 2022ء کے لیے پیارے حضور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا ارسال کردہ خصوصی پیغام خاکسار (مبلغ سلسلہ و صدر جماعت احمدیہ مالٹا) نے انگریزی اور اردو میں پڑھ کر سنایا۔ اس کے بعد جماعت احمدیہ مالٹا کے اراکین نے تقاریر پیش کیں۔ نعمان عاطف صاحب نے ’’نماز ہماری پہچان ہے‘‘ کے عنوان پر انگریزی، رؤف بابر صاحب نے ’’مالی قربانی کی اہمیت و برکات‘‘ کے عنوان پر اردو، کاشف حیدر صاحب نے ’’تبلیغ ہماری اجتماعی ذمہ داری‘‘ کے عنوان پر انگریزی، مصور احمد صاحب نے ’’مغربی معاشرہ اور تربیت کے تقاضے اور ذرائع‘‘ کے عنوان پر اردو اور محمد احمد ادریس صاحب نے ’’سیرت النبیﷺ‘‘ کے عنوان پر انگریزی زبان میں تقریر کی۔ اس اجلاس کی آخری تقریر خاکسار نے کی تھی جس کا موضوع ’’خلافت، نظام اور اطاعت‘‘ تھا۔ اپنی تقریر کے اختتام پر خاکسار نے ایک بار پھر حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ پہلے اجلاس کے بعد نمازظہر اور عصر باجماعت ادا کی گئیں۔

دوسرا اجلاس

جلسہ سالانہ کا دوسرا اجلاس ’’امن کے لیے ایک ساتھ‘‘ ’’Together for Peace‘‘ کے موضوع پر منعقد ہوا جس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ وقاص احمدصاحب نے حاصل کی۔ جری اللہ خالد صاحب نے نشست کی نظامت کے فرائض سرانجام دیے اور جلسہ سالانہ کے مقاصد پر بھی روشنی ڈالی۔اس اجلاس میں Happy Parenting Malta کی صدر مکرمہ میری گاؤچی صاحبہ، یونیورسل پیس فیڈریشن مالٹا کے صدر مکرم برائن کورلیت صاحب، مہاجر خواتین کی تنظیم کی صدرمحترمہ عمائمہ الامین عامراور کیتھولک پادری مکرم الفرید ویلا صاحب نے معاشرے میں قیام امن کے حوالہ سے تقاریر کیں۔اس اجلاس کی اختتامی تقریر خاکسار نے ’’آنحضرتﷺ اور امن عالم‘‘ کے عنوان پر پیش کی۔ خاکسار نے قیام امن کے حوالہ سے قرآن پاک اور آنحضرتﷺ کے اسوہ حسنہ کی روشنی میں راہنماء اصول پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ خاکسار نے اپنی تقریر کا اختتام سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے پیغام کے ساتھ کیا جس میں پیارے آقا نے اپنے حالیہ دورہ امریکہ میں دنیا کو قیام امن کی طرف توجہ دلائی۔ دعا کے ساتھ اس جلسہ سالانہ کا اختتام ہوا۔ جس کے بعد ظہرانہ پیش کیا گیا۔

اس جلسہ سالانہ میں شاملین کی کُل تعداد60تھی۔ مقامی جماعت مالٹا سے تعلق رکھنے والے 29 مرد، خواتین، بچے اور جوان شامل ہوئے اور 31زیر تبلیغ غیر مسلم اور غیر احمدی احباب نے شرکت کی۔ اللہ تعالیٰ ہمیں آئندہ بھی سالانہ جلسہ بھرپور رنگ میں منانے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیں قیمتی نصائح پر عمل کرنے کی توفیق دے۔ آمین

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مکرم مصور احمد صاحب جنرل سیکرٹری جماعت احمدیہ مالٹا کی بطور افسر جلسہ سالانہ منظوری عطا فرمائی تھی۔ مکرم حسن بشیر صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ کو بطور نائب افسر خدمت کی توفیق ملی۔ اس جلسہ سالانہ کی تیاری اور جلسہ کے انتظامات میں افسر و نائب افسر جلسہ سالانہ اور ان کی ٹیم کے ممبران حافظ وقاص احمد صاحب، رؤف بابر صاحب، جری اللہ خالد صاحب، شبیر احمد صاحب، تنویرالظفر صاحب، محمد احمد ادریس صاحب، ناصر محمود صاحب، کاشف حیدر صاحب، احمد حمزہ صاحب اور نعمان عاطف صاحب نےخصوصی تعاون کیا۔ فجزاھم اللہ احسن الجزاء

(رپورٹ: لئیق احمد عاطف۔مبلغ سلسلہ و صدر جماعت احمدیہ مالٹا و نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button