یورپ (رپورٹس)

ستائیسواں سالانہ اجتما ع مجلس انصار اللہ فرانس 2022ء

(منصور احمد مبشر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل فرانس)

خدا تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ فرانس کو تین سال بعد اپنا ستائیسواں سالانہ نیشنل اجتماع مورخہ 14، 15 اور 16 اکتوبر 2022ء کو بیت العطاء تری شاتو میں منعقد کرنے کی توفیق ملی ہے۔ الحمدللہ

اجتماع کی تاریخ چند ماہ قبل مجلس عاملہ کے ایک اجلاس میں مقرر کی گئی اور بعد ازاں حضور انور ایدہ الله تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں بغرض منظوری ارسال کی گئی۔ نیز حضور انور کی خدمت میں ایک مرکزی نمائندہ بھیجنے کی بھی درخواست کی گئی۔ جو کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت قبول فرماتے ہوئے مکرم عبد الخالق صاحب کو مرکزی نمائندہ کے طور پر اجتماع میں شامل ہونے کا ارشاد فرمایا۔

منظوری آجانے کے بعد اجتماع کی تیاری کے لیے مکرم صوفی ظفر احمد صاحب کو ناظم اعلیٰ مقرر کیا گیا۔ ناظم اعلیٰ صاحب نے اجتماع کو احسن رنگ میں منعقد کرنے کے لیے ناظمین و معاونین پر مشتمل 27 افرادکی ٹیم تشکیل دی۔ اجتماع سے قبل اجتماع گاہ کو تیار کرنے کے لیے متعدد وقار عمل ہوئے۔

امسال اجتماع میں شمولیت کے لیے بعض ممالک کو دعوت دی گئی۔ چنانچہ مجلس انصارالله بیلجیم، جرمنی اور ہالینڈ کے نمائندگان نے ہمارے اجتماع کو رونق بخشی۔ فجزاہم الله تعالیٰ احسن الجزاء۔

یہاں یہ بیان کرنا بھی بہت ضروری ہے کہ اجتماع سے چند روز قبل فرانس میں ملکی سطح پر پٹرول کی شدید قلت ہوئی۔ پیرس ریجن میں خاص طور پریہ مسئلہ اتنا بڑھ گیا تھا کہ بہت سے اداروں اور محکموں نے اپنے سٹاف کو کہہ دیا تھا کہ جو دفتر آسکتا ہے وہ آئے او ر جو نہیں آسکتا وہ گھر سے کام کرے۔ بعض لوگ ایسے تھے کہ راستہ میں گاڑی کھڑی کر کے پیدل گھروں کو گئے اور جہاں کہیں پٹرول ملا بھی تو تین، تین گھنٹے کے بعد ان کی باری آئی۔ چنانچہ اجتماع کی آدھی سے زیادہ انتظامیہ کی گاڑیوں میں پٹرول نہ ہونے کی وجہ سے اجتماع میں شرکت کرنا ناممکن ہو رہا تھا۔ اسی طرح محکمہ موسمیات نے اجتماع کے دنوں میں شدید بارش کی پیش گوئی کی تھی۔ اس صورت حال کو دیکھ کر صدر مجلس انصار الله فرانس مکرم سید سہیل احمد شاہ صاحب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی خدمت میں ایک فیکس کی کہ اگر حضور پرنور اجازت عنایت فرمائیں تو اجتماع دو دن کا کر دیا جائے۔ ابھی فیکس بھیجنے کی دیر تھی کہ اللہ تعالیٰ کا فضل ایسا ہوا کہ موسم اچھا ہوگیا اور اجتماع کے دنوں میں بارش بالکل نہ ہوئی۔ اسی طرح پٹرول کا مسئلہ بھی حل ہوگیا اور غائبانہ مدد سے تمام انتظامیہ نیز انصار بھائیوں کو پٹرول مل گیا اور سب بسہولت اجتماع میں شامل ہوگئے۔ الحمد للہ علیٰ ذلک

