افریقہ (رپورٹس)

احمدیہ ہسپتال واگا دوگو، برکینافاسو میں گائنی وارڈ کا سنگ بنیاد

(نعیم احمد باجوہ۔ مربی سلسلہ برکینا فاسو)

برکینافاسو کے دارالحکومت واگادوگو میں واقع احمدیہ ہسپتال کا باقاعدہ افتتاح سیدنا امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے برکینافاسو میں اپنے ورود مسعود کے دوران 2004ء میں فرمایا۔ واگا دوگو میں 1997ء میں کرائے کے ایک مکان میں چھوٹا سا کلینک شروع کیا گیا تھا جو 2004ء میں احمدیہ مشن میں منتقل کیاگیا۔ یہ ہسپتال تدریجاً ترقیات کی منازل کی طرف رواں دواں تھا کہ سال 2020ء میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے اسے حکومتی انشورنس پروگرام میں شامل کر لیا گیا۔ حکومتی انشورنس ملنے کا مطلب ہے کہ ایسے تمام مریض جن کے مفت علاج کی ذمہ داری برکینافاسو حکومت اپنے ذمہ لیتی ہےوہ صرف مخصوص اور حکومت کےمقرر کردہ منتخب ہسپتالوں سے ہی علاج کروا سکتے ہیں۔ ایسے مریضوں کے میڈیکل اخراجات حکومت براہ راست اس ہسپتال کو ادا کرتی ہے۔ ہرہسپتال کی کوشش ہوتی ہے کہ اسے یہ انشورنس پالیسی مل جائے تاہم جب تک کوئی ہسپتال حکومت کے مقرر کردہ معیار پر پورا نہیں اترتا اسے یہ انشورنس نہیں مل سکتی۔

حکومتی انشورنس ملنے کے بعد احمدیہ ہسپتال میں مریضوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے جس سے ہسپتال کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوا۔ اس وقت دوسرے مریضوں کے علاوہ روزانہ دو صد کے قریب خواتین زچگی کے مسائل کے حوالے سے ہسپتال آتی ہیں۔ جبکہ ماہانہ 250 کے قریب ڈیلیوری کیسز آتے ہیں۔ بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ سے ہسپتال میں موجود زچہ و بچہ وارڈ چھوٹی پڑگئی۔ اسی طرح موجودہ آپریشن تھیٹر کو بھی حکومتی معیار کے مطابق کرنےکی ضرورت تھی۔ چنانچہ زچہ و بچہ وارڈ کی الگ سے تعمیر اور آپریشن تھیٹر کو معیار ی کرنے کے حوالے سے سیدنا حضرت امیر المومینن ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں اجازت کی درخواست کی گئی۔ حضور انور نے ازر اہ شفقت اس درخواست کو منظور فرمایا۔ اس وارڈکا نقشہ وغیرہ آرکیٹیکٹ مکرم فائز نوشیروان صاحب نے بنایا ہے۔ نئے بلاک میں کنسلٹیشن رومز، ان ڈور سروسز، ڈیلیوری رومز، آپریشن تھیٹر، ڈاکٹروں کے لیے سہولت، نرسنگ سٹاف کے لیے سہولت اور گائنی سے متعلقہ دیگر ضروریات کے حوالے سے گنجائش رکھی گئی ہے۔ مجموعی طور پر اس وارڈ کا مسقف حصہ قریباً چھ صد پچاس مربع میٹرز ہوگا۔

تقریب سنگ بنیاد

ماہ اکتوبر میں ڈاکٹر اعجاز الرحمٰن صاحب صدر مجلس انصاراللہ یوکے برکینافاسوکے دورے پر تھے۔ آپ کی موجودگی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اس گائنی وارڈ کے سنگ بنیاد کی تقریب مورخہ 23؍اکتوبر 2022 کو منعقد کی گئی۔ تلاوت قرآن مجید کے بعد مکرم محمود ناصر ثاقب صاحب امیر جماعت برکینافاسو نے نئے تعمیر ہونے والے پراجیکٹ کا مختصر تعارف کروایا۔ اس کے بعد صدر صاحب مجلس انصار اللہ یوکے نے سنگ بنیاد نصب کیا۔ اس کے بعد درج ذیل احبا ب نے بھی بنیاد میں اینٹ رکھنے کی توفیق پائی۔

امیر صاحب جماعت برکینافاسو، ڈاکٹر کابورے ادریس صاحب (انچارج احمدیہ ہسپتال واگادوگو)، سید انور احمد شاہ صاحب، خاکسار (پرنسپل جامعۃ المبشرین برکینافاسو) اور جیالو مسرور احمد (واقف نو طفل) ابن جیالو محمود صاحب۔

بعد ازاں صدر صاحب انصار اللہ نے دعا کروائی۔ اللہ تعالیٰ اس منصوبے کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے اور اسے نافع الناس بنادے۔ آمین

ہسپتال کے گریڈ میں ترقی

اس گائنی وارڈ کی تعمیر کے بعد احمدیہ ہسپتال کا گریڈ ایک درجہ بلند ہو جائے گا۔ مقامی اصطلاح میں اس وقت ہسپتال CM گریڈ پر ہے جبکہ گائنی کی جدید سہولیات کے بعد اس کا درجہ CMA ہوجائے گا۔ جو مستقبل میں ہسپتال کی مزید ترقیات کے لیے ایک غیرمعمولی سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

(رپورٹ: چودھری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button