حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…نیپال کے شیر بہادر دوبا اپنے آبائی ضلع دھنکوتا سے انتخابات جیت کر پانچویں بار ملک کے وزیراعظم منتخب ہوگئے۔ شیر بہادر دوبا اس وقت نیپال کی نگران حکومت کے سربراہ ہیں، انہوں نے اپنے مخالف ساگر دھکال کو ایوان نمائندگان کے انتخابات میں ساڑھے 25 ہزار ووٹ حاصل کرکے شکست دی۔ نیپال میں پارلیمانی اور صوبائی انتخابات اتوار کو ہوئے تھے جس کے لیے ووٹوں کی گنتی پیر سے شروع ہوئی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹر ٹرن آؤٹ 61 فیصد رہا جو توقعات سے کم ہے۔2015ء میں نئے آئین کے نفاذ کے بعد سے یہ نیپال کے دوسرے عام انتخابات تھے۔ نیپال کی پارلیمنٹ میں 275 نشستیں ہیں، 165 نشستوں پر براہ راست عوامی ووٹنگ سے ارکان کو منتخب کیا جاتا ہے جبکہ باقی 110 الیکٹورل سسٹم کے ذریعے منتخب کیے جاتے ہیں۔

٭… مورخہ 21؍نومبر کو وسطی چین کے صوبے ہینان کے شہر آنیانگ میں ایک فیکٹری میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں اب تک 38ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آگ لگنے کے دوران لاپتا ہونے والے دو افراد کی لاشیں بھی مل چکی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق دو منزلہ فیکٹری میں آگ پر سات گھنٹے بعد قابو پایا گیا۔

٭…امریکی ریاست ورجینیا کے وال مارٹ سپر اسٹور میں فائرنگ سے 6؍افراد ہلاک ہوگئے، فائرنگ کے واقعے میں حملہ آور بھی مارا گیا۔ یہ واقعہ ورجینیا کے چیسپیک شہر میں تھینکس گِونگ ڈے منانےکی چھٹی سے قبل پیش آیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ حملہ آور ایک ہی تھا جو ہلاک ہوگیا ہے تاہم پولیس نے یہ واضح نہیں کیا کہ مشتبہ حملہ آور کی موت کیسے ہوئی۔ وال مارٹ انتظامیہ نے اپنے بیان میں اس المناک واقعے پر صدمے کا اظہار کیا ہے۔

٭…نائیجیریا کے شہر میدوگوری میں پیش آنے والے خوفناک ٹریفک حادثے میں 37جانیں ضائع ہوگئیں اور متعدد زخمی ہوئے۔ میدوگوری میں پہلے دو مسافر بسیں آپس میں ٹکرائیں اور پھر تیسری تیز رفتار بس بھی ان میں جا گھسی۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد گاڑیوں میں آتشزدگی کی وجہ سے زیادہ تر لاشیں ناقابل شناخت ہو گئی ہیں، لاشوں کی شناخت کا عمل ڈی این اے کے ذریعے کیا جائے گا۔

٭…ترکی کے مغربی حصے میں واقع دوزجہ قصبے میں شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا۔ زلزلے کے جھٹکوں کی شدت ترکی کے شہر استنبول اور دارالحکومت انقرہ میں بھی محسوس کی گئی۔ ترک وزارت داخلہ نے کہا کہ زلزلے میں تاحال کسی بھی جانی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔

٭…انڈونیشیا کے صوبے مغربی جاوا میں گذشتہ روز آنے والے 5.6شدت کے زلزلے سے اموات کی تعداد 268 ہوگئی، مرنے والوں میں بیشتر سکول کے طلبہ شامل ہیں۔ زلزلےسے ایک ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں اور 151؍لاپتا ہیں۔ حکام کے مطابق زلزلے سے 22؍ہزار عمارتوں اور مکانات کو نقصان پہنچا، متاثرہ علاقوں کے 58؍ہزار افراد بے گھر ہوئے ہیں، ملبے تلے دبے افراد کی تلاش اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔خیال رہےکہ انڈونیشیا کےصوبے مغربی جاوا میں 5.6 شدت کا زلزلہ گذشتہ روز آیا تھا، زلزلےکا مرکز مغربی جاوا کے قصبہ سیانجر میں تھا۔