اجتماع کے پہلے روز مورخہ 14؍اکتوبر بروز جمعۃ المبارک خاکسار (مربی سلسلہ فرانس) نے نماز جمعہ و عصر پڑھائیں۔ شام پانچ بجے نیشنل اجتماع کا آغاز پر چم کشائی سے ہوا، مکرم فہیم احمد نیاز صاحب امیر جماعت احمدیہ فرانس نے فرانس کا جھنڈا جبکہ صدر صاحب مجلس انصار الله فرانس نے لوائے انصار اللہ لہرایا جس کے فوراً بعد افتتاحی اجلاس ہوا۔ اجلاس کے بعد ورزشی مقابلہ جات ہوئے اور شام کو حضور انور ایده الله تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ میری لینڈ، امریکہ سے لائیو سنا گیا۔

اس سال اجتماع کے موقع پر 8علمی مقابلہ جات اور 8ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے جس میں تمام انصار بھائیوں نے بھر پور حصہ لیا۔ اللہ تعالیٰ تمام شاملین کے علم و عرفان کو جلا بخشے۔ والی بال کےدو نمائشی میچز ہوئے، پہلا مربیان کرام جماعت فرانس بمقابلہ انصار اللہ ہوا، جو کہ مربیان نے جیت لیا۔ جبکہ دوسرا میچ مجلس عاملہ خدام الاحمدیہ فرانس بمقابلہ مجلس عاملہ انصار اللہ فرانس ہوا۔ دلچسپ میچ کے بعد مجلس عاملہ خدام الاحمدیہ وہ میچ جیت گئی۔

دوران اجتماع ہفتہ اور اتوار کی صبح تہجد کا انتظام کیا گیا اور نماز فجر کے بعد درس کا انتظام کیا جاتا رہا۔ جماعت احمدیہ فرانس کی ایک روایت جو کہ اجتماعات و جلسہ کے موقع پر دیکھنے میں آتی ہے وہ صبح کی تلاوت ہے۔ درس کے بعد تمام احباب وہیں بیٹھے بیٹھے جو بھی حصہ قرآن کا ان کو یاد ہوتا ہے اس کی تلاوت کرتے ہیں۔

نیز اس اجتماع میں پہلی دفعہ ’’انصار کارنر‘‘ کے نام سے ایک پروگرام ہفتہ کی شام کو رکھا گیا جس کا مقصد تھا کہ تمام شاملینِ اجتماع کوئی علمی یا ادبی بات، کوئی لطیفہ یا نظم یا کوئی شعر یا اپنی زندگی کا کوئی ناقابل فراموش واقعہ سنائیں۔ اس پروگرام کو تمام انصار بھائیوں اور مہمانان کرام نے بہت سراہا اور اس سے لطف اندوز ہوئے۔

اتوار کو بعد نماز ظہر و عصر اختتامی اجلاس کا آغاز ہوا۔ تلاوت، عہد، نظم اور تقسیم انعامات کے بعد صدر صاحب مجلس انصار اللہ جرمنی اور صدر صاحب مجلس انصار اللہ ہالینڈ نے مجلس انصار اللہ فرانس کا شکریہ ادا کیا۔ ہفتہ کی شام کو بیلجیم سے آئے ہوئے مجلس انصاراللہ کے وفد نے انصار اللہ فرانس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے واپس جانے کی اجازت لی۔

امسال اجتماع کا مرکزی نقطہ’’ خلافت‘‘ تھا اور اجتماع کے بینر پر سورہ نور آیت 56 لکھی ہوئی تھی۔ اختتامی اجلاس میں مکرم نصیر احمد شاہد مشنری انچارج جماعت احمدیہ فرانس نے خلافت کے موضوع پر تقریر کی۔ آپ نے واقعات کے ذریعہ سمجھایا کہ خلافت سے تعلق کو کیسے مضبوط کیا جاسکتا ہے۔ اس اجلاس میں مرکزی نمائندہ مکرم عبد الخالق صاحب نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ فرانس نے آخر پر تمام شاملین و مہمانان کرام کا جو بیرون ممالک سے آئے ہوئے تھے شکریہ ادا کیا۔

اس سال اجتماع کی کُل حاضری 201تھی۔ اس میں 133انصاراور68مہمان شامل تھے۔

اللہ تعالیٰ تمام شاملین کو جزا دے اور تمام قارئین سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ مجلس انصار اللہ فرانس کو ترقیات سے نوازتا چلا جائے۔آمین

(رپورٹ: منصور احمد مبشر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button