ایشیا (رپورٹس)

قادیان دارالامان میں مجلس انصاراللہ بھارت کا سالانہ مرکزی اجتماع 2022ء

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مرکز احمدیت قادیان میں مجلس انصاراللہ بھارت کا 42واں سالانہ مرکزی اجتماع مورخہ 21، 22 اور 23؍اکتوبر 2022ء کو بمقام بستان احمد قادیان، شان و شوکت کے ساتھ منعقد ہوا۔ امسال اجتماع کا مرکزی نقطہ ’’اللہ میاں کا خط ہے جو میرے نام آیا‘‘ سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے مقرر کیا گیا تھا۔

مورخہ 21؍اکتوبر کواجتماع کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد اجتماع کے پیش نظر خصوصی درس رکھا گیا۔ بعدہٗ مزار مبارک سیّدنا حضرت مسیح موعود علیہ السلام پر اجتماعی دعا ہوئی۔بعد ازاں ایوان انصار دفتر مجلس انصار اللہ بھارت میں لوائے انصار اللہ لہرایا گیا اور اجتماعی دعا کی گئی۔

اجتماع کی افتتاحی تقریب زیرصدارت محترم صدرصاحب مجلس انصار اللہ بھارت منعقد ہوئی۔پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے کیا گیا۔ عہد اور نظم کے بعد محترم صدر صاحب مجلس انصار اللہ بھارت نے سیدنا حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا مبارک پیغام پڑھ کر سنایا جو حضور انور نے اجتماع کے پیش نظر بھارت کے انصار کے نام ازراہ شفقت ارسال فرمایا تھا۔ بعدہ مجلس انصار اللہ بھارت کی سالانہ کارگذاری رپورٹ پیش کی گئی۔ صدر مجلس کی تقریرو اجتماعی دعا سے اجتماع کے پروگرامز کا رسمی اجرا ہوا۔

پہلے روز اجتماع گاہ میں ’’فقہی و دینی مسائل۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں‘‘ کے عنوان پر ایک خصوصی مجلس سوال و جواب کا پروگرام منعقدکیاگیا۔ انصار اراکین نے اس پروگرام سے بھرپور فائدہ اُٹھایا۔

اجتماع کے موقع پر اجتماع گاہ میں مجلس انصار اللہ بھارت کی طرف سے خصوصی نمائش ’’القرآن‘‘ کے نام سے لگائی گئی جس سے اراکین نے بھرپور فائدہ اُٹھایا۔

اجتماع کے موقع پر انصار اراکین کے لیے مختلف علمی وورزشی مقابلہ جات منعقد کیے گئے جن میںہندوستان کی متعدد مجالس کے اراکین نے جوش و جذبہ سے حصہ لیا اور نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے انصار کے مابین انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔

دوران اجتماع سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطاب (برموقع سالانہ اجتماع مجلس انصار اللہ یوکے 2022ء) انصار اراکین کو سنایا گیا جسے تمام انصار نے نہایت انہماک سے سنا۔

اس اجتماع کے موقع پر ایک ڈاکومنٹری ’’حضرت مسیح موعودؑ کی پیشگوئی کے نتیجہ میں ڈوئی کی ہلاکت قرآن مجید کی صداقت کا عظیم نشان‘‘ کے موضوع پر بھی دکھائی گئی جو بہت ہی ایمان افروز تھی۔

اجتماع کے موقع پر ایک مذاکرہ بعنوان ’’قرآن مجید، اللہ میاں کا خط ہے جو میرے نام آیا‘‘ منعقد ہوا جس میں قرآن کریم پر ہونے والے اعتراضات کے جوابات دیے گئے۔ اس سے انصار اراکین نے بھرپور استفادہ کیا۔

اجتماع کا اختتامی اجلاس زیر صدارت محترم ناظر صاحب اعلیٰ و امیر جماعت احمدیہ قادیان منعقد ہوا۔ اس موقع پر موازنہ مابین مجالس انصار اللہ بھارت کے اعتبار سے پوزیشن لینے والی مجالس کو علم انعامی اور خصوصی سندات جن پر سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے دست مبارک سے دستخط ثبت فرمائے ہیں وہ مجالس کے مابین تقسیم ہوئیں۔

اختتامی تقریر و اجتماعی دعا سے سالانہ مرکزی اجتماع انصار اللہ بھارت بخیر و خوبی اختتام پذیر ہوا۔ اللہ تعالیٰ اس اجتماع کے نیک و دور رس نتائج ظاہر فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: شعبہ پریس اینڈ میڈیا بھارت)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button