٭…امریکی ریاست نیویارک کے شمال مغربی حصے میں برف باری سے نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا۔ بفالو اور شمالی نیویارک کئی فٹ برف سے ڈھکے ہوئے ہیں،کچھ علاقوں میں برف باری کاسلسلہ رک چکا ہے جہاں برف کو ہٹانے کا کام جاری ہے۔ متاثرہ علاقوں میں کاروباری سرگرمیاں اب بھی متاثر جبکہ سکول بھی بند ہیں۔مختلف حادثات میں دوافراد ہلاک ہوئے ہیں۔ کچھ متاثرہ علاقوں میں ہائی ویز کھول دیے گئے ہیں اور سفری پابندیاں اٹھالی گئی ہیں،نیویارک کے گورنر نے طوفان کو تاریخی قرار دیا ہے۔

٭…بھارتی ریاست بہار میں تیز رفتار ٹرک مندر کے اجتماع میں گھس گیا۔ ضلع ویشالی میں اتوار کی شام کو پیش آئے حادثے میں7 بچوں سمیت 12؍افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں ٹرک ڈارئیور بھی ہلاک ہوا جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے جن میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔بھارتی وزیر اعظم نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 2 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو 50 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔

٭…ترکیہ کی فورسز نے شام اور عراق میں کرد باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 31؍افراد ہلاک ہوگئے۔ استنبول میں ہونے والے بم دھماکے میں ترک حکام نے کرد عسکریت پسندوں کے ملوث ہونے کا دعویٰ کیا تھا تاہم کالعدم کرد گروپ’ پی کے کے‘ نے حملوں میں ملوث ہونے کی تردید کی تھی۔ترک وزارت دفاع کے مطابق ترکیہ فورسز نے ان بم دھماکوں کے بعد کارروائیاں کرتے ہوئے شام اور عراق کے مختلف علاقوں میں فضائی حملے کیے جن میں کرد باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

٭…عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے یوکرین میں موسم سرما کے باعث لاکھوں افراد کی زندگیوں کو لاحق خدشے سے آگاہ کردیا۔ عالمی ادارہ صحت اور یورپ کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر ہنس کلوگ کا کہنا ہے کہ یوکرین میں موسم سرما کا آغاز ہوگیا ہے جہاں کچھ علاقوں میں منفی 20 ڈگری تک درجہ حرارت گرنے کا امکان ہے۔ ایسے میں یوکرین کی توانائی کا آدھا انفراسٹرکچر تباہ حالی کا شکار ہے جس کی وجہ سے ایک کروڑ لوگ سرد موسم میں بجلی سے محروم ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کے اندازے کے مطابق روس نے یوکرین کے صحت کے مراکز سمیت توانائی کے انفراسٹرکچر پر بھی 703 حملے کیے ہیں جس کی وجہ سے ہسپتال نہ صرف بجلی سے محروم ہیں بلکہ وہاں صحت کی سہولیات بھی موجود نہیں ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ موسم سرما میں لاکھوں لوگ اپنے گھروں کو چھوڑ کر محفوظ مقامات پر پناہ حاصل کرنے کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔

٭…چین میں کووڈ- 19 کے کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے جبکہ مزید دو افراد اس بیماری کے نتیجے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔ اس سے قبل 20؍نومبر کو بیجنگ میں کورونا وائرس میں مبتلا 87سالہ معمر شخص زندگی کی بازی ہارگیا تھا جو مئی 2022ء کے بعد کووڈ سے پہلی ہلاکت تھی۔21؍نومبر کو بھی بیجنگ میں مزید دو مریض کووڈ- 19کا شکار ہوکر چل بسے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button